شہزادہ الولید بن طلال کا کارنامہ اور برکت

’’میں اپنی ساری دولت خدمتِ انسانی کیلئے وقف کرنے کا اعلان کرتا ہوں‘‘ ان الفاظ پر مشتمل ایک اعلان یکم جولائی کو ایک مسلم شخصیت کی جانب سے گونجا تو ایک عالم ورطہ حیرت میں ڈوبا نظر آیا، یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ جو شخص کل نہیں آج تک سب سے زیادہ عیش و عشرت کی زندگی گزارنے کیلئے چاردانگ عالم میں شہرت رکھتا ہے اچانک بدل گیا ہو؟

لیکن جب من میں سویا ایمان جاگ پڑے تو کسی کی بھی قسمت اور حال بدل سکتا ہے، اسی کو تو کرشمہ اور کمال کہتے ہیں جو سعودی شاہی خاندان کے ایک نازوں پلے شہزادے نے کر دکھایا۔
 

image


شہزادہ الولید بن طلال سعودی عرب کے امیر ترین فرد ہیں، شاہ عبداﷲ بن عبدالعزیز رحمہ اﷲ کے بھتیجے ہیں، انہوں نے یہ دولت کوئی حکومتی خزانے سے حاصل نہیں کی بلکہ یہ تو ان کی اپنی خون پسینے کی کمائی ہے جو انہوں نے 40 سال کے عرصہ میں جمع کی ہے۔

3مارچ 1955ء کو پیدا ہونے والے شہزادہ الولید بن طلال کی والدہ ایک لبنانی شاہی خاتون تھیں اور ان کے والد سعودی شاہی خاندان کے فرد تھے۔ سات سال کے تھے کہ ان کے والدین کی علیحدگی ہو گئی تو وہ لبنان میں اپنی والدہ کے پاس رہنے لگے جہاں وہ کئی دفعہ کار کی ڈگی میں چھپ کر سو جاتے تھے۔ پھر وہ ریاض پہنچے تو سعودی فوج کے سکول کے سخت تر نظام میں نئی زندگی ڈھلنا شروع ہوئی۔

1979ء میں امریکی ریاست کیلی فورنیا کے مین لو کالج سے گریجویشن مکمل کی تو ساتھ ہی اپنی کاروباری دنیا میں قدم رکھ دیا۔ ’’ہونہار بروا کے چکنے چکنے پات‘‘ کے مصداق شہزادہ الولید نے ایک طرف کاروبار کا آغاز کیا تو دوسری طرف اعلیٰ تعلیم حاصل کرتے ہوئے امریکہ کی سائراکیوز یونیورسٹی سے امتیازی حیثیت کے ساتھ ماسٹر ڈگری بھی حاصل کی۔

سعودی عرب میں تیل کی دولت دریافت ہو چکی تھی اور شہزادہ الولید نے تعمیراتی کاموں کی کمپنی کے ساتھ زمین و جائیداد کی خریدوفروخت کا کام شروع کیا، اس عرصہ میں یونائیٹڈ سعودی کمرشل بینک کی بنیاد رکھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے سارے خلیجی ممالک تک اپنے پر پرزے پھیلا کر سرمایہ کاروں کو ہر سطح پر اپنی جانب مبذول کر لیا۔
 

image

الولید نے جس طرف قدم رکھا، قسمت کے دروازے کھلتے گئے، انہوں نے امریکہ کے ڈوبتے ہوئے سٹی بنک میں سرمایہ کاری کی تو وہ بھی گرتے گرتے کھڑا ہو گیا۔ نیوز کارپوریشن نامی عالمی نشریاتی ادارے میں بھاری سرمایہ کاری کی۔ امریکہ آن لائن، ایپل، ایم سی آئی، موٹرولا اور فوکس براڈ کاسٹنگ وغیرہ میں حصہ داری کر کے انہیں بام عروج تک پہنچایا۔ امریکی کوڈک کمپنی اور TWAG نامی فضائی کمپنی میں حصہ ڈالا، ۔ نیویارک ،ٹورنٹو،پیرس اور لندن میں شاندار ہوٹل قائم کئے تو یہاں بھی ہر طرف سے ہی کامیابی ملی۔ انہوں نے اتنے عالمی کاروباری اداروں میں حصہ ڈالا اور انہیں کامیابی سے چلایا کہ ان کا شمار آسان نہیں۔

شہزادے نے اس عرصہ میں خدمت انسانی کا مشن سنبھالا تو مغربی تعلیمی اداروں میں اسلامی تعلیم کو عام کرنے اور عرب دنیا کے تعلیمی اداروں میں جدید تعلیم کو داخل کرنے کی عملی اور کامیاب کوششیں کیں۔


2002ء میں فلسطین میں اسرائیلی ظلم کا شکار ہونے والے فلسطینیوں کیلئے 18.5ملین ڈالر کی امداد کی۔ دسمبر 2004ء کے سونامی کے متاثرین کیلئے 17ملین ڈالر کی امداد کی۔ 3مئی 2008ء کو 16ملین ڈالر خرچ کر کے برطانیہ کی ایڈنبرا یونیورسٹی میں تعلیمات اسلامی کا خصوصی تحقیقاتی شعبہ قائم کیا۔ لبنان، برطانیہ اور امریکہ کے کئی تعلیمی اداروں میں ایسے ہی اسلامی تعلیم کے حوالے سے خصوصی مراکز اور شعبے قائم کئے حتیٰ کہ ہارورڈ یونیورسٹی میں اسلامی تعلیم کا پروگرام بھی شروع کروا دیا۔

شہزادہ الولید نے دنیا کے سارے رنگ دیکھے، سمندری سفر کیلئے انتہائی پرآسائش 282 کشتیوں کے مالک ہیں تو دنیا کے واحد ایسے انسان بھی ہیں جنہوں نے دنیا کا سب سے بڑا ہوائی جہاز A-380 ذاتی طور پر اپنے لئے خریدا۔ دارالحکومت ریاض سمیت ملک میں تین اتنے بڑے محلات بنائے کہ جو ناقابل تصور تھے پھر…… دل کی دنیا نے سب سے بڑا پلٹا کھایا تو رواں رمضان المبارک میں ساری جمع پونجی اور ساری آمدن دکھی انسانی کی خدمت، تعلیم عام کرنے کیلئے اپنے رفاہی ادارے ’’الولید لانسانیہ‘‘ AL-WALEED PHILANTHROPIES کے ذریعے دنیا بھر میں خرچ کرنے کا اعلان کر دیا۔
 

image

ان کی ذاتی ویب سائٹ دیکھنے کو ملی تو ان کے نظریہ و فلسفہ کے بارے میں پہلا جملہ لکھا پایا ’’شہزادہ الولید قرآن کے پیغام امن اور برداشت پر پختہ یقین رکھتے اور اسے پھیلانے کے نظریے پر یقین رکھتے ہیں۔‘‘

دنیا کے ایک کامیاب ترین بزنس مین قرار پانے والے الولید بن طلال دنیا بھر کے کتنے میڈیا کے اداروں سے کتنے ہی عالمی ایوارڈ حاصل کئے تو آج انہوں نے سب سے بڑا ’’سب کچھ اﷲ کی راہ میں خرچ کرنے‘‘ کا ایوارڈ بھی پا لیا ہے۔

5جولائی کو جب انہوں نے اپنی یہ دولت خرچ کرنے کا سلسلہ شروع کیا تو ان کہنا تھا کہ یہ دولت میرے پاس اﷲ کادیا تحفہ ہے اور میں اسے اﷲ کی رضا کے حصول کے لئے ہی خرچ کرنا چاہتا ہوں۔

ایسے ایوارڈ تو سعودی حکومت اور اس کے سارے شاہی افراد بھی عرصہ دراز سے حاصل کر رہے ہیں۔ دنیا بھر میں سب سے زیادہ مساجد کی تعمیر، قرآن کی سب سے زیادہ اشاعت و تقسیم، ہر جگہ انسانیت کی خدمت، عازمین حج و عمرہ کی اعلیٰ سے اعلیٰ خدمت تو ان کا طرۂ امتیاز ہیں تو ہم پیارے حبیب محمد رسول اﷲﷺ کے فرامین عالی شان کا عملی مظہر بھی ان کے ہاں دیکھ رہے ہیں۔ آپؐ نے فرمایا ’’کہ صدقہ کرنے سے مال کم نہیں ہوتا۔‘‘مزید فرمایا ’’صدقہ اﷲ کے غضب کو ٹال دیتا ہے۔‘‘(صحیح مسلم)

آپﷺ نے اپنے پیارے صحابی معاذؓ بن جبل کو ایک علاقے میں زکوٰۃ جمع کرنے کے لئے بھیجا، جب وہ زکوٰۃ جمع کرتے ہوئے ایک بستی میں پہنچے تو ایک مسلم شخص نے اپنے جانوروں کا حساب لگاکر وصول کرنے کو کہا۔ حساب لگایا تو ایک سال کی اونٹنی بطور زکوٰہ بنتی تھی، وہ وصول کرنے لگے تو صاحب مال کہنے لگے کہ یہ تو آپ کے کسی کام کی نہیں۔ رسول اﷲﷺ کا نمائندہ پہلی بار میرے پاس آیا ہے تو میں آپ کو اس کی جگہ تین سال کا جوان اور تنومند اونٹ دیتا ہوں۔ انہوں نے وصول کرنے سے انکار کر دیا کہ اتنی زکوٰۃ تو بنتی ہی نہیں۔ معاملہ رسول اﷲﷺ کے پاس پہنچا تو آپﷺ نے فرمایا کہ اگر صاحب مال اپنی خوشی اور رضا سے زیادہ اور بہتر مال دینا چاہے تو کوئی حرج نہیں۔ کچھ ہی عرصہ بعد معاذ بن جبل رضی اﷲ عنہ اسی علاقے میں اسی شخص کے پاس دوبارہ زکوٰۃ وصول کرنے پہنچے تو اس کے مال سے 30 جوان اونٹ بطور زکوٰۃ وصول کئے جبکہ ایک اونٹ زکوٰۃ 50 جوان اونٹوں پر بنتی ہے۔ اﷲ نے صدقہ کے نتیجے میں اس قدر مال کو بڑھا دیا اور اس کی حفاظت بھی کی۔ (مسند احمد)

سعودی عرب اور اس کی حکمران شخصیات جس طرح دنیا بھر میں اپنے اموال کو اﷲ کی راہ میں خرچ کرتی اور دین کی خدمت کرتی ہیں، پھر کیوں نہ اﷲ تعالیٰ ان کی حفاظت کر کے انہیں امن و سکون کی زندگی عطا کرے۔سارے اسلام دشمنوں کیلئے سب سے تکلیف دہ مرحلہ ہوتا ہے جب کہیں اسلامی حدود کے قیام کا معاملہ آتا ہے۔ وہ سمجھتے ہیں کہ یہ تو ان کے عالمی نظاموں کو گرانے کا مرحلہ ہے لیکن سعودی عرب میں یہ سب عملاً 90 سال سے ہو رہا ہے اور اسلام دشمن سوائے سرپھٹول کے کچھ نہیں کر سکتے۔ رمضان المبارک کی ان مبارک ساعتوں میں ہم کہاں کھڑے ہیں؟ یہ سوال ہر ایک کیلئے ہے۔
YOU MAY ALSO LIKE:

Saudi Prince Alwaleed bin Talal, a senior member of the Saudi monarchy, says he'll pledge his $32 billion fortune to charity. In light of his past donations, this is a highly concerning development.