بچوں کی ذہنی اور جسمانی صحت والدین کی اولین ذمہ داری، کم خرچ میں کس طرح متناسب غذا فراہم کی جاسکتی ہے؟ جانیں

image
 
بچوں کی پرورش کی کلی ذمہ داری ان کے والدین پر ہوتی ہے والدین کی اکثریت کا یہ ماننا ہوتا ہے کہ بعض اوقات اپنے محدود وسائل کے سبب وہ بچوں کو وہ غذا فراہم نہیں کر سکتے ہیں جس کی ان کو خواہش ہوتی ہے ۔ اس وجہ سے ان کے بچے غذائی کمی کا بھی شکار ہو جاتے ہیں مگر غذائی ماہرین کے مطابق بچوں کو مہنگی غذائيں کھلانا ان کی غذائی ضروریات کی تکمیل کرنے کا معیار نہیں ہیں بلکہ ان کو مناسب اور کم خرچ میں بھی متناسب غذا فراہم کی جا سکتی ہے- اس کے لیے والدین کو صرف تھوڑی سے سمجھداری کا ثبوت دینا ہوتا ہے آج کے اس مضمون میں ہم آپ کو ایسی ہی کچھ ٹپس بتائيں گے جن کے ذریعے کم خرچ میں بچوں کو ایسی غذا فراہم کی جا سکتی ہے جو ان کی جسمانی اور ذہنی نشونما کے لیے ضروری ہوتی ہے-
 
بچوں کی غذا کے اہم اجزا
بچوں کی غذائی ضروریات ایک عام بالغ انسان سے کافی حد تک مختلف ہوتی ہیں بچوں کو بنیادی طور پر غذا کے اہم اجزا کی ضرورت ہوتی ہے جن کی تکمیل سے ان کی نشونما کو بہتر بنایا جا سکتا ہے-
 
1: کیلشیم
کیلشیم ہڈيوں اور دانتوں کی نشونما کے لیۓ سب سے اہم جز ہے اور ہر بڑھتی عمر کے بچے کو دن بھر میں 700 سے 1300 ملی گرام کیلشیم کی ضرورت ہوتی ہے جس کا بنیادی ماخذ دودھ اور انڈے کی صورت میں موجود ہوتا ہے- مگر اس کے ساتھ ساتھ بچوں کی کیلشیم کی ضرورت کو ہری سبزیاں اور پھل بھی پورا کر سکتے ہیں- مثال کے طور پر کیلے اور سیب میں بھی کیلشیم بڑی مقدار میں موجود ہوتا ہے اس کے علاوہ دالوں اور سبزیوں میں بھی موجود ہوتا ہے اس لیے بچوں کو ایسی چیزیں فراہم کی جا سکتی ہیں جو کہ اس وقت مناسب قیمت میں مل سکیں اور ان کے استعمال سے بچوں کی کیلشیم کی ضرورت کو پورا کیا جا سکتا ہے-
 
2: فائبر
یہ بچوں کی نشونما کے لیے اس وجہ سے ضروری ہوتا ہے کہ ایک جانب تو یہ ہاضمے کے عمل کو بہتر بناتا ہے اس کے ساتھ ساتھ فائبر سے بھرپور غذاؤں میں قدرتی طور پر وٹامن ای ، وٹامن سی اور میگنیشیم اور پوٹاشیم بھی موجود ہوتا ہے- اس وجہ سے بچوں کے جسم میں دن بھر میں 14 گرام سے 25 گرام تک فائبر کی ضرورت ہوتی ہے اس کا سب سے بڑا ماخذ گندم کی صورت میں ہے بچوں کو پیٹ بھر کر روٹی کھلانا ان کی صحت کے لیے بہت ضروری ہے- اس کے علاوہ دالوں پھلیوں وغیرہ میں بھی فائبر کی بڑی مقدار موجود ہوتی ہے اور یہ سب ایسی کم قیمت چیزیں ہیں جن کے ذریعے بچوں کی غذائی ضروریات کی تکمیل کی جا سکتی ہے-
 
3: کاربوہائيڈریٹ
یہ توانائی فراہم کرنے کا بنیادی اور فوری ضریعہ ہے اور بڑھتی ہوئی عمر کے بچوں کے لیے اس کی اہمیت سب سے زيادہ ہوتی ہے- یہ دماغ کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے بھی بہت ضروری ہے یہ آلو چاول دلیہ اور دیگر میٹھی چیزوں میں موجود ہوتا ہے اور اور یہ دن بھر میں 20 سے 30 گرام تک ایک بچے کو نشونما کے لیے ضروری ہوتا ہے-
 
image
 
4: چکنائی
بچوں کی نشونما کے لیۓ چکنائی بھی ضروری ہے یہ اس کے گوشت اور پٹھوں کی تیاری میں اہم کردار ادا کرتے ہیں مگر اس کا زیادہ استعمال موٹاپے کا بھی باعث بن سکتا ہے- اس وجہ سے جو والدین بچوں کو مہنگے فاسٹ فوڈ کھلا کر سمجھتے ہیں کہ انہوں نے بچوں کو بہترین غذا فراہم کر دی ان کے لیے یہ ایک پیغام ہے کہ بچوں کے جسم میں چکنائی کی ضرورت کو عام طور پر گھر کے پکے کھانوں سے بھی پورا کیا جا سکتا ہے اس کے علاوہ دودھ اور گوشت اس کا ایک اہم ذریعہ ہیں-
 
5: فولاد
خون کی تیاری اور نئے خلیات کی تیاری کے لیے آئرن یا فولاد غذا کا ایک اہم جز ہے جس کے حصول کے لیے صرف گوشت پر اکتفا کرنا غیر ضروری ہے کیوں کہ اس کا حصول سبزیوں پھلوں اور دالوں سے بھی کیا جا سکتا ہے اور ان کا استعمال اپنے بجٹ کے مطابق کر کے بچے کی غذائی ضروریات کی تکمیل کی جا سکتی ہے-
 
6: وٹامن
مختلف قسم کے وٹامن بچے کی نشونما پر مختلف اثرات مرتب کرتے ہیں ان وٹامن میں وٹامن بی ، اے ، سی ،ڈی اور ای شامل ہیں جو کہ نہ صرف بچوں کی نشونما کے لیے ضروری ہیں بلکہ ان کا استعمال قوت مدافعت کو بھی بہتر بناتے ہیں- اور ان کا حصول صبح کی دھوپ میں چہل قدمی کرنے سے ، تازہ ہوا میں سانس لینے سے اور موسمی پھلوں اور سبزيوں کے استعمال سے ممکن بنایا جا سکتا ہے اس کے لیے مہنگے سپلیمنٹ سے اجتناب کرنا چاہیے-
 
image
 
7: پروٹین
نئے خلیات کی تیاری اور میٹا بولزم کے عمل کو تیز کرنے کے لیے پروٹین سب سے اہم جز ہے جس کا حصول گوشت ، انڈے سے ممکن ہے اس کے ساتھ ساتھ یہ مونگ کی دال ، مٹر ، اور دیگر ہری سبزیوں میں بھی ہوتا ہے-
 
یاد رکھیں !
صرف مہنگی نہیں بلکہ اچھی اور متناسب غذا آپ کے بچے کی صحت کی ضامن ہے بچوں کی غذا کو ان کے لیے لذیذ اور دلچسپ بنائیے تاکہ وہ صحت مند کھانا کھا کر ھحت مند رہ سکیں

Disclaimer: All material on this website is provided for your information only and may not be construed as medical advice or instruction. No action or inaction should be taken based solely on the contents of this information; instead, readers should consult appropriate health professionals on any matter relating to their health and well-being. The data information and opinions expressed here are believed to be accurate, which is gathered from different sources but might have some errors. Hamariweb.com is not responsible for errors or omissions. Doctors and Hospital officials are not necessarily required to respond or go through this page.

YOU MAY ALSO LIKE: