عمومی عذاب ،اسباب وتدارک

مولانا خالد سیف اﷲ رحمانی صاحب کے وادیء کشمیرمیں آئے بلاخیزسیلاب کے حوالے سے لکھے گئے مضمون ـ ’ طوفان نوح سے گذرکر‘ کو پڑھنے کے بعد کشمیر میں آنے والی عمومی تباہی کی وجہ کافی حدتک سمجھ میں آئی جس میں مولانا ئے محترم نے حدیث کے حوالے سے بڑی وضاحت کے ساتھ عمومی تباہی کے حسب ذیل چار اسباب بیان کیے ہیں (۱) سود کا عام ہوجانا (۲)زکوۃ کا کماحقہ ادا نہ کرنا (۳)زنا کاعام ہوجانا (۴)فحاشی کا بازار گرم ہونا۔

مولانا نے بڑے واضح انداز میں یہ بات ذکرکی ہے کہ وادی کے اکثرمسلم تجارت پیشہ لوگ سود کی لعنت میں گرفتار ہیں ، نیزوہاں کے کچھ احباب کے حوالے سے مولانانے فرمایاکہ کشمیرکے لوگ ان چاروں چیزوں میں سے تین میں کافی حدتک ملوث ہیں۔نتیجہ ہماری آنکھوں کے سامنے ہے کہ جنت ارضی سمجھی جانے والی وادی آج اجڑے چمن کی داستان بن چکی ہے۔

آج اگر جائزہ لیاجائے تو ہندوستان ہی نہیں بلکہ دنیا کے ہرملک کاہرشہرسود کی لعنت میں گرفتارہے ۔ہرتجارت ، ہرمعیشت سود کی لپیٹ میں ہے۔زکوۃ کی ادائیگی کے سلسلے میں افسوس ناک حد تک بے حسی پائی جاتی ہے،اگرکچھ لوگ دیتے بھی ہیں تومکمل اور درست حساب کرکے دینے کی ضرورت ہی محسوس نہیں کرتے۔شادی جس کو شریعت نے بالکل آسان بنایاتھالوگوں نے اس کوخطرناک حدتک مشکل بنادیاہے نتیجہ ظاہر ہے کہ زناعام ہوگیا اور فحاشی کوعام کرکے عورت کی عزت کولوگوں نے دوکوڑی سے بھی زیادہ سستاکردیا۔

مذکورہ بالا صورت حال پیداکرکے ہم انسانوں نے اﷲ کی سرزمین کواس کی نافرمانیوں اور معصیتوں سے گند اکردیاہے اوردنیا میں ہماری اپنی بداعمالیوں کی بدولت ایک بھونچال سا آیاہواہے۔لہذاضرورت ہے کہ ساری دنیاکے انسان اپنی بداعمالیوں سے بازآئیں اور مذکورہ بالا چاروں گناہوں سے توبہ کرکے خالص دین میں داخل ہوں ۔مبلغین اپنی تبلیغ میں ، داعی اپنی دعوت میں ،مصنفیں اپنی کتابوں میں اور مقررین اپنی تقریروں میں مذکورہ اسباب کو منظرعام پرلائیں تاکہ ہرطرح سے انسانوں کوکشمیرجیسی آفت سماویہ سے بچایاجاسکے ورنہ بعیدنہیں کہ آج شام ہم اپنے بنگلے میں رنگ رلیاں منائیں اور کل صبح ہوتے ہوتے ہمارابنگلہ کھنڈرمیں تبدیل ہوچکاہوجیساکہ کشمیرمیں ہوااور ہزاروں لوگوں نے انٹرویوز میں سنااور دیکھا۔اللھم احفظنامنہ
اظہارالحق قاسمی

Shams Tabrez Qasmi
About the Author: Shams Tabrez Qasmi Read More Articles by Shams Tabrez Qasmi: 214 Articles with 163713 views Islamic Scholar, Journalist, Author, Columnist & Analyzer
Editor at INS Urdu News Agency.
President SEA.
Voice President Peace council of India
.. View More