عیدالاضحیٰ اور اس سال کے خوبصورت اور بیش قیمت جانور

بات عیدالاضحیٰ کی ہو اور ذکر خوبصورت جانوروں کا نہ آئے ایسا تو ممکن ہی نہیں٬ عیدالاضحیٰ کی تمام چہل پہل اور رونق خوبصورت اور تندرست جانوروں کی مرہونِ منت ہوتی ہے اور ان دنوں آپ جہاں نظر اٹھائیں محلے آپ کو ہر طرف خوبصورت جانور اور ان کو دیکھنے والا کا ایک ہجوم دکھائی دیتا ہے- عیدالاضحیٰ کے چاند کا اعلان ہوتے ہی کراچی کے علاقے سپر ہائی وے پر قائم کی جانے والی مویشی منڈی میں بھی جانوروں کی خرید و فروخت میں خاصی تیزی آجاتی ہے- منڈی میں سب سے زیادہ خوبصورت اور بیش قیمت جانور مشہور کیٹل فارم زکے ہوتے ہیں- رواں سال کیٹل فارم میں قابل ذکر کائنات کیٹل فارم٬ یونائیٹڈ کیٹل فارم٬ 786 کیٹل فارم اور آفریدی کیٹل فارم ہیں جن کے جانور نہ صرف بیش قیمت ہیں بلکہ انتہائی پرکشش اور خوبصورت بھی ہیں- اس وقت ان کیٹل فارم میں موجود جانوروں کی قیمت 7 لاکھ سے لے کر 28 لاکھ تک ہے- ان جانوروں کی اتنی زیادہ قیمت کا سبب ان کا وزن٬ خوبصورتی اور قد کاٹھ ہے- ہماری ویب کی ٹیم نے گزشتہ سال کی مانند اس سال بھی مویشی منڈی میں لائے گئے خوبصورت اور بیش قیمت جانوروں کی تصاویر اور ان سے متعلق معلومات اکھٹی کی ہیں- منڈی میں موجود خوبصورت جانوروں کا احوال آپ ہمارے آج کے خصوصی فیچر میں پڑھنے کے ساتھ ساتھ ویڈیو میں دیکھ بھی سکتے ہیں-
 

کائنات کیٹل فارم:
مختلف رنگ اور قد کاٹھ کے حامل خوبصورت جانوروں سے بھرپور اس کیٹل فارم میں ایک جانور ایسا بھی تھا جو سب سے منفرد اور جدا نظر آرہا تھا- معلوم کرنے پر پتہ چلا کہ یہ اس فارم کا سب سے وزنی٬ خوبصورت اور مہنگا جانور ہے- اس جانور کی قیمت 20 لاکھ روپے مقرر کی گئی تھی- کیٹل فارم کی انتظامیہ کے مطابق اس بھاری بھرکم جانور کا وزن 22 من ہے جبکہ اس کی عمر ساڑھے چار سال ہے- یہ جانور صوبہ پنجاب کے شہر رحیم یار خان سے تعلق رکھتا ہے- جب اس کی غذا کے بارے میں سوال کیا گیا تھا تو کیٹل فارم کی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ وہ اسے ہر اچھی چیز کھلاتے ہیں جس میں دلیہ٬ چھولا اور بسکٹ بھی شامل ہے- بیماریوں سے بچاؤ کے حوالے سے کائنات کیٹل فارم کی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ہم اپنے جانوروں کی ویکسنیشن لازمی کرواتے ہیں- جب ہم نے ان سوال کیا کہ عام لوگ کیسے ان جانوروں کی دیکھ بھال کریں؟ تو کیٹل فارم کی جانب سے عوام کو مشورہ دیا گیا کہ جانور کی دیکھ بھال ضرور کریں اور صاف صفائی کا انتظام ضرور کریں اس طرح جانور بیمار نہیں ہوگا-

image


786 کیٹل فارم:
یوں تو اس کیٹل فارم پر بہت کم جانور موجود تھے لیکن پھر بھی ایک جانور ایسا ضرور دکھائی دیا جو کسی کو بھی اپنی خوبصورت اور اونچے قد کاٹھ کے ذریعے اپنی جانب متوجہ کرسکتا تھا- یہ اس کیٹل فارم کا سب سے مہنگا جانور تھا جس کی قیمت 30 لاکھ روپے رکھی گئی تھی- اس جانور کی عمر 5 سال تھی جبکہ منوں وزنی اس جانور کی اسپیشل غذا کے بارے میں بتایا گیا کہ اسے بہت سی غذاؤں کے ساتھ مکئی اور چنا لازمی کھلایا جاتا ہے- اس کیٹل فارم پر جانوروں کی دیکھ بھال کرنے والے ملازم نے ہمیں بتایا کہ ہمارے ہاں ہر قسم کی بیماری سے بچاؤ کے لیے جانوروں ویکسیشن ضرور کروائی جاتی ہے اور ان کی غذا کا بھی خصوصی خیال رکھا جاتا ہے-

image


جناح کیٹل فارم:
اس کیٹل فارم پر موجود 27 من وزنی جانور کو دیکھنے کے لیے یہاں لوگوں کا جمِ غفیر موجود تھا- کوئی اس کے ساتھ تصویر سیلفی لے رہا تھا تو کوئی ہاتھ لگانے کے لیے بیتاب تھا- یہ آسٹریلین کراس نسل کا جانور اس کیٹل فارم کا سب سے بیش قیمت جانور تھا- اس جانور کی قیمت 7 لاکھ روپے مقرر کی گئی تھی- کیٹل فارم کی انتظامیہ کے مطابق اس جانور کی عمر 3 سال ہے جبکہ اس سمیت کیٹل فارم پر موجود تمام جانوروں کی دی جانے والی غذا خود فارم پر ہی تیار کی جاتی ہے- انتطامیہ کا کہنا تھا کہ ہم اپنے اس خاص جانور اچھا ونڈا٬ دودھ٬ پروٹین والی غذائیں جیسے کہ گندم٬ مکئی٬ چنا٬ سویا بین٬ چنا چھلا اور سرسوں وغیرہ کھلاتے ہیں- بیماریوں کے بچاؤ کے حوالے سے انتظامیہ کا کہنا تھا کہ جناح کیٹل فارم پر موجود تمام جانوروں کی ہر 6 ماہ بعد ویکسینیشن ضرور کروائی جاتی ہے اس لیے ہمارے جانوروں میں آپ کو کوئی بیماری نہیں دکھائی دے گی- اس موقع کو غنیمت جانتے ہوئے ہم نے کیٹل فارم کی انتظامیہ سے عام لوگوں کی رہنمائی کے لیے جانوروں کی دیکھ بھال کے حوالے سے بھی سوال کیا جس کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کو چاہیے جگہ صاف رکھیں٬ اپنے جانور کو گرمی سے بچائیں اور ان کی مکمل دیکھ بھال کرنے کی کوشش کریں-

image


یونائیٹڈ کیٹل فارم:
اس کیٹل فارم میں بھی ہمیں جانوروں کو دیکھنے کے شوقین افراد کی ایک بڑی تعداد دکھائی دی اور اس بھیڑ کا ہونا بھی اپنی جگہ درست تھا کیونکہ یہاں کا سب سے بیش قیمت جانور اپنی خوبصورتی اور قد کاٹھ سے سب کو اپنی جانب متوجہ کرنے میں کامیاب جو تھا- یونائیٹڈ کیٹل فارم کے مالک نے اپنے اس پرکشش جانور کی قیمت 7 لاکھ 50 ہزار کی تھی- ساہیوال سے تعلق رکھنے والے اس جانور کی عمر 28 ماہ ہے جبکہ اس کے وزن کے بارے میں کیٹل فارم کے مالک کا کہنا تھا کہ اس جانور سے حاصل ہونے والے گوشت کا زن کم سے کم 14 من ہوگا- کیٹل فارم کے مطابق اس غیرمعمولی وزن اور قد کاٹھ میں زیادہ کردار جانور کی نسل کا ہوتا ہے جبکہ غذا تمام جانوروں کی تقریباً ایک جیسی ہی دی جاتی ہے جس میں گندم کا دلیہ٬ چنے کی اٹی٬ چنا دال اور گھی شامل ہوتا ہے- اس کیٹل فارم کے مالک حکومت اور منڈی انتظامیہ سے کچھ ناراض دکھائی دیے کیونکہ ان کا کہنا تھا کہ حالیہ بارشوں میں ہمارے ٹینٹ گر گئے اور ساتھ ہی ہماری لائٹیں بھی ٹوٹ گئی اور یہ ٹینٹ ہم نے خود اپنی مدد آپ کے تحت دوبارہ کھڑے کیے ہیں جبکہ اس سلسلے میں حکومت اور انتظامیہ کی جانب سے ہماری کوئی مدد نہیں کی گئی البتہ ہمارے جانور اس بارش میں محفوظ رہے ہیں- بیماریوں کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنے پورے مال کی ویکسینیشن کرواتے ہیں اور بارشوں کے بعد تو خصوصی طور پر ہم نے ان جانوروں کی دوبارہ ویکسینیشن کروائی ہے تاکہ انہیں نمونیہ یا بخار نہ ہو- رہی بات کانگو وائرس کی تو یہ درست نہیں ہے کیونکہ اگر ایسا ہوتا تو سب سے پہلے ہم مرتے جو ہر وقت ان جانوروں کے ساتھ رہتے ہیں- کیٹل فارم کی انتظامیہ لوگوں کو دیکھ بھال کے حوالے سے یہ مشورہ دیتی ہے کہ جب جانور کی جگہ تبدیل ہوتی ہے تو وہ کچھ پریشان ہوتا ہے اور اس کے علاوہ گلی محلے کے بچے انہیں 24 گھنٹے کچھ نہ کچھ کھلاتے رہتے ہیں جس کی وجہ سے جانور بیمار ہوجاتا ہے- ان جانوروں کو صرف 2 دفعہ غذا دی جاتی ہے اور وہ بھی 12 گھنٹے کے وقفے سے-

image


آفریدی کیٹل فارم:
آفریدی کیٹل فارم میں داخل ہوتے ہی ہمیں سینکڑوں جانور دکھائی دیے اور یہ ایک بہت بڑا ٹینٹ تھا- دلچسپ بات یہ ہے کہ ہمیں یہاں ہر رنگ اور ہر سائز کا جانور دکھائی دیا- ایک حقیقت یہ بھی ہے کہ یہاں موجود تمام جانور ہی خوبصورت اور پرکشش تھے اور حسن کے معاملے میں ایک دوسرے پر سبقت لے رہے تھے- آفریدی کیٹل فارم کے سب سے مہنگے جانور کی مالیت 28 لاکھ روپے ہے جو کہ ولایتی آسٹریلین ہے- انتظامیہ کی جانب سے اس جانور کا زندہ وزن 42 من بتایا گیا جو یقیناً غیر معمولی وزن ہے- انتظامیہ کا کہنا تھا کہ جانور کے قد کاٹھ اور بہت زیادہ وزن میں بنیادی کردار اس کی نسل کا ہوتا ہے اور نسل پر ہی اس جانور کی غذا کا بھی انحصار ہوتا ہے- انتظامیہ کے مطابق آفریدی کیٹل فارم پر موجود تمام جانوروں کو چاہے وہ چھوٹے ہوں یا پھر بڑے انہیں روزانہ 3 مرتبہ غذا دی جاتی ہے جس میں چنے کی اٹی٬ دلیہ٬ چھلکا٬ چوکر٬ اور کتر شامل ہوتا ہے- اس کے علاوہ موسم کے اعتبار سے ان جانوروں کو دودھ٬ مکھن اور گھی بھی کھلایا جاتا ہے- بیماریوں کے حوالے سے کیٹل فارم کا کہنا تھا کہ ویسے تو پورے سال ہی ہمارے ہاں جانوروں کو بیماریوں سے بچاؤ کے لیے ان کی ویکسینیشن کی جاتی ہے لیکن کچے موسم یعنی بارشوں وغیرہ میں جانوروں کے حوالے سے احتیاط انتہائی ضروری ہوتی ہے- جانور کی خریداری کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ جب جانور خریدیں تو یہ ضرور دیکھ لیں کہ کہیں اس کی آنکھ سے مسلسل پانی تو نہیں بہہ رہا یا پھر اسے بخار تو نہیں ہے- آفریدی کیٹل فارم کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم یہ رجحان ختم کرنا چاہ رہے ہیں کہ ٹینٹوں میں صرف بیش قیمت یا مہنگے ترین جانور ہی فروخت کیے جاتے ہیں- اور اسی وجہ سے اس سال ہم نے اپنے ٹینٹ میں ہر قسم کا جانور متعارف کروایا ہے- اس وقت ہمارے میں پاس صرف 1 لاکھ روپے کی قیمت والا جانور بھی موجود ہے-

image


حسین قریشی دادا بھائی کیٹل فارم:
اس فارم کے سب سے مہنگے اور خوبصورت جانور کی قیمت 14 لاکھ روپے ہے- اس جانور کا وزن 20 سے 22 من ہے- اس غیر معمولی وزن کے حوالے سے کیٹل فارم کی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ زیادہ وزن ہونے کا دارومدار جانور کی نسل پر ہوتا ہے- انتظامیہ کے مطابق وہ اپنے اس بیش قیمت جانور کو غذا کے طور پر چنے کی اٹی اور دلیہ کھلاتے ہیں- ویکسینیشن کے حوالے سے کیٹل فارم کا کہنا تھا کہ ہم اپنے جانوروں کو خود ویکسین خرید کر لگاتے ہیں کیونکہ عموماً ڈاکٹر جعلی ویکسین لگا دیتے ہیں- جب ان سے سوال کیا گیا کہ اکثر بیوپاری جانوروں کو بھاری بھرکم دکھانے کے لیے مختلف انجکشن کا استعمال کرتے ہیں تو ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ہاں ایسے نہیں ہوتا اور جتنا بھی وزن آپ کو دکھائی دے رہا ہے یہ سب دیسی غذاؤں کا کمال ہے-

image

   



YOU MAY ALSO LIKE:

Holy Eid-ul-Azha is the second greatest religious festival of the Muslims with solemnity and religious fervor. Eid-ul-Azha is known as the 'Festival of Sacrifice'. Especially for this purpose, the cows, sheep, goats and camel are offered to sell in the muslim countries. In this article many of beautiful cows are listed who catch attention to their buyers due to their beauty and size.