فراڈ سیریز کہانی نمبر 3

ریسٹورنٹ میں داخل ہوتے ہی میری نظر ایک شناسا چہرے سے ٹکرائی جو شراب وکباب کے متنوع اقسام کے ساتھ انصاف کررہا تها،تهری پیس سوٹ میں ملبوس وہ پراسرار شخص ایک شان بے نیازی کے ساتھ مختلف قسم کے طعام حلق میں انڈیل رہا تها،پہلے تو میں برا بر والے ٹیبل پہ بیٹھ کر اپنی گم گشتہ یاد داشت کی اندھیر نگری میں ٹامک ٹوئیاں مارنے لگا، مگر جب لاشعور نے بهی اس شخص کی پہچان میں مدد دینے سے صاف انکار کردیا تو اپنے تجسس کی تسکین کے لیے سیدھا اس کے ٹیبل پہ جاوارد ہوا،چند رسمی جملوں کی ادائیگی کے بعد میں نے سوال داغا سر اگر میں غلط نہیں تو میں نے آپ کو کہیں دیکھا ہے؟یہ سوال سننا تھا کہ اس کے نتھنے پھولنے لگے ، چہرہ یکدم سرخ ہوگیا، غصے کے عالم میں وہ ہذیان بکنے لگا،کچهہ دیر پہلے ایک معزز شخص معلوم ہونے والا کلین شیو نوجوان شخص کے چہرے پہ جھریوں کا جال بچهہ چکا تها،ایک سانس میں میری سات نسلوں کو دشنام طرازی کے تیروں سے چھلنی کرنے کے بعد اس نے مجهے دھکا دے کر اپنے آپ سے دور کردیا اور گالیوں کی نئی قسمیں ایجاد کرتا ہوا کاونٹر پہ بل ادا کر کے وہاں سے غائب ہو گیا،میں کچھ دیر بحر حیرت میں غوطہ زن رہا، کچھ دن تک میں اس شخص کو پہچاننے کے لیے ہرسمت آدمی شوق کے گھوڑے دوڑاتا رہا، مگر جب عقل نے اس شخص کی پہچان میں مدد دینے سے صاف انکار کردیا تو اس خیال کو جھٹک کر اپنے کاموں میں مشغول ہوا....

جمعہ کے دن میں پوری تیاری کے ساتھ شہر کی سب سے بڑی جامع مسجد میں نماز پڑھنے گیا،نماز کے بعد مرکزی گیٹ سے باہر نکلتے ہوئے ایک بار پھر آنکهیں ایک شناسا چہرے سے ٹکرا گئیں،میرے سامنے کا منظر مجهے مبہوت کرنے کے لیے کافی تها،مجهے اپنی آنکھوں پہ یقین نہیں آرہا تها،ریسٹورنٹ میں شراب و کباب کے مزے لینے والا شخص چہرے پر نقلی داڑھی سجائے میلے کچیلے کپڑے پہن کر جامع مسجد کے گیٹ کے سامنے بهیک مانگ رہا تها،غصے سے میری حالت غیر ہوگئی،میں تیزی سے گیا اور اس کے کان میں کہہ دیا کہ ابهی آپ کی نقلی داڑھی کھینچ کر سب کے سامنے آپ کی اصلیت عیاں کردوں؟تو اس نے اطمینان سے جواب دیا کہ آئی جی پولیس کو ایک فون کردوں گا تو آپ کا سارا خاندان ایک دن میں غائب ہوجائےگا،آپ کی بہتری اسی میں ہے کہ چپ چاپ اپنے گھر چلو.....اور پهر میں چپ چاپ وہاں سے کھسک گیا....
Shakeel Akhtar Rana
About the Author: Shakeel Akhtar Rana Read More Articles by Shakeel Akhtar Rana: 36 Articles with 47333 views Shakeel Rana is a regular columnis at Daily Islam pakistan, he writs almost about social and religious affairs, and sometimes about other topics as we.. View More