یہ مراقبہ کیا ہوتا ہے؟

اللّه تعالیٰ سورۃ آل عمران میں فرماتا ہے کہ " جو اللہ کی یاد کرتے ہیں کھڑے اور بیٹھے اور کروٹ پر لیٹے اور آسمان اور زمین کی پیدائش پر غور کرتے ہیں۔ اے رب ہمارے تو نے یہ بیکار نہ بنایا ہے۔"

Relax Meditation

اپنی بےحد مصروف زندگی اور روزمرہ کے کاموں کی مسلسل تھکن کے بعد اگر ہم کچھ وقت مراقبے میں وقف کردیں تو یقین کریں کہ ہماری زندگی بہت حد تک پر سکون ہو سکتی ہے۔ مراقبے کے ذریعے نہ صرف ڈپریشن، ذہنی دباؤ اور پریشانی دور ہوتی ہے بلکہ اس سے ہمیں کو اپنے آپ کو سمجھنے میں بھی کافی مدد ملتی ہے۔ جس کو آپ "خود شناسی" کہہ سکتے ہیں۔ مگر یہ مراقبہ ہوتا کیا ہے ۔ آئیے جانتے ہیں۔
 

image


مراقبہ (Meditation) آپ کہہ لیں کہ وہ عمل ہے جس میں غور و فکر اور تفکر کو ایک عملی مشق کی صورت ادا کیا جاتا ہے ۔ ویسے تو مراقبہ کے معنی ہیں غور کرنا یا کسی چیز پر concentrate کرنا ۔۔ مطلب یہ ہے کہ ہم اپنے ذہن کی اس طرح نگہبانی کرنے کے قابل ہو جائیں کہ وہ منتشر خیالات اور پریشان فکروں سے بالکل بے نیاز ہو کر کسی ایک نکتہ یا سوچ پر مرکوز ہو جائے۔ میرا اپنا ذاتی تجربہ ہے کہ اس سے جہاں ذہن و دل کو سکوں ملتا وہیں پر " فوکس" یعنی توجہ مرکوز رکھنے کی وہ باکمال صلاحیت حاصل ہوتی ہے جو کہ زندگی کی الجھنوں کو سلجھانے میں بہت کام آتی ہے۔

مراقبہ کرنے کے لئے کسی تنہائی ، خاموشی اور پرسکون جگہ کا انتخاب بہت ضروری ہے ، خاص طور پر جب آپ پہلی دفعہ اس کو کرنے کا ارادہ رکھتے ہوں ۔ بعد میں جب آپ کو فوکس کرنا آ جاتا ہو تب خارجی ماحول کا اثر کم ہونے لگتا ہے۔ بہترین اوقات صبح سویرے یا رات گئے ہے ۔ ویسے تو اس عمل کو کرتے ہوے بیٹھنے کے طریقے موجود ہیں مگر اہم بات یہ ہے کہ آپ خود کس طرح بیٹھنے میں سکوں محسوس کرتے ہیں ۔ میرے نزدیک سب سے آسان اور ہر کسی کے کئے جانے کے لئے مفید سانس کی مشق والا مراقبہ ہے ۔ جس میں آنکھیں بند کر کے ، جسم کو ڈھیلا چھوڑتے ،پہلے ناک کے دونوں نتھنوں سے آہستہ آہستہ سانس لیا جائے اور سینہ میں روکے بغیر خارج کر دیا جائے۔ سانس کا یہ عمل سکت اور طاقت کے مطابق جتنی بار مرضی دہرایں یہ آپ کی مرضی ہے۔

سانس کی مشق کے علاوہ آپ اپنے ذہن کو اللہ تعالیٰ کے اسمائے گرامی، چاند، پھول، ستارہ یا قدرتی منظر وغیرہ کے تصور پر مرکوز بھی کر سکتے ہیں ۔ ابتداء میں ان مشقوں کے لیے پانچ منٹ کی مشق بھی کافی ہوگی۔ ذہنی یکسوئی کا وقفہ بڑھنے لگے گا تو خیالات بھی قابو میں رہیں گے ۔ اور یہی مفید حاصل ہے کہ یہی ذہنی ارتکاز جسم و دماغ کی مثبت صلاحیتوں کو اجاگرکرے گا۔

اگر آپ کو مراقبہ کے لئے علیحدہ کمرہ کی سہولت میسر ہے، تو کیا ہی بات ہے ۔ اگر نہیں ہے تو آپ کو جو بھی جگہ ملے اسے استعمال میں لائیں چاہے اپنے بستر پر ہی کیوں نہیں۔ ایک اور چیز جو نہائت اہم ہے وہ یہ کہ کمرہ صاف ستھرا ہونا چاہئیے۔ اگر کمرہ بے ہنگم، الٹ پلٹ اور گندہ ہو تو پھر مزا نہیں آتا۔ یہ میرا اپنا تجربہ ہے۔

یاد رہے کہ مراقبے کا مطلب ہرگز یہ نہیں ہوتا ہے کہ آپ کا دماغ ہر چیز سے صاف ہو یا کوئی بھی سوچ آپ کے دماغ میں نہیں آئے۔ اگر مراقبے کے دوران مختلف سوچیں ذہن میں آرہی ہیں تو ان کو آنے دیں۔ مراقبے کے دوران جو بھی سوچیں آپ کے ذہن میں آئیں ان کو جھڑکنے کے بجائے ان پر غور کریں۔ اس بات کی بالکل فکر نہیں کریں کہ جو کچھ آپ کررہے ہیں یا سوچ رہے ہیں وہ صحیح ہے یا غلط ۔
 

image


اگر مذہبی لحاظ سے دیکھا جائے تو دنیا کے مختلف مذاہب میں مراقبہ کی اہمیت اور افادیت کا پتہ چلتا ہے۔ چین، جاپان اور ہندوستان میں مذہبی پیشوا، صوفیا کرام اور اولیاء اللہ صلاحیتوں کی نشوونما اور جسمانی علاج کے لیے مراقبہ کی تلقین وتاکید کرتے رہے ہیں۔ اس کے علاوہ امریکہ، برطانیہ اور جرمنی میں ہونے والی جدید تحقیقات نے ارتکاز توجہ، مثبت اندازفکر اختیار کرنے کے لئے مراقبہ کرنے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔ اگر ہم مسلمان نماز و قرآن پڑھتے ہوئے ، معنوں پر دھیان رکھتے ، یکسوئی اختیار کرنے کی کوشش کریں تو یہ بھی بہترین مراقبہ ہی ہے۔

مراقبے سے انسان کو منفی خیالات ، ذہنی دباؤ وغیرہ سے نجات ملتی ہے اور جب منفی خیالات سے چھٹکارا پاکر انسان مثبت طرز فکر اختیار کرتا ہے تو مشکلات سے نبٹنے کا حوصلہ ملتا ہے ۔ مراقبہ کے دوران جہاں گہرے سانس لینے سے سکون اور طمانیت پیدا ہوتی ہے وہیں پر پھیپھڑوں میں آکسیجن زیادہ بھرنے سے دل کوطاقت ملتی ہے۔ دورانِ گردش خون بہتر ہو کر دماغ کو سکون پہنچاتا ہے۔

حرفِ آخر یہ کہ ویسے اگر آپ کھلی آنکھوں ساتھ بھی کسی خاص و خوبصورت منظر کا نظارہ کرتے ہیں ۔ کھلی فضا میں یا اپنے بستر پر ہی لیٹے لیٹے خود کلامی کرتے اپنی سوچوں میں مگن رہتے ہیں جس سے آپ کو سکوں والی کفیت میسر آ جائے تو یہ بھی سمجھیں کہ مراقبہ ہی ہے۔ کیونکہ اللّه تعالیٰ سورۃ آل عمران میں فرماتا ہے کہ " جو اللہ کی یاد کرتے ہیں کھڑے اور بیٹھے اور کروٹ پر لیٹے اور آسمان اور زمین کی پیدائش پر غور کرتے ہیں۔ اے رب ہمارے تو نے یہ بیکار نہ بنایا ہے۔"

Disclaimer: All material on this website is provided for your information only and may not be construed as medical advice or instruction. No action or inaction should be taken based solely on the contents of this information; instead, readers should consult appropriate health professionals on any matter relating to their health and well-being. The data information and opinions expressed here are believed to be accurate, which is gathered from different sources but might have some errors. Hamariweb.com is not responsible for errors or omissions. Doctors and Hospital officials are not necessarily required to respond or go through this page.

YOU MAY ALSO LIKE:

Meditation is a practice where an individual uses a technique – such as mindfulness, or focusing their mind on a particular object, thought or activity – to train attention and awareness, and achieve a mentally clear and emotionally calm and stable state.