اعداد و شمار کا گورکھ دھندہ

ایک دانشور نے کہا تھا جھوٹ کی تین قسمیں ہوتی ہیں جھوٹ۔سفید جھوٹ اور اعدادوشمار موجودہ وفاقی حکومت نے جو اپنا چوتھا بجٹ پیش کیا ہے اسے اعدادوشمارکا گورکھ دھندہ کہا جا سکتاہے اس بجٹ میں وزیر ِ خرانہ اسحاق ڈار نے کسی چکرباز حسینہ کی طرح عوام کو چکرپہ چکر دینے کی کامیاب کوشش کی ہے جس سے عام آدمی چکرا کررہ گیاہے ایک ستم ظریف نے اسے عوام پر ڈرون حملہ قراردیاہے وفاقی بجٹ کی خاص خاص باتیں یہ ہیں سیمنٹ، دودھ، سٹیشنری،ڈائپر،مشروبات پرنئے ٹیکسزلگادئیے گئے ہیں زندہ مرغی پر کسٹم ڈیوٹی6%کردی گئی ہے اس کے علاوہ1500کے قریب ضروری اشیاء پرکسٹم ڈیوٹی بڑھا دی گئی ہے جس سے لوگ شدید متاثرہونے کااحتمال ہے پھر بھی کہا جارہاہے کہ غریبوں کو کوئی فرق نہیں پڑے گا ماہرین کہہ رہے ہیں کہ بجٹ میں بالواسطہ ٹیکسزلگاکر عام آدمی پر بہت زیادہ بوجھ لاددیا گیاہے ایک اہم بات یہ ہے کہ پیش کردہ5082ارب کے بجٹ میں1280ارب کا خسارا ظاہرکیا گیاہے جبکہ وصولیوں کا ہدف3621ارب قراردیا گیاہے اس کا مطلب یہ ہے کہ اگر حکومت وصولیوں کا ٹارگٹ پورا نہ کرسکی تو عوام پر مزید ٹیکس لگائے جا سکتے ہیں گذشتہ سال بھی حکومت نے کھربوں کا منی بجٹ پیش کرکے عوام کا کچومر نکال دیا تھا آثار بتاتے ہیں ا س سال بھی ایسا ہونا یقینی ہے کیونکہ کسی حکومت کے پاس الہ دین کا چراغ نہیں جس سے وہ100%وصولیوں کا ہدف پورا کر سکے یعنی ٹیکس ہی ٹیکس ۔۔۔اور ہر چیز مہنگی۔۔۔ حالات کا بے لاگ جائزہ لیا جائے تو معلوم ہوگا موجودہ حکومت کے تین سال کے دوران ہوشربا مہنگائی کے سارے ریکارڈ ٹوٹ چکے ہیں وزیر ِ ِخزانہ اسحق ڈارنے بھی تسلیم کیاہے کہ غربت میں مسلسل اضافہ ہوتا جارہاہے لوڈشیڈنگ کے باوجود بجلی کے بلوں میں کوئی کمی واقع نہیں ہوئی عام آدمی کا جینا دوبھرہوگیاہے۔۔۔ کوئی اس سوال کا جواب ۔۔۔ہمارے وزیر ِ ِخزانہ کے پاس؟؟؟ایک دور تھا جب بجٹ پیش کیا جاتا تو سال بھر قیمتوں میں استحکام رہتا انتظامیہ اور صوبائی و وفاقی حکومتیں سختی سے گراں فروشوں کے خلاف ایکشن لینا اپنا فرض مجھتی تھیں اب تو حکومت بجٹ کا تو تکلف ہی کرتی ہے ورنہ پتہ ہی نہیں چلتا کب بجٹ آیا کب گیا؟نئے مالی سال کا آغاہو یا معمول کے حالات گرانی ہے کہ بڑھتی ہی چلی جارہی ہے حسب ِ معمول اس مرتبہ پھر کہا جارہاہے کہ وفاقی بجٹ میں غریبوں پرکوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا جارہا عوام پر کوئی بوجھ نہیں پڑے گا پاکستان کا ہروزیر ِ خرانہ ہر سال غریب عوام کو خوش کرنے کیلئے ایسے ہی دعوے، ایسے ہی وعدے کرتاہے ۔پاکستان جیسے ملک میں بجٹ کو کوئی خوفناک چیز سمجھا جاتاہے یہ جب بھی آتاہے ملک میں مہنگائی کا ایک نیا طوفان امڈ آتاہے اب تو بجٹ اعدادو شمارکا گورکھ دھندا اور الفاظ کی جادو گری کا نام ہے اکثر وزیر ِ خرانہ جب بجٹ پیش کررہے ہوتے ہیں انہیں خود اندازہ نہیں ہوتاوہ کیا کہہ رہے ہیں۔۔جب سے حکومت نے اداروں اور محکموں کو خود مختاربنایا ہے انہیں شتربے مہارآزادی مل کئی ہے ان کا بااثر لوگوں پر تو کوئی زور نہیں چلتا لیکن انہوں نے غریبوں کا جینا ضرورمشکل کردیا ہے وہ سارا سال مختلف حیلوں بہانوں سے اپنے سروسز چارجز بڑھاتے رہتے ہیں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں اور بجلی کے نرخوں میں تو سال بھر کمی بیشی ہوتی رہتی ہے کمی کیا ہونی ہے اکثر ریٹ بڑھا دیئے جاتے ہیں عوام کی بدقسمتی یہ ہے کہ حکومت ،بڑے بڑے سیاستدانوں حتی کہ اپوزیشن رہنماؤں نے بھی عوام کی طرف آنکھیں بند کرلی ہیں۔حکمران عوامی مسائل اور مشکلات سے لاتعلق ہو چکے ہیں جب بھی بجٹ آتا ہے ناقدین، اپوزیشن اور حکومت مخالف رہنماؤں کو سستی شہرت حاصل کرنے ، دل کا غبار نکالنے یا بیان بازی کا ایک بہانہ میسر آ جاتاہے بجٹ کے حقیقی خدو خال پر کوئی غور کرنا پسند ہی نہیں کرتا اس ملک میں ہر روز منی بجٹ آتاہے ،ہرروز چیزوں کے نئے ریٹ عوام کا منہ چڑارہے ہوتے ہیں بنیادی طورپراس کی ذمہ دار حکومت ہے جس کی کسی بھی معاملہ پر گرپ نہیں ہے یہی وجہ ہے کہ اب چھوٹے چھوٹے گروپ بھی حکومتی رٹ کیلئے چیلنج بن گئے ہیں اس ماحول میں بجٹ کا رونا کوئی کب تک سنتا رہے۔بجلی اہو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے اتارچڑھاؤ کی آڑ میں گراں فروشوں کو چیزیں مہنگی کرنے سے کون روک سکتاہے؟ روزانہ کی بنیاد پر بڑھنے والی مہنگائی اور پے در پے منی بجٹ سے گھر گھر لڑائی جھگڑے معمول بن گئے ہیں ان حالات میں وزیر ِ خرانہ کا صرف یہ کہنا کافی نہیں کہ نئے بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا جارہا عوام پر کوئی بوجھ نہیں پڑے گا دعوے کو حقیقت بنانے کیلئے کچھ نا گزیر اقدامات کرنا پڑتے ہیں کچھ بے رحم فیصلے بھی۔ اس کیلئے ماحول کو سازگار بنانا بھی حکومتی ذمہ داری ہے عوام کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دینے والی پالیسی زیادہ دیر تک نہیں چل سکتی بجٹ کی اہمیت اور افادیت تواس صورت ہی ممکن ہے کہ حکومت بالخصوص کھانے پینے اشیاء،ہر قسم کی یوٹیلٹی سروسز،ادویات کی قیمتیں الغرض ہر چیز کے نرخوں کا تعین ایک سال کیلئے مقرر کرے،کسی ادارے، محکمے یا نیشنل،ملٹی نیشنل کمپنی کو ایک سال سے پہلے قیمت بڑھانے کی ہرگز اجازت نہ دی جائے اس پر سختی سے عمل کروایا جائے تو نہ صرف ملکی معیشت مستحکم ہونے میں مدد ملے گی بلکہ غریب عوام بھی سکھ کا سانس لے گی ورنہ اس سے بہتر یہ ہے کہ حکومت ہر سال بجٹ پیش کرنے کا تکلف ہی نہ کرے تو وزیر ِ خرانہ کئی کڑوے کسیلے سوالات سے بچ سکتے ہیں عوام ہرسال حکومت سے امید کرتے ہیں کہ اب کی بار بجٹ میں اعدادو شمارکا گورکھ دھندا اور الفاظ کی جادو گری نہیں ہوگی غریبوں کی فلاح کیلئے حقیقی اقدامات کئے جائیں گے۔۔یہ ایسا بجٹ ثابت ہوگاجس سے عام آدمی کو ریلیف ملے گا ہم دعا گو ہیں کہ اﷲ کرے ایسا ہی ہو حکمرانوں سے کوئی امید تو نہیں لیکن اﷲ کے حضور دعا مانگنے میں ہرج کیاہے ۔ ایک بات ہم کہے بغیر نہیں رہ سکتے ٹیکس نیٹ میں اضافہ اور ٹیکس چوری کا خاتمہ کئے بغیر معاشی استحکام ممکن نہیں جناب!اسحاق ڈار صاحب ہمیں آپ کا پیش کردہ بجٹ قبول ہے لیکن ایک وعدہ کریں کہ اس کے بعد سال بھر کوئی منی بجٹ نہیں آئے گا۔ایک دانشورنے کہا تھا جھوٹ کی تین قسمیں ہوتی ہیں جھوٹ۔سفید جھوٹ اور اعدادوشمار2016-17 کے بجٹ کا بغور جائزہ لیا جائے تو آپ بھی دانشور کی بات پر ایمان لے آئیں گے یہ بجٹ اعدادوشمارکا گورکھ دھندہ ہے۔
Sarwar Sidduiqi
About the Author: Sarwar Sidduiqi Read More Articles by Sarwar Sidduiqi: 218 Articles with 159770 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.