دلچسپیاں - سیکھنے کا عمل اور مفید گُر (قسط ۴)

قسط 4

"گروپ فوٹو"

سیکھنے کے عمل میں طلبہ عموماََ ایک اہم غلطی یہ کرتے ہیں کہ وہ مختلف کانسیپٹس کی الگ الگ بنیادی تعریف تو سمجھ لیتے ہیں مگر اُن کی آپس میں رشتے داریوں کو پہچاننے کی کوشش نہیں کرتے۔ کسی کانسیپٹ کی تعریف سمجھ لینا واقعی سیکھنے کا ایک طریقہ تو ہے، مگر اِس سے کہیں زیادہ موثر اور مفید طریقہِ کار یہ ہے کہ اُس کانسیپٹ کو اُس کی قریبی فیملی کے تناظر میں دیکھا جائے۔ پھر یہ بھی دیکھا جائے کہ یہ کانسیپٹ اپنے قریبی رشتے داروں سے کہاں کہاں مماثلت رکھتا ہے اور کہاں کہاں بالکل منفرد ہے۔ انسانی دماغ بنیادی طور پر ایک یاد رکھنے اور تجزیہ کرنے کی مشین ہے۔ اشیاء کے آپس میں تعلق، ترتیب، مماثلت اور فرق، یہ سب اِس کی سٹوریج اور تجزیے دونوں میں مدد کرتے ہیں۔ چنانچہ آسان الفاظ میں یہ سمجھ لیں کہ آپ نے دماغ کو کانسیپٹس کے "گروپ فوٹو" مہیا کرنے ہیں۔

مثال کے طور پر اگر آپ پہلی بار "معرٰی" نظم کے بارے میں پڑھتے یا سنتے ہیں تو ایک راستہ تو یہ ہے کہ آپ اس کی بنیادی سی تعریف سمجھ کر آگے چل دیں۔ وہ بنیادی سی تعریف یہ ہو سکتی ہے

"وہ نظم جس میں قافیہ ردیف کی پابندی نہیں ہوتی"

مگر ایک موثر طریقے سے سیکھنے والا کوشش کرے گا کہ اِس تعریف کے قریب قریب دوسری تعریفوں کو بھی اِس کانسیپٹ کے ساتھ نتھی کر لے اور پھر اِن کے آپس میں تعلق، ترتیب، مماثلت اور فرق کو سمجھ لے۔ مثلاََ نظم کی دیگر اقسام کے مطالعے یا اپنی پہلے کی معلومات سے یہاں "آزاد" نظم اور "نثری" نظم کی طرف توجہ جا سکتی ہے۔ مزید جانچ پڑتال کے بعد اِس فیملی کے اراکین کو بیان کرنے کا ایک طریقہ یہ ہو سکتا ہے

- معری : قافیہ ردیف سے آزاد، پابندِ بحور، مصرعوں کے ارکان برابر (یعنی ایک لمبائی کے مصرعے)۔

- آزاد : قافیہ ردیف سے آزاد (کہیں کہیں قافیہ مل بھی جائے تو اجازت)، پابندِ بحور (چاہے ایک سے زیادہ بحریں ہی ہوں)، مختلف لمبائی کے مصرعوں کی اجازت (خیال کے لحاظ سے توڑے گئے، کوئی طویل، کوئی مختصر)۔

- نثری : قافیہ ردیف بحر یا مصرعوں کی لمبائی برابر رکھنے جیسی تمام شرائط سے آزاد، مگر جملے توڑ کر الگ الگ سطور میں لکھے گئے (نثری نظم کو "شاعری" ماننے پر ادبی حلقوں میں بہت لے دے ہوتی ہے)۔

یہاں اِن کا تعلق یہ ہے کہ تینوں ہی نظم کی اقسام ہیں، ترتیب یہ ہے کہ معری سے نثری تک جاتے ہوئے "آزادی" بڑھتی جاتی ہے، اور پھر ہر ایک کی تعریف یوں لکھی گئی ہے کہ ہر جوڑے کی آپس میں مماثلت اور ایک دوسرے سے فرق واضح ہو جاتے ہیں (مزید آسانی کے لئے ہر ایک کی مثال بھی شامل کی جا سکتی ہے)۔ اب یہ "فہرست" آپ کے دماغ کے لئے ایک "گروپ فوٹو" ہے جو یاد رکھنے اور تجزیہ کرنے دونوں میں مددگار ہو گی۔ "فہرست" کے علاوہ بھی گروپ بندی کے کچھ طریقے اختیار کئے جا سکتے ہیں۔ چند جو میں استعمال کرتا ہوں وہ یہ ہیں

- آرگنائزیشنل چارٹ : اِس کی ایک مثال اوپر تصویر میں دی گئی ہے۔ یہ بنیادی طور پر ایک "شجرہ" سا ہوتا ہے۔

- وِین ڈائیگرام Venn Diagram : اِس میں بہت سے گول دائروں کی مدد سے مماثلت اور فرق کو واضح کیا جاتا ہے۔

- ٹیبل : ایک گوشوارے کی شکل میں جمع کرنا۔

- فلو چارٹ : یہ عموماََ مسائل کے مختلف حل عملی ترتیب سے بتانے کے لئے استعمال ہوتے ہیں۔

اِن کی مثالوں کے لئے آپ گوگل سرچ کر سکتے ہیں۔

ہوم ورک:

معری، آزاد اور نثری نظم، اِن کی وِین ڈائیگرام اور فلو چارٹ بنائیں۔
Ibnay Muneeb
About the Author: Ibnay Muneeb Read More Articles by Ibnay Muneeb: 54 Articles with 64080 views https://www.facebook.com/Ibnay.Muneeb.. View More