مشتاق منہاس کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت

مشتاق منہاس کی مسلم لیگ(ن) میں شمولیت خوش آئند ہے تاہم یہ دیکھنا ابھی باقی ہے کہ مشتاق منہاس آزاد کشمیر کی سیاست میں مثبت اور تعمیری طرز عمل میں معاون ثابت ہوتے ہیں یا آزاد کشمیر کی روائیتی سیاست ان پر حادی ہوتی ہے۔اس وقت تک مشتاق منہاس کے پاس جماعت کا کوئی عہدہ نہیں ہے لیکن وزیر اعظم نواز شریف تک ان کی آسان اور باقاعدہ رسائی سے ان کو اہم حیثیت حاصل ہے۔مشتاق منہاس نے آزاد کشمیر میں سیاست کا آغاز محتاط انداز میں کیا ہے۔بلاشبہ وزیر اعظم نواز شریف آزاد کشمیر میں تعمیر و ترقی کے کئی منصوبے شروع کرا رہے ہیں تاہم یہ بات بھی اہم ہے کہ کشمیر کاز کے حوالے سے آزاد کشمیر حکومت کے بنیادی کردار کو بحال کرتے ہوئے آزاد حکومت کو بااختیار اور باوقار بنانے کے امور کو بھی یقینی بنایا جائے۔
معروف صحافی مشتاق منہاس کئی ہفتوں کی قیاس آرائیوں کے بعد باقاعدہ طور پر پاکستان مسلم لیگ(ن) آزاد کشمیر میں شامل ہو گئے ہیں۔آزاد کشمیر کے ضلع باغ سے تعلق رکھنے والے مشتاق منہاس کی مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر میں شمولیت کے حوالے سے اسلام آباد کے ایک ہوٹل میں تقریب منعقد ہوئی جس میںمسلم لیگ (ن) کے صدر راجہ فاروق حیدر خان،سیکرٹری جنرل شاہ غلام قادر،سینئر نائب صدر طارق فاروق چودھری،وفاقی وزیر امور کشمیر برجیس طاہر،وزیر اعظم نواز شریف کے سیاسی مشیر آصف کرمانی،صدیق الفاروق سمیت مسلم لیگ(ن) آزاد کشمیر کے عہدیداران اور کارکن شریک ہوئے۔آزاد کشمیر کے الیکشن کے لئے مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی کمیٹی کے ارکان کا اعلان بھی ہو گیا ہے۔ مسلم لیگ(ن) آزاد کشمیر اسمبلی کے الیکشن میں کسی سیاسی اتحاد کے بغیر ہی حکومت بنانے کی پوزیشن میں نظر آتی ہے تاہم اگر مخالف سیاسی جماعتوں کا کوئی اتحاد یا ''سیٹ ایڈ جسمنٹ'' ہونے کی صورت مسلم لیگ(ن) کی مشکلات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

مشتاق منہاس کی شمولیت کی تقریب سے خطاب میں راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ ہم اہلیت اور قابلیت کے مطابق ایک نیاسیاسی ، سماجی اور اقتصادی ڈھانچہ قائم کرنے کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔ اگر آزاد کشمیر میں یہی نظام چلتا رہا تو وہ دن دُور نہیں جب بھائی بھائی کا گلا کاٹے گا۔ آزاد کشمیر میں انقلابی تبدیلیوں کی ضرورت ہے آزاد کشمیر اسمبلی اور لوگوں کو زیادہ سے زیادہ با اختیار بنانا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر حکومت کی پاکستان گریز پالیسیوں کو ختم کر کے ہم نئے دور کا آغاز کرینگے، کشمیر کے حوالے سے میڈیا اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کر رہا کچھ ہفتے قبل چوہدری مجید نے ایک واقعہ کو بنیاد بنا کر پاکستان کے خلاف یوم سیاہ منایا اور اسی دن حریت کانفرنس نے معصوم کشمیریوں کی بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہادت پر مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے خلاف یوم سیاہ منایا ،بد قسمتی سے پاکستانی میڈیا پورا دن آزاد کشمیر کے ایک واقعہ کی کوریج کرتا رہا ۔ انہوں نے کہا کہ آج اخبارات قومی نہیں علاقائی بن چکے ہیں آزاد کشمیر کے لوگ اپنی ہی خبریں ڈاک ایڈیشن کی صورت میں خود ہی پڑھتے ہیں یہی وجہ ہے کہ آزاد کشمیر کے مسائل صحیح طور اجاگر نہیں ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ مشتاق منہاس نے ہمیشہ آزاد کشمیر کے حقوق کی جنگ لڑی ہے اور آزاد کشمیر میں مسلم لیگ(ن) کے قیام میں اہم کردار ادا کیا میں ذاتی طور پر ان کے صحافتی کردار کامعترف ہوں ہمیں سوچنا چاہیے اور اس حوالے سے دیکھنا ہو گا کہ آزاد کشمیر میں تعمیر وترقی اور خوشحالی کے پروگرام کو کس طرح عملی جامہ پہنایا جا سکتا ہے میاں محمد نواز شریف نے آزاد کشمیر میںصحت کے حوالے سے جو پروگرام دیا ہے اس سے مجموعی طور پر16لاکھ افراد استفادہ کرینگے۔

چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا کہ بڑے بڑے عظیم لوگ صحافت سے سیاست کے میدان میں آئے اور انہوں نے قابل قدر کارہائے نمایاں انجام دئیے مجھے آج مشتاق منہاس کی مسلم لیگ(ن) میں شمولیت سے دلی سکون و اطمینان حاصل ہوا ہے۔ آج مجھے خوشی ہے ایک ایسا صحافی جو ایک بڑا نام اور مقام رکھتا ہے اس نے بہت سوچ سمجھ کر اور جائزہ لے کر یہ فیصلہ کیا کہ مسلم لیگ(ن) ہی واحد جماعت ہے جو پاکستان کو موجودہ مشکلات سے نکال سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشتاق منہاس مسلم لیگ(ن) کیلئے بھی اثاثہ ہے ، سیاست اور پاکستان کیلئے بھی اثاثہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آمدہ الیکشن صاف و شفاف اور غیر جانبدار ہونگے یہ الیکشن 2011کے الیکشن کی طرح نہیں ہونگے جس میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے فنڈز، نادارا کے جعلی شناختی کارڈز استعمال ہونگے ۔ ڈاکٹر آصف کرمانی نے کہا کہ سردار ابراہیم ،کے ایچ خورشید ،سردار عبدالقیوم ،سردار سکندر حیات جیسی قدا ور شخصیات آزاد کشمیر کا اثاثہ ہیں ،اانھوںنے کہا کہ اتحاد کے ساتھ آگے بڑھنا ہے جیت ہمارا مقدر ہو گی، وفاقی حکومت ن لیگ آزاد کشمیر کے کارکنان کی پشت پر کھڑی ہے ن لیگ کے کارکنان کے ساتھ پاکستان ،آزاد کشمیر اور بیرون ممالک کہیں بھی زیادتی برداشت نہیں کرینگے ۔نہوں نے کہا کہ مشتاق منہاس نے آزاد کشمیر میں مسلم لیگ(ن) کے قیام میں کردار ادا کیا اور آج وہ خود مسلم لیگ(ن) میں شامل ہو کر مسلم لیگ(ن) کا حصہ بن چکے ہیں ان کی شمولیت سے یقینا آزاد کشمیر میں مسلم لیگ(ن) مزید مضبوط اور فعال ہو گی۔

پاکستان مسلم لیگ(ن) آزاد جموںو کشمیر کے سیکرٹری جنرل شاہ غلام قادر نے مشتاق منہاس کو مسلم لیگ(ن) میں شمولیت پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ نے پاکستان قائم کیا اور آج تعمیر وترقی اور خوشحالی میں بھی مسلم لیگ مرکزی کردار ادا کر رہی ہے، قائد پاکستان میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں ترقی کا یہ سفر جاری رہے گا۔ چوہدری طارق فاروق نے کہا کہ مشتاق منہاس کیلئے مسلم لیگ(ن) آزاد کشمیر کے تمام کارکنان کے دلوں میں بہت احترام و محبت ہے اور اس محبت کا منبع میاں محمد نواز شریف ہیں اور یہی وجہ ہے کہ آج سارے آزاد کشمیر کے کارکنان آپ کو مسلم لیگ(ن) میں ویلکم کہنے کو موجود ہیں آپ نے مشکل وقت میں ہمارا ساتھ دیا۔ آج مسلم لیگ(ن) آزاد جموں وکشمیر میں آپ کی صورت میں ایک خوبصورت اضافہ ہوا ہے اور اس سے جماعت مزید مضبوط ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں آج کل جو نظام ہے اس کے بارے میں یہی کہا جا سکتا ہے کہ ہر شاخ پہ الو بیٹھا ہے اور ہمیں آپ سے توقع ہے آپ آزاد کشمیر میں ایک بہتر نظام حکومت کے قیام کیلئے راجہ محمد فاروق حیدر خان کے دست و بازو بنیں گے۔

مشتاق منہاس نے مسلم لیگ(ن) میں شمولیت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں آج شعبہ صحافت کو خیر آباد کہتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ(ن) میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کرتا ہوں۔ انہوں نے کہاکہ آزاد جموںو کشمیر ایک پسماندہ علاقہ ہے، ہم اپنے اکابر کے کارہائے نمایاں پر بلاشبہ فخر کر سکتے ہیں اور ا سی کا تسلسل راجہ محمد فاروق حیدر خان برقرار رکھے ہوئے ہیں ۔میں سالار جمہوریت سردار سکندر حیات خان کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں جو آزاد کشمیر میں گڈ گورننس کی علامت ہیں اور ہمیں ان کی راہنمائی میسر ہیں۔ باغ میں صدیوں سے پسماندگی نے ڈیرے ڈالے رکھے ہیں، صرف میاں محمد نواز شریف کے ویژن کے مطابق ہی آزاد کشمیر کی ترقی ممکن ہو سکتی ہے اور کوئی دوسرا راستہ نہیں، ہم میاں محمد نواز شریف کے ویژن، اصولوںاور درد دل کے مطابق راجہ محمد فاروق حیدر خان کی قیادت میں ایک اچھی حکومت فراہم کریں گے۔ ہم راجہ محمد فاروق حید رخان کے ہاتھ مضبو ط کریں گے تو میاں محمد نواز شریف کے ہاتھ مضبوط ہونگے اور آزاد کشمیر میں کوئی دیانت دار قیادت ہے تو وہ راجہ محمد فاروق حیدر خان ہے۔ہم نے آزاد کشمیر میں محنت کرنی ہے کیونکہ آزاد کشمیر کے لوگوں کو مسلم لیگ(ن) اور محمد نوا زشریف سے بہت توقعات وابستہ ہیں۔
تقریب کے اگلے دن مشتاق منہاس نے وزیر اعظم نواز شریف سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔اس حوالے سے ایک خبر کے مطابق وزیراعظم محمدنواز شریف نے کہا کہ وزیراعظم نے کہا کہ
 ماضی میں بھی مسلم لیگ کو فعال بنانے میں مشتاق منہاس نے اہم کردار ادا کیاہ امید ہے انکی باضابطہ شمولیت سے مسلم لیگ ن آزاد کشمیر بھر بلخصوص باغ میں مزید مستحکم بن جائے گی ۔ مشتاق منہاس نے وزیراعظم کا شکریہ اداکیا اور کہا کہ مسلم لیگ ن کو آزاد کشمیر میں مضبوط قوت اور متحرک بنانے کے لیے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔ پاکستان مسلم لیگ(ن) نے آزاد کشمیر کے الیکشن کے حوالے سے جماعتی ٹکٹ کے لئے وزیر اعظم نواز شریف کی صدارت میں قائم پارلیمانی کمیٹی میں راجہ ظفر الحق ،سردار سکندر حیات خان،راجہ فاروق حیدر ،شاہ غلام قادر،چودھری طارق فاروق ،نجیب نقی،چودھری محمد عزیز ،سردار عبدالخالق وصی،چودھری نثار علی خان،سردار مہتا ب احمد خان،خواجہ محمد آصف،خواجہ سعد رفیق،چودھری برجیس طاہر،پرویز رشید،حمزہ شہباز شریف ،نصیب اللہ گردیزی اور ڈاکٹر آصف کرمانی( سیکرٹری کو آریڈینیشن) شامل ہیں۔مشتاق منہاس کی مسلم لیگ(ن) میں شمولیت خوش آئند ہے تاہم یہ دیکھنا ابھی باقی ہے کہ مشتاق منہاس آزاد کشمیر کی سیاست میں مثبت اور تعمیری طرز عمل میں معاون ثابت ہوتے ہیں یا آزاد کشمیر کی روائیتی سیاست ان پر حادی ہوتی ہے۔اس وقت تک مشتاق منہاس کے پاس جماعت کا کوئی عہدہ نہیں ہے لیکن وزیر اعظم نواز شریف تک ان کی آسان اور باقاعدہ رسائی سے ان کو اہم حیثیت حاصل ہے۔مشتاق منہاس نے آزاد کشمیر میں سیاست کا آغاز محتاط انداز میں کیا ہے۔بلاشبہ وزیر اعظم نواز شریف آزاد کشمیر میں تعمیر و ترقی کے کئی منصوبے شروع کرا رہے ہیں تاہم یہ بات بھی اہم ہے کہ کشمیر کاز کے حوالے سے آزاد کشمیر حکومت کے بنیادی کردار کو بحال کرتے ہوئے آزاد حکومت کو بااختیار اور باوقار بنانے کے امور کو بھی یقینی بنایا جائے۔
Athar Massood Wani
About the Author: Athar Massood Wani Read More Articles by Athar Massood Wani: 770 Articles with 615080 views ATHAR MASSOOD WANI ,
S/o KH. ABDUL SAMAD WANI

Journalist, Editor, Columnist,writer,Researcher , Programmer, human/public rights & environmental
.. View More