رسول اکرمﷺ کی پسندیدہ غذائیں

رسول اکرم ﷺ کی سنت پر عمل کرنا ایمان کا حصہ ہے اور یوں‌ وہ مسلمان بڑا خوش نصیب ہے جو اس چیز کو پسند کرے جو رسول اکرمﷺ کو پسند تھی۔ اس طرح اس چیز کا استعمال عبادت اور باعث ثواب قرار پاتا ہے۔ ویسے بھی ایک مسلمان کے لیے رسول اکرمﷺ کا اسوۃ حسنہ ہی صحیح راہ عمل ہے۔ احادیث مبارکہ کے مطالعہ سے پتہ چلتا ہے کہ بعض غذاؤں کو رسول اکرم ﷺ خصوصی طور پر پسند فرماتے تھے۔ ان غذاؤں‌ پر سائنسی و طبی انداز سے تحقیق کی گئی تو ان کے فوائد کو مسلم قرار دیا گیا۔ ذیل میں ان کا مختصراً ذکر کیا جاتا ہے: -
 

کھجور
کھجور ایک مقوی غذا ہے۔ سب پھلوں میں سے زیادہ توانائی بخش ہے۔ جسم انسانی کو جس قدر حیاتین کی ضرورت ہوتی ہے اسی قدر کھجور میں‌ ہے۔ کھجور جسم کو فربہ کرتی ہے۔ صالح خون پیدا کرتی ہے۔ سینہ اور پھیپھڑوں کو قوت بخشنے کے لیے اس سے بہتر کوئی چیز نہیں ہے۔ کھجور ہمارے نبیﷺ کی مرغوب غذا رہی ہے۔ قرآن مجید میں بھی کھجور کا ذکر آیا ہے۔

کھجور کی ایک قسم عجوہ ہے جو مدینہ منورہ میں‌ ہوتی ہے۔ یہ امراض‌ قلب میں‌ مفید ہے۔ عجوہ کھجور نبی اکرم ﷺ کو بہت پسند تھی ۔رسول اکرمﷺ کا ارشاد ہے:
عجوہ جنت کا پھل ہے۔ اس میں زہر سے شفا دینے کی تاثیر ہے۔

حضرت عطبہ رضی اللہ عنہ اور عبداللہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ایک دفعہ آنحضرتﷺ ہمارے ہاں تشریف لائے تو ہم نے آپﷺ کی خدمت میں مکھن اور کھجوریں پیش کیں کیونکہ آپﷺ یہ پسند فرماتے تھے۔

image


دودھ
دودھ حضرت انسان کے لیے ایک مکمل غذا ہے اور اس سے بہتر غذا شاید ہی ہو۔ دودھ میں‌ جسم کی ضرورت کے مطابق تمام اجزا موجود ہیں جن سے جسم صحت مند رہ سکتا ہے اور اس کی نشونما صحیح ہو سکتی ہے۔ جن علاقوں کے لوگ دودھ استعمال کرتے ہیں ان کی عمریں زیادہ ہوتی ہیں۔ اللہ کے فرستادہ پیغمبروں‌ کی یہ پسندیدہ غذا رہی ہے۔ رسول اکرم ﷺ کو دودھ بہت پسند تھا۔ آپﷺ اکثر گائے اور بکری کا دودھ استعمال فرماتے ۔ آپﷺ کا ارشاد ہے:
کوئی چیز ایسی نہیں جو طعام اور مشروب دونوں کا کام دیتی ہو، مگر دودھ۔

حضرت صہیب رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آپﷺ نے ارشاد فرمایا:
تم لوگ گائے کے دودھ کو اپنے لئے لازم قرار دے دو، کیونکہ یہ شفا بخش ہے اور اس کا گھی دوا ہے۔

image


شہد
شہد کے بارے میں‌ یہ بات طے شدہ ہے کہ یہ بہت سے امراض میں مفید ہے۔ اور اس کا استعمال جسم کو امراض سے محفوظ رکھتا ہے۔ تمام تر کاوشوں کے باوجود اب تک شہد کا متبادل تلاش نہیں کیا جا سکا۔ شہد کی ایک خوبی اس کے رس کا جلد اثر کرنا اور قدرتی انٹی بایوٹک (Anti Biotic) ہوتا ہے۔ یہ حلق سے نیچے اترتے ہی خون میں شامل ہو جاتا ہے۔ نوزائیدہ بچے سے لے کر جانِ بلب مریض تک سب کے لئے غذا اور دوا ہے۔ رسول اکرم ﷺ کو شہد بہت پسند تھا۔ اور اس کا بہت استعمال فرماتے تھے۔حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ آپ ﷺ شہد پسند فرماتے تھے۔

شہد کی شفا بخشی کا ذکر قرآن میں‌ بھی آیا ہے اور اسے موت کے علاوہ ہر مرض کا علاج قرار دیا گیا ہے۔

image


گوشت
گوشت جسم انسانی کی صحت و توانائی کے لئے بہت مفید قرار دیا جاتا ہے۔ اس میں‌ جسم کی طاقت و توانائی کے لئے اہم اجزا ہوتے ہیں۔ رسول اکرمﷺ حلال جانوروں کا گوشت بہت شوق سے کھاتے تھے۔ بلکہ گوشت آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی مرغوب غذا تھی۔ مرغ کا گوشت بھی آپﷺ پسند فرماتے۔ حضرت ابو الدرداء سے روایت ہے کہ آنحضرتﷺ نے فرمایا:
دنیا و جنت دونوں جگہ سب کھانوں کا سردار گوشت ہے۔

اس کا مطلب یہ ہے کہ گوشت دنیا و آخرت میں بہترین سالن ہے اور گوشت تمام کھانوں کا سردار ہے۔ حضرت مغیرہ بن شعبہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ایک دفعہ آنحضرتﷺ کے ہمراہ کسی شخص کے ہاں کھانے پر گیا۔ پس آنحضرتﷺ نے بکرے کا بازو بھوننے کا حکم دیا۔ پھر آپﷺ اس میں‌ سے کاٹ کاٹ کر مجھے دینے لگے۔

image


کدو
کدو ایک سبزی ہے جو ذائقہ میں لذیذ اور تاثیر میں‌ زود ہضم ، صحت بخش اور دماغی صلاحیتوں کو بڑھانے والا ہے۔ کدو مفرح قلب، جگر اور اعصاب کے لیے مفید سبزی ہے۔ کدو ہمارے پیغمبر اسلامﷺ کو بہت زیادہ پسند تھا۔ پسندیدگی کا یہ عالم تھا کہ گوشت اور کدو کے سالن سے کدو کے قتلے اٹھا اٹھا کر پہلے کھاتے تھے۔ حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ایک درزی نے آنحضرتﷺ کو کھانے پر بلایا ، میں آپﷺ کے ساتھ تھا۔صاحب خانہ نے جو کی روٹی اور شوربہ پیش کیا۔ شوربہ میں کدو گوشت تھا۔ پس میں نے دیکھا کہ آپﷺ کدو کے ٹکڑے اٹھا اٹھا کر نکالتے تھے۔ اس دن سے میں بھی کدو کو پسند کرنے لگا۔

image


ثرید
ثرید اس کھانے کو کہا جاتا ہے جو شوربے یا پتلی دال میں بھگو کر تیار کیا جاتا ہے۔ حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آنحضرت ﷺ کا محبوب ترین کھانا ثرید تھا۔

image


حلوہ
حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا اور حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آپ ﷺ حلوہ کو پسند فرماتے تھے۔

image


زیتون اور اس کا تیل
حضرت ابو رشید انصاری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آنحضرت ﷺ نے ارشاد فرمایا:
کہ تم زیتون کا پھل کھاؤ اور اس کا تیل استعمال کرو کیونکہ یہ بابرکت درخت ہے۔

image


سرکہ اور جو کی روٹی
آنحضرتﷺ کو سرکہ اور جو کی روٹی بہت پسند تھی۔ آپﷺ اکثر ان دونوں کا استعمال فرماتے۔ گوشت کدو اور جو کی روٹی کو پسند فرماتے اور بڑی رغبت سے تناول فرماتے۔

image


شکریہ : (جناب حکیم راحت نسیم سوہدروی)

Disclaimer: All material on this website is provided for your information only and may not be construed as medical advice or instruction. No action or inaction should be taken based solely on the contents of this information; instead, readers should consult appropriate health professionals on any matter relating to their health and well-being. The data information and opinions expressed here are believed to be accurate, which is gathered from different sources but might have some errors. Hamariweb.com is not responsible for errors or omissions. Doctors and Hospital officials are not necessarily required to respond or go through this page.

YOU MAY ALSO LIKE:

Sign of a true lover is that he loves what his lover loves and he hates what his lover hates. Similarly a True Muslim Loves Prophet Muhammad SAW and the things he loves and hate the things which Prophet SAW disliked. In Today's post i am sharing some Foods that our Beloved Rasool SAW loved to eat in his life. these foods are also proved to be very useful for the health.