دنیا کے مشہور تباہ شدہ بحری جہاز

ایک اندازے کے مطابق دنیا بھر کے سمندروں میں 3 ملین ایسے تباہ شدہ بحری جہاز موجود ہیں جنہیں آج تک دریافت نہیں کیا جاسکا جبکہ ان میں سے بعض کی تاریخ ہزاروں سال پرانی ہے- یہاں تک کہ ایسے تباہ شدہ بحری جہاز جو دریافت بھی ہوچکے ہیں٬ ان کے بھی اعداد و شمار انتہائی متاثر کن ہیں- ایک ویب سائٹ Wrecksite.eu کے مطابق ان جہازوں کی تعداد 1 لاکھ 48 ہزار سے زائد ہے- متعدد تباہ شدہ بحری جہاز تاریخی طور پر اہم اور ثقافتی ورثے کے تحت محفوظ ہیں- آج کے آرٹیکل میں ہم ذکر کریں گے دنیا کے چند مشہور تباہ شدہ بحری جہازوں کا-
 

World Discoverer
یہ ایک مسافر بردار جہاز تھا جو کہ 1974 میں تعمیر کیا گیا- یہ ایک دوہرے ڈھانچے کا حامل جہاز تھا جو معمولی اثرات کے نتیجے میں تحفظ فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا تھا- لیکن 30 اپریل 2000 میں ایک سفر کے دوران Solomon جزائر میں ایک چٹان سے ٹکرا کر تباہ ہوگیا- خوش قسمتی سے اس کے تمام مسافر محفوظ رہے جنہیں ایک فیری کے ذریعے محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا- جہاز کے کیپٹن نے جہاز کو ڈوبنے سے بچانے کے لیے جہاز کا رخ Roderick خلیج کی جانب موڑ دیا اور یوں انسانی جانیں محفوظ رہیں- لیکن اس جہاز کو مقامی افراد نے توڑ پھوڑ دیا-

image


Mediterranean Sky
اس بحری جہاز کو بحیرہ روم اسکائی کے نام سے بھی جانا جاتا ہے- یہ جہاز انگلینڈ کے علاقے نیو کیسل میں 1952 میں تعمیر کیا گیا- نومبر 1953 میں اسے لندن کی طرف روانہ کر دیا گیا اور 1971 میں اپنی فروخت سے قبل تک یہ اپنی خدمات سر انجام دیتا رہا- اگست 1996 میں اس نے اپنا آخری سفر Brindisi سے Patras کی جانب کیا- 1997 میں کمپنیوں کے خراب مالی حالات باعث اسے ضبط کیا گیا- دو سال بعد اسے یونان میں Eleusus خلیج کی جانب کھینچا گیا اور وہاں اس کا استعمال ترک کر دیا گیا- 2002 اس نے دوبارہ سفر کا آغاز کیا لیکن جہاز ایک جانب جھکنے لگا جس کے بعد اسے ڈوبنے سے بچانے کے لیے ساحل پر ہی چھوڑ دیا گیا اور آج تک یہ جہاز ساحل پر موجود ہے-

image


MV Captayannis
یہ بحری جہاز یونانی چینی کی ترسیل کے لیے استعمال کیا جاتا تھا لیکن 1974 میں بی پی ٹینکر سے ٹکراؤ کے باعث اسکاٹ لینڈ کے دریائے Clyde میں ڈوب گیا- حادثے سے ٹینکر بالکل محفوظ رہا لیکن بحری جہاز پانی میں ڈوبنا شروع ہوگیا- بحری جہاز کے کیپٹن نے جہاز کو ساحل کی جانب سے لے جانے کی کوشش کی مگر جہاز پھنس گیا اور کیپٹن ناکام رہا- جہاز کی متعلقہ اشیاﺀ اور دیگر قیمتی دھاتیں لوٹ لی گئیں اور صرف جہاز کا ڈھانچہ باقی رہ گیا- اب یہ ڈھانچہ سمندری حیات اور پرندوں کا گھر ہے- مقامی افراد اس بحری جہاز کو “ چینی کشتی “ کے نام سے یاد کرتے ہیں-

image


SS America
ایس ایس امریکہ ایک سمندری لائنر تھا جسے 1940 میں تعمیر کیا گیا اور 50 سال کے ایک طویل سفر کے بعد اسے 1993 میں فروخت کر دیا گیا- تھائی لینڈ میں اسے دوبارہ بحال کر کے ایک فائیو اسٹار ہوٹل جہاز کے طور پر متعارف کروایا جانا تھا- اس جہاز کو نیا نام “ امریکن اسٹار “ دیا گیا البتہ اس نے نئے نام سے کبھی سفر نہ کیا- دوبارہ بحالی کے لیے جہاز اٹلانٹک کی طرف روانہ کیا گیا لیکن 100 دن بعد یہ جہاز ایک طوفان کا شکار بن گیا- جہاز میں سوار عملے کو ہیلی کاپٹر کی مدد سے بچا لیا گیا لیکن جہاز کو وہی چھوڑ دیا گیا- 18 جنوری کو جہاز کینری جزائر کے Fuerteventura کے مغربی ساحل کے ساتھ لگا دیا گیا- 48 گھنٹوں کے اندر اندر اٹلانٹک کی موجوں نے اسے توڑ ڈالا-گزرتے وقت کے ساتھ ساتھ جہاز مکمل طور پر تباہ ہوگیا اور اب اس کا صرف ڈھانچہ ہی باقی ہے-

image


Olympia
اولمپیا ایک تجارتی جہاز تھا جو کہ یونان کے جزیرے Amorgos پر Katapola ٹاؤن کے نزدیک سفر کرتا تھا- 1979 میں یہ جہاز جب قبرص سے واپس یونان کی طرف بڑھ رہا تھا تو اس وقت قزاقوں نے اسے اغوا کرلیا- تاہم وہ اس جہاز کو خلیج سے باہر کی جانب کھینچنے میں ناکام رہے اور وہیں چھوڑ دیا- اب یہ جہاز Amargos جزیرے کی مقبول ترین تاریخی یادگار کے طور پر جانا جاتا ہے-

image


La Famille Express
یہ تباہ شدہ بحری جہاز کیریبین سمندر میں Caicos جزائر اور Turks میں Provo کے پانیوں میں کھڑا ہے- یہ جہاز پولینڈ میں 1952 میں تعمیر کیا گیا اور اس جہاز نے اپنی زندگی کا ایک بڑا حصہ سوویت نیوی کی خدمات کے لیے “Fort Shevchenko” کے نام سے وقف کیا- 1999 میں جب اسے فروخت کیا گیا تو اس کا نام تبدیل کر دیا گیا- اس جہاز کی تباہی کی وجہ کوئی نہیں جانتا سوائے اس بات کے کہ 2004 میں آنے والے سمندری طوفان فرانسس کے دوران یہ یہاں موجود تھا- اس جہاز کے کئی حصے لٹیروں نے لوٹ لیے- اب یہ جہاز اس علاقے میں آنے والے سیاحوں کے لیے کشش کا باعث ہے-

image


HMAS Protector
یہ ایک بہت بڑی فلیٹ آئرن gunboat تھی جو کہ جنوبی آسٹریلوی حکومت نے 1884 میں خریدی- اس بوٹ کو ممکنہ حملوں کی صورت میں مقامی ساحل کے دفاع کے مقصد کے لیے خریدا گیا- یہ کشتی ستمبر 1884 میں ایڈیلیڈ پہنچی اور اس نے پہلی جنگِ عظیم اور جنگِ عظیم دوئم میں اپنی خدمات سرانجام دیں- اسے 1943 میں جنگی خدمات کے لیے امریکی فوج کی جانب سے طلب کیا گیا- New Guinea اور off Gladstone کے راستے میں ایک کشتی سے ٹکراؤ کے نتیجے میں یہ تباہ ہوگئی اور اسے وہیں چھوڑ دیا گیا- اب اس کشتی کے زنگ آلود باقیات دیکھے جاسکتے ہیں-

image


Evangelia
یہ ایک مرچنٹ جہاز اور اس جہاز کو دنیا کے مشہور ترین جہاز ٹائی ٹینک بنانے والی کمپنی نے 28 مئی 1942 کو تعمیر کیا- اس جہاز کے کئی نام تھے جس میں سے پہلا نام "Empire Strength" رکھا گیا اس کے بعد اس کو "Saxon Star" اور "Redbrook" کے نام سے بھی جانا جاتا تھا اور آخر میں اس کا نام "Evangelia" قرار پایا- 1968 میں ایک دھند سے بھرپور رات میں یہ جہاز ناقابلِ یقین حد تک خط ساحل کے انتہائی قریب سفر کر رہا تھا اور Costinesti کے قریب خط ساحل کے نزدیک ہی دھنس گیا- کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ جہاز کے مالک نے اسے جان بوجھ کر تباہ کیا کیونکہ وہ انشورنس کی رقم حاصل کرنا چاہتا تھا- اور یہ بات حقیقت بھی ہوسکتی ہے کیونکہ جہاز کی تباہی کے وقت سمندر ناقابل یقین حد تک پرسکون تھا اور بحری جہازوں کے سفر کے لیے انتہائی بہترین بھی تھا-

image
YOU MAY ALSO LIKE:

There are an estimated three million undiscovered shipwrecks scattered on the oceans’ floor across the world, some of which are thousands of years old. Even the figures for the known wrecks are impressive.