اجتماعی خودکشی

بزرگوں نے ناقدرے لوگوں کی دوستی اور محبت سے پناہ مانگی ہے اور انکی نصحیت آنے والی نسلوں کو یہی رہی کہ "ناقدردان افراد اپنی ناقدری و نا شکرگزاری سے ہر انعام کو کھو دیتے ہیں "سو ایسا نہ بنو بالکل اپنے میں موجود ہیرے جیسے چمکتے دمکتے انسانوں کو پہچانو انکی قدر کرو انکو عزت و احترام دو تاکہ وہ ایک مفید وجود کے طور پر تمھاری نسلوں کی ترقی کا با عث بنیں مگر افسوس کہ ہم نے شاید اجتماعی طور پر اپنے " ہیروز " کو بے عزت کرنے اور انکی ناقدری کرنے حتی کہ انکو دوسری دنیا میں پہنچا دینے کے تمام انتظام کیے ھوۓ ہیں
عظیم قومیں عظیم افراد سے بنتی ہیں ایسے افراد سے جو اپنے ہنر ،علم و فن ،تحقیق ،سیاست، بین الاقوامی تعلقات ،معاشیات وغیرہ جیسے علوم پر دسترس رکھتے ہیں اور پھر اپنی انہی صلاحیتوں کی وجہ سے یہ افراد اپنی قوم اور ملک کے لیے کارنامے انجام دیتے ہیں اور ان کارناموں کی بدولت دنیا میں ان افراد کا نام انکے ملک اور قوم کا نام روشن ہونے کا با عث بنتا ہے-

پاکستان 1947 میں قائم ہوا تھا اور آج 2016 میں ہمیں دنیا کے نقشے پر ابھرے تقریبا 68سال ہوچکے ہیں قوموں کی زندگی میں 68 سال بہت ہی معمولی عرصہ ہے لیکن یہ ہماری خوشقسمتی رہی کہ اس مختصر سے عرصے میں ہمیں قائد اعظم محمد علی جناح ،ذوالفقار علی بھٹو ،باچا خان ، جی ایم سید ،حیدر بخش جتوئی ،خیر بخش مری ،نواب اکبر بگٹی ،بے نظیر بھٹو جیسے قابل اور بین الاقوامی عزت و شہرت کے حامل سیاستدان ملے ،ہمیں فیض احمد فیض جیے لینن پیس ایوارڈ یافتہ شاعر نصیب ہوۓ. جوش ملیح آبادی، حبیب جالب ، محسن نقوی ،احمد فراز ،پروین شاکر، منیر نیازی ، احمد ندیم قاسمی جیسے ہندو پاک اردو ادب پر حکمرانی کرتے شاعر ملے..... کھیل ہوں یا اقتصادی میدان ، فن کا سفر ہو یا صحافت کا، 68 سال کی مختصر عمر میں اس قوم نے کیا کیا نہ گوہر پاۓ
مگر
واۓ ناکامی متا ع کارواں جاتا رہا
کارواں کے ساتھ احساس زیاں جاتا رہا

ہم نے اجتماعی طور پر نہ ان گوہر نایاب سیاستدانوں سے فایدہ اٹھایا نہ فن کے جھلملاتے ستاروں سے! کھلاڑی بھی ہماری سازشی کہانیوں کی نظر ہوۓ اور اپنے پیشے سے عشق کرنے والے جانباز صحافی بھی .ہم نےکبھی پہلے پاکستانی نوبل انعام یافتہ ڈاکٹر عبد السلام کوکافر کہہ کر دنیا میں اپنا ہی مذاق اڑایا تو کبھی سب سے کم عمر امن کا نوبل پرائیز پانے والی بہادر ملاله کو ایکٹنگ کوئین اور یہودی ایجنٹ مشہور کر کے اپنے مزید ذلیل ہونے کا بندوبست کیا -

اپنے ہی عوام کے ہر دلعزیز اور منتخب رہنماؤں کو قاتل ، مجرم بنانے کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگایا اور پھر دنیا سے یہ امید کہ وہ آپکی ،اس ملک کی اور اس کے عوام کی "عزت " کرے ؟ کیا دنیا والے ایسی عوام کی عزت کریں جو کبھی ایک "قاتل "کو چار حلقوں سے ووٹ دے کر کامیاب کرتے ہیں تو کبھی کرپشن کوئین کو مسلم دنیا کی پہلی اور دنیا کی سب سے زیادہ ووٹ لینے والی خاتون وزیر اعظم بنا دیتے ہیں ! دنیا ایسی عوام کو کیا سمجھے جو ایک "ہائی جیکر " کو تین بار وزیر اعظم منتخب کرتی ہے ، کبھی اپنی دو بار منتخب وزیر اعظم بیوی کے بھائی اور کبھی خود اسی وزیر اعظم بیوی کو قتل کرنے کا منصوبہ بنانے والے کوعوامی پارلیمنٹ بھاری اکثریت سے اپنا صدر بنالیتی ہے؟

دنیا اس ملک کے باسیوں کو کیا سمجھے جن کے شاعر اکثر ہی جلاوطن رہتے ہیں یا پھر جیل میں کبھی ان پر حیدرآباد سازش کیس چلتا ہے تو کبھی وہ امریکہ ، کینڈا یا برطانیہ میں جان بچا کر چھپے رہتے ہیں -

جس شاعری کو دنیا سنتی ہے. داد دیتی ہے اپنی اپنی زبانوں میں اسی شاعری کے ترجمے کروا کر اپنی درسگاہوں میں رائج کرتی ہے ، ہم اسکو غداری ڈکلئیر کرتے ہیں فیض ہو یا فراز، انشا جی ہوں یا جوہر میر ہم نے اپنے شاعر و ادیب کی علم و فن کی زندگی مختصر ترین کر دی اسکی زندگی فن کے چراغ جلاتے نہیں بلکہ جلاوطنی کے عزاب سہتے گزری آج بھی وہ قلم کار جو بلوچستان کے جوانوں کو شعور دیتے ہیں ریاستی بربریت کی زد پر ہیں نہ کوئی مقدمہ ہے نہ کوئی الزام ثابت ، نہ وکیل نہ جج اور سیدھا سزاۓ موت-

کھلاڑیوں کی طرف آئیں تو کبھی کسی گولڈ میڈیلسٹ باکسر کو شہر کی گلیوں میں کسمپرسی کی حالت میں زندگی کی گاڑی کھینچتے دیکھیں گے تو کبھی کسی فٹ بال کے مایہ ناز پلئیر کو-

کھیلوں اورکھلاڑیو ں کو برابری کی سطح پرفنڈز مہیا نہیں کیۓ جاتے بلکہ یہاں بھی ناانصافی کا دور دورہ ہے آپکو کرکٹ ہی اس ملک کا " قومی کھیل" نظر آ ئے گا ہاکی ہو یا فٹبال جیسا بین الاقوامی کھیل اسکے کھلا ڑی ناگفتہ بہ حالات سے دوچار ہیں-

لوک فنکار کسی بھی زمین کا اٹوٹ انگ ہوتے ہیں یہ فنکاروں کی واحد قسم ہے جوبازارمیں بیچی اور خریدی نہیں جاسکتی کیوں کہ اسکا تعلق فن سے زیادہ مٹی سے ہوتا ہے-

یہ بھارت اور امریکہ جا کر صرف اپنے فن کا مظاہرہ کر کے اپنے وطن کا نام غیر ملکیوں کی زبان پر لے آتے ہیں مگر انکے "رنگ " میں کبھی بھی نہیں ڈھل سکتے ! ایسے سچے اور کھرے فنکاروں کے لیے آجکل کے یہ دو نمبر کے میڈیا ہاوسز ، ٹی وی چینلز ، ایف ایم ریڈیوز ، اسٹیج شوز وغیرہ کوئی خدمت انجام نہیں دے رہے ! ایک زمانہ ان لوک فنکاروں پر آیا تھا کہ یہ مٹی سے گندھے اپنے فن کو عوام تک پہنچا رہے تھے اور داد وصول کر رہے تھے مگر جس طرح مکروہ آمریت نے جمہوریت کی اصل کا گلا گھونٹ دیا ویسے ہی اصل فنکاروں کو بھی موت کے منہ میں پہنچا دیا بلکہ اگر میں کہوں کہ مائی بھاگی ، استاد ابراہیم ،فیض محمد بلوچ ، استاد خمیسو خان ، ریشماں اور ان جیسے خوبصورت ترین فنکار جو کسی بھی ملک کا بہترین اور قیمتی ترین اثاثہ ہوتے ہیں ان 68 برسوں میں عوامی بے توجہگی اور حکومتوں کی لاتعلقی کی وجہ سے ایسے بچھڑے ہیں جیسے خزاں رسیدہ شجر سے زرد پتے ... تو مبالغہ آرائی نہیں ہوگی -

قدرت نے صحافی بھی وہی اس ناقدر معاشرے سے چن چن کر اٹھا لیۓ جو اپنی صحافتی ذمہ داریوں کو بہترین طریقے سے پورا کرنا جانتے تھے .آمرانہ نظام نے کچھ تو ملک چھوڑنے پرمجبور کر دیا اور کچھ کو اگلے جہاں کی راہ دیکھا دی کچھ کمزور اعصاب کے مالک صحافیوں نے سولین ہوتے ھوۓ بھی ھتیار ڈالنے میں ہی عافیت جانی اور آج بھی بھری جیب اور بوجھل ضمیر کے ساتھ صحافت کی ٹمٹماتی مشعل کواپنے ہاتھوں میں لیۓ خوف کے ساۓ میں زندگیاں گزار رہے ہیں کہ نہ جانے کونسی رات ہو گی جسمیں رہزنوں کے روپ میں نام نہا د چوکیدار حملہ آور ہونگے اور ایسے صحافیوں کی زندگیاں بھی ختم کرنا چاہیں گے جو بزدل تو ہیں مگر انکے سینے میں طاقت کی غلام گردشوں میں کامیاب اور ناکا م رہتی سازشوں کے راز دفن ہیں-

لیکن نادان ہیں وہ جو سمجھتے ہیں کہ موت ان سیاستدانوں ، فنکاروں ،قلمکاروں ،صحافیوں کو نقصان پہنچاتی ہے ایسا نہیں کیونکہ انسان تو ہے ہی فانی ! آج نہیں تو کل ختم ہوجانا ہے مگر کیونکہ اس ملک اور اسمیں بسنے والوں کی قسمت خراب ہے لحاظہ جو کچھ ان عظیم افراد نے قوم کی عظمت اور وقار کے لیے دنیا میں کرنا تھا اسکا نہ انکو وقت دیا گیا اور نہ فرصت !! انمیں کوئی اپنے پر لگےجھوٹے الزمات دھوتے دھوتے دنیا سے کوچ کر گیا تو کسی کو ریاست نے قاتل ، ڈاکو ، مجرم، غدار ،کافر ،وطن دشمن ، دہریہ ، بے راہ رو کہہ کر کبھی ذہنی تو کبھی جسمانی طور پر قتل کر ڈالا-

سچ یہی ہے کہ جس طرح فرد خودکشی کرنے پر آ ئے تو اسکو وقت بھی مل ہی جاتا ہے اور موا قع بھی اسی طرح قومیں بھی جب اپنے ہاتھ سے اپنے آپ کو تاریخ میں رسوا و ذلیل کرنے پر آئیں تو اپنے ہی ہیروز کو چن چن کر پہلے بدنام اور پھر قتل کروا دیتی ہیں اور اس طرح اپنی اجتماعی خودکشی کو کامیاب بنا دیتی ہیں -
aina syeda
About the Author: aina syeda Read More Articles by aina syeda: 44 Articles with 63179 views I am a teacher by profession, a writer by passion, a poet by heart and a volunteer by choice... View More