شرعی رہنمائی

ایک مسئلے کی ضروری وضاحت

شریعت طاہرہ نےبہت سارے احکام مثلا؛ جہاد، روزہ وغیرہ میں" شیخ فانی" کو عام لوگوں سے مستثنٰی رکھاہے، اور ایسے افراد کے لیے الگ حکم متعین فرمایاہے، اس لیے یہ معلوم کرنابھی ضروری ہے کہ شیخ فانی کسے کہاجاسکتاہے، تو یادرکھیں روزہ کے باب میں شیخ فانی وہ بوڑھا شخص ہے جس کی عمر ایسی ہوگئی ہوکہ اب روز بروز کمزورہی ہوتاجاےگا، جب وہ روزہ رکھنےسے عاجز ہویعنی نہ اب رکھ سکتاہے اور نہ ہی آئندہ اس میں اتنی طاقت آنے کی امید ہے کہ روزہ رکھ سکےگا، تو اسےروزہ نہ رکھنے کی اجازت ہے اور ہر روزہ کے بدلے میں فدیہ یعنی دونوں وقت ایک مسکین کو بھرپیٹ کھانا کھلانا، اس پر واجب ہے، یا ہر روزہ کے بدلے میں صدقہ فطرکی مقدار مسکین کو دیدے. اور اگر کبھی بفضلہ تعالی اس قدر شفایاب ہوجاے کہ روزےپر قدرت مل جاے تو ان تمام روزوں کی قضاکرے، اس صورت میں ماقبل میں دیاہوا فدیہ، صدقہ میں تبدیل ہوجاے گا، جس کا اجر اسے عنداللہ ملےگا.

فتاوی عالمگیری میں ہے:
فالشیخ الفانی الذی لایقدر علی الصیام یفطر و یطعم لکل یوم مسکینا کما یطعم فی الکفارۃ کذا فی الھدایۃ، والعجوز مثلہ کذا فی السراج الوھاج.
ولوقدرعلی الصیام بعدمافدی بطل حکم الفداءالذی فداہ حتی یجب علیہ الصوم ھکذا فی النہایہ.
(فتاوی عالمگیری، ج :١ ،ص: ٢٠٧،الباب الخامس فی الاعذارالتی تبیح الإفطار) وھکذا فی الدرالمختار، کتاب الصوم، و رد المحتار، کتاب الصوم.

اس ضمن میں یہ بھی جانتے چلیں کہ کچھ بیماریاں ایسی ہوتی ہیں کہ جن سے شفایابی عموما شاذ و نادر رہی ہے، مثلا شوگر، فالج وغیرہ.

لہذا ان امراض کے شکار مریضوں میں بھی اگر روزہ رکھنے کی قدرت نہ ہو اور مستقبل میں شفایابی کی امید بھی نہ ہو بلکہ روز بروز بیماری بڑھتی چلی جارہی ہو تو ایسے افراد بھی شیخ فانی کے حکم میں ہوں گے اور ان کے لیے روزہ نہ رکھنے کی اجازت ہوگی اور فدیہ دینا ہوگا. واللہ تعالی اعلم

طالب دعا؛
(مفتی) محمد عبیداللہ خان مصباحی
(استاذ) جامعہ حنفیہ سنیہ مالیگاؤں.
 

Waseem Ahmad Razvi
About the Author: Waseem Ahmad Razvi Read More Articles by Waseem Ahmad Razvi: 84 Articles with 122108 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.