عذاب

جمعہ کا بابرکت دن تھا،رحمتوں کی برسات جاری تھی۔مگر پھر بھی سورج آسمانِ دنیا پر اپنا تخت پوری آب و تاب کے ساتھ لگائے ہوئے تھا چرند پرند سب کے سب کہیں نہ کہیں سایہ عافیت تلاش کرچکے تھے مگر اشرف المخلوقات کو آتشِ شکم بجھانے کے لیے باہر نکلنا ہی تھا۔

میں بھی اس آگ کے دریا کو پار کرکے فرائضِ بندگی ادا کرنے مسجد پہنچا۔واعظ مسندِ ارشاد پر جلوہ فراز خالقِ ارض وسماوات کا وہ کلام سامعین کے گوش گزار فرما رہے تھے جو اُس نے آخر نبی صلی اللہ علیہ وآلہ واصحابہ وسلم پر نازل فرمایا کہنے لگے ارشادِ ربِ کائنات ہے
قُلْ هُوَ الْقَادِرُ عَلٰٓى اَنْ يَّبْعَثَ عَلَيْكُمْ عَذَابًا مِّنْ فَوْقِكُمْ اَوْ مِنْ تَحْتِ اَرْجُلِكُمْ اَوْ يَلْبِسَكُمْ شِيَعًا وَّيُذِيْقَ بَعْضَكُم بَاْسَ بَعْضٍ ۗ اُنْظُرْ كَيْفَ نُصَرِّفُ الْاٰيَاتِ لَعَلَّهُـمْ يَفْقَهُوْنَ (سورۃ الانعام آیت نمبر65)
ترجمہ:اے محبوب(صلی اللہ علیہ وآلہ واصحابہ وسلم) وہ(اللہ) اس پر قادر ہے کہ تم پر عذاب اوپر سے بھیجے یا تمہارے پاؤں کے نیچے سے یا تمہیں مختلف فرقے کر کے ٹکرا دے اور ایک کو دوسرے کی لڑائی کا مزہ چکھا دے، دیکھو ہم کس طرح مختلف طریقوں سے دلائل بیان کرتے ہیں تاکہ وہ سمجھ جائیں۔
اس کی تفسیر کرتے ہوئے مختلف مفسرینِ کرام نے مختلف اقوال بیان فرمائے ہیں۔

قول اول یہ ہے کہ اوپر کے عذاب سے مراد پتھروں کی بارش کرنا ہے جیسا قوم لوط پر نازل فرمایا۔اور نیچے کے عذاب سے مراد زلزلوں کی کثرت ہے جیسے آل ثمود کے ساتھ طریقہ روا رکھا گیا تھا۔

قول ثانی یہ ہے کہ اوپر کے عذاب سے مراد بارشوں کا بروقت نہ برسنا اور نیچے کے عذاب سے مراد ہے کہ زمین کے سینے سے کھیتی کم پیدا ہوگی۔

لیکن جب واعظ نے اپنی حق گو زبان سے قولِ ثالث نقل فرمایا تو میری حالت ابتر ہوگئی ایسا لگا کہ چار سو طوفانِ حُزن کی طوفانی ہوائیں چل پڑی ہیں۔آنکھیں اشکبار اور روح بے قرار ہو گئی۔دل کی آواز دور کسی اندھیر کنویں سے آتی ہوئی محسوس ہونے لگی۔

دل پر لگے اُن زخموں سے خون کے قطرے ٹپکنے جن پر میں پٹی باندھ کر پھرا کرتا ہوں۔

ایسا محسوس ہوتا تھا کہ میں زمانے کی آگ میں جھلسا ہوا ایک جان بلب ایک ایسا وجود ہوں جس کے خون رستے زخموں پر نمک پاشی کی جا رہی ہو۔

اور وہ قول حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہ سے منقول ہے کہ"اوپر کے عذاب سے مراد نااہل حکمران اور نیچے کے عذاب سے نافرمان اولاد مراد ہے"
علی معراج عباسی
About the Author: علی معراج عباسی Read More Articles by علی معراج عباسی: 3 Articles with 3016 views Student.. View More