شہرت کیسے حاصل کی جائے؟

شہرت کی تمنا انسان کی فطرت کا حصہ ہے، جس کے حصول کے لیے لوگوں کی اکثریت ہاتھ پاﺅں مارتی رہتی ہے۔ اگر آپ شہرت حاصل کرنا چاہتے ہیں تو سب سے پہلے آپ کو دائیں یا بائیں بازو میں سے خود کو کسی ایک کیمپ میں کھڑا کرنا ہوگا۔ اگر آپ بائیں بازو کا حلقہ منتخب کریں تو آپ کی دکان انتہائی آسانی سے چمک سکتی ہے۔ مذہب کی مخالفت کا ڈنڈا تھامیے اور مسلسل مذہب، علمائے دین اور شعائر اسلام پر برساتے جائیے۔ اپنی دونوں آنکھیں اور دونوں کان مولویوں کی خامیاں ڈھونڈنے کے لیے وقف کردیں، معاشرے میں کہیں بھی کوئی منفی بات نظر آئے تو بلا سوچے سمجھے فوری اسے ”مولوی“ کے سر تھوپ دیں اور معاشرے میں پھیلی ہر برائی کی ذمہ داری داڑھی، ٹوپی اور پردے پر ڈالتے جائیے۔ اگر مذہب اور مولوی کے خلاف کوئی بھی بات نہ ملے، تب بھی یہ واویلا تو کہیں گیا ہی نہیں کہ ملک کی ترقی کی راہ میں سب ے بڑی رکاوٹ مولوی ہی ہے۔ لوگ چاند پر پہنچ گئے اور مولوی حلال و حرام کے مسائل سے ہی باہر نہیں نکل پایا۔ اگر کسی معمولی اور معمول کے جھگڑے میں بھی کوئی مولوی کسی کو تھپڑ ماردے تو آپ کو مولوی کو دہشت گرد ثابت کرتے ہوئے اس کے خلاف سڑکوں پر آنا ہوگا، اس کے بعد موم بتی فیم آنٹیاں بھی اس ”جہاد“ میں آپ کے شانہ بشانہ ہوں گی، اس کے بعد آپ کو فکر کرنے کی کوئی ضرورت نہیں، کیونکہ اس اقدام کے بعد آپ کا تھوبڑا میڈیا کی زینت بننے لگے گا اور اگر ”نامعلوم طالبان“ سے اپنے خلاف کوئی جھوٹ موٹ کی دھمکی ومکی بھی دلوالیں تو سونے پر سہاگا، دیکھتے ہی دیکھتے آپ میڈیا کی آنکھ کا تارا بن جائیں گے اور یہ بھی ممکن ہے کہ یورپ کے کسی خوشحال ملک میں سیاسی پناہ گاہ بھی مل جائے۔ یہ یاد رہے کہ آپ کو تمام حقیقی عوامل کو نظر انداز کرکے ہر طرح کی دہشت گردی کا ذمہ دار پورے استقلال کے ساتھ صرف مولوی اور مدارس کو ٹھہرانا ہوگا۔

اگر آپ دائیں بازو کے حلقے میں شہرت حاصل کرنا چاہتے ہیں تو یہ بات پلے باندھ لیں کہ اگرچہ آپ عالم دین نہ ہوں، لیکن پھر بھی آپ نے سب سے زیادہ مذہب کو ڈسکس کرنا ہے، کیونکہ سب سے زیادہ کاروبار مذہب کے نام پر ہی چلتا ہے۔ آپ خود دین پر عمل کریں یا نہ کریں، لیکن لوگوں کو یہ باور کراتے رہیے کہ معاشرے کے ہر فرد پر مکمل شریعت نافذ کرنا آپ کی ذمہ داری ہے۔ حقوق العباد اور معاملات سمیت تمام دینی احکام کو چھوڑ کر خصوصیت کے ساتھ شرعی سزاﺅں کا ذکر کرتے رہنا ہے، ایسا کرنے سے لوگوں کی نظر میں آپ ”پکے دین دار“ بن جائیں گے۔ آپ خود بھلے کسی صحابی رضی اللہ عنہ کے نقش قدم پر نہ چلتے ہوں، لیکن وقتا فوقتا مسلم حکمرانوں کو حضرت عمر رضی اللہ عنہ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے حکمرانی کرنے کی تلقین ضرور کرتے رہنا ہے اور اس کے ساتھ بات بات پر طارق بن زیاد، محمد بن قاسم اور صلاح الدین ایوبی کی مثالیں بھی اپنی زبان کے نیچے دباکر تیار رکھنا ہے۔ آپ کی ہر تحریر اور تقریر سے ایسا لگنا چاہیے کہ آپ اللہ سے بھی زیادہ اللہ کے دین کے خیرخواہ ہیں۔ ہمیشہ مذہب کا سہارا لے کر جذباتی باتیں کریں، تاکہ لوگ بھی جذباتی ہوکر آپ کی طرف کھنچے چلے آئیں۔ تمام مسالک کا احترام کرنے کی بجائے خود کو کسی ایک مسلک کے ساتھ نتھی کرلیں اور اپنے مسلک کا سچا سپاہی بن کر دوسرے مسالک اور ان کے پیروکاروں کی ”واٹ“ لگاتے رہیں ، اس سے آپ کے مسلک کے لوگوں کا ایک بڑا حلقہ آپ کو ”سچا اور پکا مومن“ گردانتے ہوئے آپ کا گرویدہ ہوجائے گا اور اگر آپ غلطی پر بھی اپنے مسلک کی حمایت کریں گے تو آپ کے بارے میں آپ کے حلقے کے لوگوں کی عقیدت میں مزید اضافہ ہوجائے گا۔ اگر کبھی ریٹنگ گرنے کا خدشہ ہو تو ایک عدد انتہائی متنازعہ بحث چھیڑ دیں، چاہے بعد میں معافی بھی مانگنا پڑے، لیکن یاد رہے جب تک آپ کو مطلوبہ شہرت نہیں مل جاتی، اس وقت تک معافی مت مانگیے گا۔ عصری تعلیمی اداروں کو لارڈ میکالے اور علی گڑھ کی گمراہ کن سوچ کا مظہر قرار دیتے ہوئے ہر حال میں ان کی مخالفت کرتے رہیں کہ اس کے سوا آپ کر بھی کیا سکتے ہیں؟! ہر کام میں امریکا، اسرائیل ، بھارت اور دیگر مختلف ممالک کی ایجنسیوں کی سازش ڈھونڈنا ازحد ضروری ہے۔ میڈیا کو بے غیرت اور غلام اور جو میڈیا پرسن آپ کو اچھے نہیں لگتے، ان کو ایجنسیوں، امریکا اور اسرائیل وغیرہ کے ایجنٹ قرار دے دیں۔ آپ کو چاہے خلافت کے بارے میں الف ب بھی معلوم نہ ہو، لیکن خلافت کے قیام کا نعرہ ضرور لگاتے رہیے۔

ان تجاویز پر عمل کرکے آپ بھی اسی طرح شہرت کی بلندیوں کو چھو سکتے ہیں، جس طرح دیگر بہت سے لوگ بلندیوں سے لٹکے ہوئے ہیں۔ آج کل تو ایک پتھر اٹھاﺅ نیچے سے دس دانشور نکلتے ہیں، اتنے ”کمپیٹشن“ میں اپنی ”مارکیٹ ویلیو“ قائم رکھنے کے یہ اصول اپنے پلے باندھ لیں اور فیس بک کی دیوار پر چپکا لیں۔ دب کے رکھو، پھٹے چک کے رکھو۔
 
عابد محمود عزام
About the Author: عابد محمود عزام Read More Articles by عابد محمود عزام: 869 Articles with 640065 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.