ایک ہوں مسلم

مردان میں ہونے والے خودکش حملے نے پھر لوگوں کو ہلاکررکھ دیاہے ہر محب وطن کا دل مضطرب ہوگیاہے یہ حملہ ظاہرکرتاہے کہ ابھی دہشت گرد وں کا نیٹ ورک موجود ہے اس میں کوئی شک نہیں کہ اپریشن ضرب ِ عضب نے دہشت گردوں کی کمر توڑ کررکھ دی ہے لیکن ان کی بچی کھچی باقیات خوف و ہراس پھیلا رہی ہیں۔۔۔ اسلام کو دین ِ فطرت کہا گیاہے جو ہرقسم کی انتہا پسندی کے خلاف ہے بلکہ یہ کہنا زیادہ موزوں ہے کہ اسلام اور انتہا پسندی اور دہشت گردی ایک دوسرے کی ضد ہیں اب اسلام کے نام پر قتل و غارت والا فلسفہ کسی کی سمجھ میں نہیں آسکتا اور نہ مسلمانوں کی اکثریت دہشت گردوں کو اسلام کے وارث تسلیم ہی کرسکتی ہے اس لئے عام لوگوں میں یہ تاثرپایا جاتاہے کہ انتہا پسند اسلام کی غلط تشریح کررہے ہیں جس کی وجہ سے دنیا بھر میں مسلمانوں کی سبکی ہورہی ہے مغربی دنیا اور اسلام دشمن قوتوں کے زہریلے پروپیگنڈے کے باعث مسلمان کے ساتھ دہشت گردی کو نتھی کردیا گیاہے حالانکہ بیشتر مسلم ممالک میں مسلمانوں کی اکثریت سماجی اورمعاشرتی اعتبار غربت کے ہاتھوں انتہائی مجبور ہے وطن ِ عزیز پاکستان میں تو12کروڑ سے بھی زیادہ شہری غربت سے بھی نچلی سطح پر زندگی گذار رہے ہیں غربت کی سب سے خوفناک شکل یہ ہے کہ سینکڑوں لوگ اپنے گردے بیچنے سے بھی دریغ نہیں کررہے، غربت سے تنگ لوگ اپنے لخت ِ جگر فروخت کرنے پر مجبور ہو رہے ہیں آئے روز اخبارات میں ایسی خبریں بھی شائع ہوتی رہتی ہیں۔جن علاقوں میں انتہا پسندوں کا اثرورسوخ زیادہ ہے ان میں عام آدمی کی حالت انتہائی قابل ِ رحم ہے وہاں نہ کوئی انڈسٹری ہے نہ صنعت۔۔۔ایک سیاحت وہاں کا واحد ذریعہ ٔ روزگار تھا جو دہشت گردی کی نذر ہو گیا۔ شمالی علاقہ جات کے شہری ان حالات کی وجہ سے زندگی سے عاجزآئے ہوئے ہیں سندھ پنجاب،بلوچستان کے زیادہ ترشہریوں کی حالت بھی سب کے سامنے ہے ملک کے چاروں صوبوں کے پوش علاقوں کو چھوڑ کر باقی شہروں کی بیشترآبادیوں میں لوگ زندگی کی بنیادی سہولتوں کو ترس رہے ہیں بھارتی، بنگلہ دیشی، فلسطینی،برما،افریقی،افغانی،عراقی مسلمانوں کی حالت ِ زارایک الگ داستان در داستان ہے سب کے سب مسالک اور عوام کی اکثریت ملک میں شریعت کا نفاذ کرانا چاہتے ہیں تو یہ اچھی بات ہے نظام ِ مصطفےٰ ﷺ توہر مسلمان کے دل کی آواز ہے یہ ملک بھی اسلام کے نام پر حاصل کیا گیا تھا اور اس میں اسلام کی حکمرانی کا خواب ضرور شرمندہ ٔ تعبیر ہونا چاہیے نظام ِ مصطفےٰ ﷺ کے نفاذ کیلئے امن ہی سب سے بہتر اور سب سے اچھا فارمولا ہے اسلام میانہ روی کا حکم دیتاہے لیکن اسلام کے نام پر اپنے کلمہ گو بھائیوں کے گلے کاٹنا، اسلام کے نام پر دہشت،خوف وہراس ، دین کے نام پر بم دھماکے،خودکش حملے،اسلام کے نام پر مختلف مذاہب کی عبادت گاہوں کو نشانہ بنانا،ٹرینوں پر حملے اور بے گناہوں کے خون کی ہولی کھیلنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔۔ ایک اور اہم بات جو اسلام کی اصل روح ہے جب تک سٹیٹ کو ایک رفاہی ، فلاحی مملکت نہیں بنایا جاتااسلامی تعزیرات کو نافذنہ کیا جائے اس کیلئے بتدریج اسلامی قوانین پر عمل ہونا ضروری ہے اس کی ایک مثال یہ ہے کہ اسلامی نظام نافذ ہو بھی جائے پھر بھی جرائم اورغربت کی وجوہات ختم کئے بغیراسلامی سزاؤں کیلئے ٹھوس حکمت ِ عملی تیار کرنے کی ضرورت ہے۔ مختلف مکاتب ِ فکر کے علماء کرام، دانشوروں،اسلامی سکالرزاور ماہرین کی خدمات سے استفادہ کیا جائے۔ہمیں اﷲ تعالیٰ نے ایک موقعہ دیاہے ہم اس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اتحاد، اتفاق ،مفاہمت سے اﷲ کی زمین پر اﷲ کا نظام نافذکر سکتے ہیں لیکن طاقت کے بل بوتے یابندوق تان کریا دہشت گردی کے زور پر کئے گئے فیصلے ملک و قوم کیلئے تباہ کن ثابت ہو سکتے ہیں پاکستان میں سیاسی، لسانی،مسلکی الغرض کہ ہرقسم کی مسلح جدوجہد اسلام اور ملکی مفاد میں ہرگز، ہرگز، ہرگزنہیں ہے اب اپریشن ضرب ِ عضب کے ذریعے ملک بھر سے دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خاتمہ کے لئے جو جدو جہد جاری ہے اسے پوری دنیا میں سراہا گیاہے انشاء اﷲ مستحکم، خوشحال اور پرامن پاکستان آنے والی نسلوں کی امیدوں کا مرکز ثابت ہوگا اگرہم اپنی ساری انرجی،کوششیں، جدوجہد اور کاوشیں اسلام کی سربلندی، پاکستان کی ترقی اورعوام کی خوشحالی کیلئے وقف کردی جائے تو اس سے نہ صر ف ہمارے ملک کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کا تحفظ ہو گا بلکہ پاکستان کو اسلام کا مضبوط قلعہ بنانے کا خواب بھی پورا کیا جا سکتاہے
ایک ہوں مسلم حرم کی پاسبانی کے لئے
نیل کے ساحل سے لے کر تابخاک ِکاشغر
دل کو یقین ہے کہ وطن ِ عزیز ایک بار امن کا گہوارا بنے گا اس ملک میں خوشیوں کا دورہ دورہ ہوگا خداکرے وہ دن ہمارا مقدر بنے۔

Sarwar Siddiqui
About the Author: Sarwar Siddiqui Read More Articles by Sarwar Siddiqui: 218 Articles with 161577 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.