چھٹتی نہیں ہے کافر منہ سے لگی ہوئی

مولانا فضل الرحمان، مولانا مفتی محمود کے صاحبزادے ہیں۔ حکومت ان کو ایسی راس آئی ہے کہ چھٹتی نہیں ہے کافر منہ سے لگی ہوئی۔ بے نظیر ہوں، یا نواز شریف، مشرف ہوں یا زرداری ان کی پانچوں انگلیاں ہی کیا، سب کچھ گھی میں ہے۔ ملک میں آگ لگے یا سیلاب آئے ان کی قدم پاکستان کی سرزمین پر ٹکتے ہی نہیں۔ ملک میں سیلاب آیا تو مولانا عمرے پر چلے گئے، لال مسجد کا سانحہ ہوا تو مولانا لندن جا بیٹھے۔ ان کے بھائی مولانا عطا الرحمن بھی وزارت، گاڑیوں، اور بیرونی دوروں کے شوقین ہیں۔ حکومت میں رہنے سے سارے شوق پورے ہوجاتے ہیں۔ ابھی مولانا دوبئی سے آئے ہیں۔ قصد امریکہ جانے کا تھا۔ پر امید بر نہ آئی۔ امریکیوں نے انھیں اپنے ملک آنے سے روک دیا گیا ہے۔ ادھر وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی اعظم خان سواتی کو امریکا جانے کی مشروط اجازت دی گئی ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے حکام نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر تصدیق کی ہے کہ مولانا فضل الرحمن نیویارک میں ہونے والی او آئی سی کی سالانہ رابطہ کانفرنس میں شرکت کیلئے دوحہ سے روانہ ہورہے تھے۔ تاہم انہیں دوحہ ایئرپورٹ پر امریکی حکام کے کہنے پر بورڈنگ پاس جاری نہیں کیا گیا اور امریکا جانے سے روک دیا گیا۔ محکمہ خارجہ کے حکام کے مطابق ان کے کیس کا جائزہ لیا جارہا ہے اور اس سلسلے میں جلد فیصلہ کرلیا جائے گا۔ کشمیر کمیٹی کی سربراہی کے نام پر مولانا کو فل پرٹوکول حاصل ہے۔ وزیر داخلہ رحمان ملک نے پاکستانی سفیر اور امریکی حکام سے رابطہ کر کے اپنی تشویش سے آگاہ کیا ہے اور انہیں امریکا آنے کی اجازت دینے پر زور دیا ہے۔ ان کی پارٹی کے ایک اور وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی اعظم خان سواتی کو امریکا میں داخلے کی مشروط اجازت دے دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق اعظم سواتی کو امریکا داخل ہونے پر وفاقی وزیر کا پروٹوکول نہیں دیا جائے گا اور ان کی اسکریننگ کی جائے گی۔ دوسری جانب مولانا فضل الرحمان کے ترجمان نے کہا کہ مولانا کو دوحہ ایئرپورٹ پر امریکا جانے سے روکے جانے کی خبریں بے بنیاد ہیں وہ اسلام آباد میں اپنی رہائش پر موجود ہیں۔ ایسے مولانا کشمیر کمیٹی کے چیئرمین ہوں گے تو کشمیریوں کا اس سے بدتر حال کیوں نہ ہوگا۔
Ata Muhammed Tabussum
About the Author: Ata Muhammed Tabussum Read More Articles by Ata Muhammed Tabussum: 376 Articles with 389196 views Ata Muhammed Tabussum ,is currently Head of Censor Aaj TV, and Coloumn Writer of Daily Jang. having a rich experience of print and electronic media,he.. View More