وہ کون تھے؟

محترم قارئین السلامُ علیکم
زندگی میں کُچھ واقعات ایسے پیش آتے ہیں جو تمام زندگی بُھلائے نہیں جاسکتے میری زندگی میں ایسے لاتعداد واقعات موجود ہیں جنہیں آپ سے شیئر کرنا چاہتا ہوں کہ آپکا اور میرا ایسا رشتہ ہے جو وقت گُزرنے کیساتھ مضبوط سے مضبوط تر ہوتا چلا جارہا ہے اور آپ کا حق ہے کہ آپ بھی اِن عجیب وغریب واقعات کو جانیں اور اُن رازوں کو سمجھیں جو قدرت ہیمں وقتاً فوقتاً سمجھانے کی کوشش کرتی ہے یہ سینکڑوں واقعات ہیں جِن میں سے چند آپ سے اپنے کالموں کے ذریعے بیان کر چُکا ہوں۔

آج بھی ایک ایسا ہی عجیب وغریب واقعہ آپکی خدمت میں پیش کر رہا ہوں جسکو پڑھ کر شائد آپ محو حیرت رہ جائیں گے۔

یہ اُن دِنوں کی بات ہے جب میں نے میٹرک کا امتحان دیا تھا اور رزلٹ کا انتظار کر رہا تھا گرمیوں کے دِن تھے اس لئے راتیں چھتوں پر بسر کی جاتی تھیں اور جب صبح ٹھنڈک کا احساس شدید ہوجاتا تو اپنے کمروں میں آجایا کرتے تھے میرپور خاص کی ایک خاص بات یہ بھی ہے کہ دِن چاہے کِتنا ہی گرم ہو راتیں عموماً ٹھنڈک کا احساس دیتی ہیں اُس رات بھی ابو ڈھیر سارے آم لائے تھے جِنہیں برف اور پانی کیساتھ ٹب میں ٹھنڈا کرتے ہوئے ابو نے مذاقاً مجھ سے یہ جُملہ کہہ دیا، یار اب تو مونچھیں بھی نِکل آئیں ہیں اور میٹرک بھی کرلیا ہے میرے خیال میں تو تُمہیں کوئی کاروبار شروع کردینا چاہیے۔

یہ بات کہنے کے بعد ابو تو آم نوش کرنے لگے جب کہ میں پرسنل بزنس کے متعلق سوچنے لگا اور مجھے کیا کاروبار کرنا چاہیے اسی سلسلے میں پروگرام بنانے لگا، اور اِسی کیفیت میں کجھ دیر بعد نیند کی وادیوں میں کھو گیا صبح فجر کی نماز کے بعد میں نے ابو کی چابیوں میں سے ایک چابی جو ایک بند دوکان کی تھی جس میں اسٹاک سامان رکھا جاتا تھا خاموشی سے نِکالی اور اُس دُکان کی صفائی سُتھرائی کرنے کے بعد دُکان کا لُک دینے لگا جس میں دو ایک گھنٹے کی کوشش کے بعد میں کامیاب بھی ہوگیا جب اَبو مارکیٹ پُہنچے تو اُنہیں حیرت کا جھٹکا لگا کہ میں ایک گودام کو دُکان کی شِکل دے چُکا تھا ابو نے ماجرا دریافت کیا تو میں نے کہہ دِیا کہ آپ ہی نے تو رات کو کہا تھا کہ میں جوان ہوچُکا ہوں اور مجھے اپنا بِزنس کرنا چاہیے سو میں نے یہ دوکان کھول لی ابو نے مجھے کافی سمجھایا کہ وہ صرف ایک مذاق تھا لیکن میری آنکھوں میں نَمی دیکھ کر اور مارکیٹ میں کہیں میرا مذاق نہ بنے ابو اُس وقت خاموش ہوگئے اور وہاں سے چلے گئے لیکن مجھے اُن کے رویے سے ظاہر ہوگیا تھا کہ ابو گھر پر ضرور اس بات پر میری خبر لیں گے لہٰذا شام تک وہاں بیٹھ کر میں جلدی گھر چلا گیا اور اماں کو اپنے حق میں رائے دینے کیلئے راضی کرنے لگا اماں چُوں کہ مجھ سے بُہت پیار کرتی تھیں۔ اسلیئے وہ خُود بھی راضی ہو گئیں اور ابو کو بھی کسی نہ کسی طرح راضی کر ہی لیا۔

اب میں نے باقاعدہ اُس دُکان پر جانا شروع کردیا لیکن چند ماہ کی کافی کوششوں کے باوجود بھی وہ دُکان نہیں چل پائی جس کی وجہ سے میں دلبرداشتہ ہونے لگا اور میں سوچنے لگا کہ دُکان کے بجائے اپنی تعلیم پر توجہ دینی چاہیے کافی دِن میں اِنہی سوچوں میں گرفتار رہا، کہ ایک دِن عجیب واقعہ ہوگیا جس نے میری سوچ کو بدل دیا۔

ہُوا یوں کہ ایک دِن ابو میری دُکان پر آئے اور مجھے کہنے لگے اقبال ایک کام کردو جب تک میں تُمہاری دُکان پر بیٹھ جاتا ہوں، میں خوشی خُوشی راضی ہوگیا، ابو نے کہا فُلاں کاٹن فیکٹری چلے جاؤ اور وہاں سے کچھ سیمپل لے آؤ میں ابو کو اپنی دُکان پر چھوڑ کر موٹر بائیک تک پُہنچا تو مجھے یاد آیا کہ موٹر بائیک کی چابی تو دُکان پہ ہی رہ گئی ہے چُنانچہ واپس دُکان پر آیا تو دیکھا کہ بڑے بھائی ابو سے کہہ رہے تھے اقبال سارا دِن دُکان پر فارغ بیٹھا رہتا ہے اگر میرے ساتھ ہوتا تو میرا ہی کچھ ہاتھ بٹاتا آپ اِس کی دُکان بند کروائیں تاکہ یہ میرا کچھ ہاتھ بٹا دیا کرے میں چُوں کہ اُنکی پُشت کی جانب تھا اِس لئے اُنہیں میری آمد کی خبر نہ ہوسکی میں ابو کے جواب کیلئے متجسس تھا اس لئے خاموشی سے کھڑا رہا، ابو نے جو جواب دیا اُس نے میری ہمت بالکل توڑ کے رکھ دی، ابو میرے بڑے بھائی سے کہہ رہے تھے اقبال سے دُکان چل تو رہی نہیں ہے لیکن اگر میں منع کرونگا تو اپنی امیّ سے سفارش کروائے گا اسکو اسکے حال پر چھوڑ دو یہ خُود بیزار ہوکر دُکان چھوڑ دے گا، اس کے بعد ابو اور بڑے بھائی کیا باتیں کرتے رہے مجھے کُچھ خبر نہیں کیونکہ میرے جسم میں اتنی ہمت ہی نہیں رہی تھی وہ کھڑا رہ سکتا کسی طرح خُود کو سنبھالا اور وہاں سے چل دیا ایک بچے کو بھیج کر موٹر بائیک کی چابی منگوائی اور کاٹن فیکٹری کی جانب روانہ ہوگیا۔

کاٹن فیکٹری سے نکلتے ہوئے پھر آنکھیں آبدیدہ ہوگئیں فیکٹری کی مین گیٹ کیساتھ اندر ایک مزار مُبارک بنا ہوا تھا جس پر حضرت رحمت علی شاہ بُخاری (رحمتہ اللہِ علیہ) کا نام کُنندہ تھا اُس کیساتھ ایک نیم کا درخت تھا جِسکے سائے تلے ایک واٹر ہینڈ پمپ لگا ہوا تھا میں نے اپنی آنکھوں کو صاف کیا اور اُس ھینڈ پمپ کو چِلا کر ہاتھ مُنہ دُھونے لگا۔

ہاتھ مُنہ دُھو کر خُشک کئے تو یہ سوچ کر کہ میرے والد بھی نہیں چاہتے کہ میں کامیاب ہوجاؤں ایک بار پھر آنکھیں بھر آئیں میں وہیں مزار مُبارک کے پاس اُس درخت کے سائے میں بیٹھ کر سسکنے لگا کچھ دیر بعد میں نارمل ہوگیا اور وہاں سے اُٹھ کر اپنی دُکان پر چلا آیا۔ اگرچہ اس واقعہ کا ذکر میں نے اپنی والدہ تک سے نہیں کیا لیکن دِل ایسا غمگیں رہنے لگا مانو جیسے کوئی بھاری پتھر ہر وقت سینے پر پڑا ہو جب جُمعتہُ المُبارک کا دِن آیا تو میں جُمعہ کی نماز پڑھ کر اپنے کزن جو اُس وقت میرا واحد دوست بھی ہُوا کرتا تھا اور جمعہ کا دِن میں اپنے اس خالہ زاد کے ساتھ ہی گُزارنا پسند کیا کرتا تھا میں اپنی سایئکل پہ سُوار چلا جارہا تھا شہر کے درمیان میں ریلوے پھاٹک تھا جب میں پھاٹک کراس کر کے اُسی کاٹن فیکٹری کے نزدیک پُہنچا تو یکا یک ایک نحیف ونراز عُمر رسیدہ بُزرگ نے مجھے ہاتھ کے اِشارے سے رُکنے کا اِشارہ دِیا مجھے اگرچہ بُہت جلدی تھی کہ مجھے معلوم تھا کہ میرے خالہ زاد بھائی نے میرے اِنتظار میں دوپہر کا کھانا بھی نہیں کھایا ہوگا اور مجھے اُس دِن ویسے بھی دِیر ہوگئی تھی لیکن اماں نے ہمیشہ بُزرگوں کا احترام کرنا سِکھایا تھا سو میں نے چند قدم آگے اپنی سائیکل کو روک لیا وہ بُزرگ پلٹ کر میرے پاس آئے اور کہنے لگے بیٹا مجھے ریلوے اسٹیشن جانا ہے کیا مجھے گیٹ تک پُہنچا دو گے اب مزے کی بات یہ تھی صرف پٹری عبور کر کے وہ صاحب اسٹیشن پر پُہنچ سکتے تھے جب کہ وہ چاہ رہے تھے کہ میں ایک طویل سفر طے کر کے اُنکو اسٹیشن کے گیٹ پر پُہنچاؤں۔

پہلے تو میرے دِل میں آیا کہ مُعذرت کرلوں لیکن پھر نجانے کس خیال کے تحت میں نے اپنی سایئکل کو واپس موڑ لیا اور اُن صاحب سے پیچھے بیٹھنے کی استدعا کی جب سائیکل پر کچھ لمحے تک وزن محسوس نہیں ہُوا تو پیچھے مُڑ کر دیکھا تو معلوم ہُوا کہ وہ صاحب تو نجانے کب پِچھلے اسٹینڈ پر بیٹھ بھی چُکے تھے اُس دِن ہُوا کے جھکڑ چل رہے تھے اور سایئکل چلانے میں دُشواری پیش آرہی تھی لیکن اُن صاحب کے بیٹھنے کے بعد تو گویا سائیکل میں پر لگ گئے ہُوں بہرحال اسٹیشن پر وہ صاحب جیسے ہی اُترے میں نے سائیکل کو یو ٹرن دیا اور بھاگنے کی تیاری کر ہی رہا تھا کہ اُن صاحب نے چِلا کر آواز دی برخوردار! ذرا رُکنا تو سہی مجھے جِسقدر جلدی تھی وہ صاحب مجھے اُتنا ہی لیٹ کئے جانے کے درپے تھے۔

میں نے عرض کیا جناب اب کیا ہے؟ وہ گویا میرے اضطراب سے لُطف اندوز ہورہے تھے کہنے لگے برخوردار دو روپے کا نوٹ ہے جیب میں؟

میں نے سوچا لو ایک تو نیکی کی اِنکے پچاس پیسے جو پک اپ والے کو دینے پڑتے بچا دیئے اب دو روپیہ اور اِنہیں دو، میں نے جُھلا کر جیب میں ہاتھ ڈالا تو دو روپیہ کا نوٹ خود بیقرار ہو کر ہاتھ میں آگیا میں نے دو روپیہ کا وہ نوٹ اُنکے ہاتھ پر رکھ کر جونہی پیڈل مارا وہ پھر چِلائے میاں رُکو تو سہی کیا قلم ہے جیب میں؟ مجھے اب غُصہ آنے لگا تھا مجھے ایسا محسوس ہونے لگا تھا جیسے وہ بُزرگ میرے ساتھ کوئی کھیل کھیل رہے تھے۔

میرے اِنکار پر اُنہوں نے اپنی جیب سے قلم نِکالا اور نوٹ پر کُچھ لکھنے لگے اُس کے بعد اُنہوں نے وہ نوٹ مجھے واپس کردیا اور کہنے لگے برخوردار یہ لو اپنا نُوٹ اور اِسے پیسوں کی دراز میں رکھ دِینا مجھے اُنکی حرکتیں عجیب سی محسوس ہورہی تھیں کبھی پیسے مانگ رہے تھے اور اب اپنا آٹو گراف خود ہی نوٹ پر ڈال کر یوں واپس کر رہے ہیں جیسے مُجھ پر اِحسان کر رہے ہوں میں نے وہ نوٹ اپنی جیب میں رکھا تو کہنے لگے میاں ذرا ذرا سی بات پر رویا نہیں کرتے ویسے تُم ہمیں پسند آئے ہو۔

میرا ذہن اپنے کزن میں اُلجھا ہُوا تھا یہ سب کچھ اُس وقت میرے لئے ہرگِز اہم نہیں تھا بلکہ میں جلد از جلد اپنے کزن سے مِلنے کیلئے بیقرارتھا لہٰذا گَردن گھماتے ہوئے خُدا حافظ کہا اور سائیکل کی اسپیڈ بڑھانے لگا مجھے خُوف تھا وہ صاحب کہیں پھر پیچھے سے نہ پُکار لیں لیکن اُنہوں نے مجھے پھر کوئی صدا نہیں لگائی البتہ راستہ بھر مجھے اُنکی ذومعنی مُسکراہٹ کا مطلب سمجھ نہیں آسکا۔

جب میں اپنے کزن کے پاس پُہنچا تو اُس نے شکایت بھرے لہجے میں تاخیر کا سبب معلوم کیا؟ میں اُسے تمام واقعہ تفصیل سے سُنانے لگا کہ کس طرح ایک بوڑھے شخص کی مدد کے چکر میں آج مُجھے تاخیر ہوگئی میں یہ واقعہ اِتنے اِنہماک سے سُنا رہا تھا کہ مجھے خبر ہی نہ ہوسکی کہ کب میرے کزن کے ابو بھی وہاں آموجود ہوئے نوٹ پر آٹو گراف والی بات سُن کر وہ خاموش نہ رہ سکے اور مجھے مُخاطب کرتے ہوئے کہنے لگے بیٹا وہ نوٹ فوراً پھاڑ کر پھینک دو، میں نے حیرت سے استفسار کیا مگر کیوں؟

وہ کہنے لگے تم ابھی بَچّے ہو نہیں سمجھ سکتے کہ کس طرح ٹھگ ٹائپ کے لوگ اپنے نِشان ذدہ نُوٹ بُھولے بَھالے لوگوں کی جیبوں اور پیسوں کی دراز میں داخِل کردیتے ہیں اور پھر کوئی الزام لگا کر اپنے نوٹ کی نِشانی بتا کر لوگوں کو بلیک میل کرتے ہیں، مجھے اُنکی کوئی بات پَلّے نہیں پڑی تو وہ کہنے لگے اگر یہ نوٹ تُم اپنی پیسوں کی دراز میں رکھو گے اور اُس شخص نے پولیس میں یہ ر پورٹ لِکھوا دی کہ تُم نے اُس کی رقم چوری کی ہے اور اُسکی بتائی ہوئی نِشانی والا نوٹ پولیس نے تُمہاری دراز سے برآمد کرلیا تو سمجھو سال دو سال کیلئے جیل پُہنچ جاؤ گے۔

وہ تو تجویز دیکر چلے گئے لیکن میرے چہرے پر ۱۲ بج گئے یہ واقعی پریشانی والی بات تھی اگر ایسا کوئی واقعہ پیش آگیا تو میں اور میرے گھر والے کِسی کو مُنہ دِکھانے کے قابل نہیں رہیں گے لیکن نُوٹ پھاڑ کے پھینکنے والی تجویز مجھے قطعی پسند نہیں آئی کیونکہ یہ رقم میری ذاتی کمائی تھی میں نے سوچا شام کو گھر کی طرف جاتے ہوئے اِس رقم سے پیٹ بھر کر گول گَپّے کھاؤں گا تاخیر سے آنے کی سزا کزن نے اسطرح دِی کہ اُس جُمعہ کو کافی دیر تک اُس نے مجھے واپس نہ آنے دِیا واپسی پر چُونکہ رات کا اندھیرا پھیل چُکا تھا لِہٰذا گول گَپے والا مجھے کہیں نظر نہیں آیا۔

گھر پُہنچتے ہی اَمّی نے خَفگی کا اظہار کرتے ہُوئے تاخیر کا سبب معلوم کیا تو تمام دِن کی رُوداد اَمّی کو سُنانے لگا اُنہوں نے بھی اُس نُوٹ میں دِلچسپی کا اِظہار کیا اور اُس نُوٹ کی بابت معلوم کیا تو میں نے اَمی کو وہ نُوٹ دیتے ہوئے کہا اَمّی آپ خود اپنے ہاتھ سے اِس نُوٹ کو پھاڑ ڈالیں اَمّی نے اُس نُوٹ کو غور سے دیکھا اور مجھ سے دریافت کرنے لگی تُم شکل سے دُکاندار کم اور طالب علم زیادہ لگتے ہو کیا تُم نے اُنہیں بتایا تھا کہ تُم دُکان پر بیٹھتے ہو؟ میں نے اپنا سر نَفی میں گُھمایا تو اُنہوں نے مجھے وہ نُوٹ واپس دیتے ہوئے کہا اِسے احتیاط سے جیب میں سنبھال کر رکھ لو اور اِسے صبح جاتے ہی اپنے پیسوں والی دراز میں چَسپاں کردینا۔

میں حیرت سے اَمّی کو دیکھتے ہوئے کہنے لگا اور اگر وہ بڑے میاں پولیس کو لے آئے تُو؟

اَمِّی نے میری ہِمت بندھاتے ہوئے کہا ایسا کچھ بھی نہیں ہوگا میرا دِل گواہی دے رہا ہے کہ تُمہارے دِن پھرنے والے ہیں، بس وہی کرو جو میں تُم سے کہہ رہی ہوں مجھے اَمِّی کا یہ فیصلہ اگرچہ مُناسب نہیں لگا لیکن بہرحال مجھے اَمِّی کے فیصلے کو ہر ایک فیصلے پر اہمیت دینی ہی تھی کیونکہ وہی تو تھیں جو مجھے ہمیشہ حوصلہ دِیا کرتی تھیں اور اِسطرح ہَفتہ کی صُبح میں نے دُکان کھولتے ہی جو سب سے پہلا کام کیا وہ یہ تھا کہ اُس نوٹ کو ایک سادہ کاغذ پر چسپاں کیا اور کاغذ کے پیچھے نوٹ کو چُھپایا اور اُس کاغذ کو سلوشن ٹیپ کی مدد سے دراز کی سایڈ میں چُپکا دِیا۔ دراصل اِک خوف تھا جو میرے مَن میں جگہ بنا چُکا تھا۔ اِس لئے احتیاطًً میں نے یہ طریقہ اپنایا تھا۔

مُجھے دُکان کھولے بَمُشکل ایک گَھنٹہ ہی ہُوا ہوگا کہ ایک شَخص جس کے چہرے پہ چیچک کے پُرانے نَشان تھے میری دُکان پر آیا اور مجھ سے مُختلف آیٹمز کی قیمتیں دریافت کرنے لگا میں بڑی خوش اخلاقی سے دَام بتاتا رہا وہ کہنے لگا کیا آج ہی دُکان کھولی ہے؟

میں نے جواباً بتایا کہ نہیں دُکان کو تو کئی ماہ ہوگئے، وہ حیرت کا اظہار کرنے لگا کہ میں نے یہ دُکان پہلے کیوں نہیں دیکھی!

بہرحال اُسنے اپنی جیب سے ایک فہرست نکالی اور مجھے سامان لَکھوانے لگا اور کچھ دیر ہی میں اُس نے اسقدر بڑا آرڈر مجھے لِکھوا دِیا کہ مجھے اُس کی دماغی صحت پر شُبہ ہونے لگا کیونکہ یہ میری دُکان میں موجود 25 فی صد سامان کی لسٹ تھی اور اِسکا اَماؤنٹ میری دُکان کی 10 دِن کی سیل کے برابر تھا مجھے شُبہ ہُوا کہ شائد یہ میرے ساتھ کوئی مذاق کیا جارہا ہے لہٰذا میں نے اُس شخص کو اِس تمام سامان کی قیمت بتائی اور کچھ ایڈوانس رقم کا مُطالبہ کیا، وہ شخص یہ کہتا ہُوا دُکان سے روانہ ہوگیا کہ آپ تمام سامان کی پیکنگ کرلیں اور بِل تیار رکھیے گا میں دو گھنٹے بعد آکر سامان لیجاؤں گا اور آپکو پیمنٹ بھی تبھی کردونگا مجھے ابھی مارکیٹ سے مزید خریداری بھی کرنی ہے، میرا شک اب یقین میں بدل گیا کہ یہ شخص ضرور مجھ سے مذاق کر رہا ہے ورنہ مجھے کُچھ ایڈوانس رقم ضرور دے کر جاتا۔

اُس شخص کے جاتے ہی مزید چند نئے کسٹُمر دُکان پر آئے اور میں اُن میں مصروف ہوگیا، تقریباً دو گھنٹے کے بعد وہی شخص پھر دُکان پر آدھمکا اور مجھ سے اپنا آرڈر طلب کیا تو میرے ماتھے پر پسینہ آگیا، مجھے پریشان دیکھ کر اُس نے استفسار کیا آپ نے میرا سامان پیک کردیا؟

میں نے جب اُسے بتایا کہ اُسکا سامان ابھی تک نہیں نِکالا گیا ہے تو وہ پریشان ہوگیا اور کہنے لگا میں تو
ڈاٹسن بھی لے آیا ہوں اور مارکیٹ سے فارغ بھی ہوچُکا ہوں آخر آپ نے میرے ساتھ پہلی مرتبہ میں ہی ایسا سلوک کیوں کیا؟

میں نے اُسے سچ سچ بتادیا کہ میں نے آج تک اِتنا بڑا آرڈر بُک نہیں کیا ہے اِس وجہ سے مجھے لگا کہ آپ میرے ساتھ مذاق کر رہے ہیں۔

وہ شائد میری سچائی سے مُتاثر ہُوا تھا اُس نے مجھ سے پُوچھا آپ کم از کم کتنے وقت میں تمام سامان پیک کرسکتے ہیں؟ میں نے کہا بُہت جلدی بھی کروں تو 45 منٹ تو لگ ہی جائیں گے۔

اُس نے پرس نکالا اور مکمل رقم میرے ہاتھ میں تھماتے ہوئے کہا کوشش کرنا اِس سے زیادہ وقت نہ لگے میں جب تک ڈرائیور کو چائے پِلا لاتا ہوں، میں نے کہا کہ چائے میں پِلوا دِیتا ہوں مگر وہ نہیں مانا کہ اسطرح آپ کا دھیان مہمانی میں رہے گا آپ صرف کام میں دھیان رکھیں میں نے اُس کے جانے کے بعد سب سے پہلے اُن نوٹوں کی جانچ کی اور پھر سامان کی پیکنگ میں مصروف ہوگیا، تمام سامان 45 منٹ سے قبل ہی پیک کرلیا گیا وہ شخص45 منٹ بعد آیا اور اپنا سامان لے گیا اور جاتے جاتے کہہ گیا میں دو چار دِن بعد پھر آؤں گا اَ ب مجھ پر بھروسہ کرنا میں اُسکی اِس بات سے کچھ شرمندہ ہوگیا۔

اُس شخص کے جانے کے بعد پھر شام تک دُکان پر ایسا رَش رہا کہ ایک گاہک جاتا نہیں تھا کہ دوسرا آموجود ہوتا تھا اڑوس پڑوس کے دُکاندار بھی محوِ حیرت تھے کہ آج یہ ہو کیا رہا ہے شام تک میرا مارے تھکن کے بُرا حال ہوگیا مغرب سے قبل ہی میں نے دُکان سمیٹنا شروع کردی جب رقم گِننا شروع کی تو حیرت زدہ رہ گیا یہ رقم میری ایک ماہ کی سیل سے بھی زیادہ تھی دُکان تقریباً خالی ہوچُکی تھی میں نے بڑے بھائی کو جب اپنی سیل کی رقم دی تو وہ بھی حیرت کرنے لگے میں نے اُنہیں بتایا کہ دُکان تقریباً خالی ہوچُکی ہے مجھے صبح دُکان کے لئے سامان چاہیے آپ انتظام کردیجئے گا، اور اُسکے بعد سیدھا گھر چلا آیا، گھر میں داخل ہوتے ہی اَمِیّ نے سوال کیا اقبال آج کیسا دِن گُزرا میں اُنکو تمام دِن کی روداد سُنانے لگا، وہ بُہت خُوش تھیں۔

لیکن مجھے لگ رہا تھا کہ آج کا دِن واقعی میرے لئے لکی تھا لیکن ہر دِن تو ایسا نہیں ہوسکتا جب میں نے اِس خدشے کا اظہار اپنی اَمِیّ سے کیا تو وہ کہنے لگی اَب تُمہارا ہر دِن لکی ہوگا بس اُس نوٹ کی حِفاظت کرنا۔

لیکن مجھے اب بھی نہیں لگتا تھا کہ یہ سب صرف ایک نوٹ کی وجہ سے ہورہا ہے لیکن وقت نے ثابت کردیا کہ جب تک میں اُس نُوٹ کی حِفاظت کرسکا قسمت مجھ پر مہربان رہی لیکن دوسال بعد اپنی ایک اپنی دراز بدلنے کے چکر میں اُس نُوٹ کو بھول گیا چند دِن میں جب سیل ٹوٹنے لگی تو مجھے اُس نُوٹ کا خیال آیا جب اسٹور میں اُس دراز کو تلاش کرنے کے بعد دِیکھا تو اُس میں وہ نُوٹ موجود نہیں تھا شائد کسی مُلازم نے اُسے پالیا تھا۔

یہ دُکان تقریباً دو سال بڑے آب و تاب کیساتھ میں نے چلائی پھر ابو فیکٹری پر بُلانے لگے تو میں نے اُس شاپ کو خیرباد کہا اور ابو کیساتھ فیکٹری پر جانے لگا چند ماہ کے بعد مجھے اَمِّی نے ایک عجیب بات بتائی کہ ایک بُزرگ جنکی عُمر ایک صدی سے زیادہ تھی اور اُنکے متعلق یہ بات مَشہور تھی کہ وہ صاحب کشف ہیں اکثر ہماری گَلی سے گُزرا کرتے تھے اور بارہا میں نے اُن سے اُس ہستی کے مُتعلق معلوم کرتی رہی جنہوں نے تُمہیں وہ نُوٹ دیا تھا مگر یہ بُزرگ ہمیشہ مجھے یہ کہہ کر ٹال دیتے تھے کہ قُدرت کے رازوں سے پردہ اُٹھانے کی کوشش مت کرو آج جب میں پھر وہی سوال کیا تو کہنے لگے لگتا ہے تو اِس سوال کو جانے بِنا میرا پیچھا نہیں چھوڑے گی۔

تُو سن ایک دِن تیرا بیٹا اقبال ایک مزار کے پاس بیٹھا رو رہا تھا وہاں سے ایک مَرد قلندر اپنی ڈیوٹی نبھاتے ہوئے گُزر رہے تھے کہ اُنکی نظر تیرے روتے ہُوئے بیٹے پر پڑی اُنہیں تیرے بیٹے پر پیار آگیا پھر وہی جُمعہ کے دِن تیرے بیٹے سے مِلے اُسے پرکھا اور اُس پر اپنی نظر ڈال کر چلے گئے تیرا بیٹا بڑا خُوش نصیب ہے یہ اولیاءَ اللہ کی نظر میں آگیا ہے ایک دِن آئے گا کہ لوگ اِسے پہچان جائیں گے جب میں نے اُن بُزرگ کا نام معلوم کیا تو وہ صاحب کشف بُزرگ کہنے لگے وہ ہمارے دوست ہیں حضرت سید اسماعیل شاہ بُخاری، اُسکے بعد اَمِّی نے حُکم دیا کہ مجھے اُن بُزرگ حضرت سید اسماعیل شاہ بُخاری سے دوبارہ جاکر مُلاقات کرنی چاہیے میں جب مطلوبہ مُقام پر پہنچا تو مجھے انتہائی حیرت ہوئی کہ وہاں اُن بُزرگ کا آستانہ نہیں بلکہ مزار مُبارک موجود تھا اور زیادہ حیرت تب ہوئی جب یہ پتہ چلا کہ اُنہیں پردہ فرمائے ہوئے دس برس کا عرصہ گُزر چُکا ہے۔

میں اپنا سر تھام کر رہ گیا یا اِلٰہی یہ کیا ماجرا ہے جس ہستی سے میں ڈھائی، تین برس قبل مِلا تھا اُنکے وصال کو 10 برس کیسے ہوسکتے ہیں؟ مجھے سر تھامے دیکھ کر ایک صاحب کو تشویش ہوئی تو وہ بڑی اپنائیت سے میرے قریب آئے اور میری طبیعت دریافت کرنے لگے میں نے بتایا کہ میں ٹھیک ہوں مگر آپ سے ایک بات پوچھنا چاہتا ہوں؟ کیا آپ اِن صاحِبِ مزار کے مُتعلق جانتے ہیں؟

اُنہوں نے بتایا کہ وہ یہیں مزار کے قریب میں ہی رہتے ہیں اور بابا اسماعیل شاہ صاحب (رحمتہ اللہ علیہ) کی حیات ظاہری کے زَمانے سے ہی اُنکی خِدمت میں آیا کرتے ہیں میں نے سوال کیا بابا کے وصال کو کتنا عرصہ ہوگیا؟

وہ کہنے لگے تقریباً 10 برس ہوگئے ہیں، میں نے پُوچھا کیا بابا صاحب کی کوئی یادگار تصویر آستانے میں موجود ہے؟ وہ کہنے لگے بابا کی کوئی یادگار تصویر تو موجود نہیں البتہ میرے پاس ایک محفل کی تصویر ضرور موجود ہے جس میں بابا صاحب موجود ہیں، میں نے اُن سے عرض کی کیا آپ مجھے وہ تصویر دِکھا سکتے ہیں؟ وہ کہنے لگے اچھا تُم بیٹھو میں اپنے گھر سے وہ تصویر لاتا ہوں، کُچھ دیر میں وہ صاحب آئے تو اُنکے ہاتھ میں ایک تصویر تھی جس میں ایک بُزرگ کی طرف اِشارہ کرتے ہوئے وہ صاحب کہنے لگے یہ ہیں بابا اسماعیل(رحمتہ اللہ علیہ) میں نے اُس تصویر کو غور سے دیکھا تو فرطِ جذبات سے میرے مُنہ سے نکل گیا، واللہ یہ تو وہی ہیں، وہ شخص میری کیفیت کو دیکھ کر کُچھ پریشان ہورہا تھا بلآخر اس نے پوچھ ہی لیا بیٹا آخر بات کیا ہے مجھے بھی کُچھ بتاؤ؟

میں نے کہا کہ میں نے حضرت سید اسماعیل شاہ بُخاری رحمتہ اللہ علیہ سے دو ڈھائی برس قبل مُلاقات کی ہے وہ میری سائیکل پر سوار بھی ہوئے اور مجھ سے باتیں بھی کی اور مجھے انعام بھی دِیا تھا جِسے میں اب گَنوا چُکا ہوں، جب کہ یہاں سب یہی کہہ رہے ہیں کہ اُنکے وصال کو 10 برس کا عرصہ گزرچُکا ہے اور یہ کیسے ممکن ہے کہ جو اِنسان دُنیا سے 10 برس قبل پردہ کرچُکا ہو میں اُس سے بعد پردہ فرمانے کے مُلاقات کرلوں۔

وہ صاحب کہنے لگے بیٹا یہ اللہ کے راز ہیں جو اللہ ہی بہتر جانتا ہے میں تو بس اِتنا جانتا ہوں کہ اولیاءَ اللہ ہماری طرح کے عام بشر نہیں ہوتے یہ وہ خُوش نصیب اشخاص ہیں جنہیں اللہ تعالیٰ اپنی دوستی کیلئے چُن لیتا ہے اور اللہ ہی ہے جو اِنہیں ایسی قُوت اور طاقت عطا فرماتا ہے جسکا ادراک ہم جیسے معمولی لوگ جو اپنی تمام عُمر گُناہوں اور نافرمانی میں گُزار دیتے ہیں نہیں کرسکتے اللہ تعالیٰ تو قادر اور قُدرت والا ہے کیا وہ گُنہگار اور نیک کو ایک جیسی طاقت عطا کرے گا وہ تو بڑا عادل ہے یقیناً اپنے نیک بندوں کو اپنے اولیاءَ کو زمانے میں ممتاز کرتا ہے جس کے سبب لوگوں کے دِل میں اُنکی عظمت کا سکہ بیٹھ جاتا ہے۔

اس کے علاوہ بیٹا تُم پہلے شخص نہیں ہو کہ جس نے بعد وصال بابا اسماعیل (رحمتہ اللہ علیہ) کو جاگتی آنکھوں سے دیکھا ہے بلکہ اِس علاقے کے کئی لوگوں نے تہجد کیلئے مسجد جاتے ہوئے اپنی جاگتی آنکھوں سے بابا اسماعیل کو علاقے میں گشت کرتے دیکھا ہے لیکن تُم خُوش نصیب ہو جس نے بابا سے کلام بھی کیا اور کُچھ لمحے اُنکے ساتھ بھی گُزارے ہیں۔

میں نے فوراً مزارِ پاک پر حاضری دی فاتحہ پڑھی اور جائے نماز کے اِحَاطہ میں سجدہ شُکر بجا لایا اور اللہ کریم کی بارگاہ میں دُعا کی اے میرے پروردِیگار میں تیرا بُہت گُنہگار بندہ ہوں تیرے اِک دوست نے مجھ بدکار پر نظر کرم ڈالی ہے میں تُجھ سے مغفرت کا طلبگار ہُوں مجھ پر تیرے دوستوں کی نظر کرم ہمیشہ بنی رہے تو اور تیرے محبوبین ہمیشہ مجھ سے راضی رہیں اور میرے دِل کو اپنے مِحبوب بندوں کی مُحبت سے بھر دے اور میرے سینے کو کینہ اور بغض سے پاک کردے۔

مُحترم قارئین مجھے لگتا ہے کہ اُس دِن میری دُعا مقبول ہوگئی تھی کیونکہ میں اُس خاندان میں پیدا ہُوا تھا جہاں اولیاءَاللہ کا ذکر سُن کر ہی پیشانی پر بَل آجاتے تھے جَہاں مَزارات اولیاءَ اللہ کو معاذ اللہ ثُمَّ معاذ اللہ بُت کدوں سے تعبیر کیا جاتا ہے مجھے اللہ کریم نے اپنے دوستوں کی نظر عنایت کے سبب گُمراہی اور اندھیرے کی تاریک وادی سے نِکال کر اپنے دوستوں کے مُحِبین کی صف میں شامِل کرلیا الحمدُ للہِ عزوجل (یا رَبَّ العالمین یوں تو تیرے مجھ گُنہگار پر کروڑوں اِحسان ہیں لیکن فقط تیرا یہ ایک اِحسان ہی ایسا ہے کہ جسکا شُکر میں ساری زندگی سر بسجود ہوکر بَجالاؤں تب بھی ممکن نہیں کہ شُکر ادا کرپاؤں) یا رَبَّ العالمین تمام دُنیا کے مسلمانوں کے قلوب کو اپنے اولیاءَ کی مُحبت کا گہوارہ کردے (آمیں بِجاہِ النَّبِیِ الامین وصلی اللہ تعالٰی علیٰ وآلِہ واصحابِہِ واَزاجِہِ وبارک وسلم)۔
ishrat iqbal warsi
About the Author: ishrat iqbal warsi Read More Articles by ishrat iqbal warsi: 202 Articles with 1054494 views مجھے لوگوں کی روحانی اُلجھنیں سُلجھا کر قَلبی اِطمینان , رُوحانی خُوشی کیساتھ بے حد سکون محسوس ہوتا ہے۔
http://www.ishratiqbalwarsi.blogspot.com/

.. View More