کرکٹ کا بھی اللہ ہی حافظ

ہاکی کے بعد اب کرکٹ بھی زوال کی طرف گامزن ہے
پاکستان کرکٹ ٹیم کی ون ڈے سیریز کے بعد ٹونٹی ٹونٹی سیریز میں بھی مایوس کن اور شرم ناک کارکردگی کی بدولت تینوں میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پہلے میچ کے بعد دوسرے اور تیسرے میچ میں اچھے کھیل کا مظاہرہ تو کیا لیکن جیت نہ سکے۔ حالانکہ دونوں میچوں میں جیت کی پوزیشن پر آگئے تھے۔ شاہد خان آفریدی کی اپنی کارکردگی تو کچھ بہتر رہی لیکن بطور کپتان کامیاب نہیں ہوئے اور ان کی شدید خواہش اور ضد کی وجہ سے شامل کئے گئے عمر اکمل نے مایوس کیا اور کوئی کارکردگی نہ دکھائی اور ہار کی اہم وجہ بنے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم ون دے میں آٹھویں، ٹونٹی ٹونٹی میں چھٹے اور ٹیسٹ میں تیسرے نمبر پر موجود ہے ون ڈے اور ٹونٹی ٹونٹی میں اس طرح تنزلی سے بہت خطرناک صورتحال سامنے آ رہی ہے اور یہی حال رہا تو جلد ہاکی کی طرح کرکٹ بھی تمام فارمیٹ میں آخری سٹیج پر ہوگی اور عوام کو جو ایک تفریح اور خوشی کی وجہ بننے والی گیم بھی ختم ہو کر رہ جائے گی۔ کرکٹ کی بہتری اور ٹیم کو بہتر بنانے کے لئے عہدیداران کو مشکل اور اہم فیصلے کرنا ہونگے۔ ایک تو میرٹ اور عدل و انصاف کو مد نظر رکھ کر سلیکشن کریں۔ دوسرا تعلقات اور ذاتی دوستیوں کو ایک طرف رکھ کر کھلاڑیوں کو شامل کیا جائے۔ تیسرا بڑی عمر کے کھلاڑیوں کی بجائے نوجوان اور صحت مند کھلاڑیوں کو شامل کیا جائے۔ چوتھا کھلاڑیوں کی فٹنس پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ اگر میرٹ اور عدل و انصاف کے تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے ٹیم سلیکٹ کی جائے اور ٹونٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے لئے ابھی سے تیاری کی جائے تو انشاء اللہ کرکٹ پھر اپنا کھویا ہوا وقار بحال کر لے گی ورنہ روز بروز تنزلی کی طرف جا ئے گی۔ اور اگر اسی طرح تعلقات، رشتہ داریاں، دوستیاں نبھائی جاتی رہی اور ملک اور ٹیم کی بہتری کو مدنظر رکھنے کی بجائے صرف ذاتی طور پر اور ایک دو کھلاڑیوں کی خواہش اور ان کے کھیل کے لئے فیصلے کئے گئے تو پھر کرکٹ کا بھی اللہ ہی حافظ۔
kashif imran
About the Author: kashif imran Read More Articles by kashif imran: 122 Articles with 156166 views I live in Piplan District Miawnali... View More