سرگودھا پولیس اینڈ کلک ورلڈ

میں اپنے ایک دوست کے ساتھ ہوسٹل کیفے ٹیریا میں بیٹھے چائے پی رہا تھا۔میرا دوست یونیورسٹی آف سرگودھا میں کمپیوٹر سائنزکا طالب علم ہے اُس سے میری یہ ملاقات کافی دنوں کے بعد ہوئی تھی ہم لوگ خوش گپیوں میں مصروف تھے تعلیمی بات چیت کے دوران بات وزیر اعلیٰ کی طرف سے ملنے والے لیپ ٹاپس کی جانب چل نکلی ،بات نے لیپ ٹاپ کے طلباپر اثر انداز ہونے سے آن لائن سٹڈی کی طرف رخ موڑا اورپھر ہماری بحث انٹر نیٹ پہ گھر بیٹھے معلومات کی تیز ترین ترسیل تک جا پہنچی اب میرا دوست مجھے نیٹ پہ بیٹھ کے دنیا بھرسے معلومات کے حصول کی قصے سنا رہا تھا اور میں پاکستان میں اس نعمت خاص کی آمد میں تاخیر کی بنا پہ خود کو ابھی دوسری اقوام سے بہت پیچھے ہونے کا رونا رو رہا تھا۔آپ نے کبھی یہ سائیٹ وزٹ کی ہے میرے دوست نے لیپ ٹاپ میری جانب بڑھاتے ہوئے کہا۔میرے سامنے خوبصورت و دیدہ ذیب قسم کی سکرین روشن تھی ۔جس پہ ’’ سرگودھا پولیس آفیشل ویب سائیٹ‘‘ کا لکھا ہو نمایاں ٹائیٹل توجہ کا طالب تھا۔سر گودھا پولیس اور ویب سائٹ پہ آن لائن !میرے لئے بات نئی بھی تھی اور قابل حیرت بھی کیونکہ کچھ عرصہ پہلے صوبائی دارلحکومت لاہور میں پولیس سے متعلقہ معلومات کیلئے میں نے لاہور پولیس کو سرچ کیا تھامگر مجھے اُن کی کوئی آفیشل سائیٹ نہیں ملی لہٰذاایسے میں سرگودھا پولیس کی آفیشل سائیٹ ہونایقینی طورپہ باعث حیرت تھا۔پولیس کے محکمے میں یہ غیر معمولی نوعیت کا اہم کام واقعی طور پہ قابل تعریف تھا ۔کیونکہ جس اِحسن انداز سے سرگودھا پولیس نے یہ ویب سائیٹ تیار کی تھی یہ نہ صرف پولیس بلکہ پاکستان کے کئی محکموں میں اپنی مثال آپ ہے ۔سائیٹ کے ہوم پیج پہ نظر پڑتے ہی آنکھیں یہ یقین کرنے سے قاصر تھی کہ یہ سائیٹ پولیس جیسے سرکاری محکمے کی ہے۔پولیس کی جانب سے اس ویب سائیٹ پہ ہونے والی بے انتہامحنت بلاشبہ تعریف کے لائق تھی۔اور یہ ہی وہ محنت تھی جس نے مجھے سرگودھا پولیس کے حق میں قلم اُٹھانے پہ مجبور کیا ۔ویب سائیٹ پہ موجود ہر دوسرا ٹیگ پہلے سے زیادہ توجہ کا طالب ہے۔سب سے پہلے ہوم پیج پہ ہی جدید ترین جی پی ایس سسٹم کے ذریعے پولیس کے وہیکل ٹریکنگ سسٹم کے بارے میں عوام کو آگاہ کیا گیا ہے ۔اس سسٹم کی تحت پولیس کے اعلیٰ آفیسرز گشت پہ موجود گاڑیوں کی مانیٹرنگ کرتے ہیں جس کی مدد سے پولیس اہلکاروں کی کارگردگی میں سست روی کے امکانات بہت حد تک دور ہوئے ہیں۔پیج کے دائیں طرف عوام کی جانب سے دائر F.I.R پر ہونے والے عمل درآمد کو گھر بیٹھے ہر وقت ہر خاص وعام چیک کر سکتا ہے۔ویب سائیٹ پہ ہر وقت سرگودھا پولیس سے متعلقہ خبریں پریس ریلیز کی صورت میں چل رہی ہیں۔ ان خبروں کو نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں موبائل پہ پہنچانے کیلئے فری ایس ایم ایس سروس بھی اسی ویب سائیٹ سے چلائی گئی ہے جہاں پہ کوئی بھی اپنا نمبر درج کر کے یہ خبریں ہر وقت فری حاصل کر سکتا ہے۔ویب سائیٹ کے علاوہ فیس بک اور ٹویٹر پر بھی سرگودھا پولیس نے اپنے پیج تشکیل دے رکھیں ہیں ان پیجیز اور سائیٹ کے ذریعے عوام کو آن لائن رپورٹ درج کروانے کی سہولت بھی میسر ہے۔ محض رپورٹ درج ہی نہیں ہوتی آن لائن حاصل ہونے والی روزانہ کی اِن درجنوں رپورٹس پر عمل درآمد بھی فوری کیا جاتا ہے ۔ جسکی ایک مثال توسرگودھا میں سٹیلائیٹ ٹاؤن کے علاقہ میں ایک خاتون کی ہے جس نے فیس بک پہ رپورٹ درج کروا کے اپنے علاقے کی جناح پارک کو با اثر لوگوں کے قبضہ سے بازیاب کروایا ہوں یہ پارک وہاں کی بااثر ڈھونڈا برادری نے ڈھونڈا پارک بنا رکھی تھی جہاں پر صرف اُن کے بچوں کو ہی کھیلنے کا حق حاصل تھا ۔مگر سرگودھا پولیس نے آن لائن ملنے والے ایک ایس ایم ایس پرایکشن لیتے ہوئے وہاں پر ڈ ھونڈا پارک کو پھر سے جناح پارک کا نام دیا یوں یہ سروس کا گھر میں بیٹھی نہتی خواتین کیلئے سب سے زیادہ مفید ہے۔اِن رپورٹس کے ساتھ ساتھ پولیس سے متعلقہ کس بھی قسم کی شکایات کو ڈی پی اوسرگودھا اور آر پی اوسرگودھا تک با آسانی پہنچایا جا سکتا ہے۔قانون اور انصاف کی کتابوں سے لی گئی آئین کی اہم دفعات اور اُن کی تفصیلات نہ صرف براہ راست پڑھنے جا سکتی ہیں بلکہ اُن کو باآسانی ڈاؤن لوڈ بھی کیا جا سکتا ہے۔ ٹریفک لا ئسنس سے لے کرسیکورٹی سرٹیفکیٹ تک کی تمام معلومات بھی آپ سے چند کلکس کے فاصلے پہ ہیں ۔اس کلک ورلڈ میں عوام کو فراڈئیوں کی چالوں سے بچانے کیلئے پکڑے جانے والے گینگز کی فراڈ سٹوریز،ٹاپ ٹین اشتہاری ملزموں کی پروفائلز اسی طرح دس اہم کیسز کی تفصیلات بھی عوام کیلئے معلومات کے ساتھ ساتھ دلچسپی کا سامان بھی پیدا کرتی ہیں۔سرگودھا پولیس کی اس ویب سائیٹ پہ آن لائن وہیکلز ویری فیکیشن اور پولیس کے وہیکلز لیفٹنگ سیل کے لنکس بھی عوام کیلئے انتہائی مفید ہیں۔ضلع بھر سے پکڑے جانے والے مویشی چوروں ،منشیات فروشوں ،ڈکیتوں اور دیگرگھناؤنے جرائم میں ملوث ملزموں کی حوصلہ شکنی کیلئے اُن کی تصاویر اور دیگر معلومات کو با قاعدگی کے ساتھ سائیٹ اور سوشل پیجز پر اَپ لوڈ کیا جاتا ہے تا کہ کالے کرتوتوں میں ملوث یہ لوگ کسی کی نظر سے پوشیدہ نہ رہیں۔

نوجوانوں،طالبعلموں اور خواتین سے وابستہ اہم معلومات کی فراہمی کیلئے سائیٹ پہ ہر ایک کا علیحدہ ٹیگ موجود ہے ۔جہاں سے ہر کلک اُن کے ذہنوں میں پیدا سوالات کا جواب لئے ہوئے ہے۔ عوام تک معلومات کی آسان ترسیل کے ساتھ ہی سرگودھا پولیس نے اپنے شہدا کو خراجِ تحسین پیش کرنے اور اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرنے والے آفیسرزکی وفا شعاری کا اطراف کرنے کا اہتمام بھی اسی ویب سائیٹ پہ کر رکھا ہے ۔سائیٹ پہ پولیس کی کارگردگی کے موجودہ اور سابق گراف بھی کسی کی نظروں سے اوجھل نہیں۔غرضیکہ عوام کے ذہنوں میں پولیس کی معلوماتِ عامہ سے متعلق تقریباََ ہر سوال کا جواب ویب سائیٹ پہ موجود ہے۔عوام میں سرگودھا پولیس کے اس احسن اقدام کی مقبولیت کا اندازہ ویب سائیٹ کے وزٹرز سے لگایا جا سکتا ہے جو اس وقت ۴ لاکھ ۷۳ ہزار سے تجاوز کر چکے ہیں،Twitter پیج کو فالوکرنے والوں کی تعداد سینکڑوں جبکہ Facebookپیج کے گرویدہ افراد ۳۳ہزار سے بھی تجاوز کر رہے ہیں۔

اتنی دلکش عمدہ اور معلومات سے بھر پور ویب سائیٹ بنانے پر سرگودھا پولیس واقعی طور پہ قابل تعریف ہے۔اس ویب سائیٹ کی تشکیل کا سہرا بھی ایکس ڈی پی او سرگودھا ڈاکٹر محمد رضوان کے سر جاتا ہے۔ جنہوں نے اپنا چارج سنبھالتے ہی جہاں پہ اور بہت سے عوام دوست کام سر انجام دیئے وہیں اس ویب سائیٹ کو بنانے کی تجویز بھی پیش کی ۔ڈاکٹر رضوان نے اس سوچ کو عملی جامہ پہنانے کیلئے سب انسپکٹڑ عنائت اللہ کی نگرانی میں سرگودھا پولیس میں سے ینگ ،انرجیٹک ،تعلیم یافتہ اور ہونہار قسم کے نوجوانوں کی ایک ٹیم تشکیل دی اور اُن کو یہ کام سونپ دیا۔ جہنوں نے ۱۴ اگست ۲۰۱۱ کو باقاعدہ اس ویب سائیٹ کو لاؤنچ کر دیا ۔اگست ۲۰۱۱ سے اب تک ویب سائیٹ با قاعدگی سے عوام کو کلک ورلڈ سے مربوط کئے ہوئے ہے۔یہ ویب سائیٹ عوام اور پولیس کے درمیان ہم آہنگی کی فضا کو خوش گوار کرنے کیلئے بڑی حد تک معاون ثابت ہو ئی ہے۔لوگوں کی نظر میں پولیس کا ایک مثبت ، عوام دوست اور فلاحی امیج پیدا ہوا ہے جو کہ ایک خوبصورت اور شائستہ معاشرے کا عکاس ہے۔

قارئین محترم اگر اس قسم کے مثبت اقدام پاکستان بھر کے سرکاری ادارے اور خصوصاََدیگر اضلاع کی پولیس بھی سرانجام دے تو یقیناََ اس سے عوام اور سرکار کے درمیان پیدا شدہ نا معقول خلا ء جلد پُر ہو جائیں گے اور ایک مثالی معاشرے کیطرف ہمارا یہ ایک اہم قدم ثابت ہو گا۔میری پولیس اور دیگر سرکاری ونیم سرکاری افسران بالا سے التماس ہے کہ وہ عوام کی سہولیات اور جدید دنیا کے تقاضوں کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ایسے اقدامات میں ذاتی دلچسپی لے کر عوامی روابط میں حائل بندشوں کا ازالہ کریں ۔خدا وندِعالم مجھے آپ اور ہم سب کوایک دوسرے کیلئے آسانیاں پیدا کرنے،اور اپنے ملک و معاشرہ کو دنیا کیلئے ایک مثال بنانے کی توفیق عطا فرمائے(آمین)۔
Adil Baggi
About the Author: Adil Baggi Read More Articles by Adil Baggi: 6 Articles with 5505 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.