ہجرت پاکستان کی برکات سے محروم ، بھارتی مسلمان

محترم اوریا صاحب نے مقابلے کے امتحان میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد علمیت کی جس معراج پر اپنے آپ کو فائز کیا ہے ۔ اُس کے آگے دنیا کے بڑے سے بڑے تعلیمی ادارے کی، ہر فن و علم کی ڈگری ہیچ ہے۔ اسی طرح حالیہ دنوں میں ، اُنہوں نے قرآن و حدیث کی روشنی میں جس طرح تقسیم برّ صغیر کے وقت پاکستان ہجرت نہ کرنے والے مسلمانوں کو جہنمی قرار دے کر، اپنے آپ کو قرآن و حدیث اور علم فقہ کے، اُس مقام عالیہ پر سرفراز کرلیا ہے۔ جہاں کوئی سابق بیورو کریٹ تو کُجا، قیام پاکستان سے لے کر اب تک کسی بھی مکتبہ فکر کے عالم دین کا گزر بھی نہیں ہوا ہے۔ اوریا صاحب نے بذریعہ ایک کالم بھارتی مسلمانوں کو پاکستان ہجرت نہ کرنے پر قرآن و حدیث کی روشنی میں جہنم کی جو وعیدسنائی ہے ۔ اُس وقت سے ہر بھارتی مسلمان شدید رنج و الم ، قلق اور اضطراب کی کیفیت سے دوچار ہے کہ ہمارے آباؤ اجداد نے ہجرت نہ کرکے اپنا دین و ایمان تو بگاڑا، جہنم کو بھی اپنا ٹھکانا بنایا اور ہمارے لیے بھی جہنم کی آگ کا بندوبست کرگئے۔ بھارتی مسلمانوں کو اس بات کا بھی رنج ہے کہ ہجرت نہ کرنے کی وجہ سے، وہ بنگالی مسلمانوں کے خلاف جہاد میں حصّہ نہ لے سکے، نہ سقوط ڈھاکا میں اُن کا کوئی کردار ہے۔ اسی طرح شمالی افغانستان کے مسلمانوں کے خلاف جہاد میں بھی ان کا کوئی حصّہ ہے۔ بھارتی مسلمان پریشان ہیں کہ بھارت میں رہتے ہوئے کس طرح مختلف زبان بولنے والے مسلمانوں کے خلاف جہاد میں حصّہ لیں اور قتل عام کریں کیونکہ ان کو تو آج تک قومیت اور مسلک کی بنیاد پرکسی مسلمان کو قتل کرنے کا موقع ہی نہیں ملا۔

بھارتی مسلمان اب تک یہ سوچ کے ہی خوش ہوتے رہے کہ وہ ہندو اکثریت والے ملک میں رہتے ہوئے ، اپنی علیحدہ شناخت بطور مسلمان بنائے ہوئے ہیں اور اپنی ساری توانائیاں ہندوؤں کے خلاف صرف کرنے میں مصروف ہیں لیکن اب بھارتی مسلمان ہجرت نہ کر نے پر پشیمان ہیں ۔ وہ یہ سمجھتے ہیں کہ ہجرت نہ کرکے ، دراصل انہوں نے اپنی توانائیوں کا ضیاع کیا ہے کیونکہ انہوں نے آج تک نہ کسی مسجد ، امام باگاہ ، چرچ ، مندر ، اسکول ، بازار اور کسی فوجی چھاؤنی پر خود کش حملہ کیا ہے اور نہ جتّھے بنا کر حملہ آور ہوئے ہیں۔ ا س کے علاوہ ان کو یہ موقع بھی نہیں ملا کہ پاکستان میں رہتے ہوئے ، کھانے پینے کی چیزوں میں ملاوٹ کرتے اور اپنے مسلمان بہن بھائیوں کو کھلاتے، جعلی دو ائیں بناتے اور جلد از جلد اپنے مسلمان بھائی کو سفر آخرت پر روانہ کرنے میں معاون ثابت ہوتے، اپنے مسلمان بھائی کو خود کاروبار میں دھوکا دیتے اور لُوٹتے تاکہ کسی کافر کو دھوکا دینے اور لُوٹنے کی حاجت ہی نہ رہتی۔ نجی کاموں کے سلسلے میں، ہندوؤں کو رشوت دینے کی بجائے اپنے مسلمان بھائی کو رشوت دیتے تاکہ اُس کا بھلا ہوتا۔
 
اس طرح یہ بات بھی بھارتی مسلمانوں کے لیے دکھ کا باعث ہے کہ جس طرح اقوام عالم میں پاکستان کے مسلمانوں نے اپنا منفرد مقام بنایا ہے ۔ اُس میں بھی ، اُن کا کوئی حصّہ نہیں۔ نہ ہی اُن کے پاس پاکستانی پاسپورٹ ہے ۔ جس کو دیکھتے ہی امریکی اور یورپی ممالک کے امیگریشن حکّام، پاکستانیوں کی طرف دوڑے چلے آتے ہیں اور خصوصی شفقت کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ غرضیکہ اب بھارتی مسلمان اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ ہجرت نہ کرکے ، ان کے آباؤاجداد نے خود کو بھی ہجرت پاکستان کی برکات سے محروم رکھا بلکہ آنے والی نسلوں کو بھی ہمیشہ کے لیے ہجرت پاکستان کی برکات سے محروم کرگئے۔
Syed Muhammad Ishtiaq
About the Author: Syed Muhammad Ishtiaq Read More Articles by Syed Muhammad Ishtiaq: 44 Articles with 31904 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.