بزدلانہ گونج

وہ بہت آہستہ سے اونچائی پرپہنچتی ہے ۔اورپھراوراوپراوراوپر.....اورجب پتنگ نقطہ بن جائے تب اسے سنبھالنابہت مشکل،بہت ہی مشکل ہوتا ہے۔ہاں بہت صبرچا ہئے،ہمت بھی اورحوصلہ بھی۔کبھی یوں لگتا ہے ایک جگہ سا کت ہوگئی اونچائی پرپہنچ کر،لیکن کب تک!آخرکہیں پیچ لڑ جاتاہے اورکوئی ایک کٹ مرتی ہے....... کوئی نہیں ہوتااسے سنبھا لنے والا۔ا پنے مرکزسے کٹ کرڈولتی رہتی ہے اوربچے نگاہیں اٹھائے، ایک لمبی چھڑی جس کے اوپر کانٹے لگے ہوتے ہیں،لیکراسے لوٹنے کیلئے بھاگ کھڑے ہوتے ہیں۔اکثر تووہ جب زمیں پرآرہی ہوتی ہے، کانٹوں سے الجھ کر ہی بربادہوجا تی ہے، اوربچ بھی جائے توبچے اسے پرزہ پرزہ کردیتے ہیں ۔سا لم تووہ کسی کے حصے میں نہیں آتی ۔ابھی توبہت اونچااڑرہی تھی،اوراب اس کے پرزے ہوامیں اڑ رہے ہوتے ہیں۔اورکیاخوداڑتی ہے پتنگ؟نہیں،خودنہیں اونچااوربلندہوتی،کوئی ہاتھ ہوتا ہے اسے بلندیوں پرپہنچانے والا۔بس یہی ہے زندگی...یہی ہے.....ہمیں سمجھ میں آئے تب ناں۔کسی نے بھی تو،ہاں یاروں کسی شے نے بھی نہیں رہنا۔ بس فنا ہے،زندگی کے پیچھے موت ہے،زندگی کی نگہبان بھی موت ہے۔آگے نہ پیچھے بس وقت ہواچل سوچل۔سامان سوبرس کاہوتا ہے اورپل سامنے کھڑاگھور رہاہوتا ہے۔کوئی چارہ ہی نہیں۔نہیں بالکل بھی نہیں۔
ہم انسان ہیں،حماقتیں کرتے ہیں،گناہ کرتے ہیں،آلودہ ہوجاتے ہیں ہم،دلدل میں دھنس جاتے ہیں،سیاہ ہوجا تے ہیں ہمارے قلوب،مرجاتاہے ہمارااندر،تعفن اٹھ رہا ہوتا ہے ہم اندراورباہرخوشبولگائے گھومتے رہتے ہیں،کبرمیں مبتلا،تکبرتوجان لیواہے چاہے ذرہ برابرہو۔علم کا،دین داری کا،تقویٰ کا،طاقت کا،خوبصورتی کا، صلاحیتوں کا،بہادری کا،پیسے کااورنجانے کیساکیسابھیانک روپ دھارتاہے یہ تکبر۔با لکل بہروپئے کی طرح جوایک دن بھکاری اوردوسرے دن شہزادہ بنا گھوم رہاہوتاہے۔یہی دنیا ہے جی،یہی ہے۔

ہاں یہ توفیق پرہے ،کرم پرہے،عنائت پرہے،کوئی بھی تونہیں بچاسکتا ہمیں۔بس بچانے والاہی بچاتاہے۔میں نمازپڑھتاہوں توافضل ہوں،روزے رکھتا ہوں،زکوٰة دیتاہوں،خیرات بانٹتا ہوں،توبس میں افضل ہوں۔نہیں،نہیں یہ دھوکاہے،شیطان کا ہتھیار...بہت مہلک ہے یہ۔بس رب نے توفیق دی ہے،عنائت کی ہے،میرے بس میں کیاہے!میرے پلے توکچھ بھی نہیں،ہاں کچھ بھی تونہیں ہے۔خالی دامن غبارے کی طرح پھولاہوا،کچھ نہیں ہے میرے پاس ۔
رب نے عنائت کی ہوئی ہے توبس شکرکرو،کہ تم اوروں کی طرح نہیں ہو۔ورنہ شکل وصورت میں سب مختلف ہو تے ہیں،باقی کس چیز میں ہو تے ہیں!بس سر جھکا کرکہو''اللہ جی آپ نے یہ توفیق دی بس دیتارہ،میری نمازکیا نماز ہے،میری قربانی کیاہے،کچھ نہیں،بس توہی اپناکرم رکھنا۔ہمارا ہاتھ تھامے رکھنا میرے اللہ جی،اور ہے ہی کون ہمارا،کوئی بھی نہیں ہے،کوئی بھی نہیں ہے یارو۔

اللہ جی تمہا رے پیڑمیں پھل لگائیں توشکرکرو،نہ لگائے تب بھی شکرکرو،دولت ملےتوامتحان لاتی ہے اورغربت میں تواوررب کے قریب پہنچتا ہے،یہی تو ہے۔ پھرجب گناہ سرزدہوجائے،آلودہ ہوجاؤتوسرجھکاؤ،آہ وزاری کرو،مجھ سے غلطی ہوگئی،ہاں مجھ سے بڑاظلم ہوگیا،نہیں میں آئندہ نہیں کروں گا۔ندامت کے اشک جب چہرہ بھگودیں توسکینت اترتی ہے۔ رب کی کرم نوازی جوش مارتی ہے اورآوازآتی ہے،ٹھیک ہے معاف کیا، آئندہ مت کرنا....تومسکراہٹ پھیل جا تی ہے ۔ہاں رب جا نتاہے پھرکرے گا،پھر کرے گا۔

جب بھی دلدل میں دھنس جاؤتونالۂ نیم شبی کرو،معاف کردے،معاف کردے، پھرہوگئی غلطی،تونے معاف نہ کیا توپھرتومیں یقیناًتباہ وبربادہوجاؤں گا۔ میرے کرتوتوں کونہ دیکھ،اپنی رحمت کودیکھ مالک،اورجب ہچکیاں بندھ جائیں توپھر سے رب کہتاہے،ہاں چل ٹھیک ہے،مت کرنا آئندہ۔یہی ہے زندگی اور یہی ہے زندگی کااسرار۔ورنہ دھوکہ ہی دھوکا۔

کرم کی طلب کرو،سرجھکاکرشکرکرو،پھربڑھاتاہے نعمتیں۔سب کچھ بن ما نگے بھی دیتا ہے،سب کودیتاہے،اپنی راہ اسے دکھاتا ہے جوطلب گارہو، جس کے دل میں آگ سلگ رہی ہو،جوپگھل رہاہو،پھرکرم کرتا ہے اوراندر کی آنکھ کوبیناکر دیتاہے۔یہی توہے نعمت،اشیا کی حقیقت کاعلم بلاطلب کئے نہیں ملتا۔ میرے سرکار ،میرے آقاومولاۖ نے بھی یہی مانگاناں۔نہیں بلاطلب نہیں ملتا.......پھر طلب بھی ایسی کہ خاموش رہواورآنکھ بات کرے۔نینابرسیں رم جھم رم جھم،سیلاب امڈ آئے ۔آنکھ کی زینت آنسو ہیں،آنکھوں کاوضوآنسو ہیں،جو آنکھیں آنسوؤں سے محروم ہوں چاہے لاکھ نشیلی ہوں،مدھ بھری ہوں،بس آنکھ ہی ہے دیکھنے کیلئے،آنکھیں اورآنسوؤں کے بغیر!حیرت ہے کیسی آنکھ ہے وہ اشک بارنہ ہو۔بنجر صحراہے وہ آنکھ، خزاں رسیدہ ہے وہ آنکھ!تلاش حق اصل ہے با قی تودھوکاہے،نرادھوکا۔ دنیافریب ہے ،سراب ہے،نشہ ہے مہلک ترین نشہ۔بس طلب کرو،توراہ دکھا اپنی۔ میں اس قابل تونہیں ہوں،بس کرم کردے، دکھا دے۔

تمام سیاسی جماعتوں نے متفقہ طورپرآئین میں ترمیم کومنظورکرتے ہوئے فوجی عدالتوں کے علاوہ ٢٠نکات کے چارٹرپر اتفاق کیاکہ اب وقت آگیاہے کہ اس دھرتی کوجن افرادنے ناپاک کررکھاہے،ان کے غلیظ کرداراورسازشوں سے اس کومکمل پاک کردیا جائے لیکن ایک فرعون نے ایساہی نعرہ لگایا لیکن چنددنوں کے بعددبئی بھاگ گیااور اب وہاں بیٹھا عسکری اورسیاسی قیادت کے مضبوط اتفاق کوسبوتاژ کرنے کی سازشوں میں مصروف ہے کہ اس کی بقاء ہی اس میں ہے کہ سیاسی غلط فہمیوں کی بناء پرہی حکومت کواس کے تعاون کی ضرورت ہوگی،اسی لئے اب کراچی میں رینجرز کے خصوصی اختیارات کی توسیع سے ڈرارہاہے کہ کل پنجاب کی باری بھی آجائے گی۔ جب اس سازش میں کامیاب نہیں ہوسکاتو اب ایسے حالات پیداکر رہاہے کہ کسی طریقے سے گورنرراج لگ جائے اورسیاسی شہیدہونے کاموقع مل جائے اور شنیدہے کہ مرکزسے بھی چھ اہم افرادکے نام فراہم کردیئے گئے ہیں جن میں سے دوکوبچانے کی سرتوڑکوشش ہورہی ہے لیکن اب ایسانہیں ہوگاکہ شکنجہ ہرکسی کیلئے بالکل تیارہے۔

یادرکھیں اس دھرتی پرفرعون ونمرودکی آمدہی باعث عبرت ہوتی ہے کہ خالق کی تخلیق مخلوق سبق حاصل کرے۔دورنہ جائیں ابھی کل کی بات ہے کہ اسی دھرتی پرایک بزدلانہ گونج سنی گئی کہ ''کسی سے نہیں ڈرتا،میری تربیت دفاعی نہیں جارحانہ ہوئی ہے،فوج میرے ساتھ ہے،امریکا میرے ساتھ ہے،سب سے پہلے پاکستان۔''کتنا قابل رحم ہے یہ انسان،کتنے بڑے دھوکے میں پڑاہواتھاوہ کمانڈو،اورحاصل کلام یہ جملہ بھی توسنئے جواگلے ہی سانس میں کہناپڑ گیا''فوج نے اگر پکڑاتو زندہ نہیں رہوں گا''۔اور کسے کہتے ہیں ڈر!

اب ان کوبھی صاف صاف سمجھایاہے کہ وعدہ شکنی کی نحوستیں انہیں ایک دفعہ پھرگہری کھائی کی طرف دھکیل رہی ہیں ۔ یاددہانی کے چندالفاظ نے ان پرکپکپی طاری کردی تھی اورباربارچہرے سے ٹھنڈاپسینہ بھی صاف کررہے تھے۔

ہاں بہت بلندی پراڑتی ہے پتنگ اورکٹ مرتی ہے اورڈولتے ڈولتے زمین پرآرہی ہوتی ہے،اکثرتووہ جب زمیں پرآرہی ہوتی ہے،کانٹوں سے الجھ کرہی برباد ہوجاتی ہے،اوربچ بھی جا ئے توبچے اسے پرزہ پرزہ کردیتے ہیں بلکہ اب تووہ ساعت آن پہنچی ہے جوپکارپکارکرکہہ رہی ہے کہ کچھ بھی تونہیں رہے گا زرداربھی نہیں،ناداربھی نہیں،خدام بھی نہیں اورمنافقانہ کرداربھی نہیں،کچھ بھی نہیں۔بس نام رہے گامیرے اللہ کا
خلق خدا کی گھات میں رند و فقیہ و میر و پیر
تیرے جہاں میں ہے وہی گردش صبح و شام ابھی
دانش و د ین و علم و فن بندگی ہوس تمام
عشق گرہ کشائے کا ، فیض نہیں ہے عام ابھی
Sami Ullah Malik
About the Author: Sami Ullah Malik Read More Articles by Sami Ullah Malik: 531 Articles with 352965 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.