ویلڈن رحمٰن ملک

بھارت کی دھمکیوں کے جواب میں وزیرداخلہ کا جراتمندانہ مؤقف

یہ ہماری بدقسمتی نہیں ہے تو اور کیا ہے کہ ہمارے پڑوس میں بھارت جیسا ایک ضدی اور خود سر ملک بسا ہوا ہے کہ جو اپنی ضد اور ہٹ دھرمی کی وجہ سے نہ صرف خود پریشانیوں کا شکار رہتا ہے بلکہ اپنے پڑوسی ملک پاکستان کو بھی اپنے اسی اڑیل پن کی وجہ سے گزشتہ 62سالوں سے بھی چھوٹے چھوٹے غیر ضروری معاملات میں الجھا کر پریشان کئے ہوئے ہے۔

گزشتہ دنوں وزارت داخلہ کے اجلاس کے بعد وفاقی وزیر داخلہ رحمٰن ملک نے ریاست کے چوتھے اہم ستون میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف مسلسل کیے جانے والے منفی اور من گھڑت پروپیگنڈوں کا جواب جس بھرپور انداز سے دیا ہے اِس پر پوری پاکستانی قوم یہ کہہ اُٹھی ہے کہ ویلڈن ویلڈن رحمٰن ملک یہ بات ہوئی ناں! کہ بھارت کو ایسے ہی منہ توڑ اور سینہ زور جواب کی ضرورت کافی عرصے سے تھی جو آپ نے بلا جِھجَک اُسے یہ کہتے ہوئے دے دیا ہے کہ ” بلوچستان میں بھارتی مداخلت کے ثبوت وقت آنے پر دکھا دیں گے اور اِس کے ساتھ ہی اُنھوں نے یہ بھی کہہ کر بھارتی حکمرانوں کی زبان ہمیشہ ہمیشہ کے لئے بھی بند رکھنے کا زبردست انداز سے عندیہ دے دیا ہے کہ ”ممبئی جیسے حملے پھر ہوئے تو ذمے دار خود بھارت ہوگا“ اِس موقع پر اِن کے اِس جارحانہ انداز سے قوم کے حوصلے بلند ہوگئے ہیں۔

اور قوم نے اِ ن کے اِس حوصلے کو قابل ِ تعریف قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اُنہوں نے بڑی ہمت پکڑی اور بلا روک ٹوک بھارتی حکمرانوں کی بے لگام زبان کو لگام دیتے ہوئے کہا ہے کہ نئی دہلی نے دہشت گردی کے حوالے سے کوئی معلومات نہیں دیں اور بھارتی وزیر داخلہ الزام لگانے سے پہلے اپنا گھر سنبھالیں۔ اور اِس کے ساتھ ہی واہ ...واہ رحمٰن ملک صاحب ! آپ نے کیا خوب کہا ہے کہ پاکستان زیادہ اچھی دھمکیاں دے سکتا ہے اور بھارت مذاکرات کی خواہش کو ہماری کمزوری ہرگز مت سمجھے ۔“ یہ بھی حقیقت ہے کہ وفاقی وزیرداخلہ رحمٰن ملک نے جس انداز سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یہ ساری باتیں کہیں انہیں دیکھ کر یہ گمان ہو رہا تھا کہ آج اِن کے اندر چھپا وہ غیور پاکستانی بول رہا ہے جو بڑے دنوں سے یہ کچھ کہنا چاہ رہا تھا اور آج اِسے موقع ملا تو یہ یکدم سے پھٹ پڑا ہے ۔

اور یہ بھی یقین کیجئے کہ اِن کی میڈیا سے اِس جراتمندانہ گفتگو سے سرزمین ِپاکستان پر بسنے والے محب وطن پاکستانیوں کے علاوہ دنیا کے کونے کونے میں رہنے والے غیور پاکستانیوں کی اُس دلی آرزو کی بھی مکمل عکاسی ہوگئی ہے کہ جو پاکستانیوں کے دلوں میں مدتوں سے چھپی ہوئی تھی کیوں کہ پوری پاکستانی قوم بھی یہی چاہتی تھی کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف مسلسل کئے جانے والے بے بنیاد اور منفی پروپیگنڈوں کا حکمرانوں کی جانب سے ایسا منہ توڑ اور سینہ زور جواب دیا جائے کہ پھر کبھی بھارت کو پاکستان کے خلاف اپنی ناپاک زبان کھولنے کی ہمت ہی پیدا نہ ہو اور یوں ساڑھے سترہ کروڑ پاکستانیوں کی اِس آرزو کو گزشتہ دنوں وفاقی وزیر داخلہ رحمٰن ملک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بھارتی حکمرانوں کو نکیل دے کر پوری کردی ہے۔

اور اَب ضرورت اِس امر کی ہے کہ بھارت بھی اِن ساری باتوں کا مثبت انداز سے جواب دیتے ہوئے ایک اچھے پڑوسی کی طرح ہماری جانب خود دوستی کا ہاتھ بڑھائے جو نہ صرف بھارت کے لئے ہی سودمند ثابت ہوگا بلکہ اِس پورے خطے کے حق میں بھی بہتر ہی ہوگا کہ بھارت پاکستان سے ایک مخلص اور اچھے پڑوسی جیسے حالات پیدا کر لے۔ ورنہ بھارت پاکستان کے خلاف یوں ہی اغیار کی سازشوں کا حصہ بنا رہا اور اِن کے ہی اشاروں پر پاکستان کے خلاف بدگوئی کرتا رہا تو اِسے یہ بھی یاد رکھناچاہئے کہ اِس کے ہاتھ سوائے اپنا وقت برباد کرنے اور اپنے وسائل پاکستان کے خلاف ہونے والی سازشوں میں ضائع کرنے کے اور کچھ نہیں آسکے گا۔

نہ صرف یہ بلکہ بھارت پر ایک وقت ایسا بھی آئے گا کہ بھارت کو اپنے کئے پر خود ہی پچھتانا پڑے گا اور بھارت خود ہی دنیا کے سامنے اِس کا اقرار کرتا پھرے گا کہ اِس نے پاکستان کے خلاف ہر وہ منفی رویہ اختیار کئے رکھا کہ جس سے پاکستان کو ہر میدان میں نقصان پہنچنے کا اندیشہ تھا مگر بھارت اغیار کی سازشوں کا حصہ بن کر بھی پاکستان کا کچھ نہیں بگاڑ سکا اور آج پاکستان ایک مکمل طور پر کامیاب ریاست ہی نہیں ہے بلکہ بھارت کی بھی یہی شدت سے خواہش ہے کہ بھارت پاکستان کا ایک اچھا پڑوسی بن کررہے اور انشااللہ وہ دن بھی کوئی خاص دور نہیں کہ جب بھارت، امریکا اور اسرائیل سمیت اور دنیا کے دیگر ممالک بھی یہ ضرور مان جائیں گے کہ پاکستان ہمیشہ رہنے کے لئے بنا تھا اور ہمیشہ رہے گا۔
Muhammad Azim Azam Azam
About the Author: Muhammad Azim Azam Azam Read More Articles by Muhammad Azim Azam Azam: 1230 Articles with 889665 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.