کوئٹہ ---- آہا ! روش کا موسم آگیا !

مغل شہنشاہ ہمایوں کی بیگمات کو یہ سبزی اس قدر پسند تھی کہ وہ اس کی کاشت دیکھنے خاص طور پر دہلی سے افغانستان گئی تھیں -

کوئٹہ ---- آہا ! روش کا موسم آگیا ہے -
لیکن یہ روش ہے کیا چیز کہ میں کراچی میں ہوں اور منہ میں پانی بھر آیا ہے اور بڑی مشکل سے منہ بند کئے بیٹھا ہوں -
ہم بیابان میں ہیں اور کوئٹہ میں بہار آئی ہے -

باقی صوبوں کے لوگ تو اسے نہیں جانتے - صوبہ بلوچستان کے لوگ تو اسکی رگ رگ سے واقف ہیں اور اس کے مزے کے ہر پہلو سے آشنا خصوصاً بالی عمر کی لڑکیاں - کھٹا -- بہت ہی کھٹا ‘ لیکن اس کے باوجود کھانے کو دل چاہے - گھر کے لئے سودا لارہے ہوں تو اس کا نام ضرور فہرست میں لکھاتے ہیں - رنگت بھی دل کو بھانے والی --گلابی گلابی -- سرخی مائل ہلکے سے شیڈ کی صورت میں - قدرت کو پورا علم ہے کہ کتنا شیڈ دینا ہے اور کتنا نہیں -
فبای الا ء ربکما تکذ بٰن
تم اللہ کی کس کس نعمت سے انکار کرو گے -

اپریل کا وسط آتا ہے اور کوئٹہ میں اس کی آمد کا غلغلہ مچ جاتا ہے - کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ وقت کے ساتھ ساتھ اس کی کاشت کم ہوتی جارہی ہے اور کچھ کہتے ہیں کہ نہیں کبھی کبھار کاشت کم ہوتی ہے ورنہ یہ سلامت ہے اور اسکی سلامتی کی دعا بھی کرتے ہیں -

لیکن بہتر ہے کہ پہلے اس کا تعارف تو کرادوں

فیرز اللغات نکالی اس کے معنی ڈھونڈے تو مطلوبہ معنی نہیں ملے - لیکن چونکہ یہ لغت میں نے پچاس ساٹھ برس پہلے افغانستان کے قریب واقع چمن میں ایک صاحب علم سے استعمال شدہ حالت میں خریدی تھی اس لئے اس پر کسی کے ہاتھ سے لکھا ہوا نظر آیا “ افغانستان ' شمال مشرقی بلوچستان کی ایک سبزی جو سلاد کے طور پر استعمال ہوتی ہے “

قلعہ سیف اللہ کے ایک سابق طالب علم نعمت خان نے بتایا کہ یہ ژوب ' کان مہترزئی ' کوہ توبہ کاکڑی وغیرہ کے پہاڑوں میں پیدا ہوتی ہے - مختلف ویب سائٹ اطلاع دیتی ہیں کہ افغانستان میں اس کی جنم بھومی وہاں کے شمالی علاقہ جات ہیں- وہاں پہاڑوں میں اپنا رنگ و روپ دکھاتی ہے اور منظر کو ایک نئی دلفریب کشش عطا کرتی ہے -
مغل شہنشاہ ہمایوں کی کی بیگمات کو یہ اتنی پسند تھی کہ وہ اپنی رشتہ دار خواتین اور بہنوں کے ہمراہ اس کی کاشت دیکھنے خاص طور پر دہلی سے افغانستان گئی تھیں -

ڈاکٹر و طبیب کہتے ہیں کہ یہ بھوک بڑھاتی ہے نیز اس میں بہت سے ایسی چیزیں شامل ہیں جو صحت کے لئے فائدہ مند ہیں مثلاً وٹامن سی ' وٹامن کے ' کیلشیم ' پوٹاشیم اور مینگنیز وغیرہ اور ہاں انگریزی میں اسے Rhubarb کہتے ہیں -

Munir  Bin Bashir
About the Author: Munir Bin Bashir Read More Articles by Munir Bin Bashir: 124 Articles with 333610 views B.Sc. Mechanical Engineering (UET Lahore).. View More