بس الطاف بھائی‘ بس!

’’الطاف بھائی‘‘کو پاکستانی میڈیانے کوریج دی‘اخبارات نے ان کے بارے مثبت سرخیاں لگائیں ‘سیاستدانوں نے ہمیشہ قدرے نرم رویہ اختیار کیامگرنہیں الطاف بھائی نے پاکستان کو ہمیشہ لعن طعن کی۔الطاف بھائی ہم آپ کے مسلمان بھائی ہیں ‘افواج والے بھی مسلمان وپاکستانی بھائی ہیں لیکن یہ تو بتائیے برہمن سے کیا رشتہ ہے ہمارا؟ہم پیار کرنے والے ہندوستانی مسلمانوں اوربھارتی مظلموں کا نہیں کہہ رہے ہم اس برہمنی پالیسی کا ذکر کررہے ہیں جس نے پاکستان پر جب حملہ کیا تو چاہے وہ 65کی جنگ تھی یا 71کی اس نے کبھی تخصیص نہیں کہ کہ کون کس زمین کا بیٹا ہے ؟اس کے گولے پر پاکستانی اورمسلمان کیلئے شہادت کا پیغام تھا‘تھا یانہیں ؟اس نے ہرمحاذ پر چاہے امریکہ ہو یا اقوام ِ متحدہ ہمیں نیچا دکھانے کی کوشش کی۔ہم نے جذبہ خیر سگالی اختیارکیاتو اس نے ہمیں فتح کرنے کی ٹھانی‘ہم نے ماہی گیروں کوآزاد کیا تو اُس نے ورکنگ باؤنڈریز پر آپ کے پاکستانی بھائیوں کو گولیوں سے روندا؟روندا یا نہیں؟پاکستانی دریاؤ ں پر بند باندھ کر ہماری فصلوں کو ویران اورمویشیوں اوراس زمین پر پلنے والی ہر ذی روح کو پیاس کی شدت سے روشناس کرایایانہیں؟کیا کسی کارگل میں ‘کسی کشمیر جنگ میں ؟ اس نے اعلان کیا کہ وہ ہندوستان سے آنے والے کسی شخص کو بخش دے گا اور اس کا فائر ‘اس کامیزائل ‘اس کا بارود صرف اُسی شخص کو مارے گا‘صرف اُسی کے وجود کو پارہ پارہ کرے گا‘ جو پاک سرزمین کے اناج سے پلاہو؟کیا ایسا ہے ؟ اگرنہیں ہے تو پھر ’’الطاف بھائی‘‘آپ کو اُن کی محبت کی کون سی ایسی لوری ملی ہے جو آپ کی روح میں سرایت کر گئی ہے؟جس کی ’’لے‘‘نے آپ کے انگ انگ میں پاکستان کی حفاظت کرنے والی افواج کے لیئے کدورت بھر دی ہے؟’’الطاف بھائی‘‘کیا آپ ہی کی پرزورفرمائش پر کراچی میں آپریشن شروع نہیں کیا گیا؟کیا آپ نے بارہانہیں کہا کہ جنرل صاحب !اقتدار سنبھال لیجئے۔۔۔۔

’’الطاف بھائی‘‘یہ بتائیے کہ کیا کراچی آپریشن سے ٹارگٹ کلنگ میں پچاس فیصد ‘بھتہ خوری میں ستاسی فیصد کمی نہیں آئی؟کیا اس دوران کوئی اغوابرائے تاوان کا واقعہ ہوا؟ نہیں ہوا۔تو پھر آپ بتائیے یہ کون سے عناصر تھے جن کے خلاف کاروائی کر کے زخمی کراچی کے مرہم مندمل ہونا شروع ہوگئے ؟کیا اس آپریشن سے ہر شہری شاداں وفرحاں نہیں ہوا؟پھر آخر آپ کو کیوں اعتراض ہے؟آپ ہی تو کہتے تھے کہ اگر کوئی بھتہ خور‘ٹارگٹ کلر‘تاوان لینے والا ایم کیوایم میں ہوا تو ہم اس کا ساتھ نہیں دیں گے؟کیا آپ اپنے لاپتہ کارکنان کی فہرست عوام کے سامنے پیش کرسکتے ہیں ؟تاکہ عوام کو بھی پتہ چلے کتنے معصوم لاپتہ ہوئے ؟’’الطاف بھائی ‘‘یہ بتائیے کہ کیاکراچی میں پی پی پی اور جماعت اسلامی سمیت متعدد جماعتوں سے تعلق رکھنے والے جرائم پیشہ افراد گرفتارنہیں ہوئے ؟ اگر ہوئے تو صرف شام وسحر آپ ہی کی دلدوز آوازیں کیوں لرزلرز کر اپنا دکھڑا رورہی ہیں؟

درحقیقت الطاف بھائی‘‘آپ عوام کے دکھ کو سمجھ نہیں پارہے یا آپ کے کارکنان آپ کو درست رپورٹ نہیں پیش کر رہے ۔اتنی دور سے بیٹھ کر کوئی بھی آپ کو غلط رپورٹ بھجواسکتاہے۔آپ پاکستان تشریف لے آئیے اوران مظلموں کا مقدمہ لڑئیے ۔۔۔

کیا نیٹوکوپکارنا؟پاکستان کی حفاظت کرنے والے ادارے پرطنزوتشنیع کے تیربرسانا؟بھارت کو امداد کے لیئے طلب کرنا ؟ یہ حب الوطنی ہے؟کیاآپ ان روحوں کوتکلیف نہیں دے رہے ؟جو اپناگھر‘مال‘جائیدادحتی کہ عزت بھی قربان کر کے پاکستان تشریف لائے؟کیا آ پاکستان میں پیداہونیوالے کو آج بھی ہندوستانی سمجھتے ہیں؟
’’الطاف بھائی‘‘کیا آپ کو نہیں معلوم کہ آپ کے آباؤ اجداد نے ہمارے آباؤ اجداد سے زیادہ اس پاک سرزمین کیلئے قربانیاں دیں؟کیا آپ کونہیں معلوم کہ ایسے ہندوستانی بھائی بھی تحریک پاکستان میں خون میں نہا گئے یا اپنا گھر بار لٹابیٹھے جنھیں معلوم تھا کہ ان کا علاقہ ‘شہریاضلع وصوبہ پاکستان میں شامل نہیں ہونا؟کیا آپ کی ہندوستان ونیٹوافواج سے ایک خود مختار ملک پر حملے کی خواہش ان نایاب مسلمانوں کی روحوں پر نمک پاشی نہیں جنھوں نے کلمہ ء توحید کی بناء پر بنے ملک کیلئے سب کچھ قربان کیا اور کراچی ‘سکھر‘حیدرآباد اورملک کے دوسرے علاقوں میں آکرآباد ہوگئے۔

آخر میں ہم ان اردوبولنے والے محب وطن پاکستانیوں سے گزارش کرتے ہیں کہ اُٹھیں اور اپنی ہی تحریک میں اپنے قائد ’’الطاف بھائی‘‘کو بتادیں کہ ہم اس سرزمین سے محبت کرتے ہیں جسے محمد علی جناح نے اﷲ اوراسکے رسولﷺ کے نام پر حاصل کیا۔آپ ایم کیوایم کو قائم رکھیں مگر اپنی تحریک کے پلیٹ فارم سے کسی بھی قسم کی ایسی کاروائی اورتقریرکی حمایت نہ کریں کہ آپ کی حب الوطنی متاثرہو‘آپ کے آباؤاجدادکی قربانیاں آپ سے سوال کرتی رہیں ۔آپ الطاف بھائی کو بتادیں کہ ہم آپ کی ہرایک ایسی بات پر سرتسلیم خم کردیں گے جو اس وطن کی محبت میں ہوگی لیکن پاک وطن کی مخالف ‘اپنے جوانوں کاخون دے کر اس وطن کوقائم رکھنے والی افواجِ پاکستان پرطنز اوراسکی مخالف نہیں کریں گے۔

اے اہل کراچی !اُٹھوکہ پاک افواج کہ جنرل اورجوان ریاست پاکستان اور سیاسی جماعتوں کے متفقہ فیصلے کی بنیاد پر تمہیں خوف کی فضاسے نکالنے چلے ہیں ‘اے اہل کراچی !رب ذوالجلال کے آگے سربسجود ہوجاؤ کہ وہ پاک افواج کی مددکرے اورپاکستان کی شہ رگ کراچی کاہربشرسکھ کاسانس لے‘ہربہن‘ماں اوربیٹی کی آبرومحفوظ ہوجائے۔

بس ’’الطاف بھائی‘‘ بس ! بہت ہوگیا‘اب ایسا نہیں ہوناچاہیئے وگرنہ اس سرزمین کا ہر بشر آپ کے خلاف ہوجائے گا۔پھر آپ کس سے خطاب کریں گے؟کہیں ایسا تو نہیں کہ آپ بھی اُن شاعروں کی مانند خود کوحرفِ آخرسمجھ رہے ہیں جو نوشہ دیوارنہ پڑھ سکے ؟اب وہ وقت لدگیاجب کراچی کو یرغمال بنادیاجاتاتھا‘اسلام آباد کو مفلوج کردیاجاتاتھا‘اب عوام میں بھی شعو۔۔۔۔رآچکا۔

حکومت ِ پاکستان کو چاہیئے کے ایم کیوایم کی وطن میں موجود قیادت سے بامعنی مذاکرات کریں اورانھیں اس بات پر آمادہ کریں کہ تحریک کاجوکوئی رکن پاکستان یا اس کے اداروں کے خلاف بولے گا ‘اُس کی رکنیت معطل اورپھر ختم کردی جائے گی۔حکومت ِ پاکستان کو چاہیئے کہ ہر اس فرد کہ خلاف تادیبی کاروائی عمل میں لائے جو افواج ِ پاکستان کے خلاف جھوٹے الزامات لگاتااوربے بنیاد سوال اُٹھاکر ملک کونقصان پہنچاناچاہتاہے‘چاہے اس کا تعلق کسی جماعت‘علاقے‘زبان اورفقہ سے ہو۔
sami ullah khan
About the Author: sami ullah khan Read More Articles by sami ullah khan: 155 Articles with 174534 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.