اَب تو کوئی نتیجہ نکلے ..؟؟احتجاجوں کوبہت دن گزرگئے مگر....؟؟

کیاعمران وقادری کے دھرنوں نے عالمی ریکارڈ توڑدیئے.. ....؟؟

اِس میں کوئی شک نہیں کہ ہم پاکستانی بھی بڑے ہی عجیب خصلت واقع ہوئے ہیں اپنے پہ آجائیں تو وہ کچھ کرگزرتے ہیں کہ دنیاحیران رہ جاتی ہے اور اگرہمیں کچھ نہ کرناہوتو کسی کے لاکھ سمجھانے کے باوجود بھی کچھ نہیں کرتے ہیں اَب عمران و قادری کے دھرنوں کو ہی دیکھ لیجئے کہ دونوں کے دھرنوں کو ایک ماہ سے بھی اُوپر کا عرصہ چکاہے مگر اَب تک دونوں کی توقعات کے مطابق کوئی نتیجہ نہیں نکل سکا ہے، اَب یہ اور بات ہے کہ دھرنے والے ٹھیک ہیں یا غلط...؟ مگر آج اِس حقیقت سے کوئی انکارنہیں کرسکتاہے کہ اپنے مطالبات اور اپنے لوگوں کے ساتھ دھرنیوں کا اپنے لئے یوں)گرمی اور بارش و طوفان میں) نکلنا اور مُلک کے سب سے زیادہ احساس ( سیاسی و حکومتی اعتبار سے مقدس کہے جانے والے علاقے)ریڈزون کو ایک ماہ تک اُلٹ پلٹ کردینا ہی احبابِ اقتدارکے لئے لمحہ فکریہ ہوناچاہئے تھامگر...؟؟؟

اَب اِس سارے منظر اور پس منظر کے لحاظ سے افسوس ہے کہ ہمارے حکمرانوں کی ایسی ضد اور اَناکے بھی کیاکہنے کہ اَب تک جنہوں نے دھرنیوں اور اِن کے مطالبات کواہمیت ہی نہیں دی ہے اور حکمران ٹائم پاس کے طورپر دھرنیوں کو سوائے مذاکرات کے بہلاوے کے کچھ نہیں دے پارہے ہیں ،آج اگر اتناطویل دھرنادنیاکی کسی تہذیب یافتہ دمُلک میں دیاگیاہوتاتو...؟؟وہاں خداجانے کیا کیا تبدیلیاں رونماہوچکی ہوتیں...؟؟ مگر افسوس ہے کہ سوچنے سمجھنے اور عوام کی دُکھ درداور تکالیف کا احساس کرنے والی حس ہمارے حکمرانوں کے پاس نہیں ہے،مجھے یقین ہے کہ اگر آج بھی اِن میں سوچنے سمجھنے اور عوام کے دُکھ درداور تکالیف کا احساس کرنے والی حس پیداہوجائے تو ممکن ہے کہ اگلے دِنوں میں وطنِ عزیزمیں بھی بہت ساری کرپشن سے پاک مثبت و تعمیری تبدیلیاں رونماہوجائیں مگر اِس کے لئے صرف شرطِ اولین بس یہی ہے کہ ہمارے حکمران و سیاستدان اپنی ضد و اَناکے خول سے باہر نکلیں اورحقیقت پسندی و عملیت پسندی کی عینک لگاکر ذرا سوچیں، سمجھیں، اور ا پناااحتسا ب کرتے ہوئے اِس بات کا حساس کریں کہ 35/30دنوں سے جن لوگوں نے دھرنادیاہواہے اِنہیں ایساکرنے پراِن(حکمرانوں) کی اپنی ناقص پالیساں ہی ہیں جن کی وجہ سے لوگ بھپرے ہوئے سمندرکی طرح باہرنکلے ہیں اور اِس طرح سے اپنے حقوق کے لئے آوازبلندکررہے ہیں ۔

جبکہ اُدھردھرنی اپنے مطالبات اور وزیراعظم نوازشریف سے استعفیٰ لئے اور حکومت کے خاتمے کے بغیر ٹس سے مس ہونے کا ارداہ نہیں رکھتے ہیں گو کہ آ ج اگرایسے میں یہ گمان کرلیاجائے تو کوئی بُرانہ ہوگاکہ دونوں ہی جانب سے ضداور اَناکاگھمسان کا رَن جاری ہے، اَب اِس میں دیکھتے ہیں کہ کس کی جیت ہوتی ہے اور کس کو پسپائی ملتی ہے ایک طرف حکمران ہیں کہ اُنہوں نے یہ ٹھان لی ہے کہ عمران و قادری کے دھرنوں اور مطالبات کے دباؤمیں اقتدار نہیں چھوڑناہے تو دوسری طرف اپنے مطالبات اور وزیراعظم کے استعفے پہ ڈٹ جانے والے عمران و قادری کا یہ اٹل فیصلہ اور حکم ہے کہ یہ بھی وزیراعظم کا استعفیٰ اور حکومت کے خاتمے تک( لاکھ جتنے بھی ریاستی مظالم ڈھادیئے جائیں یہ دونوں) اپنے دھرنے ختم نہیں کریں گے۔اَب حکومتی ضداور اَنااور عمران و قادری کے مطالبات اور دھرنوں کے سامنے ایسی کوئی بیچ کی راہ بھی سُجھائی نہیں دی رہی ہے کہ جس پر فوری عمل کرکے دونوں فریقین سے مفاہمتی راستہ ہی نکال لیاجائے دنیاکی سیاسی تاریخ سے کتابوں کے ابواب بھرے پڑے ہیں کہ اور جب ایسی کوئی پوزیشن پیداہوجائے جس میں مفاہمت کی کوئی لکیرنظرنہ آرہی ہوتو پھر سیاسی فریقین کو صبروشکرکا دامن تھام کر فیصلہ وقت وحالات کے دھارے پر چھوڑدیناہی فریقین کی عافیت ہوتی ہے ورنہ طاقت کا استعمال(آج جیساکہ حکومت عمران و قادری کے کارکنان کی گرفتاریاں کرکے )کررہی ہے تو اِس میں بھی کوئی شک نہیں ہے کہ ایسے میں حالات کوئی اور رخ اختیارکرجائیں جو آنے والے دنوں میں فریقین بالخصوص حکومت کی پیشانی پہ کلنگ کا ٹیکہ ثابت ہو۔

اگرچہ یہ بھی ممکن ہو اور اِس سے بھی کسی کو انکار نہ ہوکہ آج اگر موجودہ حالات اور واقعات کو مدِنظررکھ کردیاجائے تو عمران اور قادری کے دھرنوں نے طوالت کے اعتبارسے تمام عالمی ریکارڈ ضرورتوڑدیئے ہیں اور اگر جیساکہ دونوں کے عزائم ہیں کہ اِن نے مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو یہ دھرنے مزید طول بھی پکڑسکتے ہیں تو خدشہ ہے کہ اِس سے مزیدبین الااقوامی ریکارڈ قائم ہو جائیں گے، اَب ایسے میں حکمرانوں کو چاہئے کہ یہ تُرنت اپنے اُوپرچڑھے ضداور اَناکے موٹے خول کو اُتارپھینکے اور دھرنے میں شامل( موسمی اور ریاستی تکالیفیں برداشت کرتے) عوام کو ہی دیکھتے ہوئے عمران وقادری کے مطالبات من و عن تسلیم کرلیں اور دھرنوں کومزیدکوئی تاریخ رقم کرنے سے روکنے کے لئے اقدامات کریں اوراَب تو ویسے بھی خود حکمرانوں ، اپوزیشن والوں ،سیاستدانوں ، مذاکراتی جرگوں اور دھرنے والوں کے پاس بھی کہنے و سُننے اور سُنانے کے لئے کچھ بھی نہیں رہاہے اور بقولِ شاعر بھی کہ:۔
جس شوخئی مزاج پہ نازاں تھے اہلِ دل وہ شوخئی مزاج بھی باقی نہیں رہی
پہلے تو احتجاج پہ تھاانحصارِ زیست اَب تابِ احتجاج بھی باقی نہیں رہی
(ختم شُد)
 
Muhammad Azim Azam Azam
About the Author: Muhammad Azim Azam Azam Read More Articles by Muhammad Azim Azam Azam: 1230 Articles with 888118 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.