تھر میں تھر تھراتی انسانیت

 تھرپارکر سندھ کے 24 اضلاع میں سے سب سے بڑا لیکن نہایت پسماندہ ضلع ہے اس کا کل رقبہ 19,638 مربع کلو میٹر ہے۔ 1998ء کی مردم شماری کے مطابق اس کی آبادی 955,812 نفوس پر مشتمل ہے۔ تاہم اب اس کی آبادی 13 لاکھ کے قریب بتائی جاتی ہے۔ 98ء کی مردم شماری کے مطابق ضلع بھر میں مسلمان قریباََ 60 فیصد ہے، جبکہ ہندو 40 فیصد کے قریب ہے۔یہاں کا سب سے بڑا اور بنیادی مسئلہ صاف پانی کی عدم دستیابی ہے۔ اسی کے باعث تھر قحط سالی کا شکار رہتا ہے۔ِتھر کی زمین ہمیشہ سے پیاسی رہی ہے۔ قدرت مہربان ہو اور بارش آجائے تو پیاسی زمین میں جان پڑ جاتی ہے۔ لیکن ابرکرم نہ برسے تو قحط سالی انسانوں کے ساتھ ساتھ مویشیوں کو بھی گھر بار چھوڑنے پر مجبور کر دیتی ہے مگر تھری اب تین سالوں سے بارش کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں اور تھر ی مفلسی اور غذائی قلت کی وجہ سے بچے مر رہے ہیں-

تھر میں زندگی کی رمق برقرار رکھنے کے لیے مستقل بنیادوں پر پینے کا صاف پانی مہیا کرنا سب سے اہم مسئلہ ہے۔تھر کی زمین اورتھری باشندوں کی پیاس بجھانے کے لئے آراوپلانٹ بھی کام نہ آیا۔پلانٹ کے تالاب پر ٹینکر مافیا کے راج نے صحرائی علاقوں کو پانی پہنچانے کا خواب سچ نہ ہونے دیا۔ آراو پلانٹ کو انتظامیہ نیایشیا کا سب سے بڑا فلٹر پلانٹ قرار دیا۔ انتظامیہ کادعوی تھا کہ اس پلانٹ سے یومیہ بیس لاکھ گیلن میٹھا پانی تیار کر کے مٹھی کے شہریوں کو فراہم کیا جائے گا مگر ایک سال گزرنے کے باوجود بھی اس پلانٹ سے شہریوں کو پانی کی فراہمی ممکن نہ ہو سکی۔مشرف دور حکومت میں تھر کے شہر ڈوڈارو فارم میں اٹھتیس کروڑ روپے کی خطیر رقم سے ڈیپلو اور اس کے مضافاتی علاقوں کی رہائشی آبادی کو میٹھا پانی فراہم کرنے کے لیئے ڈوڈارو پمپنگ اسٹیشن بنایا گیا تھا جس کا مقصدڈوڈارو شہر سے ڈیپلو شہر تک 70 کلومیٹر کی حدود میں موجود پچاس ہزار سے زائد آبادی کو پینے کا میٹھا پانی فراہم کرنا تھامگر تھر پارکر میں ہونے والی 2011 کی طوفانی بارشوں میں ڈوڈارو پمپنگ اسٹیشن کی پائپ لائن جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگئی جس کے باعث ڈیپلو اور اس کے مضافاتی علاقوں میں شہریوں کو پانی کی فراہمی معطل کردی گئی جو آج بھی معطل ہے ،پانچ سال گذرجانے کے باوجود پائپ لائن کا مرمتی کام شروع نہیں کروایا گیا۔

سندھ میں پیپلز پارٹی پچھلے چالیس سالوں سے حکمران جماعت کے طور پر آگے رہی ہے اور پیپلز پارٹی کا منشور ہی روٹی ،کپڑا اور مکان رہا ہے مگر کیا وجہ ہے کہ پیپلز پارٹی آج تک سندھ کے لوگوں کو اْن کی بنیادی ضروریات فراہم کرنے میں بری طرح ناکام رہی ہے ؟اس کی وجہ صرف اور صرف ایک ہے کہ حکمران اپنی عیاشیوں میں مصروف ہے،ہر طرف کرپشن کا بازار گرم ہے یہی وجہ ہے کہ وہ تھر جہاں مور ناچتے تھے آج وہاں موت کی گہری تاریکی چھائی رہتی ہے اب تھر میں اونٹوں کی گھنٹیاں سنائی دینے کی بجائے موت کا سارن سنائی دیتا ہے ۔آج حکمران روٹی پانی اور صحت جیسی سہولیات دینے کی بجائے بھوکی عوام کو سکیمیں دینے میں لگ گئے ہیں کیونکہ کمیشن یہی سے ملنا ہے ۔آج حکمرانوں کو کوئی خوف خدا نہیں کہ جب روز قیامت حساب ہوگا تو کیا جواب دے گے۔

حضرت عمر ِفاروق رضی اﷲ تعالیٰ عنہ کی حکومت چوبیس لاکھ مربع میل پر تھی۔ راتوں کو اْٹھ اْٹھ کر پہرادیتے تھے اور لوگوں کی ضرورتوں کا خیال رکھتے تھے۔ حضرت عمر ِفاروق رضی اﷲ تعالیٰ عنہ کہتے تھے اگر دریائے فرات کے کنارے ایک کتا بھی پیاسا مر گیا توکل قیامت کے دن عمر(حضرت عمر رضی اﷲ تعالیٰ عنہ ) سے اس بارے پوچھ ہوگئی۔ا ٓج تھر ہماری راہ تک رہا ہے ہمارا فرض ہے کہ ہم ان کے ساتھ کھڑے ہو اور اس مشکل گھڑی میں ساتھ دیں ۔اہل قلم اس معاشرے کے سب سے حساس لوگ ہوتے ہیں اور ہر چیز کو بہت گہری نگاہ سے دیکھتے ہیں اسی سلسلے میں کالم نگاروں کی تنظیم پاکستان فیڈریل کونسل آف کالمسٹ نے تھر کی صورتحال کو اجاگر کرنے کیلئے ایک مہم کا آغاز کیا ہے اور تمام لکھنے والوں کو دعوت دی جارہی ہے کہ تھر کی صورت حال کو اجاگر کریں۔اسی سلسلے میں پاکستان فیڈریل کونسل آف کالمسٹ کا ایک ستائیس رکنی وفد تھر گیا ہے تاکہ تھر کی صورت حال کو قریب سے دیکھا جائے اور تھر کی صورت حال کو اور بہتر انداز میں اجاگر کیا جا سکے۔تھر میں زندگی تھر تھرا رہی ہے اور تھرئیوں کا پرسان حال نہیں،حکومت نام کی کوئی شے نظر نہیں آتی ،اس صورت حال میں سماجی کارکنوں،ملکی وغیر ملکی این جی اوزکا فرض ہے کہ تھر میں تھر تھراتی انسانیت کا ہاتھ تھامے اور انسانیت کو بچانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
موسمِ پرواز تھا ‘ لیکن قحط ایسا پڑا
بھوک لگنے پر ‘ پرند ہ اپنے ہی پر کھا گیا
R.S Mustafa
About the Author: R.S Mustafa Read More Articles by R.S Mustafa: 41 Articles with 26851 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.