امان اﷲ خان مرحوم ۔۔۔۔ایک چراغ جو بجھ گیا

 صدر پاکستان جنرل محمد ضیاء الحق اور جنرل اختر عبد الرحمان کی یقین دہانی کے بعد لبریشن فرنٹ مسلح جدوجہد آزادی کشمیر کا ہر اول دستہ بن گئی۔ یہ یقین دہانی اس کے نظریہ میں رکاوٹ نہ بننے اور مداخلت نہ کرنے کے بارے میں تھی۔وقت گزرنے کے ساتھ فرنٹ نے خود مختاری کے متبادل حق خود ارادیت کو جگہ دے کر افہام و تفھیم کا انتخاب کیا۔

بے شک انسان فانی ہے۔ مشن اور مقاصد لافانی ہیں۔ انسان کو موت آجاتی ہے۔ مشن کبھی نہیں مرتے۔ امان اﷲ خان اس جہاں فانی سے کوچ کر گئے ۔ ان کا خواب پورا نہیں ہوا، ان کا مشن زندہ ہے۔آج استور سے ہائیہامہ کپواڑہ تک،پشاور سے سیالکوٹ، کراچی سے لندن اور راولپنڈی تک میں ان کے آبائی علاقوں کی طرح لوگ سوگوار ہیں۔ کشمیر سے تعلق رکھنے والا ہر کوئی دلی دکھ اور افسوس کر رہا ہے۔ دنیا میں گونجنے والی آزادی کشمیر کی آواز خاموش ہو گئی ہے۔ اب امان اﷲ خان ویلٖفیئرٹرسٹ متحدہ جموں کشمیر کے پسماندہ طبقوں کے لئے کام کرے گا۔ انھوں نے اپنے آبائی قصبہ پریشنگ میں ایک قطعہ اراضی جامع مسجد اور مدرسہ کی تعمیر کے لئے وقف کی تھی۔ ان کی اکلوتی بیٹی اسماء خان لون ان کے مدفن کے مقام پر پینے کے صاف پانی کا فلٹریشن پلانٹ نصب کرنے کا نیک ارادہ رکھتی ہیں۔ جو کہ صدقہ جاریہ ہو گا۔ امان صاحب اپنی مورثی جائیداد میں سے زمینوں وغیرہ کا جائز تصرف چاہتے تھے۔ تا کہ رفاعی اور قومی کام سے اس کا جائز استعمال ہو۔ انہوں نے اپنی وصیت میں لکھا ہے کہ ان کے مرنے کے بعد ٹرسٹ کا نام امان اﷲ خان میموریل ٹرسٹ رکھا جائے۔ جس کا مقصد غریب بچیوں کی شادیاں، نادار افراد کا علاج، غریب اور ذہین طلباء کی مالی امدادوغیر ہ ہو گا۔
جب بھی ان سے ملاقات ہوتی، وہ کپواڑہ میں پوسٹرز چپکانے، ایس پی کالج میں شیخ محمد عبداﷲ سے سامنا ہونے سے لے کر آج تک کے چیدہ چیدہ واقعات بیان کرتے۔ کراچی میں اپنے تعلیمی اداروں کا تذکرہ ہوتا۔ اپنا سب کچھ تحریک پر نچھاور کرنے میں انھوں نے خود کو ایک عملی نمونے کے طور پر پیش کیا۔ آخری دم تک راولپنڈی کا چاندنی چوک ان کی سرگرمیاں کا ہیڈ کوارٹر بنا رہا ۔ ایک چھوٹا سا کمرہ ہی ان کا دفتر اور رہائش گاہ تھی۔ سادہ دل ہی نہیں تھے بلکہ زندگی بھی انتہائی سادگی، کسمپرسی میں گزار دمگرکوئی شکوہ نہ کیا۔ اپنے اصولوں اور کاز سے کوئی سمجھوتہ نہ کیا۔ اپنے کام میں ہر وقت مشغول اور مصروف رہے۔ ان کا کام سفارتکاروں، سیاستدانوں ، صحافیوں کے ساتھ خط و کتابت، تحریکی سرگرمیاں، تحریر وتقریرتک ہی محدود نہ تھا بلکہ وہ عمر کے آخری ایام تک انتہائی پیچیدہ امور کو بھی نپٹاتے رہے۔ جب گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کی افواہیں گرم ہوئیں تو وہ ایک وفد کے ساتھ گلگت پہنچ گئے۔ اس خطے کے رہنماؤں کو اس کے نقصانات اور کشمیر کاز پر پڑنے والے منفی اثرات سے آگاہ کیا۔

مسلہ کشمیر کو اس وقت زندہ کیا جب دنیا اسے دفن کر رہی تھی۔ استور سے کپواڑہ ہجرت، تعلیم و تربیت، تحریک آزادی کے لئے سرگرمیاں اور اس کے بعد پاکستان ہجرت نے امان اﷲ خان کو اس سر زمین کو کو ہر صورت میں آزاد کرانے کے مشن س پیچھے نہ ہٹنے پر آمادہ کیا۔ یہی وجہ ہے کہ انھوں نے نشیب وفراز دیکھے، مگر کوئی چیز انہیں جھکانے پر مجبور نہ کر سکی۔ صدر جنرل محمد ضیاء الحق نے کشمیر کی آزادی کے لئے امان اﷲ خان سے مل کر کام کرنے کی خواہش ظاہر کی تو ان کے ساتھ ہاتھ ملا لئے۔ وہ جانتے تھے کہ یہ ایسی شخصیت ہے جسے پاکستان سے والہانہ محبت ہے ۔ جو پاکستان پر بھارت کو کبھی بھی ترجیح دینے کا خیال بھی نہیں کر سکتی۔ انہوں نے پاکستان اور بھارت کو ایک پلڑے میں رکھنے کے حامیوں کو نہ صرف ٹوکا بلکہ ان کو راہ راست پر لانے کی بھر پور کوشش کی۔ ان کا اصرار تھا کہ جو بھارت آزادی کی آواز کو دبانے کے لئے کشمیریوں کا قتل عام کر رہا ہے، ان کی نسل کشی میں مصروف ہے، اس سے کسی خیر کی توقع نہیں کی جا سکتی۔ اس لئے اس کے خلاف مسلح جدوجہد جاری رہنی چاہیئے۔

مسلح تحریک کی حمایت سے پہلے انہوں نے سفارتی اور سیاسی طور پر تحریک کے لئے کام کیا۔ مگر اس کے نتائج صفر نکلے۔ وہ اس نتیجے پر پہنچے کہ پر امن احتجاج، مظاہروں، نعروں، تحریر وتقریر کا بھارتی حکمرانوں پر کوئی اثر نہیں ہو رہا ہے۔ وہ طاقت کی زبان سمجھتا ہے۔ اس لئے بندوق اٹھائی جائے۔ جو اقوم متحدہ کے چارٹر کے عین مطابق ہے۔ جب لبریشن فرنٹ میں دھڑے بندیاں ہونے لگیں تو انھوں نے اتحاد و اتفاق کی سر توڑ کوششیں کیں۔ سب کے ساتھ مل کر چلنے کا اعلان کیا۔ اختلافات بات چیت سے ختم کرنے کے پیغامات دیئے۔ یاسین ملک کے ساتھ بات چیت جاری رکھی۔ کمیٹیاں تشکیل دی گئیں۔ اس اتحاد میں حافظ انور سماوی، سردار صغیرخان، ڈاکٹر توقیر گیلانی، منظور احمد ، محمد رفیق ڈار، سلیم ہارون ، ماسٹر محمد افضل اور دیگر نے اہم کردار ادا کیا۔ آخری عمر میں مسلہ کشمیر کا حل حق خود ارادیت قرار دیتے رہے۔ جب سید علی شاہ گیلانی نے اعلان کیا کہ اگر کشمیری تیسرے آپشن خود مختار کشمیر کا انتخاب کریں گے وہ بھی انہیں قبول ہو گا۔ تو ادھر امان اﷲ خان نے بھی اعلان کیا کہ اگر کشمیری الحاق کے حق میں رائے دیں گے تو اس کا احترام ہو گا۔ یعنی عوام کی رائے سب پر مقدم ہے۔ یہ سبھی نے تسلیم کیا۔ اپنا موقف زبردستی ٹھونسے پر یہ یقین نہ رکھتے تھے۔
یہ عظیم لوگوں کا شیوہ ہے کہ جب اپنے لئے کسی راستے کا سوچ سمجھ کر انتخاب کر لیتے ہیں تو اس سے ہٹتے نہیں۔ کوئی خوف وڈر، لالچ، طمع ، مفاد انہیں اپنے مشن سے ہٹا نہیں سکتا۔ اگر مقصد نیک ہو تو ناقدین بھی ساتھ دیتے ہیں۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ وہ نیک نیتی ، خلوص اور سنجیدگی سے اپنے نظریہ اور فلسفہ کی تشہیر کرتے رہے۔ ان کا ہدف نوجوان رہے۔ جن کی ذہن سازی کے لئے انھوں نے خاص طور پر دلچسپی لی۔ مگر اس کے ساتھ ہی وہ اپنے نظریہ کے مخالفین کے بھی قدردان تھے۔ انتہا پسندی، جاہلانہ بحث و مباحثہ، سخت گیری ، زور زبردستی کے قائل نہ تھے۔ اپنی آپ بیتی جہد مسلسل خود پیش کی۔ اس میں کسی غلطی کی نشاندہی کرنے کا مطالبہ کیا۔ دل کو چھو لینے والی ان کی تحریر، تجربات و مشاہدات سے ہر کوئی مستفید ہو سکتا ہے۔
اقتدار کی سیاست سے دوری ، دیانتداری ، استقامت ، لگن ان کا خاصہ تھا۔ اپنے نظریہ پر چٹان کی طرح ڈٹے رہنا ان کا ایک بے مثال اصول تھا۔ اپنی اکلوتی بیٹی کا رشتہ خواجہ عبدالغنی لون شہید کے بیٹے سے طے کرنے کا بھی ایک مقصد تھا کہ دونوں خاندان مل کر تحریک آزادی کے لئے کام کریں۔ جنرل ضیال ء الحق کا طیارہ حادثہ اور خواجہ لون پر فائرنگ نے ان کے مشن کو ابر آلود کر دیا۔ وہ مایوس نہ ہوئے۔ اپنی جدوجہد جاری رکھی۔ اﷲ کرے وہ وقت آئے جب استور میں ان کی قبر پر جاکر آزادی کی خوشخبری سنانے کا موقع نصیب ہو۔ اﷲ امان اﷲ مرحوم کی بشری خطائیں معاف فرمائے اور ان کے درجات بلند ہوں۔

ان کی نظرمستقبل پر تھی۔ ’’انقلاب گلگت 1947کی سچی کہانی‘‘ کے عنوان سے تاریخ کو درست کرنے کی کوشش کی ہے۔ اسے قوم کے نام کرتے ہوئے کہتے تھے کہ یہ قوم کے بیٹے کی طرف سے قوم کے لئے ایک حْیر تحفہ ہے۔ کیوں کہ اس میں قوم کی تاریخ کو مسخ ہونے سے بچانے کی کوشش کی گئی ہے۔

امان اﷲ خان مرحوم کا مسلہ کشمیر کو حل کرنے کے لئے ایک منفرد فارمولہ تھا۔ جسے وہ ہر وقت پیش کرتے رہے۔ ’’پوری ریاست جموں و کشمیر کو آج بھارتی مقبوضہ کشمیر،آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بٹی ہوئی ہے، کو دوبارہ متحد کر کے ایک ایسی جمہوری ، وفاقی، سیکولر اور آزاد وخودمختار مملکت قائم کی جائے جس کے دنیا بھر کے ممالک خاص کر اس کے اپنے ہمسائیوں کے ساتھ دوستانہ تعلقات ہوں اور اس خود مختاری کے 15سال بعد ریاست کی مکمل خودمختاری اور الحاق(الحاق کی وضاحت کی بغیر)کے مابین رائے شماری ہو۔ اگر خود مختاری کے حق میں زیادہ ووٹ آئیں۔ تو اسے مسلہ کشمیر کے جملہ فریق یعنی بھارت، پاکستان، عالمی برادری اور کشمیریوں کا ہر طبقہ فکر تسلیم کرے اور اسے اقوام متحدہ کا ممبر بننے دیا جائے۔ اگر خود مختاری کے بجائے الحاق کو زیادہ ووٹ ملیں، تو اس صورت میں خودمختاری کو منہا کر کے صرف الحاق پاکستان اور الحاق بھارت کے لئے ریاست کی پوری آبادی سے رائے شماری کرائی جائے اور جس کے حق میں زیادہ ووٹ ملیں، پوری ریاست اس کے حوالے کی جائے، یہی اصل جمہوریت ہے۔ ‘‘
Ghulamullah Kyani
About the Author: Ghulamullah Kyani Read More Articles by Ghulamullah Kyani: 710 Articles with 485877 views Simple and Clear, Friendly, Love humanity....Helpful...Trying to become a responsible citizen..... View More