ظریفانہ :للن ، کلن اور برج بھوشن

کلن خان نے للن سنگھ سے پوچھا یار تمہاری پارٹی کویہ کیا ہوگیاہے؟
للن ہنس کر بولا یار ہو تو بہت کچھ رہا ہے ۔ ہماری ہی تو پارٹی ہے جو کام کرتی ہے ورنہ باقی سب تو سوتے پڑے رہتے ہیں۔
کلن نے کہا دیکھو بھیا زیادہ کام کرنا بھی نقصان دہ ہوتا ہے۔ اگر تم لوگ تھوڑی کم محنت کرتے تو کرناٹک میں کانگریس کو اتنی بڑی فتح نہیں ملتی ۔
یار کلن کرناٹک کی یاد دلا کرتم نے میرا موڈ خراب کردیا۔ یہ بتاو کہ تم پہلے کیا پوچھ رہے تھے؟
ارے بھیا میں نے سنا کہ برج بھوشن شرن ایودھیا نگری کے رام کتھا پارک میں 5 جون کو ایک سنت سمیلن کرنے والا تھا مگر اس کو اجازت نہیں ملی ۔
نہیں ملی تو نہیں ملی ؟ میں کیا کروں ؟؟ یوگی کو نہیں بلایا ہوگا ۔ کون جانے کیا کارن ہے؟لیکن اسے اس سنت سمیلن کی اچانک کیوں سوجھی؟
کلن بولا اس کے بقول معاشرے میں پھیل رہی برائیوں پر غور کرنے کے لیے وہ 11 ؍لاکھ لوگوں کو جمع کرنے کا منصوبہ بنارہا تھا۔
للن ہنس کر بولا راون کی زبان سے رامائن ! یار دنیا میں شرم و حیا بالکل ختم ہوگئی ہے کیا ؟
لیکن رام جنم بھومی تیرتھ ٹرسٹ کے صدر مہنت نرتیہ گوپال داس کے جانشین مہنت کمل نین داس نےجب حمایت کردی تو یوگی کی کیا مجال ؟
کیا بات کرتے ہوئے۔ کمل نین ایسا کیسے کرسکتے ہیں؟ کہیں بڑی دکشنا تو نہیں دے دی اس برج بھوشن نے یا ڈرا دھمکا کر تیار کرلیا؟ کون جانے؟؟
دیکھو بھائی اس کی وجہ تو نہیں معلوم ہاں داس کا یہ بیان ضرور چھپا کہ POCSO ایکٹ کے غلط استعمال کر کے بے قصور لوگوں کو پریشان کیا جا رہا ہے۔
للن نے سوال کیا اچھا !اچانک کمل نین داس کو یہ نروان کیسے پراپت (حاصل ) ہوگیا ۔ یہ قانون آج تو نہیں بنا؟
ارے بھائی انہوں نے برج بھوشن شرن کی مثال دے کر کہا کہ اس کے تحت جھوٹے الزامات لگاکرکر مہنتوں اور سیاست دانوں پھنسایا جارہا ہے۔
اچھا اب سمجھا کہ برج بھوش کو شرن دے کر بچانے کے لیے وارانسی، متھرا، ورنداون اور ہری دوار کے سنت ایودھیا آرہے تھے؟
جی ہاں ہنومان گڑھی کے مہنت گوری شنکر داس نے تو برج بھوشن کی تعریف کرکےان کے خلاف جنسی ہراسانی کے الزامات کو فرضی قرار دے دیا۔
یار ایک طرف ملک کی نامور بیٹیاں رو رہی ہیں اور یہ سنت مہنت ایک خونخوار درندے کی حمایت کررہے ہیں ۔ یہ کس قدر شرم کی بات ہے؟
کلن بولا جی ہاں اسی لیے شایدتمہارے یوگی جی نے اجازت نہیں دی ۔
للن خوش ہوکر بولا اچھا تو خاں صاحب آکر مان گئے آپ ہمارے یوگی کو ؟
جی نہیں اگر تمہارے یوگی میں ہمت ہوتی جیسے عتیق احمد اور ان بھائی و بیٹوں کا قتل کروادیا اسی طرح برج بھوشن کو کم ازکم گرفتار ہی کروا دیتے؟
للن نے بات بدلتے ہوئے کہا تمہارے ساحل نے بھی تو ایک ہندو بیٹی کا قتل کردیا ۔ یہ بتاو تمہارے ملا مولوی اس کی حمایت کیوں نہیں کرتے؟
کلن بولا ہمارا مذہب اس کی اجازت نہیں دیتا۔ اگر ہمارے علماء ایسا کریں گے تو لوگ ان کو ماریں گے۔
کیا ؟ عوام علماء کو ماریں گے۔ کلن تمہارا دماغ تو خراب نہیں ہے؟
دیکھو بھائی ہمارے لیے قرآن و حدیث اوپر اور علماء و شیوخ نیچے ہیں۔ اگر ان میں سے کوئی ان کے خلاف جائے گا تو لوگ اس کے خلاف ہوجائیں گے۔
للن پھر پھنس گیا اور بولا لیکن ہمارے یوگی نے برج بھوشن کو نہ سہی راجیہ وردھن کو تو گرفتار کروا دیا ۔ اب تم کیا کہتے ہو؟
یہ راجیہ وردھن کہیں برج بھوشن کا رشتے دار تو نہیں ۔ مجھے تو لگتا ہے یہ باکسنگ فیڈریشن کا صدر ہوگا۔
نہیں بھائی راجیہ وردھن مہارانا پرتاپ سینا کا صدر ہے۔
اچھا ! لیکن اس بیچارے نے ایسا کیا کردیا کہ یوگی کو اپنی ہی برادری کے آدمی پر ہاتھ ڈالنا پڑگیا۔
راجیہ وردھن نے ایک اداکارہ نے جنسی زیادتی کا الزام دھر دیا ۔
کلن بولا یار ہمارے یوپی میں یہ کون سی نئی بات ہے۔ ویسے بھی ان فلمی لڑکیوں کا کوئی سنسکار تھوڑی نا ہوتا ہے؟
ہاں بھائی لیکن اس بیوقوف نے یہ گندہ کام دہلی کے یوپی بھون میں کردیا ۔
ارے یہ تو غضب ہوگیا۔ امیت شاہ کی ناک نیچے راجدھانی دہلی میں اس کی ہمت ؟
اور نہیں تو کیا پولیس کے مطابق وہ متاثرہ خاتون کو دو وزراء سے ملنے کے بہانے یوپی بھون لے گیا مگر وہاں پہنچ کر اس نے جنسی زیادتی کی کوشش کی ۔
کلن نے پوچھا اچھا یہ بتاو کہ وہ اداکارہ ایک ہفتہ تک خاموش کیوں رہی؟
للن بولا متاثرہ کا الزام ہے کہ اس نے احتجاج کیا تو اسے ڈرایا دھمکایا گیا۔
کلن نے پھر سوال کیا اچھا یہ بتاو کہ اب آگے کیا ہوگا؟
فی الحال، شکایت درج کرنے کے بعد پولیس نے اس کمرے کو سیل کر دیا ہے جہاں یہ مبینہ واقعہ پیش آیا تھا۔
یار عجیب بات ہے اتنے سارے الزامات کے بعد برج بھوشن توگرفتار نہیں ہوا اورایک الزام پر راجیہ وردھن کو پکڑ لیا گیا تعجب ہے ۔
بھیا ہوا یہ کہ وہ بیچارہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں پھنس گیا ۔
کلن نے پوچھا سی سی ٹی وی فوٹیج کو ضائع کرنا کون سا مشکل کام ہے؟
بھیا دیکھو برج بھوشن کے بعد اگر راجیہ وردھن کو بھی بچانے کی کوشش کی جاتی تو وہ عورت بھی پریس میں چلی جاتی اور پھر رسوائی ہی رسوائی ہوتی ۔
ہاں بھائی یہ خطرہ تو ہے۔ اب مردوں کی دادگیری کے دن ختم ہورہے ہیں ۔ عورتوں نےظلم کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرنا شروع کردیا ہے۔
یہی تو مشکل ہے جانچ سے معلوم ہوا کہ ملزم 26 مئی کی دوپہر 12.22 بجے خاتون کے ساتھ عمارت میں پہنچا تھا اور 1.05 بجے دونوں نکل گئے ۔
یار مجھے تو دال میں کچھ کالا لگتا ہے۔ کہیں امیت شاہ نے راجیہ وردھن کے بہانے یوگی کو بدنام کرنے کی کوشش تونہیں کی یہ ولیعہدی کا معاملہ ہے۔
للن نے کہا بھیا دیکھو وجہ جو بھی ہو لیکن کسی مظلوم کو انصاف مل جائے اس سے زیادہ خوشی کی کوئی اور بات نہیں ہوسکتی ۔
جی ہاں اب راجیہ وردھن کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 354 ،354 اے اور 506 (مجرمانہ دھمکی) کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
یار مجھے تو لگتا ہے یہ پہلوانوں کی جیت ہے ورنہ یوگی آدتیہ ناتھ یوپی بھون کے 3 افسران دنیش کاروش، راکیش چودھری اور پارس کو معطل نہ کرتے۔
ہاں بھائی میں نے سنا ہے کہ یوپی بھون کے انچارج منیجر کے خلاف بھی انکوائری شروع کر دی گئی ہے اور ایک ملازم برطرف بھی ہو گیا ہے۔
میری دعا ہے کہ برج بھوشن شرن سنگھ کے ساتھ بھی یہی معاملہ کرنے ہمت یوگی دکھائیں ورنہ کمزور کو ڈرانا اور طاقتور سے ڈرنے والی بات ہوجائےگی۔
للن بولا ہاں یہ بات تو ہے لیکن چونکہ ہریانہ کی کھاپ اور راکیش ٹکیت کی کسان تنظیموں نے اس معاملے کو اٹھایا ہے اس لیے سرکار کو جھکنا پڑے گا۔
لیکن میں نے سنا ہے کہ نریش ٹکیت نے پہلوانوں کو ہری دوار میں گنگاکے اندر اپنے میڈل ن بہانے سے منع کردیا کہیں یہ کوئی سازش تو نہیں؟
نہیں بھیا وہ چاہتے ہیں کہ کھلاڑی اپنے میڈل میڈل صدر جمہوریہ کے حوالے کریں۔ وہ بھی ایک عورت ہیں ان کا درد سمجھیں گی ۔
جی ہاں لیکن اس سے تمہاری سرکار دھرم سنکٹ میں پڑجائے گی ۔ کسان برج بھوشن کی گرفتاری چاہتے ہیں اور مہنت مخالف ہیں اب کریں تو کریں کیا؟
للن نے کہا ارے بھائی یہ صرف دو طرفہ دباو نہیں ہے بلکہ اب ریسلنگ کی عالمی گورننگ باڈی یونائیٹڈ ورلڈ ریسلنگ بھی اکھاڑے میں کود گئی ہے۔
اچھا ! ان کو ہمارے داخلی معاملات میں دخل دینے کی کیا ضرورت ؟ ہم اپنے تنازع خود سلجھا لیں گے ۔
ابھی تک سلجھا دیتے تو یہ نوبت نہ آتی ۔ پہلوانوں کو حراست میں لئے جانے کی مذمت کرتے ہوئے شاخ کومعطل کرنے کی وارننگ مل چکی ہے۔
کلن بولا لیکن وہ لوگ ایسی دھمکی کیوں دے رہے ہیں۔ ان کے پاس کوئی کام نہیں ہے کیا؟
کام بہت ہے لیکن وہ ہمارے کھلاڑیوں کو اپنا سمجھتے ہیں۔ ان سے ہمدردی رکھتے ہیں ۔ ہمیں ان کا شکر گزار ہونا چاہیے۔
ہاں بھائی مجھے تو لگتا ہے کہ یہ برج بھوشن کی مدافعت ہمیں بہت مہنگی پڑے گی ۔ یہ معاملہ تو ملک سے نکل کر بیرون ملک بھی بدنامی کروانے لگا ہے۔
للن نے پوچھا ہاں بھائی میری سمجھ میں نہیں آتا کہ آخر اس باہو بلی سے مودی جی اتنا ڈرتے کیوں ہیں؟
اس کے لیے سپریم کورٹ کومد اخلت کرنی پڑی ۔ کھلاڑیوں کے خلاف ۷ گھنٹوں میں ایف آئی آر درج ہوگئی جبکہ بھوشن کے لیے ۷ دن لگ گئے۔
بھائی اس ایف آئی کی تفصیل دیکھ کر خون کھول جاتا ہے۔اس بدمعاش نے ہماری بچیوں کے ساتھ کیا کیا نہیں کیا۔ میرا تو جی چاہتا اس کو گولی ماردوں ۔ کلن بولاپوکسو ایکٹ کے تحت اس کو فوراً گرفتار ہوجانا چاہیے تھا ۔اس بدمعاش کو ایوان پارلیمان کے افتتاح میں دیکھ سر شرم سے جھک گیا ،قسم سے۔
مجھےتو بھائی اب کسان کھاپ سے ہی امید ہے کہ وہ دباو بناکر کچھ کرپائے گی ۔
جی نہیں اب تو پارٹی کے اندر سے بھی آواز اٹھنے لگی ہے پنکجا منڈے پہلوانوں کے ساتھ ہوگئی ہیں انہیں شکایت ہے کہ پارٹی ساتھ نہیں ہے۔
للن بولا یار کلن تمہیں یاد ہے ایک زمانے میں ہمارے نائب وزیر خارجہ ایم جےاکبر کو ایک معمولی الزام کے سبب مودی جی نے ہٹا دیا تھا ؟
جی ہاں بھائی اس وقت نیا نیا اقتدار تھا ، نہ گھمنڈ تھا اور نہ اکڑ تھی ۔
اور ہاں تھوڑی بہت شرم و حیا بھی باقی تھی لیکن وقت کے ساتھ سب ہوا ہو گئی۔
کلن بولایار تمہاری حسرت و یاس کی اس کیفیت پر سراج اورنگ آبادی کا ایک شعر ہاد آتا ہے
للن نے پوچھا اچھا! وہ کیا ہے؟
خبر تحیر عشق سن نہ جنوں رہا نہ پری رہی نہ تو تو رہا نہ تو میں رہا جو رہی سو بے خبری رہی
یار کلن کیا شعر سنایا تم نے ۔ دل خوش کردیا قسم سے ۔ چلو میں چلتا ہوں ۔


 

Salim
About the Author: Salim Read More Articles by Salim: 2045 Articles with 1227299 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.