رمضان کے مہینے میں سینے میں جلن، کھٹی ڈکاریں اور معدے کے بھاری پن سے پریشان ہیں تو صرف ان چند چیزوں کو آزما کر دیکھیں

image


رمضان کی آمد جہاں بہت ساری رحمتوں اور برکتوں کو لے کر آتی ہے وہیں پر یہ ہماری غذائی بے احتیاطیوں اور دن بھر خالی معدہ رہنے کے سبب شدید تیزابیت کا بھی باعث بن جاتی ہے- جس کی وجہ سے افطار کے بعد اور سحری کے بعد نہ صرف معدے میں جلن ہوتی ہے بلکہ کھٹی ڈکاریں آتی ہیں اور بعض اوقات تو تیزابیت اتنی شدت اختیار کر لیتی ہے کہ منہ بھر کے الٹی ہو جاتی ہے اور روزہ بھی خراب ہو جاتا ہے ۔ ہاضمے کی کمزوری کے باعث خوف کے عالم میں انسان نہ ٹھیک سے افطار میں کچھ کھا سکتا ہے اور نہ ہی سحری کر پاتا ہے اور نتیجے کے طور پر مجبورا روزہ چھوڑنا پڑتا ہے مگر اس تیزابیت سے کچھ آسان طریقوں پر عمل کر کے بچا جا سکتا ہے-

1: کھانا آرام سے کھائیں
عام طور رمضان کے مہینے میں افطار کے وقت اور سحر کے وقت ہم لوگ عام دنوں کے مقابلے میں چٹ پٹی اور تلی ہوئی اشیا کا استعمال زیادہ کرتے ہیں- اس کے علاوہ سحری وغیرہ کے اوقات میں بعض اوقات وقت کی کمی کے سبب جلدی جلدی کھانا بغیر چبائے بھی کھا لیتے ہیں تو اس صورتحال میں معدے میں تیزابیت کے بڑھنے کے امکانات زیادہ ہو جاتے ہیں- اس صورتحال سے بچنے کے لیے تلی ہوئی اور چٹ پٹی اشیا سے پرہیز کرنا چاہیے اور کھانے کو آرام سے اچھی طرح چبا کر کھانا چاہیے-

image


2: کھانے کا سوڈا
آدھا چمچ کھانے کا سوڈا آپ کی اس بڑی مشکل کو حل کر سکتا ہے اس کے لیے جلن ہونے کی صورت میں آدھا چمچ کھانے کا سوڈا ایک گلاس پانی میں حل کر کے پی لیں جس سے تیزابیت کھانے کے سوڈے کے ساتھ تعامل کر کے اپنے اثر کو کھو بیٹھتی ہے اور جلن سے فوری آرام مل جاتا ہے- مگر یاد رہے کہ یہ سینے کی جلن کا عارضی علاج ہے اور اس کو ایک ہفتے سے زیادہ لگاتار استعمال نہ کیا جائے-

image


3: ادرک کی چائے
ادرک کی چائے کا کھانے سے قبل استعمال بھی آپ کو بدہضمی اور سینے کی جلن سے محفوظ رکھ سکتا ہے اس کو بنانا بھی انتہائی آسان ہوتا ہے- اس کے لیے دو کپ پانی میں تین سے چار چھوٹے ٹکڑے ادرک کے آدھے گھنٹے تک ابال لیں اور اس کو ٹھنڈا کر کے پی لیں اس سے بدہضمی اور سینے کی جلن سے بچا جا سکتا ہے-

image


4: چیونگم
کھانے کے بعد چیونگم کو تھوڑی دیر تک چبانے سے ہاضمے کا عمل تیز ہوتا ہے اور اس سے سینے کی جلن سے نجات ملتی ہے مگر اس کے لیے شوگر فری چیونگم کا استعمال کرنا چاہیے-

image


5: سیب اور کیلے کا استعمال
سیب اور کیلے کے اندر ایسی تاثیر موجود ہوتی ہے کہ ان میں سے کسی کو بھی کھانے کے بعد کھانے کی صورت میں معدے سے تیزابیت کا خاتمہ ہوتا ہے اور سینے کی جلن سے آرام ملتا ہے-

image


6: سونے کا انداز بدلیں
عام طور پر سینے کی جلن رات کے اوقات میں زیادہ بڑھ جاتی ہے اور سونے سے قبل اس کا حملہ شدید ہوتا ہے- اس لیے یاد رکھیں کھانے کے فوراً بعد لیٹنے سے پرہیز کریں اور اس کے علاوہ تکیے کو بلند رکھیں تکیہ اونچا رکھنے سے کھانا واپس غذا کی نالی میں پلٹ کر نہیں آتا ہے اور جلن سے آرام ملتا ہے-

image

Disclaimer: All material on this website is provided for your information only and may not be construed as medical advice or instruction. No action or inaction should be taken based solely on the contents of this information; instead, readers should consult appropriate health professionals on any matter relating to their health and well-being. The data information and opinions expressed here are believed to be accurate, which is gathered from different sources but might have some errors. Hamariweb.com is not responsible for errors or omissions. Doctors and Hospital officials are not necessarily required to respond or go through this page.

YOU MAY ALSO LIKE: