انقلاب تراشے-حصہ اول

تحریر و تحقیق: اشتیاق احمد منتظم و مہتمم ادارہ تحقیق و تخلیق چک نمبر 105/10R تحصیل جہانیاں ضلع خانیوال پنجاب پاکستان

نوٹ: ان انقلاب تراشوں کو بذریعہ موبائل اپنے دوست احباب کو بھیج کر تعلیمی اور تہذیبی انقلاب میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

• اللہ نے مسلمانوں کو اپنی رسی کو مضبوطی سے تھامنے کا حکم دیا ہے۔ رسولِ خدا صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم نے بھی مسلمانوں کو جسدِ واحد کی مانند قرار دیا ہے کہ جس کے ایک عضو کو تکلیف پہنچے تو دوسرا عضو اس کو محسوس کرتا ہے۔ باہم جڑنے کا یہ تہذیبی درس ہمارے رسم الخط میں بھی ہے کہ ہم حروف کو جوڑ کر الفاظ بناتے ہیں۔ کیا ملّت، اسلامیہ اپنی قومی زبانوں میں علوم و فنون کو باہمی اشتراک سے رائج کر کےملتِ واحدہ نہیں بن سکتی؟ "آخر ہم سوچتے کیوں نہیں ہیں (القرآن)"

• رسولِ خدا صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم نے دائیں ہاتھ سے کھانے پینے اور تقسیم کرنے کا حکم دیا ہے۔ مسلمانوں کی اکثریتی زبانیں عربی، اردو اور فارسی ہیں جو دائیں سے بائیں لکھی جاتی ہیں۔اگر ہمارا پورا تعلیمی، دفتری اور سفارتی نظام ہماری قومی زبانوں میں ہو تو علوم و فنون کے فہم اور تہذیبی اقدار کی ہم آہنگی کی بنیاد پر ایک عظیم سپر طاقت کے منصب پر فائز ہو سکتے ہیں۔ "آخر ہم سوچتے کیوں نہیں ہیں؟(القرآن)"

• اللہ تعالیٰ نے اس دنیا میں ایک لاکھ چوبیس ہزار پیغمبر بھیجے۔ جس پیغمبر کو جس قوم کی طرف بھیجا اس نے اس قوم کو اسی کی زبان میں تعلیم دی۔ یہی تعلیم، تدریس، ابلاغ اور تفہیم کی فطرت ہے۔ پھر ذریعہ تعلیم اپنی قومی اور مادری زبانیں چھوڑ کر انگریزی کیوں؟" آخر ہم سوچتے کیوں نہیں ہیں؟(القرآن)"

• سپین(ہسپانیہ) ایک چھوٹا سا ملک ہے لیکن پچپن سے زائد آزاد مسلم ممالک سے زیادہ دوسری زبانوں سے ہسپانوی زبان میں علوم و فنون کو منتقل کرنے کا کام کرتا ہے۔ کیا ہمارے لیے شرم سے زمین میں گڑ جانے کا مقام نہیں ہے؟ اپنی دنیا آپ پیدا کر اگر زندوں میں ہے (علامہ اقبال)۔ کیا اپنی دنیا ایسا کام کر کے پیدا ہوتی ہے یا بھیک کے عوض تعلیمی اور معاشی پالیسیاں بیچ کر؟ خود انحصاری اپنی کتابیں اپنی زبان میں لکھنے سے آتی ہے یا دوسروں کی محنت پر اکتفا کرنے سے؟" آخر ہم سوچتے کیوں نہیں ہیں؟(القرآن)"

• جہاں چوراسی ہزار سکول چار دیواری کے بغیر ہوں، اٹھتر ہزار میں پینے کا پانی اور دوسری بنیادی سہولیات دستیاب نہ ہوں، اٹھارہ ہزار بغیر چھت کے ہوں، لاکھوں سکولوں میں چوکیدار تک نہ ہو وہاں باون ارب روپے کی غیر ملکی خیرات سے 108محل نما دانش انگلش میڈیم سکول قائم کرنا دانشمندی ہے یا پہلے سے موجود اردو میڈیم ڈھانچے کو تباہ کرنے کی گھناؤنی سازش ؟-" آخر تم سوچتے کیوں نہیں ہو(القرآن)"

• پوری دنیا میں ایک بھی ترقی یافتہ ملک ایسا نہیں ہے جس کا مکمل نصاب اور مکمل دفتری نظام اس کی قومی زبان میں نہ ہو۔ یہ انسانی فطرت ہے کہ بات اپنی ہی زبان میں سمجھ آتی ہے۔ اتنی بڑی اور آفاقی حقیقت سے روگردانی کرنے والی قوم کیا ترقی کا خواب بھی دیکھ سکتی ہے؟ ہرگز نہیں۔ "آخر تم سوچتے کیوں نہیں ہو (القرآن)"

• کراچی کے پروفیسر وصی عسکری نے بی ۔ایس سی کیمیا کا مکمل نصاب اکیلے آسان فہم اردو کے سانچے میں ڈھالا۔ کراچی کے ہی پروفیسر محمد عظیم، پروفیس شمیم اور پروفیس گلریز نیاز نے ایم۔ایس سی کیمیا کا مکمل نصاب آسان فہم اردو کے قالب میں تبدیل کیا۔ دونوں کی کتب کتابی شکل میں دستیاب ہیں۔ ان چار آدمیوں نے اتنا کام کیا۔ اگر ہر مضمون کے صرف بیس بیس ماہرین کو جدید علوم و فنون کو قومی زبان میں منتقل کرنے کے لیے لگا دیا جائے تو تو صرف 20 سالوں میں ہماری لائیبریریاں ہماری قومی زبان میں لکھی ہوئی کتابوں سے بھر جائیں گی۔ کیا یہی راستہ نہیں ہے علوم و فنون کے انقلاب کا؟ " آخر تم سوچتے کیوں نہیں ہو؟(القرآن)"

• جاپانی مقولہ ہے کہ منصوبہ اگر ایک سال کا ہو تو فصل کاشت کرو۔ منصوبہ دس سال کا ہو درخت لگاؤ۔ اور اگر منصوبہ عمر بھر کا ہو تو لوگوں کو تعلیم دو۔ ہماری بدقسمتی دیکھیے کہ ہمارے تعلیم کے منصوبے ایک ایک، دو دو یا زیادہ سے زیادہ پانچ سال کے ہوتے ہیں۔ جو بھی آتا ہے سامراجی امداد کے ساتھ بغل میں ایک نیا منصوبہ دبائے ہوئے آتا ہے۔ کیا تعلیم کے منصوبے بھی عارضی ہوتے ہیں؟"آخر تم سوچتے کیوں نہیں ہو؟(القرآن)"

• پنجاب میں اردو میڈیم سکولوں کو انگلش میڈیم میں بدلنا، ان سکولوں میں اردو میں لکھے ہوئے بورڈوں کو مٹا کر انگریزی میں لکھنا، سکولوں کی دعا حاضری تین دن اردو میں اور تین دن انگریزی میں کروانا اور ان سکولوں میں سمارٹ یونیفارم کے نام پر شلوار قمیض ختم کر کے پینٹ شرٹ شروع کروانا، اساتذہ اور طلباء کو کلاس روم میں اور باہم گفتگو میں انگریزی بولنے پر مجبور کرنا آئینِ پاکستان اور نظریہ پاکستان سے صاف غداری ہے "آخر تم سوچتے کیوں نہیں ہو؟(القرآن)"

• 2007 کی سکیم آف سٹڈیز کو ن لیگ، پی پی اور ایم ایم اے نے متفقہ طور پر مسترد کر دیا تھا جس میں پہلی جماعت سے سائنس اور ریاضی انگریزی میں پڑھانا تھی۔ تعلیمی پالیسی 2009 میں الفاظ کے ہیر پھیر کے ساتھ انہی مضامین کو انگریزی میں پڑھانا لازمی قرار دیا ہے۔ تینوں صوبے اس پر عمل نہیں کر رہے۔ اس پالیسی کے ذریعے تعلیمی قتال صرف پنجاب میں ہو رہا ہے۔ دیکھا میر جعفر اور میر صادق کس طرح پرانی شراب نئی بوتلوں میں بھر کر قوم کے حلق میں انڈیلتے ہیں؟"آخر تم سوچتے کیوں نہیں ہو؟(القرآن)"

• پنجاب کی وزارت تعلیم، پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ، پنجاب امتحانی کمیشن، پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن، ڈائریکٹوریٹ آف سٹاف ڈیویلپمنٹ لاہور، دانش سکول سسٹم اور ہر ضلع کی سطح پر ڈی ایم او کے دفاتر ایسٹ انڈیا کمپنی کے بڑے مراکز ہیں جو مکمل طور پر غیر ملکی پیسے سے غیر ملکی مفادات کے لیے کام کر رہے ہیں۔ کیا ہم ایک اور جنگِ آزادی کی طرف نہیں بڑھ رہے؟"آخر آپ سوچتے کیوں نہیں؟(القرآن)"

• دنیا میں ترقی پزیر ممالک کی کل تعداد 129 ہے۔ ان میں شرح خواندگی کے اعتبار سے پاکستان کا نمبر 120 واں ہے۔ ذمہ دار کون ہیں؟ وہی جو سامراجی پیسے سے سامراجی مفاد کے لیے پالیسیاں وضع کرتے ہیں اور ذرائع ابلاغ پر اتنا جھوٹ بولتے ہیں کہ عوام کی ان پڑھ اکثریت کو سچ لگنے لگتا ہے بلکہ اچھے خاصے پڑھے لکھے لوگ بھی دھوکہ کھا جاتے ہیں۔ کیا ہم اپنی بار بار ڈسے جانے کی عادت ترک نہیں کر سکتے؟"آخر تم سوچتے کیوں نہیں ہو؟(القرآن)"

• 1838 میں لارڈ میکالے نے اردو کی جگہ انگریزی کو ہندوستان کی سرکاری زبان بنا دیا۔ اس کے الفاظ ملاحظہ کریں۔we, at present, do our best to form a class of persons, Indians in blood and colour, but English taste, in opinions, in morals and in intellect.کیا اس وقت پاکستان پر لارڈ میکالے کا فکری قبضہ نہیں ہے؟"آخر تم سوچتے کیوں نہیں ہو؟(القرآن)"
 
Ishtiaq Ahmad
About the Author: Ishtiaq Ahmad Read More Articles by Ishtiaq Ahmad: 52 Articles with 169318 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.