رمضان المبارک کے چار نام اور اِس کے اَسرار

محترم قارئین سلام

رمضان المبارک اور روزے کے بیشمار فضائل - فوائد - حسنات و نُکات سے متعلق کتب احادیث ؤ تفاسیر میں بے شُمار علمی الطاف موجود ہیں حصولِ رغبت کیلئے چند انمول فوائد ؤ نکات کا ذکر کیا جاتا ہے :-

مُفسر شہیر حکیمُ الامت حضرت مُفتی احمد یار خان نعیمی علیہ رحمتہُ القوی تفسیر نعیمی میں ارشاد فرماتے ہیں کہ اس ماہِ مُبارک کے چار نام ہیں

رمضان المبارک کے چار نام یہ ہیں-
(١)ماہِ رمضان(٢) ماہِ صبر (٣) ماہِ مؤاسات (٤) ماہِ وُسعت رزق -:

مزید اِرشاد فرماتے ہیں کہ روزہ صبر ہے - جِسکی جزاء اللہ عزوجل کے پاس ہے - چونکہ روزے ماہِ رمضاں میں رکھے جاتے ہیں اِس لئے اِسے ماہِ صبر بھی کہتے ہیں -

مؤاسات “ کے معنی ہیں بھلائی کرنا چونکہ اِس مہینے میں سارے مُسلمانوں سے خاص کر اہلِ قُرابت سے بھلائی کرنا ویادہ ثواب ہے اِس لئے اسے ماہِ مؤاسات بھی کہتے ہیں -

اِس ماہِ مُبارک میں رِزق کی فراخی بھی ہوتی ہے کہ غریب بھی نعمتیں کھا لیتے ہیں اِس لئے اِسے ماہِ وُسعتِ رِزق بھی کہتے ہیں - - -( تفسیرِ نعیمی جلد نمبر ٢ صفحہ نمبر ٢٠٨ )

کعبہ معظمہ مُسلمانوں کو بُلا کر دیتا ہے اور رمضان المبارک آکر دِیتا ہے یعنٰی کعبہ مُعظمہ کنواں ہے اور رمضان المبارک رحمت کی بارش -

ہر مہینے میں خاص تاریخیں ہوتی ہیں جِن کے خاص اُوقات میں عبادت ہوتی ہے جیسے بقر عید کی چند مَخصوص تاریخوں میں ہی حج ہوتا ہے -

جیسے اسلام میں مُحرمُ الحرام کی دَس تاریخ کی خاص اہمیت ہے -

لیکن ماہِ رمضان المُبارک میں ہر دِن اور ہر وقت عبادت ہوتی ہے جیسے روزہ عبادت - اِفطار عبادت - تراویح عبادت - سحری عبادت - یہاں تک کہ سحری کے اِنتظار میں سُونا بھی عبادت الغرض ہر گھڑی ہر ساعت عبادت ہے -

پس سمجھ لیجئے کہ رمضان المبارک کا مُتبرک مہینہ ایک بھٹی ہے کہ جیسے بھٹی لوہے کے زنگ کو صاف اور صاف لوہے کو مشین کا پُرزہ بَنا کر قیمتی کر دیتی ہے سُونے کو زیور کی شِکل دے دیتی ہے ایسے ہی ماہِ رمضان المبارک گنہگاروں کو پاک کرتا ہے اور نیک لوگوں کے درجات بڑھا دیتا ہے-

اے ہمارے پیارے اللہ عزوجل اِس ماہِ مُبارک کے وسیلے سے ہمارے نامہ اعمال میں جو گناہ ہماری کوتاہیوں اور لغزشوں کے سبب درج ہوئے ہیں تُو اُنہیں اپنے خاص فضل سے اپنے مدنی محبوب کے وسیلہ جلیلہ کے طفیل نیکیوں سے تبدیل فرما دے - آمین بجاہ نبی الامین وصلٰی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم
ishrat iqbal warsi
About the Author: ishrat iqbal warsi Read More Articles by ishrat iqbal warsi: 202 Articles with 1059103 views مجھے لوگوں کی روحانی اُلجھنیں سُلجھا کر قَلبی اِطمینان , رُوحانی خُوشی کیساتھ بے حد سکون محسوس ہوتا ہے۔
http://www.ishratiqbalwarsi.blogspot.com/

.. View More