جاگیرداروں ، سرمایہ داروں اور صنعتکاروں کی وراثتی حکمرانیاں

پاکستان بننے کے تھوڑا ہی عرصہ بعدانگریزوں کے نوازے ہوئے جاگیرداروں، وڈیروں نے حکومتی مسلم لیگ پر قبضہ کر لیا تھااور تمام قربانیاں دینے والے کارکنوں کو "پھرتے ہیں میر خوارکوئی پو چھتا نہیں"کی طرح کوئی گھاس بھی نہیں ڈالتا تھا ۔مخدوم زادے ،ٹوانے،گیلانی اور بالخصوص پنجاب میں دولتانے عباسی قریشی گورمانی چھائے رہے ایوبی آمریت ہی میں بھٹو تالپور و دیگر وڈیرے مقتدر مسلم لیگ و دیگر سیاسی جماعتوں پر قابض ہو چکے تھے۔ایوب کو ڈیڈی کہنے والے وزیر خارجہ مسٹر بھٹو نے استعفیٰ دے کر انقلابی سوچوں کو پروان چڑھایا۔بابائے سوشلزم شیخ رشید کی کسان کمیٹیاں بھٹو کی نئی جماعت پی پی پی میں ضم ہو گئیں۔ دیگر سوشلسٹ گروپوں معراج محمد خان ،حنیف رامے ،مختار رانا جیسے انقلابیوں نے پارٹی کے تنظیمی امور سنبھال لیے۔قادیانیوں کے ہیڈ کوارٹر ربوہ کے دورے کے بعد انہوں نے بھی ہر قسم کی مالی امداد اور تنظیمی امور کے لیے افرادی قوت کی فراہمی کی یقین دہانی کروائی۔70 کے انتخابا ت میں جو جاگیردار وڈیرے کونسل کنونشن اور قیوم لیگ کو چمٹے رہے وہ ناکام رہے اور جنھوں نے بھٹو کا دامن تھام لیا وہ وڈیرے کامیاب ٹھہرے۔حتیٰ کہ قیوم خان کا 37میل لمبا جلوس بھی کام نہ آیا۔دینی جماعتیں متحد نہ ہو سکیں مفتی محمود شاہ احمد نورانی اور جماعت اسلامی نے ایک دوسرے کے خلاف امیدوار کھڑے کیے اس طرح سے نام نہاد سوشلسٹ سوچ رکھنے والا سندھ کا بہت بڑا جاگیردار صرف29فیصد ووٹ حاصل کرکے مغربی پاکستان میں میدان مار گیا۔اور دائیں بازو کی تمام جماعتیں بشمول دینی جماعتوں کے بری طرح پٹ گئیں۔مشرقی پاکستان میں تو مجیب الرحمٰن نے بھارت کی مکمل مالی امداد اور مسلح مکتی باہنی کے ذریعے کسی مخالف کو جلسے ہی نہ کرنے دیے حتیٰ کہ مولانا مودودی کا پلٹن میدان ڈھاکہ میں جلسہ پلٹادیا اور شدید قتل و غارت گری بھی کی گئی اس طرح وہ دو سیٹوں کے علاوہ تمام قومی ا سمبلی کی نشستوں پر قابض ہو گیا اسے متحدہ پاکستان کا وزیر اعظم بننا تھا مگر بھٹو نے اعلان کردیاکہ جو ڈھاکہ میں قومی اسمبلی کے پہلے اجلاس میں جائے گا اس کی ٹانگیں توڑ ڈالی جائیں گی۔اس طرح قومی اسمبلی کے اجلاس کاا نعقاد ہی نہ ہوسکا۔اجلاس ملتوی ہوتے ہی مجیب نے علیحدگی کی مسلح تحریک شروع کردی بھارتی افواج اس کی مدد کے لیے مشرقی پاکستان میں داخل ہو گئیں چونکہ برسراقتدار جنرل یحییٰ ہر صورت بطور صدر برقرار رہنا چاہتا تھا اس لیے وہ خود شکار کھیلنے کے بہانے لاڑکانہ گیا اور بھٹو سے اقتدار کے فارمولہ پر معاہدہ کرلیاپھر اس پر عمل در آمد کے لیے خصوصی مشن پر بھجوائے گئے مسٹر بھٹو نے سلامتی کونسل میں پیش کردہ پولینڈ کی جنگ بندی کی قرارداد ہی پھاڑ ڈالی اور اجلاس کا بائیکاٹ کردیا۔تیسرے ہی روز یحییٰ خان نے مشرقی پاکستانی کمان کے جنرل اے اے نیازی کو ہتھیار ڈالنے کا حکم بھیج دیا 93ہزار مسلح مسلمان فورس بھارتیوں کے آگے سر نگوں ہو گئی۔واپس جاتے ہوئے بھارتی فوجی ہماری اٹھائیس ہزار چیختی چلاتی بہو بیٹیوں بہنوں کو بھی اپنا رو سیاہ کرنے کے لیے ساتھ گھسیٹتے لے گئے اس پر بھی ہماری غیرت قطعاً نہ جاگی ! بھٹو کا نعرہ ادھر تم ادھر ہم اور دونوں راہنما ؤں کی اقتدار کی خواہش پوری ہو گئی۔دنیائے اسلام کی عظیم منظم فوج کے ہتھیار ڈالنے اور ملک کے دو لخت ہو جانے کے اعلان پر محب وطن لوگوں کے دل خون کے آنسو رونے لگے مگر پی پی اور عوامی لیگ والے خوشی سے پھولے نہ سماتے تھے بلکہ کئی جگہوں پر محفلوں میں ڈانس کے ذریعے خوشیاں منائیں گئیں کہ اب مشرقی پاکستان میں مجیب اور مغربی پاکستان میں پی پی کی حکومت کو قائم ہونے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ بھٹو سوشلزم تو کیا نافذ کرتا اس نے بچے کھچے جاگیرداروں کو پارٹی میں شامل کرنا شروع کردیا اور وہ جن سوشلسٹوں کے ذریعے اقتدار میں آیا تھا وہ کھڈے لائن لگنا شروع ہوگئے۔1977تک سندھ میں تالپور اور ممتاز بھٹو پنجاب میں عباسی اور صادق قریشی گورنر اور وزیراعلیٰ بن چکے تھے مارچ 1977میں قومی اسمبلی میں انتخابی دھاندلیوں کی وجہ سے صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کا بائیکاٹ ہوا۔اگر مسٹر بھٹو ایسا نہ کرتے تو آسانی سے اکثریتی نشستیں جیت سکتے تھے مگر الطاف حسین کی طرح انہوں نے خود ہی سر اوکھلی میں دے ڈالا تھا۔اس دوران جو صنعتیں قومیائی گئیں تھیں وہ صنعتکار بیورو کریسی اور دیگر افسران پی پی کے راہنماؤں حتیٰ کہ کارکنوں کی طرف سے دھونس سے ناجائز کام کروانے کے وطیرہ سے تنگ آئے ہوئے تھے اور بھٹو سے جان چھڑوانا چاہتے تھے ملک میں بھٹو مخالف قومی اتحاد کی طرف سے نظام مصطفیٰ کی تحریک چل رہی تھی اور دونوں کے وفود کے درمیان معاہدہ ہو جانے کے باجود جنرل ضیاء الحق نے قبضہ کر لیا۔ اور اسلامی نظام کے ہی نعرے کے تحت گیارہ سال مقتدر رہا ۔بہاولپور کے نزدیک طیارے کے حادثے میں بمعہ قیمتی جنرلو ں کے اگلی دنیا کو سدھار گیا۔نواز شریف ضیاء الحقی دور کے دوران مل واپس ملتے ہی خود سیاست میں چھلانگ لگا چکا تھا ۔اور بیورو کریسی اور جنرلوں کی تابعداریوں سے وزیر خزانہ اور وزیر اعلیٰ پنجاب بن گیا وہ اب بھی تیسری مرتبہ وزارت عظمیٰ انجوائے کر رہے ہیں اس لیے ان کی دیکھا دیکھی دیگر تمام صنعتکاروں نے طے کیا کہ اگر پیسوں سے ہی ممبران سمبلی بنا جاسکتا ہے تو پھروہ پیچھے کیوں رہیں انہوں نے سیاست کو خالص سرمایہ کا کھیل بناڈالا ہے وگرنہ تو ایم حمزہ جیسے ممبر اسمبلی سائیکلوں پر اسمبلی ہاؤس جایا کرتے تھے اب تو سیاسی ورکر بھی پیسے مانگتا ہے اور ووٹر بھی اپنی مناسب قیمت لگواتا ہے۔بغیر کسی لالچ یا سرمایہ کے ووت لینا اور دینا محال ہو گیا ہے۔اب صنعتکاروں کے لیے سیاسی کھیل کھیلنا بہت آسان ہو گیا ہے انتخابات میں کروڑوں لگاؤ اور پھر اربوں کماؤ جو زیاد مال لگاتا ہے وہی کامیاب ٹھہرتا ہے لاکھ کوششیں کریں جاگیردار وڈیرے اور سود خور صنعتکار ہی کامیاب ہوتے رہیں گے پارٹیوں کا نام تبدیل ہوسکتا ہے جیسے آجکل حزب اختلاف کے فرینڈلی ہو جانے اور اس کی دو نمبریوں کی وجہ سے عمرانی کشش تمام نو دولتیے سود خور سرمایہ داروں اور صنعتکاروں کو اپنی طرف کھینچ رہی ہے عمران خان نے بھی اگر سیاسی مار کھائی ہوتی تو یوں کشمیر کے معاملہ پر بائیکاٹ کرکے اپنی مقبولیت پر خود کش حملہ نہ کرڈالتااب تک تینوں بڑی پارٹیوں ن لیگ ،پی پی اورتحریک انصاف کے95فیصد عہدوں پر یہی طبقہ قابض ہو چکا ہے اب پھٹے پرانے میلے کچیلے کپڑوں اور ٹوٹی جوتیوں والے غریب کارکنوں کو اصل دفاتر جاتی امرائی ،زرداری بلاول ہاؤسز اور بنی گالائی محلات میں کو ن گھسنے دے گا۔اب ایک بھائی ادھر ہے تو دوسرا بھائی یا کزن دوسری طرف خواہ کوئی جیتے ہارے اقتدارانہی عیاش وڈیروں اور صنعتکاروں کے چنگل سے نہ نکل پائے گا بھٹو نے انہی وڈیروں پر کارکنوں کو چھوڑ کر تکیہ کیا تھا اور تختہ دار پر جھول گئے خدا نخواستہ انہی وڈیروں نے یہی حشر عمران خان کا کرڈالا تو ملک ایک نئے جری لیڈر سے محروم ہو جائے گا۔اب امکان ٖغالب یہی ہے کہ مظلوم اور پسے ہوئے طبقات کے بھوک مرتے ،خود کشیوں پر مجبور مزدور ہاری محنت کش کسان گلی کو چوں سے اﷲ اکبر اﷲ اکبر کے نعرے لگاتے اور محمدعربی ﷺپر درود پڑھتے تحریک کی صورت میں بپھرے ہوئے باہر نکلیں گے اور صحیح العقیدہ فرقہ پرستی اور برادری ازم سے عاری افراد کو کامیاب بناڈالیں گے اور ملک صحیح منعوں میں فلاحی مملکت بن جائے گا۔

Mian Ihsan Bari
About the Author: Mian Ihsan Bari Read More Articles by Mian Ihsan Bari: 278 Articles with 181547 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.