چند ایسی غذائیں جن کی ٹھنڈی تاثیر دن بھر کے روزے کے اثرات ختم کرنے میں مدد دیتی ہے

پاکستان میں رمضان کا آغاز ہو چکا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ گرمی کی شدت میں بھی اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے- ماہ اپریل میں شروع ہونے والے اس رمضان کے روزوں کا دورانیہ چودہ سے پندرہ گھنٹے کے لگ بھگ اور پورے پاکستان میں زیادہ سے زيادہ اوسط درجہ حرارت تقریباً تیس ڈگری سینٹی گریڈ تک ہے جو کہ کافی زیادہ ہے- اور اس درجہ حرارت میں روزے کے ساتھ جسم کے اندر پانی کی کمی کے ہونے کے امکانات بہت زیادہ ہیں- ایسی صورتحال میں کسی بھی قسم کی پریشانی اور طبعیت میں خرابی سے بچنے کے لیے پانی کے ساتھ ساتھ ایسی غذاؤں کا استعمال بہت ضروری ہے جو کہ ایک جانب جسم میں سے پانی کی کمی کو پورا کریں اور دوسری جانب معدے میں دن بھر کے روزے کی وجہ سے ہونے والی گرمی کا بھی خاتمہ کریں-

1: تربوز
تربوز کو اللہ تعالیٰ نے خاص طور پر اسی موسم کے لیے پیدا کیا ہے اس میں 91 فی صد پانی ہوتا ہے اس کے ساتھ ساتھ اس کے اندر موجود مٹھاس فوری توانائی پہنچانے کا ذریعہ ہوتی ہے- اس لیے افطار میں اس کا استعمال ایک جانب تو جسم کی پانی کی کمی کو پورا کرتا ہے اس کے ساتھ ساتھ اس کا گودا نہ صرف پیٹ بھرتا ہے بلکہ معدے کو ٹھنڈا بھی کرتا ہے اور جگر کے افعال کو بہتر بنا کر نیا خون بنانے میں مدد دیتا ہے-

image


2: کھیرا
کھیرے میں 96 فی صد پانی ہوتا ہے اس کے ساتھ ساتھ اس میں فائبر کی بھی بڑی مقدار موجود ہوتی ہے جس کے سبب اس کو کھانے سے نہ صرف جسم میں سے پانی کی کمی کا خامتہ ہوتا ہے بلکہ اس سے ہاضمے کا عمل بھی بہتر ہوتا ہے-

image


3:دہی
دہی ایک جانب تو کیلشیم سے مالا مال ہوتی ہے اور چونکہ دودھ سے بنتی ہے اس لیے اس میں دودھ کے تمام فوائد موجود ہوتے ہیں- مگر اس کے ساتھ ساتھ اس کی تاثیر بہت ٹھنڈی ہوتی ہے جس کی وجہ سے یہ معدے کو نہ صرف ٹھنڈک دیتی ہے بلکہ ہاضمے کے عمل کو بہتر بناتی ہے پیاس کا خاتمہ کرتی ہے اور اس سے بنے ہوئے اجزا نہ صرف جسم کو طاقت فراہم کرتے ہیں بلکہ ٹھنڈک بھی دیتے ہیں-

image


4: پودینہ
پودینہ گرمی کے موسم کے لیے ایک جادوئی بوٹی کی حیثیت رکھتا ہے اور دن بھر کے روزے کے بعد تو اس کی اہمیت اور بھی بڑھ جاتی ہے- شدید گرمی کی صورت میں اس کو کسی بھی سوڈے والے مشروب کے ساتھ مکس کر کے پینے سے نہ صرف گرمی سے نجات ملتی ہے بلکہ ایسا فرحت بخش احساس پیدا ہوتا ہے جس سے بھوک میں اضافہ ہوتا ہے-

image


5: پیاز
لوگوں کا یہ کہنا ہے کہ جس انسان کے پاس پیاز ہو اس کو لو لگنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہو سکتا ہے گرمی کے برے اثرات سے بچانے والی یہ ایک حیرت انگیز سبزی ہے جس کے استعمال سے نہ صرف جسم کا پانی جسم میں موجود رہتا ہے بلکہ اس کو کچی حالت میں کھانے سے معدے کو پہنچنے والے گرمی کے اثرات کا بھی خاتمہ ہوتا ہے-

image


6: خربوزہ
خربوزہ پانی سے بھرپور ایک پھل ہے جس کا گودا ہاضم ہوتا ہے اس کے علاوہ یہ پانی کے کمی کے سبب گردے کے جملہ امراض کے لیے بہت مفید ہوتا ہے- اور اس کا استعمال نہ صرف جسم میں سے پانی کی کمی کو پورا کرتا ہے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ گردے کے افعال کو بھی بہتر بناتا ہے اور پیشاب آور ہوتا ہے-

image


7: آلو بخارہ
گرمیوں کے موسم کی ایک اور سوغات آلو بخارہ ہے جو کہ آج کل اگرچہ بہت مہنگا ہوتا ہے مگر اس کو خشک حالت میں بھی استعمال کر کے اس سے فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں- آلو بخارا جگر میں موجود گرمی کا نہ صرف خاتمہ کرتا ہے بلکہ جگر کے افعال میں ہونے والی تمام خرابیوں کو دور کرتا ہے بھوک بڑھاتا ہے اور جسم میں زہریلے مادوں کے اخراج کے ساتھ نیۓ خون کی تیاری میں مددگار ثابت ہوتا ہے-

image

Disclaimer: All material on this website is provided for your information only and may not be construed as medical advice or instruction. No action or inaction should be taken based solely on the contents of this information; instead, readers should consult appropriate health professionals on any matter relating to their health and well-being. The data information and opinions expressed here are believed to be accurate, which is gathered from different sources but might have some errors. Hamariweb.com is not responsible for errors or omissions. Doctors and Hospital officials are not necessarily required to respond or go through this page.

YOU MAY ALSO LIKE: