سندھ کی تقسیم ۔ کراچی کی حسیاست

ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم کر اچی کی حساسیت کو سمجھیں ، لیکن جب تک کراچی کے اصل حالات اور زمینی حقائق سے صرف نظر کیا جاتا رہے گا ہم کراچی کے مسئلے کو حل کرنے میں ناکام رہیں گے۔ایک عام انسان سے اگر پوچھیں تو اس کی بس یہی دہائی ہوتی ہے کہ کراچی میں امن قائم ہوجائے ، لیکن کراچی ہے کہ اس کا ناسور کم ہونے کے بجائے بڑھتا ہی جا رہا ہے ۔ جس طرح شوگر کے مریض کو بد قسمتی سے اگر کوئی زخم لگ جاتا ہے تو جوں جوں وہ دوا کرتا ہے ،اس کا مرض بڑھتا ہی چلا جاتا ہے۔ کہا جاتا ہے کہ شوگر کے مریض کا سب سے بڑا اور اہم علاج احتیاط کرنا ہے ۔شائد کراچی کو اب علاج سے زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے کیونکہ کراچی کے مسئلے کو جس جس قدر حل کرنے کی کوشش کی جاتی ہے تو اس کی ایک انگلی کا زخم آہستہ آہستہ پورے جسم پھیلنا شروع ہوجاتا ہے۔ ایک انگلی کاٹی جاتی ہے تو پھر دوسری تو پھر پیر ، تو اس کے بعد بھی آپریشن کا نتیجہ سوائے زخم دینے کے کچھ نہیں نکلتا ، اس لئے کراچی میں آپریشن کا نام پر ماسوائے زخم پر زخم دینے کے علاوہ اور کچھ نہیں رہ گیا ہے ، کمال حیرانی کی بات یہی ہے کہ آپریشن راہ نجات ہو یا آپریشن راہ راست ، یا موجودہ آپریشن ضرب عضب ، سمیت کراچی کے علاوہ جہاں بھی نظر دوڑائیں تو کچھ نہ کچھ آپریشن کے نتائج نکل ہی آتے ہیں ، لیکن کراچی ، اب شیطان کی آنت کی طرح اتنا طویل تر بھی نہیں کہ اس کیلئے مربوط پلاننگ نہ کی جاسکے ،چھپنے کیلئے پہاڑیاں میں غار تو نہیں لیکن نیلا ، گدیلا سمندر ضرور ہے ۔ اگر غار کیلئے پہاڑ ہونا ضروری ہیں تو پھر کراچی میں بلند وقامت عمارتوں کو پہاڑوں سے تشبہہ دی جاسکتی ہے اور ان بلند و بالا عمارات میں بنے فلیٹس کو غار کہا جاسکتا ہے۔بات دراصل یہی ہے کہ کراچی میں مزید آپریشنز کا وقت گذر چکا ہے ، اب احتیاط کی ضرورت ہے کہ آپریشن کے نتائج ایسے نہ نکلیں کہ اس بار کراچی والے بھی چھ نکات دینے پر مجبور ہوجائیں ،مشرقی پاکستان کے چھ نکات کو تسلیم نہیں کیا تو وہ بنگلہ دیش بن گیا ، بلوچستان والوں نے بھی چھ نکات دئیے لیکن اس سے چشم پوشی کی جا رہی ہے ، آپریشن آپریشن ، آخر کب تک یہ عمل ِ بے عمل رہے گا ، سیاسی جماعتوں میں پھوٹ ڈالنے سے بھی حوصلہ افزا نتائج نہیں نکلتے ، نئے اتحاد بنانے کے بھی فوائد حاصل نہیں ہوتے ، سیاسی کوششیں بھی ناکام ہوجاتی ہیں تو پھر طاقت ، مفاہمت اور مصلحت ، سب ناکامی کا سامنا کر رہے ہوں تو اس کا واضح مطلب ہے کہ اب مقتدر حلقوں اور ارباب اختیارکو احتیاط کی ضرورت ہے ، طاقت کے استعمال سے کسی کے ہزاروں کارکنوں کو ختم نہیں کیا جاسکتا تو لاکھوں انسانوں پر کوئی سیاسی جماعت ہمیشہ کیلئے جبر سے اجارہ داری بھی قائم نہیں رکھ سکتی ۔کچھ تو ایسا ہے جس کی پردہ داری کی جاتی ہے ، لیکن عوام کے سامنے اصل حقیقت کو پوشیدہ رکھا جاتا ہے اس لئے خاموش طبقہ ، جو اکثریت میں ہے ، وہ خاموش ہی رہتا ہے کیونکہ اس کے اعتماد کو بحال نہیں کیا جاتا ،شائد اسی میں ان سب کی بھلائی ہے کہ خاموش طبقہ خاموش ہی رہے کیونکہ ، جب کراچی بولے گا تو پاکستان بول اٹھے گا ۔لیکن کراچی کی اکثریت خاموش رہنے کو ہی فوقیت دیتی ہے کیونکہ اسی میں عافیت نظر آتی ہے۔صرف تین سالوں میں آٹھ ہزار انسانوں کو کراچی میں موت کے گھاٹ اتار دیا جاتا ہے لیکن سب ٹھیک ہے ، روزانہ کراچی میں گیارہ بارہ افراد ٹارگٹ کلنگ کرکے ہلاک کردئیے جاتے ہیں ، لیکن سب کچھ ٹھیک ہے ۔مذہبی علما ؤں کو خون میں نہلا دیا جاتا ہے لیکن پھر بھی سب کچھ ٹھیک ہے ، علم کی روشنی پھیلانے والوں کی زندگیاں بجھا دی جاتی ہیں ،لیکن پھر بھی سب کچھ ٹھیک ہے ،انسانی زندگیوں کو بچانے والے موت کے گھاٹ اتار دئیے جاتے ہیں لیکن پھر بھی سب کچھ ٹھیک ہے ،قانون کے علمی محافظ اپنی زندگی کا مقدمہ ہار جاتے ہیں لیکن پھر بھی سب کچھ ٹھیک ہے ،قانون نافذ کرنے والے ، اپنی حفاظت نہیں کر پاتے ، لیکن پھر بھی سب کچھ ٹھیک ہے۔کراچی کے جسم ناتواں پر کتنے گہرے گہرے زخم ہیں ، کتنے زخم کریددوں لیکن دل پھر بھی نہیں دہلے گا ، دھرنے کبھی کراچی والوں کیلئے نہیں ہونگے۔اس لئے احتیاط ضروری ہے ،بات کی جاتی ہے کہ سندھ کی تقسیم کوئی مائی کالال نہیں کرسکتا ، تو کیا ہندوستان جب تقسیم ہو رہا تھا تو دوسری جانب کے لوگ مائی جائے نہیں تھے ، پاکستان جب تقسیم ہو رہا تھا تو کیا مغربی پاکستان نے چوڑیاں پہنی ہوئی تھیں ۔ سندھ ہندوستان کا حصہ تھا ، تقسیم ہوا تو اس طرح ہوا کہ وہ ہندوستان کا ہی نہیں رہا ۔ہندوستان کے نقشے سے اس کا نام ہی مٹ گیا ، سندھ کا شہر کراچی ، سندھ کا حصہ تھا تو ، وفاق کے نام پر ایسے سندھ سے الگ کردیا گیا ۔کوٹہ سسٹم جب لاگو کرکے دیہی و شہری تفریق پیدا کی جارہی تھی تو سندھ کی تقسیم کی بنیاد تو خود سندھ کے وارثوں نے ہی رکھ دی ۔ تو پھر گلہ کس سے کرتے ہو۔ مہمان نوازی کا پرفریب نعرہ ان لوگوں کو دیا جائے جو اس بہکاوے میں آجاتے ہونگے ، یہاں اب کوئی میزبان نہیں اور کوئی مہمان نہیں ، کیونکہ یہ پاکستان ہے ، پاکستان کی شناخت رکھنے والا ، پاکستانی ہے ،اس کی شناختی علامت اس کا پاکستانی ہونا ہے۔سندھ کو تین انتظامی یونٹس میں تقسیم کیا جائے یا پاکستان کے بجائے سندھ کو بیس انتظامی یونٹس میں تقسیم کیاجائے تو بھی کوئی فرق نہیں پڑتا ، کیونکہ ہم جانتے ہیں کہ یہ نئے یونٹس انتظامی بنیادوں کے نام پر نہیں بلکہ لسانی بنیادوں پر بنائے جا رہے ہیں ، صوبہ سرائیکی ، جنوبی پنجاب ، ہزارہ صوبہ ، بلوچستان پختونخوا ،اور سندھ کے مشرقی ، مغربی و شمالی صوبہ دراصل کوئی انتظامی یونٹس نہیں بلکہ ، واضح طور پر لسانی بنیادوں پر بنائے جانے والے مطالبات ہیں ، ہاں یہ بات قابل اعتراض ہے کہ کوئی جماعت اگر پنجاب کو تقسیم کرنا چاہتی ہے لیکن سندھ کی تقسیم کے مخالف ہے تو یہ دوغلا پن ہے ، اگر کوئی جماعت خیبر پختونخوا کی تقسیم کی حامی ہے لیکن سندھ کی تقسیم کی مخالفت پر یکجا ہوجاتے ہیں تو یہ کھلی منافقت ہے ، سیدھی سی بات ہے کہ ، سب سے پہلے تو یہ طے کیا جائے کہ ہم سب پاکستانی ہیں یا نہیں ؟ ۔ پھر یہ طے کیا جائے کہ با حیثیت پاکستانی ، پاکستان کے کسی بھی حصے پر ہمارا اتنا ہی حق ہے جتنا کسی دوسرے پاکستانی کا تو بات تسلیم ؟ تو ٹھیک ہے ، لیکن اگر بات یہ ہو کہ ہم پہلے ، سندھی ، پنجابی ، بلوچی ، پٹھان ، مہاجر ہیں اور پھر پاکستانی ہیں تو بیس کے بجائے دو سو یونٹس بنانے کی ضرورت ہوگی ۔پاکستان کے پاس چار صوبوں کیلئے پہلے ہی وسائل نہیں ہیں ، صوبائی خود مختاری کے باوجود صوبائی حکومتیں ، مثالی نہ بن سکی تو چاہے کتنے ہی یونٹس بنا لیں ، جب وسائل ہی نہیں تو کیا نئے یونٹس اپنی عوام کیلئے آسمان سے من و سلوی کھلانے کی امید لئے بیٹھے ہیں۔ پاکستان کے حالات بار بار کے آپریشن سے اس نہج پر جا پہنچیں ہیں کہ اب علاج کی نہیں احتیاط کی ضرورت ہے ، یہ تو صوبے بنا لیں یا پھر خاموش ہوکر بیٹھ جائیں۔اپنے مطالبات کے حل کے لئے شہر کراچی کو اس مقام پر نہ لے جایا جائے ، جہاں سے واپسی کی امید ہی نہ ہو۔اگر کراچی میں موثر آپریشن ، انتہائی گردگوں حالات کے باوجود نہیں کیا جارہا تو پھر کراچی کی عوام کو پاکستان کی دیگر عوام سے آئیسولیٹ کرانے کی کوشش کیوں کی جارہی ہے ۔کہتے ہیں کہ کسی کو مارتے جا ؤ ، مارتے جاؤ ، تو وہ بھی مار کھاتے کھاتے اس قدر ٹھیٹ ہوجاتا ہے کہ اس پر کسی مار کا اثر نہیں ہوتا ، اس کا جسم اس کا دماغ بے حس ہوجاتا ہے اور وہ غور وفکر سے معذور ہوجاتا ہے ، تو پھر اس مریض کیلئے ہائی اینٹی بائی ٹیک ادویات بھی کارگر نہیں ہوتی ، اسکی سوچنے سمجھنے کی صلاحتیں مفقود ہوجاتی ہیں ، احتیاط کریں کراچی اب کُوما میں جا رہا ہے ۔
Qadir Khan
About the Author: Qadir Khan Read More Articles by Qadir Khan: 937 Articles with 660237 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.