مداح نواز شریف اور مذمتِ عمران خان

وزیر اعظم کے ارد گرد ایسے لوگ موجود ہیں جو فوج کے خلاف گمراہ کن پروپیگنڈہ کرتے رہتے ہیں۔ یہی لوگ اکثرعمران خان کے خلاف بھی اسی قسم کی گفتگو کرتے ہیں گوکہ ان وزراء کی تعداد مخصوص ہے مگر ان طبلچی وزیروں کے پاس بہت اہم محکمے موجود ہیں۔ جو اس وقت ان کی عدم توجہی کی بنا پرمکمل طور پر تباہ حالی کا شکار ہیں۔ وزیر اعظم جوکہ ایک عیاش بادشاہ کی طرح زندگی گزارنا پسند کرتے ہیں۔ اس وقت ان کو وزراء کے محکموں میں کارکردگی کی کوئی فکر نہیں،مثال کے طور پر وزیر اعظم اسی سے خوش ہوتے ہیں جو ان کی زیادہ اچھے انداز میں مداح سرائی کرے۔ گورنر سندھ نے پاک فوج کے ایک بہادر جرنل راحیل شریف کے خلاف بیان دیا اور وہ اس طرح کے بیانات گورنر بننے سے پہلے بھی دیا کرتے تھے۔ نواز لیگ کے دیگر وزراء کے ساتھ گورنر سندھ کا بھی یہی کام تھا کہ ’’مداح نواز شریف اور مذمتِ عمران خان‘‘۔ گورنر سندھ بننے کے بعد انہوں نے تھوڑے عرصے کے لئے بیان بازی کا سلسلہ بند کردیا تھا۔ لیکن چند ہفتوں کے بعد اصلی محمد زبیر قوم کے سامنے تھا اور انہوں نے حسب عادت وہی کام کیا جن کے انعام میں انہیں گورنری کا عہدہ ملا تھا۔ لگتا یہ ہے کہ وزیر اعظم نے دو قسم کی پالیسیاں بنا رکھی ہیں۔ یعنی خود کم گفتگو کرتے ہیں اور دوسروں کی پگڑیاں اچھالنے کے لئے الگ سے بندے پال رکھے ہیں۔ اگرچہ ان کا زیادہ وقت عمران خان پر تنقید کرنے پر گزرتا ہے لیکن یہ لوگ وقتاً فوقتاً فوج پر بھی تنقیدوں کا حملہ کرتے رہتے ہیں۔ تاکہ اپنے وزیراعظم کو خوش کیا جاسکے ،مسلم لیگ نواز نے ایک ایسے سیاسی کلچرل کو فروغ دیا ہے جس میں لیڈر سے وفاداری کا اظہار لازم ہے۔ اور اپنی وفاداری کو زیادہ موثر بنانے کے لئے اس لیڈر کے سیاسی مخالفین پر گند اچھالنا ضروری سمجھا جاتا ہے۔ لہذا نواز لیگ نے اپنی اناؤں کی تسکین کے لئے اسی قسم کی ایک ٹیم کو تشکیل دے رکھا ہے۔ جن میں مندرجہ بالا ناموں کے علاوہ کچھ اور نام بھی سرفہرست ہیں۔ جوصبح و شام ایک ہی نغمہ الاپتے رہتے ہیں اور اس طرح پارٹی قائدین کے نذدیک ان کی قبولیت اور بھی بڑھ جاتی ہے۔جب یہ لوگ افواج پاکستان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہیں تو درحقیقت وہ نواز شریف کی خواہش کو اپنے الفاظ دے رہے ہوتے ہیں۔ یہ ایک حقیقت ہے کہ اس منفی پروپیگنڈہ سے سول اور ملٹری تعلقات کو سخت نقصان پہنچتا ہے۔ جس سے ملک میں سیاسی غیر یقینی کی صورت پیدا ہو رہی ہے، اگر حکومت عوامی فلاح کے کام بڑھا دے تو یقینا عوام میں ان کے خلاف جو نفرت کا مادہ پنپ رہا ہے وہ خوشحالی میں تبدیل ہو سکتا ہے۔ ہم نے دیکھا کہ وزیراعظم صاحب جیکب آباد کی عوام کو اپنے اقتدار کے چار سالوں بعد سو عدد ٹرانسفارمر دینے آئے تھے مگرافسوس وہ اپنے ساتھ بجلی لے جانا بھول گئے۔ لیکن کامیابی یہ تھی کہ ان کے ساتھ جو ان کے پرائیویٹ جہاز سے وزراء براآمد ہوئے ان میں خاصہ کرنٹ موجود تھا۔ جن کی بجلیاں جیکب آباد کی عوام نے سخت دھوپ میں دن کے چار گھنٹے برداشت بھی کی اور محسوس بھی کی۔ وزیراعظم جس انداز میں جیکب آباد کی عوام سے بات کررہے تھے انہیں دیکھ کر ایسا لگتا تھا کہ جیسے اس دھوپ میں کھڑی عوام پرکوئی احسان عظیم کررہے ہوں۔ وہ اس بات کو بھول رہے تھے کہ یہ پیسہ جو وہ کبھی کبھار ہی تقسیم کرتے ہیں ان کی جیب سے نہیں جاتا بلکہ سرکاری فنڈ سے نکالا جاتا ہے۔ یا پھر کہیں کا کام رکتا ہے تو کہیں کا کام شروع کردیا جاتا ہے۔ اس میں کئی ٹھیکیدار اپنی جیبیں بھی بھر لیتے ہیں اور عوام کا نام لے کر اپنے مداح سراؤں کی خدمت بھی ہوجاتی ہے۔ قائرین کرام اس وقت پانامہ لیکس کا معاملہ عدالت میں التوا کا شکار ہے جو سمجھ سے بالا تر ہے کہ وہ کب عوام کے سامنے لایا جاتاہے اور اس دیری کی کیا وجوہات ہیں بات سیدھی ہے اگر وزیراعظم پاکدامن ہیں تو قوم کو بتادیا جائے اور اگرمجرم ہے تو سزا کیوں نہیں دیتے !! وزیراعظم کے سیاسی مخالفین عمران خان اور دیگر رہنماؤں نے تو یہ تک کہہ دیاہے کہ فیصلہ جو بھی ہے قبول کیا جائے گامگر پھر بھی انتظار تو ہے ! اس پر ہمارے وزیراعظم اس فیصلے کی دیری سے خاصے خوش دکھائی دیتے ہیں جس کی بناپر وہ آج کل قومی خزانے سے خوب انجوائے کررہے ہیں جگہ جگہ سرکاری خزانے سے کروڑوں روپے کے جلسے کاغذی ٹرانسفارمر اوروزیراعلی پنجاب کے وعدوں کی بجلی کیا خوب ترقی کا عالم ہے۔ اور اس میں بے حد ڈھیٹ وزرا کا ساتھ ، میں سمجھتا ہوں کہ یا تو ہماری عوام پاگل ہے یا پھر وزیراعظم اور ان کی ٹیم نہیں تو میرا ہی دماغ خراب ہے جو مجھے وزیراعظم کی نیکیاں بھی شیطان کا بنایا ہوا جال دکھائی دیتی ہیں ،کیا یہ حقیقت نہیں ہے کہ ملک کی عوام اندھیرے میں بیٹھی ہے اور عوام ہیٹ اسٹروک سے مررہی ہے اور اس کا وزیرعمران خان کے خلاف آئے روز پریس کانفرنسوں میں مصروف ہے کیا یہ غلط ہے کہ ریلوئے میں اس صدی کے سب سے زیادہ حادثات ان چار سالوں میں ہوئے اور اس کا وزیراس کا قصور بھی عمران خان پر ہی ڈال رہے ہیں ؟ کیا یہ بھی غلط ہے کہ عوام بھوک افلاس اور مہنگائی کے ہاتھوں اپنے بچوں کو بیچنے پر مجبور ہے اور وزیرخزانہ کبھی کسی کو تو کبھی چیئرمین سینٹ کے قدموں میں انہیں منانے کے لیے دکھائی دیتے ہیں ۔میں سمجھتا ہوں کہ کیا ان لوگوں کے دلوں میں زرا سا بھی خدا کا خوف نہیں ہے ،عوام کو کچھ زیادہ ہی بے وقوف سمجھ رکھاہے ادھر سندھ حکومت سب اختیار ہونے کے باجود خود بھی سڑکوں پر نکلی ہوئی ہے یعنی انہوں نے دیکھا کہ اس وقت سڑکوں پر ساری ہی جماعتیں موجود ہے تو ہم اسمبلیوں میں بیٹھ کر کیا انڈے دینگے اور اوپر سے الیکشن بھی قریب آچلے ہیں لہذا ہم بھی سڑکوں پر ہی نکلتے ہیں ۔ اکثر الیکشن کے قریب آتے ہیں اس ملک کے روایتی سیاستدانوں کو اس ملک میں مہنگائی اور لوڈشیڈنگ جیسے مسائل نظرآنا شروع ہوجاتے ہیں۔پیپلزپارٹی کے قائدحزب اختلاف اس وقت جو غربت زدہ بیانات دے رہے ہیں انہیں اچھی طرح معلوم ہے کہ اس ملک کی تباہی میں کس کس کا ہاتھ ہے اور خود ان کا اور ان کی جماعت کا کتنا حصہ ہے،ان لوگوں سے کیا شکوہ کریں کہ جن کے جرم کی داستانوں کو ہر ایک اچھی طرح جان چکاہے اس کے باوجود ان پر ہاتھ ڈالنا اس ملک میں ناممکن سا عمل ہے اس قدر ظلم وستم کے باجود بھی ان ظالم حکمرانوں کے دلوں میں یہ بات کیوں نہیں آتی کہ وہ ان مظلو م لوگوں پر کوئی احسان ہی کردیں ان کے مسائل ہی حل کردیں ناکہ انہیں بے وقوف بناکر ان سے صرف ووٹ ہی مانگا جائے ۔ختم شد

Haleem Adil Shaikh
About the Author: Haleem Adil Shaikh Read More Articles by Haleem Adil Shaikh: 59 Articles with 37235 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.