یہ قرُبتوں کا دور

دنیا کتنی سمٹ گئی ہے۔ ہم سب کتنے قریب آگئے ہیں۔
اور میں بہت فاصلے پر دھیرج سے بہتے لمحوں میں کھڑا اس قربت کو دیکھ رہا ہوں۔
وہ فاصلوں کا زمانہ، جب خط رابطے کا ذریعہ ہوا کرتے تھے۔ خط، پوسٹ کارڈمحض پیغامات ہی نہیں تھے، یہ بھی جتاتے تھے کہ لکھنے والے نے پڑھنے والے کے لیے اپنی مصروفیات میں سے وقت نکالا۔ ہونے کا احساس، اہمیت کا احساس۔ کیسے مبارک تھے یہ فاصلے جو ہمیں ”خطوطِ غالب“ اور ”غبارِخاطر“ دے گئے۔
کبھی بھری دوپہر ، کبھی اترتی راتدروازہ بجتا، کُھلتا، تو سامنے کوئی بچہ پلیٹ سے ڈھکی پلیٹ لیے کھڑا ہوتا۔ ریت رواج میں کیسی حیرت اور کیسے سوال جواب۔ کوئی خاصے کی چیز بنی تھی، بھیج دی گئی۔ یہ خاصے کی چیز چناپلاو ¿ بھی ہوسکتا ہے اور کوئی خاص ترکیب سے پکی ہوئی دال یا سبزی بھی۔
ہفتے کا کم ازکم ایک دن ایسا ہوتا تھا جب ایک گھرانے کی بی بیاں محلے یا شہر کے کسی دوسرے گھر صرف ملنے اور باتیں کرنے جاتی تھیں، باتیں ہی باتیں، ڈھیر ساری باتیں، جو مہمانوں کے رخصت ہوتے سمے کھلے دروازے پر بھی ہوتی رہتیں۔
گلیوں کے نکڑ، ٹھیے، چبوترےنرم ہوتی دھوپ میں آباد ہوتے تو رات گھڑی کی سوئیوں پر سوار بارہ کا پڑائو پار کرلیتی، لیکن یہ محفلیں سجی رہتیں۔
اور ہاںوہ عید کارڈ، جو کتنے اہتمام سے چھان پھٹک کر خریدے اور بھیجے جاتے تھے، عید سے کئی روز پہلے، کہ دوریوں کی مار نہ کھائیں، بروقت پہنچ جائیں۔
خدا کا شکر کہ دنیا سمٹ گئی اور سب ایک دوسرے کے قریب آگئے۔
اب تو ہر تعلق ہر رشتہ انگلیوں کی پوروں سے جُڑا ہے۔ بس عید مبارک لکھا اور ”سینڈ ٹو آل کردیا“ انھیں بھی، جن کے دیکھنے کو انکھیاں ترستیاں ہیں، اور انھیں بھی جن کی شکل دیکھنا بھی دل گوارا نہیں کرتا۔
اپنی سال گرہ خود یاد ہو نہ ہو فیس بک کو یاد رہتی ہے، اور پھر مبارک باد کے پیغامات سے ”وال“ بھر جاتی ہے، بہت سے سندیسوں کے ساتھ کیک کی تصویر بھی ہوتی ہے۔ اب wish کرنا کتنا سہل ہوگیا ہے۔
فاصلوں کے زمانے میں بس چند دوست، تھوڑے سے شناسا میسر تھے، مگر اب تو بھیا ”فرینڈلسٹ“ میں سیکڑوں فرینڈ ہوتے ہیں۔ یہ سب اسی عہدِقربت ہی کی تو رحمت ہے۔
یہ احساس کتنا خوش کُن ہے کہ دوریوں کا دور لگ بھگ بیت گیا، اور ہم قربتوں کے یُگ میں جی رہے ہیں، رابطوں کی دنیا میں سانس لے رہے ہیں، جہاں کسی مشقت، کسی جھمیلے اور انتظار کے بغیر کسی تک اور کہیں بھی رسائی ممکن ہے۔ اس دورِرحمت کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے میں آج ہی اپنے پڑوسی کو اپنی فرینڈ لسٹ میں ایڈ کروں گا۔۔۔۔۔اوہ ہ ہ ہ، مجھے اپنے پڑوسی کا نام یاد نہیں آرہا-
M Usman Jamaie
About the Author: M Usman Jamaie Read More Articles by M Usman Jamaie: 36 Articles with 26733 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.