کمپیوٹر کی رفتار کس طرح تیز کی جائے؟

ہم ہمیشہ یہ چاہتے ہیں کہ ہمارا کمپیوٹر بہتر سے بہتر کارکردگی پیش کرے۔ کام کے دوران ہمیں اس پر کوئی ایرر نظر نہ آئے اور رفتار بھی بہتر ملے۔ لیکن ان سب کے لیے آپ کو اپنے کمپیوٹر کا خیال رکھنا ہوگا۔ اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کمپیوٹر کا خیال کیسے رکھا جائے؟ اس حوالے سے ذیل میں کچھ طریقے پیش کیے جارہے ہیں جن سے آپ کے کمپیوٹر کی کارکردگی بہتر ہوسکتی ہیں:

1۔ ہارڈ ڈسک کی تنظیمِ نو یا ’Defrag‘ کرنا شاید آپ کو اس کا مطلب بھی معلوم نہ ہو لیکن یہ آپ کے لیے حیران کن امر ہوگا کہ یہ عمل آپ کے کمپیوٹر کی نگہداشت کے لیے کس قدر اہم ہے۔ ‘Defragmentation’آپ کے کمپیوٹر میں بکھرے ہوئے ڈیٹا کو یکجا کر کے کمپیوٹر کے کام کرنے کی صلاحیت کو تیز رفتار کرتا ہے جس انداز میں کمپیوٹر میں فائلیں محفوظ کی جاتی ہیں، اس سے جدید ہارڈ ڈسکس بھی سست ہو جاتی ہیں۔ جیسے جیسے ہارڈ ڈسک پر فائلیں محفوظ یا خذف کی جاتی ہیں، یہ تمام ڈیٹا ایک ساتھ محفوظ ہونے کے بجائے ہارڈ ڈسک کے مختلف حصوں پر محفوظ ہوتا رہتا ہے جس کے باعث فائلوں تک رسائی سست روی کا شکار ہو جاتی ہے۔ ڈسک پر بکھری ہوئی معلومات کے ان ٹکڑوں کو ترتیب سے لگانے سے نہ صرف میموری میں دستیاب جگہ میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ اس سے معلومات تک رسائی میں بھی آسانی پیدا ہوتی ہے۔ اور ایسا کرنا بالکل مشکل نہیں ہے۔ ایسے کچھ پروگرامز ہیں جن سے مدد لی جا سکتی ہے Defrag 3 Smart (ونڈوز8.1) یا iDefrag (ایپلOS X کے لیے)

2۔ غیرضروری فائلیں حذف کریں آج کل 200 جی بی سے کم ہارڈ ڈسک بہت آسانی سے بھر جاتی ہے۔ اور جوں جوں یہ بھرتی جاتی ہے اس کے کام کرنے کی صلاحیت بھی متاثر ہوتی ہے۔ آپ کے کمپیوٹر میں ایسی بہت سی پرانی فائلیں موجود ہو سکتی ہیں جو اب آپ کے استعمال میں نہیں، اور ان فائلوں نے آپ کے کمپیوٹر میں جگہ گھیر رکھی ہے۔ مارکیٹ میں پی سی اور میک کمپیوٹرز کے لیے متعدد پروگرامز دستیاب ہیں۔ پی سی کے لیے Space Sniffer یا WinDirStat جیسے پروگرامز آپ کو یہ بتا سکتے ہیں کہ کون سی فائلوں نے ہارڈ ڈسک کی سب سے زیادہ جگہ گھیر رکھی ہے۔ اگر آپ میک پرOS X استعمال کر رہے ہیں تو یہ کام اور بھی آسان ہے۔ اس کے لیےFinder سرچ کی سہولت استعمال کی جا سکتی ہے۔ یہ آپ کو آپ کے میک میں موجود سب کچھ دکھا سکتا ہے، بشمول ایپلیکیشنز، پروگرامز، ہارڈ ڈسکس، فائلیں، فولڈرز اور ڈی وی ڈی ڈرائیوز۔ آپ اس سے اپنی فائلوں اور فولڈرز کی تنظیم نو کر سکتے ہیں، اپنے میک کا تمام مواد دیکھ سکتے ہیں اور جو چاہے حذف کر سکتے ہیں۔

3۔ پروگرامز کو خودکار طریقے سے منتخب کریں یہ کمپیوٹر کی رفتار تیز کرنے کا مؤثر ترین طریقہ ہے، خاص طور پر کمپیوٹر کتنی تیز رفتاری سے سٹارٹ ہوتا ہے۔ یہ دیکھنا ممکن ہے کہ آپ کے کمپیوٹر پر کون کون سے پروگرام اس وقت چل رہے ہیں اور اگر آپ چاہیں تو انہیں بند کر سکتے ہیں۔ OS X میں Activity Monitor اور ونڈوز میںTask Manager کے ذریعے یہ کام کیا جا سکتا ہے۔ اگر آپ کے پاس میک ہے تو System Preferences میں جائیں، Users and Groups کا انتخاب کریں اور اس پروگرام کو بند کر دیجیے جو آپ بند کرنا چاہتے ہیں۔ اگر آپ پی سی استعمال کرتے ہیں تو بلا معاوضہ دستیاب ٹول Autoruns استعمال کر سکتے ہیں جو خودکار طریقے سے چلنے والے پروگراموں کو کنٹرول کرتا ہے۔

4۔ وائرس اور نقصان دہ پروگرامز کا خاتمہ کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ وہ اینٹی وائرس سافٹ ویئر کے بغیر گزارا کر سکتے ہیں، اور یہ توجیح پیش کرتے ہیں کہ اس سے بہت زیادہ میموری خرچ ہوتی ہے اور کام کرنے کی صلاحیت متاثر ہوتی ہے، بالخصوص پرانے پی سی کمپیوٹرز پر۔ لیکن جو افراد کمپیوٹر ماہر نہیں ہیں ان کے لیے بہتر یہی ہے کہ وہ بعد میں پچھتانے کے بجائے اینٹی وائرس سافٹ ویئر کا استعمال کریں۔ آپ اپنے کمپیوٹر کی خصوصیات کے مطابق اینٹی وائرس سافٹ ویئر کا انتخاب کر سکتے ہیں۔ ایسے بے شمار اینٹی وائرس سافٹ ویئرز دستیاب ہیں جو بہت کم میموری اور پروسیسنگ پاور خرچ کرتے ہیںجن میں Microsoft Security Essentials، Panda Cloud اور Avira شامل ہیں۔ اگرچہ یہ مفروضہ بہت بڑے پیمانے پر پھیل چکا ہے کہ میک کمپیوٹرز کو وائرس متاثر نہیں کرتا لیکن اگر آپ کا اپیل کمپیوٹر معمول سے زیادہ سست ہو جائے تو آپ کو اس طرف بھی دھیان دینے کی ضرورت ہے۔ آپ اس صورت میں بلامعاوضہ دستیاب ٹول Avast یا Sophos اینٹی وائرس استعمال کر سکتے ہیں۔

5۔ ویب اپیلیکیشنز کا استعمال کریں Office انسٹال کر کے استعمال کرنے کی کیا ضرورت ہے جب آپ کوGoogle Docs، Adobe's Buzzword یا Zoho یا پھر Peepel جیسی اپیلیکیشنز کے ذریعے وہ سب کچھ مل سکتا ہے جو آپ چاہتے ہیں۔ آج کل کی ویب ایپلیکیشنز جو براؤزر کے اندر کام کرتی ہیں، ان سے کسی بھی قسم کا کام لیا جا سکتا ہے۔

اس کے دو فوائد ہیں: یہ چلنے میں بھاری نہیں ہوتیں اور ہارڈ ڈسک پر اثرانداز نہیں ہوتیں۔ اگر ان تمام پانچ مرحلوں کے بعد بھی آپ کا کمپیوٹر سٹارٹ ہونے میں تیر رفتاری کا مظاہرہ نہیں کرتا تو شاید آپ کو کسی تکنیکی ماہر سے رابطہ کرنے یا نیا کمپوٹر خریدنے کے بارے میں سوچنے کی ضرورت ہے۔ ٭…٭…٭
Abdul Rehman
About the Author: Abdul Rehman Read More Articles by Abdul Rehman: 216 Articles with 256820 views I like to focus my energy on collecting experiences as opposed to 'things

The friend in my adversity I shall always cherish most. I can better trus
.. View More