سوات کا “ سفید محل “ اور دلچسپ حقائق

’’مرغزار‘‘ ضلع سوات کا واحد پرفضا مقام ہے جو مرکزی شہر مینگورہ سے تقریباً بارہ کلومیٹر کے فاصلہ پر واقع ہے۔ سیاح صرف قدرتی حسن اور معتدل موسم کی وجہ سے مرغزار کا رخ نہیں کرتے بلکہ وہاں پر قائم ریاست سوات دور کی ایک تاریخی عمارت سفید محل (1941ء) کی سیر کرنے بھی جاتے ہیں۔ ڈان نیوز کی شائع کردہ رپورٹ کے مطابق سفید محل کے بارے میں بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ اس کا اولین نام ’’موتی محل‘‘ تھا۔

سفید محل کی تعمیر کے حوالے سے شاہی خاندان کے میاں گل شہر یار امیر زیب باچا (بادشاہ صاحب کا پڑپوتا) کا کہنا ہے کہ 'دراصل بادشاہ صاحب ہندوستان گئے تھے جہاں ایک دن ان کا گزر راجھستان کے علاقہ سے ہوا۔ وہاں انھوں نے سفید ماربل دیکھا۔ ان دنوں راجھستان کا علاقہ معدنیات کے لیے مشہور تھا۔ بادشاہ صاحب نے راجھستان کے اس وقت کے مہاراجا کا محل دیکھا جس میں اسی سفید ماربل کا استعمال کیا گیا تھا۔ بادشاہ صاحب اس محل سے متاثر ہوئے بنا نہ رہ سکے۔ بعد میں جے پور سے اسی سفید ماربل کو لایا گیا'۔
 

image


ایک روایت یہ بھی مشہور ہے کہ سفید محل میں استعمال ہونے والا ماربل دراصل وہی ماربل ہے جو تاج محل (آگرا، ہندوستان) میں استعمال ہوا ہے۔

سفید محل تاریخی حوالہ سے اس لیے بھی مشہور ہے کہ یہاں سے ریاستی دور میں رعایا کے مستقبل کے فیصلے ہوا کرتے تھے۔

شہریار امیر زیب باچا کے مطابق جب محل تعمیر ہوا، تو گرمیوں کے موسم میں حکومت کے امور سیدو شریف کی بجائے مرغزار میں طے ہوتے تھے۔ باالفاظ دیگر سردیوں میں ریاست سوات کا دارالخلافہ سیدو شریف اور گرمیوں میں سفید محل کی بدولت مرغزار ہوا کرتا تھا۔

شہر یار کا کہنا ہے کہ مین بلڈنگ کا اگر بغور جائزہ لیا جائے، تو اس میں ایک ڈرائننگ روم، ایک ڈائننگ ہال، ایک میٹنگ روم اور ایک بادشاہ کا اپنا کمرہ ہے۔ اس کے علاوہ اس کے احاطے میں دو تین درجوں میں کمرے بنائے گئے ہیں۔ جب بادشاہ صاحب گرمیوں میں مرغزار کا رخ کرتے، تو ان کے وزیر مشیر اور خان خوانین ان کے ہمراہ ہوتے۔ دوسرے درجے پر تعمیر شدہ کمروں میں یہی وزیر مشیر اور خان خوانین ہوتے اور تیسرے درجے میں تعمیر شدہ کمروں میں فیملی ممبران ہوا کرتے تھے۔

محل کی تعمیر کے حوالے سے سوات کے مشہور آرکیٹیکٹ شوکت شرارؔ کا نقطۂ نظر کچھ الگ ہے۔
 

image

شوکت کا کہنا ہے کہ سفید محل ایک طرح سے ’’سمر پیلس‘‘ ہے۔ سنہ 1930 سے اس کی تعمیر شروع ہوئی تھی۔ اس میں جو سفید ماربل استعمال ہوا ہے، اسے بھوپال سے لایا گیا تھا۔ یہ وکٹورین طرز تعمیر کا شاہکار ہے۔ یہ اس وقت اپنی نوعیت کی پہلی عمارت تھی۔ تعمیر کے وقت اس میں جو ماہرین مصروف تھے، ان میں سے کچھ کا تعلق بھوپال اور کچھ کا اٹک سے تھا۔ اس عمارت کے تین حصے ہیں۔ محل کا حصہ بادشاہ صاحب کے لیے مخصوص تھا۔ دوسرا حصہ جس کے لیے سیڑھیاں چڑھنی پڑتی ہیں،وی آئی پی شخصیات کے لیے اور تیسرا اور آخری حصہ خواتین اور انگریزوں کے لیے مخصوص تھا جب کہ محل کا پچھواڑا باورچیوں اور دیگر خدام کے لیے تھا۔

بادشاہ چوں کہ مذہبی شخصیت تھے، اس لیے جا بجا مساجد نظر آتی ہیں۔ سفید محل کے کھلے علاقے میں جو مسجد تعمیر کی گئی ہے، اس میں بادشاہ نماز پڑھنے اور قرآن شریف کی تلاوت کو ترجیح دیتے تھے۔ یہ مسجد چوں کہ قدرے بڑی ہے، اس لیے اس میں تمام وزیر مشیر اور خان بادشاہ کے ساتھ نماز باجماعت پڑھنے کو ترجیح دیتے اور روز اول سے یہ عام عوام کے لیے کھلا ہے۔

شہریار امیر زیب باچا کے مطابق 'جب ہم چھوٹے بچے تھے (غالباً سنہ ستر عیسوی)اور مرغزار جایا کرتے تھے ، تو بادشاہ صاحب کے ساتھ ملنے والوں کی ایک پراٹھے اور آدھے مرغ سے تواضع کی جاتی تھی'۔

پھر جب سنہ 1971 میں بادشاہ وفات پاگئے، اس کے بعد سفید محل کو گویا قفل لگ گیا ۔پائپ لائن ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوئی۔ اس میں پانی کھڑا ہوگیا۔ بجلی کے تار، قمقمے، پنکھے، قالین اور فرنیچر سب کچھ ناقابل استعمال ہوگیا۔ سنہ 73-1972 میں مرغزار شہر یار امیر زیب باچا کے حصے میں آیا۔

شہریار کا کہنا ہے کہ ’’مجھے آج بھی یاد ہے۔ جب ہم نے ان دنوں اس کا دروازہ کھولا، تو پانی سیلاب کی طرح ہمیں گھٹنوں تک گیلا کرتا ہوا گزر گیا۔ خراب قالین، فرنیچر سب کچھ یہاں سے نکالا گیا۔ ان دنوں میرے والد کے ایک دوست امریکہ سے آئے تھے، انہی کے مشورے سے سفید محل کی بہتر دیکھ بھال کی خاطر اس کو ہوٹل میں کنورٹ کرنے کی رائے سامنے آئی اور یوں سفید محل ایک ہوٹل کا روپ دھار گیا۔‘‘
 

image

یوں تو سیاح سوات آکر ہر اس پرفضا مقام تک پہنچنے کی سعی کرتے ہیں جہاں تک سڑک بچھی ہو یا جیپ ایبل ٹریک ہو، مگر تاریخی سفید محل کی وجہ سے بیشتر سیاح مرغزار کا رخ کرنے کو سب سے پہلے ترجیح دیتے ہیں۔

کشور علی جو پیشے کے لحاظ سے انجینئر ہیں، مہینہ میں ایک بار مرغزار کا رخ کرتے ہیں۔ ان کے بقول ’’پہاڑوں کے درمیان گھری اس خوبصورت وادی کے ملکوتی حسن نے مجھے اپنے سحر میں گرفتار کیا ہے۔ سفید محل اس حسن کو چار چاند لگاتا ہے۔ میرے پاس اس کی نایاب تصاویر ہیں۔ میں نے اپنے بڑوں سے سنا تھا کہ اس کے اوپر ایک ٹریک تھا، جس پر بادشاہ اپنے مقربین کے ساتھ ہائیکنگ کیا کرتے تھے۔ آج صرف اس کے اثر آثار باقی ہیں۔ اگر وہ ٹریک کسی طرح ڈھونڈ لیا جائے، تو سفید محل کے ارد گرد پھیلے اس چھوٹے سے جنگل میں سیاحوں کی دلچسپی بڑھ جائے گی۔ نتیجتاً اس کا سوات کی معیشت پر مثبت اثر پڑے گا۔‘‘
YOU MAY ALSO LIKE:

The White Palace of Marghazar was built in 1940 by the first king of the Swat, Miangul Abdul Wadud(Badshah Sahib) in the small town of Marghazar situated at about 13 kilometers away from Saidu Sharif. The name was given to the palace as it was built of white marble. The palace now serves as a hotel. The White Palace at Marghazar was the summer residence of the Wali of Swat, Miangul Jehanzeb. Located at 7,000 feet above sea level on Marghazar Hill, it was later converted into a tourist resort.