ڈرون کہ آسمانی عذاب

ڈرون ٹیکنالوجی اس صدی کے موجودہ عشرے کا موثر ترین اور مہلک ترین ہتھیار ہے- بغیر پایلٹ کے ہر طرح کے راڈار سے خفیہ, میزائیل اور بموں سے لیس سٹیلائٹسے منسلک یہ جہاز جس طرح امریکی دشمنوں کا قلع قمع کر رہا ہے یہ ناقابل بیان ہے- اسمیں جدید ترین ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے یہ ایک چلتا پھرتا اڑتا ہوا ہائی ٹیک کمپیوٹر ہے اور اسکو کنٹرول کرنیوالا کہیں دور کمپیوٹر کے اسکرین پر اسکو ایسے ہدایات دیتا ہے جیسے وہ ایک ویڈیو گیم کھیل رہا ہو- سارے مھلک ڈرون حملوں کے لئے امریکی صدر اوبامہ کی منظوری لی جاتی ہے- اسی کے دور حکومت میں ڈرون حملوں میں خوب تیزی آئی اور وہ بجا طور پر فخر کرسکتا ہے کہ اسنے امریکی دشمنوں کا قلع قمع کر دیا ہے-ان حملوں کی زد میں بقول انکے امریکہ کے دشمن آتے ہیں لیکن سو فیصد صحیح یہ ہر گز نہیں ہوتے اور کافی بے گناہ لوگ عورتیں ، بچے اور بوڑھے بھی اس سے ہلاک ہو چکے ہیں - اسکو وہ نسبتا کم نقصان قرار دیتے ہیں -- پاکستان کے شمالی علاقہ جات ڈرون حملوں کا خصوصی نشانہ ہیں ان ہلاکتوں پر خود امریکہ کے باشندوں نے خوب شور مچایا ہے - امریکہ کی ایک خواتین کی مزاحمتی پارٹی کوڈ پنک کے نام سے اس کی خصوصا مخالف ہے انکے ساتھ اور مزاحمتی گروپ بھی شامل ہیں -سوچنے کی بات یہ ہے کہ ہمارے لئے آواز بھی یہی لوگ اٹھا رہے ہیں وگرنہ ہم میں نہ ہی اتنا حوصلہ ہے نہ ہی اتنا سلیقہ اور دم خم ہے - کوڈ پنک کی خواتین پاکستان بھی آئی تھیں اور عمران خان کے ساتھ دھرنا دیا تھا - انہوں نے مجھے بھی مدعو کیا تھا لیکن برا ہو میری تساہل پسندی کا اور پھر میں انہی دنوں پاکستان سے واپس گئی تھی-- میڈی بنجمن نے ڈرون حملوں اور نقصانات پر بمع تصاویر اور تفصیلات کے کتاب بھی لکھی ہے - اب آپلوگ کہینگے کہ زخم اور کچوکے بھی یہ لگاتے ہیں اور مرہم بھی یہی رکھتے ہین - جنوری 2013 تک 365 ڈرون حملے پاکستان میں ہوئے ہیں اور انمیں 2629 سے 3461 ہلاکتیں ہوئی ہیں انمیں بمشکل 20-30 امریکہ کے مطلوبہ افراد یا بقول انکے القاعدہ اور طالبان ہونگے باقی سب بیگناہ عوام تھے- زخمیوں کی تعداد لگ بھگ 1500 ہے - انمیں سے چند کو ازراہ ہمدردی بیرون ملک علاج کے لئے لے جایا گیا ہے- بش انتظامیہ کے دوران 52 جبکہ اوبامہ انتظامیہ کے دوران 310 بلکہ اب تک 315 حملے ہوچکے ہیں-

پچھلے سال شاہین ائر کی فلائیٹ پر کراچی سے میرے ساتھ ایک ایر فورس کے انجینئر بمع فیملی بیٹھے تھے انسے یہ ڈرون کے متعلق اور اسامہ آپریشن کے متعلق پاکستان ائر فورس کی کارکردگی بلکہ نا اہلی پر بات ہوئی میں نے کہا " کہ اس صورتحال سے ظاہر ہوتا ہیے کہ آپکے ایر فورس میں کتنا دم خم ہے"-کہنے لگے جب حکومتی اداروں کی طرف سے اس کارکردگی کو پورا تعاون حاصل ہو تو ایر فورس کیا کر سکتی ہے؟

امریکی شہریوں انوار الاولاکی انکے 16 بسالہ بیٹے عبدالرحمان الاولاکی اور چند اور امریکی شہریوں کی ہلاکت ہر آجکل امریکہ کا اوبامہ مخالف میڈیا خوب شور مچا رہا ہے اسکو اسی طرح کی بغیر قانونی تحفظ دینے کی ہلاکتیں قرار دے رہا ہے جیسے کہ پاکستان میں جعلی پولیس مقابلے ہوتے ہیں- وہ اسکو قتل عام کا نام دے رہے ہیں-

نئے امریکی سی آئی اے کے ڈائرکٹر جان برینن نے کہا ہے کہ اپنی دفاع کیلئے اور القاعدہ سے تعلق رکھنے والے دشمنوں کو ختم کرنے کے لئے ہم جوبھی حملے کرتے وہ قانونی ہوتے ہیں اور ہم پوری احتیاط کرتے ہوئے یہ حملے کرتے ہیں اور خاص طور پرمشتبہ بلکہ مستند دشمنوں کو نشانہ بناتے ہیں اور یہ ہمارے پاس آخری حربہ ہوتا ہے جان برینن ڈرون حملوں کا حامی بلکہ اسکا اجراء کرنیوالوں میں سےایک ہے اسکے خلاف کوڈ پنک اور ڈرون حملوں کی مخالف تنظیموں نے خوب مظاہرہ کیا- اوبامہ کی حلف برداری کی تقریب میں یہ لوگ خون میں لتھڑے ہوئے کفن پہن کر سڑکوں پر لیٹ گئے اور اپنے اوپر ڈرون کی ہلاکتوں کے پوسٹر بچھا دئے جسظرح سے احتجاج کرنا انکو آتا ہے وہ دنیا کو متوجہ بھی کرتا ہے اور ہمدرد بھی بناتا ہے - انہی میں سے ایک گروپ اوبامہ کو جنگی مجرم قرار دیتے ہیں اور بقول انکے اوبامہ سے اسکا امن کا نوبل انعام واپس لیا جائے اور ڈرون حملوں کے الزام میں اسکو جنگی مجرم قراردیا جائے- وہ اس معاملے کو ہیگ کی عالمی عدالت میں لے جانا چاہتے ہیں-

حال ہی میں امریکہ کے بہترین جنگی جہاز سٹیلتھ کی پرواز ڈرون کے طرز پر بغیر پائیلٹ کی گئی ساتھ ہی ساتھ اسوقت امریکہ میں یہ خوف اور خدشہ ہے کہ آج کے یہ ڈرون کل کہٰیں امریکہ کے خلاف استعمال ہوئے تو کیا ہوگا یعنی "آبیل مجھے مار" یا الٹی آنتیں گلے پڑنی والی کیفیت نہ ہوجائے سنا ہے ابھی تو امریکہ اپنے بندوقوں پر کوئی پابندی نہیں لگا پا رہا ہے اور اگر یہاں کے بدمعاشوں ہی کے ہاتھ میں ڈرون تیکنالوجی آجائے تو اسوقت کا کیا سدباب ہوگا- ریموٹ کنٹرول سے تو ہلکے پھلکے جہاز بچے بھی اڑا لیتے ہیں-

ایران نے ایک ڈرون گرالیا تھا اور اپنے ساتھ چین کو بھی ملا لیا تھا اسکے بخئے ادھیڑنے میں، اسی طرح پاکستان میں بھی غا لبا ایک گر گیا تھا بلکہ طالبان نے دعوے کیا کہ گرا لیا تھا - سب سے افسوسناک بلکہ اندوہناک بی بی سی کی وہ رپورٹ ہے جسمیں انکشاف ہوا ہے کہ ڈرون کا اڈہ سعودی عرب میں ہے اور وہیں سے یہ پرواز کرتے ہیں کوئی کہتاہے کہ یہ افغانستان یا پاکستان سے ہی پرواز کرتے ہیں - جو بھی اسکی حقیقت ہے اس اسمانی بلا نے بہت سوں کو ایک بہت بڑے عذاب سے دو چار کیا ہے-
Abida Rahmani
About the Author: Abida Rahmani Read More Articles by Abida Rahmani: 195 Articles with 235503 views I am basically a writer and write on various topics in Urdu and English. I have published two urdu books , zindagi aik safar and a auto biography ,"mu.. View More