آج سچ کہنے والی زبان اور سچ سُننے والے کان کہاں سے لاؤں ....؟؟

 حکمران،سیاستدان،میڈیا اور عوام سچ بولیں تو مُلک ترقی کرے مگر....؟؟؟

آج یہ جانتے ہوئے بھی کہ سچ کا تعلق اِنسان کے دل اور اِس کے ضمیر سے ہے جو اِسے کہیں بھی ناکام اور ذلیل نہیں ہونے دیتاہے اور جھو ٹ کا تعلق اِنسان کی مرگِ ناگہاں اور ذلت و خواری سے ہے مگر ا افسوس ہے کہ اَب موجودہ دورمیں بھی میری اور میرے دیس میں بسنے والے ہر پاکستانی کی یہ مجبوری بن گئی ہے کہ ہم سب کچھ جانتے بُوجھتے ہوئے بھی سچ بولنے ، سچ سُننے اور سچ لکھنے سے ڈرنے لگے ہیں ،آج میرے مُلک میں جھوٹاکامیاب اور سچازمین پر رگڑرگڑ کر چل رہاہے ، ہمارے حکمرانوں کو ایوانوں میں اورحکمران پارٹی کو پبلک مقامات پر جھوٹ ملنے سے فرصت نہیں ہے،اور اپوزیشن والے(جو حکومت ہی کی بی ٹیم کا رول اداکررہے ہیں اِنہیں ایوانوں میں اپناوجودبرقراراور زندہ رکھنے اور عوام کو بے وقوف بنانے کے لئے ) محض دکھاوے کے لئے ہی حکومتی کاموں میں جھوٹ بول کر ساتھ دیناپڑرہاہے،اوراگر ایسے میں نیاپاکستان بنانے اور مُلک میں انقلاب لانے والے(عمران اور قادری) سچ بھی بولیں تو قوم کویہ بھی جھوٹ لگتاہے، آخریہ کب تک ہوتارہے گا..؟ہم کب تک جھوٹ پہ جھوٹ بول کر ساری دنیا کے سامنے جھوٹے کہلاتے رہیں گے..؟آخرہم کب اپنے اُوپر چڑھے جھوٹ کے خول کو اُتارپھیکیں گے ..؟ کب ہم اِس کا حل نکالیں گے...؟اور اپنی آئندہ آنے والی نسلوں کا سامناکس منہ سے کریں گے..؟اَب میرے اِن خدشات نماسوالات کا جواب ڈھونڈناکس کا کام ہے ..؟ آپ کے لئے یہ نکتہ چھوڑے دیتاہوں اور آگے بڑھتاہوں۔

ٹھیک ہے کہ یہ قانونِ فطرت ہے کہ دنیا میں جتنے بھی اِنسان پیداہوئے ہیں اِن میں سے بیشتر ایسے افرادہیں جو تمام اقسام کے ظاہری ا ور باطنی نقائص سے پاک پیداہوئے ہیں مگراِسی دنیا میں کچھ ایسے بھی اِنسان پیداہوئے ہیں جن میں ظاہری اور باطنی دونوں ہی اقسام کے نقائص پائے جاتے ہیں اورکچھ ایسے بھی ہوئے ہیں جن میں صرف پوشیدہ نقائص رہے ور اِسی طرح بہت سے ایسے بھی پیداہوئے جن میں قدرت نے صرف ظاہری ہی نقص رکھااَب یہ بھیدتخلیق کائنات کے کارخانے میں اِنسانوں کوپیداکرنے والاہی جانتاہے کہ یہ کِسے کن خوبیوں اور خامیوں کے ساتھ پیداکرے...؟ اور کس کو ایک مکمل او ر جامع اِنسان بناکردنیامیں بھیجدے،الغرض کہ یہ بات صرف میرااﷲ ہی جانتاہے کہ کس کو کس حال میں پیداکرناہے اور کِسے کیسے دنیامیں بھیجناہے، بے شک بے عیب تو صرف میرااﷲ رب العزت ہی ہے اوراُسی کے لئے ہی تمام تعریفیں ہیں اور میرے اﷲ کے بعد صرف اﷲ کے برگزیدہ بندے ہیں جو اِس کی تمام صفاتی خوبیوں سے مستفید ہوتے ہیں اوراﷲ جنہیں ہر قسم (ظاہری اورباطنی) کی خامیوں اور برائیوں سے پاک کے کر دنیا میں بھیجتاہے تاکہ اﷲ کے یہ نیک اور برگزیدہ بندے اپنے قول و فعل سے اﷲ کا پیغام بنی نوع انسان تک پہنچائیں اوراِس طرح یہ ہر دوراور ہرزمانے میں آنے والے اِنسانوں کو اﷲ کی واحدانیت کی جانب راغب کریں تاکہ دنیامحبت اورامن وآشتی کا عظیم گہوارہ بنی رہے اور دنیا سے شیطانیت کا خاتمہ ہو۔

یہاں مجھے انتہائی دُکھ کے ساتھ یہ کہنا پڑرہاہے کہ اگر آج اِس پُرآشوپ دورمیں بھی جب ہم اپنے اردگرد دیکھیں تو ہمارے درمیان اکثریت ایسے لوگوں اور افرادکی ضرورموجود نظرآئے گی ،جواپنی بظاہرتو تمام ظاہری خوبیوں کے لحاظ سے ایک قابلِ اعتبارا ور بھروسہ والے اِنسان دکھائی دے رہے ہوں گے،مگر افسوس ہے کہ آج میرے مُلک اور معاشرے میں ایسے بہت سے افرادہیں جو اپنی ظاہری شکل و صورت کے اعتبارسے تو بڑے معتبراور پاکبازنظرآتے ہیں مگر اِن کا باطن سماجی واخلاقی اور سیاسی سُوجھ بُوجھ کے لحاظ سے داغدارہوتاہے کیونکہ اِن کی اکثریت ایسے افرادپر مشتمل ہوتی ہے جن کے منہ کے 32دانتوں کے درمیان جوایک زبان ہوتی ہے وہ اِس سے سچ بولنے اور بلوانے سے کتراتے ہیں اور جب ایسے لوگوں کی زبان سے سچ نہیں نکلے گاتو ظاہر سی بات ہے کہ سامنے والے کے کان بھی جھوٹ ہی سُنیں گے اور پھر لامحالہ معاشرے میں چارسومنہ در منہ جھوٹ ہی بولاجائے گا،یعنی یہ کہ آج میرے مُلک اور معاشرے میں سچ کہنے والی زبان اور سّچ سُننے والے کان موجود نہیں ہیں جس کی وجہ سے یقینا میرامُلک اور معاشرہ بہت سی،سماجی، اخلاقی اور سیاسی برائیوں کا آماجگاہ بن گیاہے،کہاجاتاہے کہ جب دنیااتنی فاسٹ نہیں ہوئی تھی جتنی کہ آج ہوگئی ہے،میرے اِسی مُلک میں ہرسوچ وفکراور تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہر طبقے کے لوگ سچ بولاکرتے تھے تو مُلک اور معاشرے میں کبھی بھی اتنی برائیاں نہ سماجی اور نہ اخلاقی اور نہ ہی سیاسی حوالوں سے پھل پھول پائیں تھیں جیسی کہ اِس دورِ جدیدمیں ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افرادمیں جھوٹ کی وجہ سے بُرائیاں رگوں میں گردش کرتے خون کی طرح دوڑ رہی ہیں اور شاید اِس جھوٹے سچے میڈیائی جدیددورمیں میرے مُلک اور معاشرے کے لوگوں کو اِس سے بھی انکاری نہ ہوں کہ جھوٹ تمام گناہوں کی ماں اور سچ سب بُرائیوں کا علاج ہے۔

مگرمعاف کیجئے گاکہ آج مجھے انتہائی افسوس کے ساتھ یہ کہناپڑرہاہے کہ اَب ایسالگتاہے کہ جیسے دنیا اور میڈیا کے فاسٹ ہونے کے ساتھ ہی میرے مُلک میں بالخصوص سچ کا گلاگھونٹ کرجھوٹ کا بول بالا سب سے زیادہ کردیا گیاہے، آج یہی وجہ ہے کہ شہر اور گاؤں رہنے والوں سے لے کر حکمران الوقت اور اِسی طرح حاکم الوقت سے لے کر مُلک کے طول ارض پر پھیلے ہوئے جنگلوں اورریگستانوں میں بنی جھونپریوں میں رکھنے والے افراد بھی جھوٹ ہی کے بل بوتے اپنی اپنی زندگیوں کی گاڑیاں گھسیٹ رہے ہیں یعنی یہ کہ آج جیسے میرے دیس کے لوگوں کا(جھوٹے سچے میڈیا اور قدم قدم پر جھوٹ بولتے ہمارے حکمران اور سیاستدان اور ہمارے اداروں کے سربراہان نے) اِس بات پر ایمان بنادیا ہے کہ’’ جھوٹ زندگی کی ضمانت ہے اور سچ بولنا اور سُننا موت کی علامت ہے ‘‘۔

بہرحال کچھ بھی ہے اگر میری قوم کو دنیا میں ترقی اور خوشحالی کے ثمرات حاصل کرنے ہیں ...؟؟ تو اِسے ہر حال میں حق اور سچ کانعرہ بلندکرناہوگا،اور نہ صرف خودسچ بولناہوگابلکہ اَب اپنے حکمرانوں ، سیاستدانوں اور اداروں کے سربراہان سمیت اپنے میڈیاسے بھی سچ بلواناہوگااور لوگوں میں سچ برداشت کرنے کی عادت پیداکرنی اور کروانی ہوگی تب ہمارامُلک اور معاشرہ اور ہم اُوجِ ثریاکی قدم بوسی کرسکیں گے ورنہ نہیں۔

اگرچہ ہردوراور ہر زمانے میں سچ بولنامشکل ضروررہاہے مگر اِس حقیقت سے بھی تو انکارنہیں کیا جاسکتاہے کہ آ ج بھی دنیاکی جن اقوام نے سچ کو اپنی کامیابی کازینہ بنایا ہے آج بھی ترقی اور خوشحالی اُن اقوام کاماتھاچوم رہی ہیں اور قدم کے بوسے لے رہی ہیں حضرت بایزیدبسطامیؒ کا قول ہے کہ’’ سچائی میں بڑی طاقت ہے اور وہ اپناآپ دِکھاکر رہتی ہے‘‘اور ہم میں یہ خوبی تب ہی پیداہوسکتی ہے کہ جب ہمیں سچ بولنے اور سچ کو سُننے اورسچ کو لکھنے کے ساتھ ساتھ ہرسطح پر سچ کو برداشت کرنے کی عادت پیداہوجائے تو ہمارے مُلک اور معاشرے کا ہر شخص سچاکلام کرے گا اوراِس طرح ہمارے دل کے خانوں میں سچائی کا بسیراہوجائے گا اور ہمارے کانوں کے پردے بھی سچ کے میٹھے بول کے رس سے تررہیں گے پھر میرے مُلک اور قوم کو بھی ترقی اور خوشحالی نصیب ہوجائے گی۔
Muhammad Azim Azam Azam
About the Author: Muhammad Azim Azam Azam Read More Articles by Muhammad Azim Azam Azam: 1230 Articles with 888048 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.