نگران وزیراعظم و وزراء اور جی بی


آج ایک حقیقت نما شرارت سوجھ رہی ہے. سنا ہے ملک کا نگران وزیر اعظم بلوچستان سے لیا گیا ہے. بلکہ بنا دیا گیا ہے. پاکستانیوں کے لیے گلگت بلتستان سونے کی چڑیا ہے. کاش کہ نگران وزیراعظم گلگت بلتستان سے چنا جاتا، کیونکہ آئین پاکستان میں اس کی کوئی ممانعت نہیں.

پاکستان کی تاریخ میں کئی نگران وزیراعظم اور فیڈرل منسٹرز جو پاکستان کے شہری ہی نہیں تھے کو بنایا گیا، تو لولے لنگڑے شہریوں (گلگتیوں) میں سے کسی کو نگران وزیر اعظم یا نگران وفاقی وزراء لگائے جاسکتے ہیں. گلگت بلتستان کے کسی بھی فرد کو نگران وزیر اعظم یا نگران وفاقی وزیر بنانے کے لیے صرف اور صرف ایک ہی شرط ہے، وہ یہ ہے کہ اسٹیبلشمنٹ اس کو بنانا چاہتی ہو. آئین پاکستان کی رو سے گلگلت بلتستان کا کوئی انتہائی ان پڑھ، اجڈ اور گنوار چرواہا یا پاگل شخص کو بھی پاکستان کا نگران وزیر اعظم یا وزیر بنایا / لگایا جاسکتا ہے. آئین پاکستان اس کی ممانعت قطعا نہیں کرتا.. 😜

ویسے اپنے قارئین کے معلومات کے لیے عرض ہے کہ معمولی درجے کا کوئی ملازم، مثلا گریڈ ون، باورچی، مالی، ڈرائیور یا خاکروب بھرتی کرنے کے لیے بھی کئی ایک شرائط ہیں. مثلا عاقل بالغ ہو، پانچویں یا مڈل پاس ہو، جسمانی فٹ ہو، کم از کم اس ملک یا جی بی و کشمیر کا شہری ہو. عمر بھی مقررہ سالوں سے زائد نہ ہو. اس کے پاس شناختی کارڈ موجود ہو. وہ سالن پکا سکتا ہو، گاڑی چلا سکتا ہو، جھاڑو لگا سکتا ہو، یا دروازے پر کھڑے ہوکر صاحب / صاحبہ کے لئے دروازہ کھول سکتا ہو.اس طرح کی کئی اور شرائط ہیں.

مگر نگران وزیر اعظم یا وزیر کے لیے پاکستان کے آئین میں ایسی کوئی شرط یا قدغن بھی نہیں.

تو میرے گلگتیو، بلتیو، کیوں نہ چار پانچ نگران وفاقی وزراء کے لیے سوشل میڈیا میں کمپین چلائی جائے. پاکستان و گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کا کوئی آئین و قانون گلگلت بلتستان کے کسی بھی فرد کو نگران وزیر بننے سے روکتا نہیں. اگر نہیں روکتا تو پھر کمپئین شروع کیجیے. کیا پتہ، بڑے بھائی لوگ تمہارے دو چار نگران وفاقی وزراء بنا دیں اور تمہیں اپنی محرومیوں کا ازالہ ہونے کی خوش گمانی بھی ہو جیسے بلوچوں کو ہورہی ہے.

اب اس وقت اپنے پلاٹ میں پودوں اور سبزیوں کو پانی دینا ہے اور لائٹ کے تیز ہونے کا انتظار ہے ورنا میزائل موٹر نہیں چلتا، اب ایسے مشکل وقت میں ایسی ہی شرارت سوجھ سکتی ہے جو بہت ہی جینویئن ہو،😋

احباب کیا کہتے ہیں؟

Amir jan haqqani
About the Author: Amir jan haqqani Read More Articles by Amir jan haqqani: 443 Articles with 384009 views Amir jan Haqqani, Lecturer Degree College Gilgit, columnist Daily k,2 and pamirtime, Daily Salam, Daily bang-sahar, Daily Mahasib.

EDITOR: Monthly
.. View More