سارا بکھرا سامان جمع کریں ایک جگہ

ہم جنھیں سوشل میڈیا کا یوزر کہتے ہیں ان کی بھاری اکثریت عموماً کسی ایک ہی سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ سے وابستہ ہوتی ہے یا کم از کم یہ یوزرز کسی ایک ہی سائٹ پر متحرک ہوتے ہیں۔

مثلاً جن خواتین وحضرات کو فیس بک کی لت لگ گئی ہے، وہ ٹوئٹر اور دیگر سماجی ویب سائٹ پر اکاؤنٹ بنانے کے باوجود ان ویب سائٹس کا رخ کم ہی کرتے ہیں، اسی طرح جن کے سروں میں ٹوئٹر کا جنون سمایا ہوا ہے وہ کبھی کبھار ہی اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر لاگ ان ہوتے ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ ہر سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ کی اپنی اہمیت ہے۔ سوشل میڈیا اب محض تفریح، دل بستگی، فرصت کے لمحات میں بے زاری مٹانے اور روابط بڑھانے کا ذریعہ نہیں، بل کہ یہ آپ کی پیشہ ورانہ زندگی میں بھی کارآمد ثابت ہوتا ہے یا ہوسکتا ہے، اسی طرح سوشل ویب سائٹس کے ذریعے آپ اپنے فن، اپنی صلاحیت، ذہانت اور کسی مہارت کا اظہار بھی بھرپور طریقے سے کرسکتے اور اس سے ایک دنیا کو متعارف کرا سکتے ہیں۔

سوشل میڈیا کے یوزرز، خاص طور پر وہ افراد جو سماجی ویب سائٹس کے ذریعے اپنی کسی مہارت یا صلاحیت کا اظہار چاہتے ہیں، کے ساتھ ایک مسئلہ یہ ہوتا ہے کہ وہ وقت کی کمی کے باعث کئی سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس پر متحرک نہیں رہ سکتے۔ اگر ایسا کوئی یوزر فیس بک پر متحرک ہے تو اس کا ٹوئٹر اکاؤنٹ خاموش ہی رہتا ہے، اگر اس کی توجہ کا مرکز یوٹیوب ہے تو وہ فیس بک اور ٹوئٹر پر سرگرمیاں جاری نہیں رکھ پاتا، اگر وہ انسٹاگرام، لنکڈان یا فلکر پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور مہارتوں کو سامنے کے لیے متحرک ہے تو یوٹیوب اور دیگر سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس سے دور رہتا ہے۔ دراصل کم ہی یوزرز جانتے ہوں گے کہ ایک ذریعہ ایسا بھی ہے جسے استعمال کرتے ہوئے ہم اپنی کاوشیں ایک ساتھ مختلف سماجی ویب سائٹس پر سامنے لاسکتے ہیں۔ اسی طرح ہم اپنے ذوق اور شوق کے مطابق یہ بھی جان سکتے ہیں کہ مختلف سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس پر موجود اپنے مطلب کی پوسٹس اور شیئرنگز دیکھ سکتے اور ان سے مستفید ہوسکتے ہیں۔

مختلف سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس سے ایک ساتھ استفادہ کرنے کا یہ عمل یا ذریعہ سوشل میڈیا کی دنیا میں Social network aggregation کے نام سے معروف ہے۔ Social network aggregation دراصل ایسا پروسیس ہوتا ہے جس کے ذریعے مختلف سوشل نیٹ ورکس پر موجود کسی ایک یوزر کا کونٹینٹ یا یکساں نوعیت کا حامل مواد جمع کرکے ایک ہی جگہ پر لے آیا جاتا ہے۔ یہ ہدف پورا کرنے والے کو سوشل میڈیا کی دنیا کی اصطلاح میں ’’سوشل نیٹ ورک ایگریگیٹر‘‘ کہا جاتا ہے، جو تمام متعلقہ معلومات ایک ’’سنگل لوکیشن‘‘ پر جمع کردیتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ’’سوشل نیٹ ورک ایگریگیٹر‘‘ مختلف سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس پر بنائے جانے والے پروفائلز کو ایک ہی پروفائل کی صورت میں یک جا کرنے میں یوزر کی مدد کرتا ہے۔

اس سلسلے میں بہت سی ایگریگیشن سروسز اپنی خدمات فراہم کرتی ہیں۔ یہ سروسز یوزرز کو ٹولز اور widget (ایسی ونڈو یا ٹیکسٹ باکس جہاں یوزر بہ آسانی مواد کو تبدیل کرسکے) فراہم کرتی ہیں۔ اس کے ساتھ یہ یہ سروسز یوزرز کو ان کے میسیجز منضبط کرنے، دوستوں تک رسائی، بک مارکس ایک جگہ لانے اور کسی مواد یا دوست کی ایک ساتھ کئی سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس پر تلاش کی سہولتیں فراہم کرتی ہیں۔ علاوہ ازیں ان سروسز کے فراہم کردہ ٹولز کی مدد سے یوزر مختلف سماجی ویب سائٹس پر آرایس ایس (ویب فیڈز) بھی حاصل کرسکتے ہیں اور یہ بھی معلوم کرسکتے ہیں کہ کسی سائٹ پر ان کا نام کسی کمنٹ یا پوسٹ وغیرہ میں کہاں آیا ہے۔ ان کے علاوہ بھی یوزر ان سروسز کی مدد سے مختلف سہولتیں حاصل کرسکتے ہیں۔
Social network aggregators کے نام سے سرگرم پلیٹ فارمز یوزرز کو یہ موقع فراہم کرتے ہیں کہ وہ یوٹیوب، ٹوئٹر، Stumbleupon، ڈگ، ڈیلیشیس پر کی جانے والی اپنی سرگرمیاں دیگر اہم اور مقبول سماجی ویب سائٹس پر ایک ساتھ شیئر کریں۔ یوزرز کا تمام کونٹینٹ ایک ساتھ ایک ہی وقت میں اس مخصوص کمیونٹی میں سامنے آتا ہے جسے یوزرز سبکرائب کرتے ہیں، جس کی وجہ سے یوزر اپنے مواد کو ایک سے زیادہ سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس پر لانے کے لیے ایک سائٹ سے دوسری سائٹ پر جانے کے جھنجھٹ سے بچ جاتا ہے اور یوں اس کے وقت کی بچت ہوتی ہے۔

تیکنیکی طور پر سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس کی جانب سے فراہم کردہ ’’APIs ‘‘ (Application programming interface) کے ذریعے یوزر اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے قابل ہوتا ہے۔ اس سلسلے میں یوزر کے لیے ضروری ہے کہ وہ متعلقہ سوشل ایگریگیشن پلیٹ فارم کو اپنی آئی ڈی اور پاس ورڈ فراہم کرے۔ اس حوالے سے کچھ سائٹس “data portability workgroup” کے مشترکہ پروگرام کے تحت کام کر رہی ہیں، جب کہ اس سلسلے کی دیگر سائٹس ’’سنگل سائن آن سسٹم‘‘ کے تحت، جس OpenID کہا جاتا ہے، یوزرز کو یہ سہولت فراہم کر رہی ہیں۔

سوشل نیٹ ورک ایگریگیشن سروسز کے ذریعے یوزر اپنی سوشل میڈیا ایکٹیویٹیز کا دائرہ کار بڑھا سکتا ہے اور ایک ساتھ کئی سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس پر بہ یک وقت سرگرم رہ سکتا ہے۔ یہاں ہم کچھ سوشل نیٹ ورک ایگریگیشن پلیٹ فارمز کا تعارف بھی دیے دیتے ہیں تاکہ اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے خواہش مند یوزرز کو اپنی خواہش کی تکمیل میں آسانی ہو۔

Flipboard
فلپ بورڈ ایک سوشل آن لائن میگزین ہے، جس کا ایڈریس ہے https://flipboard.com/۔ یہ سائٹ آئی پیڈ، آئی فون اور آئی پوڈٹچ پر بہترین کام کرتی ہے، ساتھ ہی اس کی سہولت Android فون کے بیٹا ورژن پر بھی دست یاب ہے۔ یہ ایک فری ایپیلیکشن ہے جسے آپ بہ آسانی ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔ اس پلیٹ فارم پر اپنا اکاؤنٹ بنانے کے بعد یوزر کو ہر اس ویب سائٹ پر لاگ آن ہونا ہوگا جہاں اس کا اکاؤنٹ ہے، جس کے بعد فلپ بورڈ یوزر کا ان سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس پر موجود مواد مختلف سائز کی تصاویر اور مختلف فونٹ کی پوسٹس کو یک جا کرکے سامنے لے آئے گی۔ ساتھ ہی اس مواد پر مبنی پیج خودکار طریقے سے خوب صورت لے آؤٹ اختیار کرتے ہوئے ڈیزائن بھی ہوجائے گا۔ اس ایپلی کیشن کے ذریعے یوزر تمام سائٹس جن پر اس کا اکاؤنٹ ہے کا مواد ایک جگہ پائے گا، یہ پیج اپ ڈیٹ ہوتا رہے گا اور یوزر ان سائٹس پر کمنٹس بھی کرسکے گا۔

Glossi
گلوسی پانچ ویب سائٹس پر موجود یوزر کا مواد یک جا کرنے کی سہولت فراہم کرتی ہے۔ اس سائٹ کا ایڈریس ہے https://glossi.com/۔ یہ سائٹ یوزر کو پروفائل اور پرسنل ہوم پیج کی سہولت فراہم کرتی ہے۔ اس سائٹ پر تصاویر ہائی کوالٹی میں سامنے آتی ہیں۔ اس پلیٹ فارم پر جن سائٹس پر موجود یوزرز کے کونٹینٹ کو یک جا کرنے کی سہولت فراہم کی جاتی ہے وہ یہ ہیں، ٹوئٹر، فیس بک، Foursquare، انسٹاگرام اور ٹمبلر۔
RebelMouse
اس سلسلے کے دیگر پلیٹ فارمز کے مقابلے میں یہ سروس ابھی نئی ہے۔ یہ سروس صرف دو سوشل نیٹ ورکنگ سے مواد حاصل کرنے کی سہولت فراہم کرتی ہے، جن میں ٹوئٹر اور فیس بک شامل ہیں۔ یہ سائٹ یوزر کو سہولت فراہم کرتی ہے کہ وہ پوسٹس وغیرہ کو اپنی مرضی کا سائز دے سکے اور انھیں ری ارینج کرسکے۔ اس سائٹ کا ایڈریس ہے https://www.rebelmouse.com/۔

Hootsuite
Hootsuiteدراصل ایک سوشل میڈیا ڈیش بورڈ ہے، جس کے ذریعے عام یوزر اور تجارت پیشہ افراد مختلف سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس پر کی جانے والی اپنی پوسٹس وغیرہ کو ایک ہی جگہ پر دیکھ سکتے اور ان کے بارے میں اپ ڈیٹ حاصل کرسکتے ہیں۔ یوزر کا مواد یک جا کرنے کے ساتھ یہ سائٹ انھیں ان کے کونٹینٹ کے حوالے سے جائزے اور تجزیے کی سہولت بھی فراہم کرتی ہے اور وہ یہ جان سکتے ہیں کہ ان کے کس ٹوئٹ یا پوسٹ کو کتنی پذیرائی ملی۔ اس سائٹ کا ایڈریس ہے https://hootsuite.com/۔

Flavors.me
Flavors.me اپنی نوع کی دیگر سائٹس کے مقابلے میں خاصی تاخیر سے سامنے آئی۔ تاہم یوزرز کے مختلف ویب سائٹس پر پھیلے مواد کو ایک جگہ جمع کرنے والے دیگر پلیٹ فارمز کے مقابلے میں یہ سائٹ ان سے آگے نکل گئی ہے۔ اس سائٹ کی مدد سے یوزر اپنا تمام آن لائن مواد ایک جگہ لاکر اسے اپنی ویب سائٹ کی صورت دے سکتا ہے۔ اس سائٹ کا ایڈریس ہے https://flavors.me/۔ یہاں یوزر پینتیس سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس پر موجود اپنا مواد جیسے تصاویر، اپ ڈیٹس، وڈیوز میوزک اور دیگر کونٹینٹ ایک جگہ لاسکتا ہے۔ اس سائٹ کو استعمال کرنے والا یوزر کسٹمائز یوزر نیم بھی اختیار کرنے کی سہولت حاصل کرسکتا ہے۔ یہ سائٹ یوزر کو اس کے پیج کے لیے 222 مختلف فونٹس اور 7لے آؤٹس اپنانے کی سہولت فراہم کرتی ہے۔ مختلف سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس پر اپنی موجودگی یقینی بنانے اور ان سائٹس پر پھیلا ہوا اپنا کونٹینٹ ایک جگہ جمع کرنے کے خواہش مند یوزرز کے لیے Flavors.meکو ایک بہترین سائٹ تصور کیا جاتا ہے۔
Sana Ghori
About the Author: Sana Ghori Read More Articles by Sana Ghori: 317 Articles with 282048 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.