تمہیں بھُول نہیں سکیں گے۔۔۔!

وہ دشمن جو اپنا وحشی پن دکھاتے نہیں تھک رہا کیونکہ اس وحشت کو پھیلانے کے لیے ا ن کی بھرپور مالی مدد کی جارہی ہے۔ اور ہمیت کاجذبہ رکھنے والے پوری فراخی سے اپنا تن من اپنے وطن کے لیے قربان کر رہے ہیں اور اس مملکت کی شادابی کے لیے کچھ بھی کر گزرنے کو تیار ہیں۔اب بغاوت ترک کر کے لاچار بن جانے والے برامداغ بگٹی کی دہلی وزٹ کی ویڈیو منظرِ عام آئی راء سے ان کے روابط کا پتا چلا تو یہ منکشف ہوگیا کے راء ملک میں کشیدہ حالات اور خوف و ہراس کی متمنی ہے۔۔پچھلے برس 16 دسمبر کو دشمن نے اتنا گھٹیا فعل کیا جس نے ہر انسان کے اندر ملال کی لہر دوڑا دی ۔ان خوارج نے پشاور آرمی پبلک اسکول پر حملہ کیا اور ڈیڑھ سو سے زائد طالبِ علم،اساتذہ اور اسکول عملہ کو شہید کیا اور اس خنکی بھرے دسمبر میں بچوں کے وہ معصومانہ ہیلے ،بہانے ماؤں کو دکھائی دے رہے ہونگے جب وہ کہہ رہے تھے ماہ آج لحاف مت ہٹاؤ اماں جان کل ضرور جائیں گے آج ہمیں چھٹی کرنی ہیں لیکن مائیں اپنے لختِ جگروں کی تعلیم سے آبیاری اور انہیں تن آور درخت بنانے کی آرزو میں انہیں اسکول بھیج رہی ہونگی ان کے وہم و گمان میں بھی اس وقت یہ بات قصد نہ کرتی ہوگی کہ آج ان کے یہ پھول گھر سے ابدی رخصت پانے جا رہے ہیں۔گزشتہ برس جب یہ سانحہ پیش آیا تو پوری قوم نے شہداء کے اہلِ خانہ سے اظہارِ یکجہتی دکھائی ،اتنا فرزا دینے والا واقع تھا کہ ہر آنکھ اشکبار تھی اور ہے اور پوری قوم اس بدترین کسک ،کرب و بلا سے دوچار رہی ۔صرف اسلام ہی نہیں بلکہ کوئی بھی شخص جو انسانیت کو سوں دور سے بھی دیکھتا ہو وہ عورتوں اور بچوں پر اپنی سفاکی نہیں دکھاتا مگر ان قبیح خوارج نے بچوں اورعورتوں کو ہی اپنی اس گھٹیا کاروائی کا شکار کیا ،اس سے بڑھ کر بزدلی کی مثال نہیں ملے گی،جب پچھلے برس آج ہی کے دن یہ دلخراش سانحہ وقوع پذیر ہوا تو پوری قوم ایک بہت ہی بڑے صدمے سے گزری ،چھٹیوں کے بعد جب میں جی سی یو لاہور پہنچا تو موم بتیاں جلا کر امن واک کا حصہ بھی بنا اور بہت سا تخلیقی کام بھی منظرِ عام پر آیا جس میں ان خاندانوں کو یہ احساس دلایا گیا کہ پوری قوم ان کے شانہ بشانہ ہے ہر تعلیمی ادارے ،ٹیلی ویژن ٹرانسمیشن میں ان شہداء سے اظہارِ عقیدت دیکھنے میں آئی اب جب سال گزر چکا ہے پھر ہر ممتاز ادارے نے اپنی کاوش کا اجراء کیا ہے،گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں طلبہ نے اپنی خداداد صلاحیتوں سے فن پاروں کی نمائش کی ہے ،مضمون نگاری کے مقابلے کرائے گئے ،آئی ایس پی آر نے مجھے اپنے دشمن کے بچوں کو پڑھانا ہے کے نام سے ویڈیو نغمہ جاری کیا ہے،اسکول و کالجز میں شہدائے اے پی ایس کی یاد تازہ کرنے کے لیے تقاریب کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔سب سے افادیت کے لائق جو بات ہے وہ یہ ہے کہ اس حملے کے بعد اب تک جو کاروائیاں ہوئی ہیں وہ دیدنی ہیں اور امن سے ماخذ سندرتائی کو ایک حد تک ہم پا چکے ہیں چہکتا وطن اب حقیقت کا حصہ بن رہا ہے اس حملے کے بعد سزاؤں کے عمل میں تیزی آپریشن ضربِ عضب میں تیزی ،آپریشن خیبرون اور شوال میں سیر حاصل نتائج یقینی ہوئے دہشتگردوں کو متواتر طور پر واصلِ جہنم کیئے جانے کا سفر اب بھی بھرپور کامرانی کے ساتھ جاری ہے ۔ملک دشمنوں کی مہمل باتوں ،اوچھے ہتھکنڈے بے معنی و بے سود رہے ہیں کیونکہ ہماری قوم جذبے سے لڑا کرتی ہے دوغلہ پن اس کی جبلت میں نہ تھا اور نہ ہے۔غیور اقوام سانحات پر بہترین بُردباری و تحمل کا مظاہرہ کرتی ہیں اوردُکھ کی گھڑی میں بھی احتراز کا مظاہرہ کرتی ہیں جیسا کے ان عظیم الشان خاندانوں نے کیا پاک افواج کی ان دہشت گردوں کو جہنم کی دہکتی آگ تک پہنچانے کا عزم انہوں نے اپنا دلعزیز مقصد بنایا اور شاندار پاکستانی فوج کو ان اغیار کے ٹٹوؤں کا قلع قمع کرنے میں سرفرازی حاصل ہوئی۔شہداء کی عظمت اور ارتفاعی مقام تو شک سے مبرا ہے ،ان میں سے کئی ایک دوسرے کی نگہبانی کرنے کی خاطر جامِ شہادت نوش کر گئے انہوں نے اپنے رفقاء کی جان کو اپنی جان پر ترجیح دی ۔پچھلے سال آج ہی کے روز فرنٹیر کور کی یونیفارمز پہن کر یہ خوارج آرمی پبلک سکول پشاور میں داخل ہوئے اور کچھ ہی دیر میں مہکتی فضا ء کو زشت رو بنا دیا مگر پھر پوری قوم میں اتصال جنبش میں آیا اور ہر دل کی آواز آئی کے انہیں نیست و نعبود کردینا چاہیے اور پھر کاروائیوں میں تیزی آئی،شوال آپریشن مکمل ہونے کے مراحل میں ہے جبکہ جنگِ عضب ،خیبرون کی کاری ضربیں جاری رہیں گی ۔اب دشمن کو یہ بتانا ہے کہ اسے قیامتِ صغریٰ دوبارہ برپا نہیں کرنے دیں گے کہ ہم ایسی قوم سے ہیں جس کے وہ بچوں سے ڈرتا ہے ہم متحد ہو کرہرسو ہم آہنگی ومحبت پھیلائیں گے ہمارا دین سلامتی کا داعی ہے ۔کالعدم دہشت زدگی کے ٹھیکے داروں کا ہر عمل محض فنڈنگ پر قتل کرنے سے موقوف ہے ان کی اپنی کوئی فکر اور سوچ ہے ہی نہیں ان سے برتر جانور ہیں ۔ان کا ملک کی جڑوں سے صفایا ہونا ہی امان پانے کی راہ ہے۔میری اﷲ رب العزت سے دعا ہے کہ وہ پوری مسلم قوم پر لطافت قائم رکھے اور امن کو ہمارے لیئے دائمی کر دے پھرکسی خاندان کو ستم زدہ ہونے سے محفوظ رکھے (آمین) ۔ آخر میں اپنی دِلی کیفیت کا اظہار : ’’طلسماتی سرد ہوائیں ماضی کے اُن جھروکوں میں لے جاتی ہیں جدھر پھولوں کے مَسل دئیے جانے کی محن انگیز یادیں ہیں یہ برودت اگرچہ اب آسودہ ہے مگرکڑے لمحات نہیں جاتے ہیں ‘‘-
Waqar Butt
About the Author: Waqar Butt Read More Articles by Waqar Butt: 31 Articles with 22524 views I am student at Government College University Lahore plus freelance columnist .. View More