پلان سی

نئے پاکستان کی جدوجہد پلان سی میں داخل ہو ئی جس کا آغاز فیصل آباد میں مظاہروں اور دھرنوں سے شروع ہو گیا۔ کپتان کے مخالفین مسلسل یہ الزام دہرا رہے تھے کہ پی ٹی آئی کو اپنی تحریک کو بچانے کے لئے ایک لاش کی ضرورت ہے لیکن 14 اگست سے چلنے والی تحریک کافی حد تک پر امن رہی لیکن ننکانہ صاحب کے جلسے میں شیخ رشید کے جلائو گھیرائو والی تقریر کے بعد سیاسی تجزیہ کار ان خدشات کا اظہار کر رہے تھے کہ اب کہیں یہ تحریک تشدد کی طرف مائل نہ ہو جائے۔ بد قسمتی سے فیصل آباد میں ہو نے والا مظاہرہ جلائو گھیرائو کی صورت اختیار کر گیا اور ایک سیاسی کارکن اپنی قیمتی جان سے محروم ہو گیا۔’’ پرانے پاکستان‘‘ کی سیاست کی ایک مکروہ صورت لاشوں کی سیاست بھی ہے، جس کے نتائج کبھی بھی جمہوریت اور جمہوری عمل کے لئے اچھے نہیں رہے۔ نیا پاکستان بنانے کے دعویداروں سے کم از کم یہ امید تو تھی کہ وہ اسمبلی کے اندر آئینی جدوجہد کا راستہ اختیار کر تے ہوئے ایک اچھی حمایت حاصل کر کے ایک پر امن انقلاب کا راستہ دنیا کو دکھائینگے یا وہ عدالت عالیہ کا دروازہ کھٹکتا کر قانونی راستے سے اپنی منزل پر پہنچیں گے جس کا راستہ لمبا صحیح لیکن کامیابی یقینی ہو تی ہے لیکن اے بسا آرزو کہ خاک شدہ کپتان نے بھی شارٹ کٹ اختیار کیا دھرنوں اور مظاہروں کا راستہ اختیار کر کے اپنے موقف کو کمزور کرتے رہے جو کہ اصولی طور پر درست تھا۔ اب پانچ مہینوں کی لا حاصل جدوجہد کے بعد نوبت پلان سی تک آ گئی ہے جس کے بعد سوائے جلائو گھیرائو اور لاشوں کی سیاست کے سوا کچھ نظر نہیں آ رہا۔ دھرنوں مظاہروں جلائو گھیرائو ،تصادم اور پاکستان بند کرنے کی تحریکوں سے پاکستان اور عوام کو کیا فائدہ ملے گا یہ سمجھنے کے لئے زیادہ غور و فکر کیضرورت نہیں۔ یہ سارے الفاظ پاکستان کے جمہوری نظام کے سر پر لگنے والے بائونسرز کی طرح ہیں جو جان لیوا بھی ثابت ہو سکتے ہیں ۔صورتحال کافی بگڑ چکی ہے لیکن ابھی ایک راستہ باقی ہے کہ دونوں فریقین شرطیں عائد کئے بغیر سنجیدگی کے ساتھ مذاکرات کی میز پر آجائیں اورخود ہی با عزت طریقے سے معاملات طے کرلیں ۔۔۔ ورنہ جگہ کسی اور کی ہو گی،شرائط کسی اور کی ہوںگی، آپ کا صرف انگوٹھاہو گا۔
imran shabbir
About the Author: imran shabbir Read More Articles by imran shabbir: 5 Articles with 8817 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.