کیا آپ سیب کے سرکے کے یہ 13 فائدے جانتے ہیں؟

سفید سرکہ گھریلو استعمال میں اکثر استعمال ہوتا ہے اور یہ متعدد فوائد کا حامل ثابت ہوتا ہے مگر سیب کا سرکہ اس سے بھی زیادہ فائدہ مند ہے خاص طور پر طبی مقاصد کے لیے۔ جیسے ہچکیوں سے نجات دلانے سے لے کر نزلہ زکام کو دور بھگانے تک یہ سرکہ صحت کے لیے انتہائی مفید مانا جاتا ہے۔یہاں ایچ ٹی وی کے توسط سے اس کے کچھ فوائد دیئے جارہے ہیں جن کو پڑھ کر ہوسکتا ہے کہ سیب کا سرکہ آپ کے لئے روز مرہ کے استعمال کی اشیاء بن جائے۔
 

image


خارش سے نجات :
خارش کی شکار جلد کے لیے بھی سیب کا سرکہ فائدہ مند ثابت ہوسکتا ہے، سرکے کے چند قطرے روئی پر ٹپکائیں اور اسے متاثرہ حصے پر رکھ دیں۔ اس میں موجود اجزاء خارش زدہ جلد کو سکون پہنچانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔

معدے کی تیزابیت سے نجات
اگر آپ کو سینے میں جلن یا معدے میں تیزابیت کی شکایت ہے تو 2 چائے کے چمچ سیب کے سرکے کو ایک گلاس پانی میں ملائیں اور کھانے کے دوران پی لیں۔ سیب کا سرکہ معدے کی تیزابیت کو کم کرتا ہے جبکہ غذائی نالی کو معدے میں تیزابیت بڑھنے کے اثر سے بچاتا ہے۔

ہچکیاں ختم کریں
اگر ہچکیاں کسی طرح روک نہ رہی ہو تو ایک چائے کا چمچ سیب کا سرکہ پی لیں، اس کا کھٹا ذائقہ پچکیوں کو روک دے گا۔ درحقیقت یہ سرکہ ان عصبی خلیوں کو روک دیتا ہے جو پچکیوں کا باعث بنتے ہیں۔
 

image


گلے کی تکلیف میں فائدہ مند :
اگر گلے میں تکلیف ہورہی ہو تو سیب کے سرکے سے اس انفیکشن کی روک تھام میں مدد مل سکتی ہے۔ سرکے میں موجود تیزابی خصوصیات کے سامنے بیشتر جراثیم ٹک نہیں پاتے۔ چوتھائی کپ سیب کے سرکے میں چوتھائی کپ گرم پانی ملائیں اور ہر گھنٹے بعد غرارے کریں۔

کولیسٹرول بھگائیں:
ایک طبی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ سرکوں میں پائے جانے والے ایسٹک ایسڈ کے نتیجے میں چوہوں میں خراب کولیسٹرول کی سطح میں کمی آئی۔ اسی طرح ایک جاپانی تحقیق کے مطابق روزانہ کچھ مقدار میں سیب کا سرکہ استعمال کرنے سے لوگوں میں کولیسٹرول کی سطح کم ہوتی ہے۔

جسمانی وزن میں کمی کریں
سیب کا سرکہ جسمانی وزن میں کمی کے لیے بھی فائدہ مند ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ اس میں موجود ایسٹک ایسڈ خوراک کی خواہش کم کرکے میٹابولزم کو تیز کرتا ہے۔ طبی ماہرین کے خیال میں یہ سرکہ جسم کے نظام ہاضمہ کو بھی تیز کرتا ہے جس کے نتیجے میں دوران خون میں بہت کم کیلوریز باقی رہتی ہیں۔

بالوں کی خشکی سے نجات دلائیں
اس سرکے کی تیزابیت سر کی سطح میں تبدیلیاں لاکر خشکی کو دور کرتی ہے۔ چوتھائی کپ سیب کے سرکے کو چوتھائی کپ پانی میں ملا کر کسی اسپرے بوتل میں ڈال لیں اور پھر اپنے سر پر اس کا چھڑکاؤ کریں۔ اس کے بعد اپنے سر پر تولیہ لپیٹیں اور پندرہ منٹ سے ایک گھنٹے تک کے لیے بیٹھ جائیں اور پھر بالوں کو دھولیں۔ بہترین نتائج کے لیے ہفتے میں دو بار اس کو دہرائیں۔

کیل مہاسوں سے نجات
سیب کا سرکہ ایک قدرتی ٹونک ہے جو جلد کو صحت مند بناتا ہے۔ اس کی جراثیم کش خوبیاں کیل مہاسوں کو کنٹرول میں رکھتی ہیں جبکہ جلد کو نرم اور لچکدار بنانے کا کام بھی کرتی ہیں۔

توانائی بڑھائے
ورزش اور بہت زیادہ تناؤ جسم کو نڈھال کردیتا ہے مگر حیرت انگیز طور پر سیب کے سرکے میں موجود امینو ایسڈز اس کو دور کرنے کا کام کرتے ہیں۔ اس سرکے میں پوٹاشیم سمیت دیگر اجزاء بھی شامل ہیں جو تھکان کی کیفیت کو دور کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔ ایک یا دو چمچ سیب کے سرکے کو ایک گلاس میں پانی میں ملا کر پی لیں۔
 

image


بدبودار سانس کا خاتمہ
اگر برش کرنے اور ماؤتھ واش سے بھی سانس کی بو ختم نہیں ہورہی تو اس گھریلو نسخے کو استعمال کرکے دیکھیں۔ سیب کے سرکے سے غرارے کریں یا ایک چائے کا چمچ پانی میں ملا کر پی لیں تاکہ بو پیدا کرنے والے بیکٹریا کا خاتمہ ہوسکے۔

دانتوں کو چمکانے کے لئے سازگار
صبح سیب کے سرکے سے غرارے کرنے سے دانتوں پر جمے داغوں کو ختم کرنے میں مدد ملتی ہے اور وہ چمکنے لگتے ہیں۔ یہ سرکہ منہ اور مسوڑوں میں موجود بیکٹریا کو بھی ختم کرتا ہے۔ غراروں کے بعد دانتوں کو معمول کے مطابق برش کریں۔

بلڈ شوگر پر کنٹرول کریں
سیب کے سرکے کی کچھ مقدار کو پینا بلڈ شوگر لیول کو متوازن رکھنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ ذیابیطس ٹائپ ٹو کے مریضوں پر ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق دو چائے کے چمچ سیب کا سرکہ سونے سے قبل پینے سے صبح گلوکوز کی سطح میں کمی ریکارڈ کی گئی۔

نظام ہاضمہ کے لیے فائدے مند
سیب کا سرکہ نظام ہاضمہ کے لیے بھی فائدہ مند ہے جو کہ غذا کے ٹکڑے ہونے میں مدد دیتا ہے۔ سیب کے سرکے کو پانی میں ملا کر استعمال کرنا بدہضمی، قبض یا ہیضے وغیرہ سے بچانے میں مدد دیتا ہے۔
 

Disclaimer: All material on this website is provided for your information only and may not be construed as medical advice or instruction. No action or inaction should be taken based solely on the contents of this information; instead, readers should consult appropriate health professionals on any matter relating to their health and well-being. The data information and opinions expressed here are believed to be accurate, which is gathered from different sources but might have some errors. Hamariweb.com is not responsible for errors or omissions. Doctors and Hospital officials are not necessarily required to respond or go through this page.

YOU MAY ALSO LIKE:

This includes weight loss, reduced cholesterol, lower blood sugar levels and improved symptoms of diabetes. It is also an ancient folk remedy, and has been used for various household and cooking purposes.