بھارت داعش کا ابھرتا ہوا مرکز

داعش بھارت میں مسلسل قدم جما رہی ہے۔ آہستہ آہستہ بھارت داعش کا ایک نیا مرکز بنتا جا رہا ہے۔ متحدہ عرب امارات نے چار بھارتی شہریوں کو داعش سے تعلق کے شبہ میں ڈی پورٹ کردیا ہے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ گرفتار افراد میں سے ایک ہندو ہے جو کہ داعش کا رکن ہے۔ یہ افراد فیس بک پر داعش کا لٹریچر شیئر کررہے تھے۔ یہ چاروں بھارتی فیس بک پر داعش کے لئے کام کرنے والے دس رکنی گروپ کے ممبر ہیں۔ بھارتی انٹیلی جنس ایجنسیز نے ڈی پورٹ کیے گئے بھارتیوں سے تفتیش شروع کردی ہے۔ اب تک 17بھارتی شہری داعش میں شمولیت اختیار کرچکے ہیں اور 2014ء میں انہوں نے متحدہ عرب امارات میں داعش کا گروپ تشکیل دیا۔ ایک اور خبر کے مطابق ایک ریٹائرڈ بھارتی لیفٹیننٹ کرنل کی بیٹی نے داعش میں شمولیت کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ اس میں یہ ذہنی تبدیلی آسٹریلیا میں تین سالہ تعلیم مکمل کرنے پر واپسی پر آئی۔ سکیورٹی ایجنسیز نے اس پر نظر رکھی ہوئی ہے۔ اس لڑکی نے دہلی یونیورسٹی سے گریجویشن مکمل کی تھی۔ لڑکی کے والد نے نیشنل انوسٹی گیشن ایجنسی سے لڑکی کے داعش میں شمولیت کی خواہش کے معاملے میں مدد طلب کرلی ہے۔ اب نیشنل انوسٹی گیشن ایجنسی نے اس لڑکی کا کیس انٹیلی جنس بیورو کے سپرد کردیا ہے۔ بھارت داعش کی سرپرستی کرکے اپنے زیر اثر ممالک کو دباؤ میں رکھنا چاہتا ہے۔ حال ہی میں شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ عراق و شام داعش نے بنگلہ دیش میں سرگرم ایک امدادی کارکن کو گولیاں مار کر قتل کرڈالا۔ ڈھاکہ میں داعش کے ہاتھوں کسی شخص کے قتل کا یہ پہلا واقعہ ہے۔

بھارت براستہ افغانستان پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہے۔ پاکستان آپریشن ضرب عضب کے ذریعے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد تنظیم تحریک طالبان پاکستان کوکچلے جانے کے بعد افغانستان میں ملا فضل اﷲ اور اس کے دیگر دہشت گردوں کو بھارتی قونصل خانوں سے پناہ اور امداد ملتی رہتی ہے۔ اب ’’را‘‘ کی ایما پر ملا فضل اﷲ اور اس کے دہشت گرد ساتھیوں کو بھارت نے داعش میں شامل کروا دیا ہے تاکہ داعش کے ذریعے پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیاں جاری رہ سکیں۔ تاہم افغان طالبان داعش کو بڑی طاقت کبھی نہیں بننے دینگے اس طرح بھارت صرف خبث باطن ظاہر کرسکتا ہے کوئی بڑی کامیابی حاصل نہیں کرسکتا۔

گزشتہ دنوں خطبہ حج کے موقع پرمفتی اعظم شیخ عبدالعزیز آل شیخ نے کہا کہ دشمن عالم اسلام کے خلاف مختلف سازشوں میں مصروف ہے مگر مسلمان گمراہ کن قوتوں کے ایجنڈا پر عمل نہ کریں۔ داعش اسلام کے نام پر مسلم امہ کو تباہ کرنے میں مصروف ہے۔ داعش ایک گمراہ گروہ ہے۔ دشمن لبادہ اوڑھ کر اسلام کی جڑوں کو کمزور کرنے پر لگے ہوئے ہیں اور مختلف شکلوں میں اسلام کے خلاف شازشیں کررہے ہیں۔ داعش اسلام کے نام پر امت مسلمہ کو تباہ کرنے کی راہ پر گامزن ہے امت مسلمہ انسانیت کو گمراہی سے نکال کر ہدایت کی راہ پر گامزن کرتی ہے مگر داعش نے مسجدوں کو بھی نہیں چھوڑا اور وہاں بھی دہشت گردی کی اسلام عدل و انصاف پر مبنی معاشرے کا درس دیتا ہے۔
Shahzad Naqvi
About the Author: Shahzad Naqvi Read More Articles by Shahzad Naqvi: 4 Articles with 2605 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.