باب وولمر کی زندگی پربالی وڈ کی فلم جنت

بالی وڈ کے نامور فلم ساز مہیش بھٹ کی  نئی فلم کی کہانی پاکستان کر کٹ ٹیم کے سابق کوچ باب ووُلمر کی موت اور کر کٹ کے کھیل میں میچ فکسنگ کے موضوع پر لکھی گئی ہے ۔ فلم میں کر کٹ کے ایک سٹے باز کی زندگی کے اُتار چڑ ھاؤ  کو فلم بینوں کے سامنے لانے کی کوشش کی گئی ہے۔ فلم کی عکس بندی ممبئی اور کیپ ٹاؤن میں کی گئی ہے۔

مہیش بھٹ کی نئی فلم ’جنت‘ میں پاکستانی اداکار جاوید شیخ اہم کردار نبھا رہے ہیں۔ واضح رہے کہ فلم ساز مہیش اور مکیش بھٹ اپنی فلم ’جنت‘ کو ایک ساتھ بھارت اور پاکستان میں نمائش کے لیے پیش کریں گے۔ یہی نہیں، بلکہ  فلم ’جنت‘کے ہیرو عمران ہاشمی پاکستان میں ہونے والےپریمیئر میں شرکت کرنےکے لیے بے قرار ہیں۔ ’جنت‘ سولہ مئی کو انڈیا اور پاکستان میں ایک ساتھ نمائش کے لیے پیش ہو رہی ہے اور اس کے پریمیئر میں شرکت کے لیے فلم کی پوری ٹیم پاکستان جا رہی ہے۔

یہ پہلی بار ہوگا جب بالی وڈ کے اداکار عمران فلم ’جنت‘کے پریمیئر کے حوالے سے پاکستان کی سرزمین پر قدم رکھیں گے۔ پاکستانی فلم بینوں میں عمران  کی مقبولیت کا اندازہ اِس بات سے لگایا جا سکتا ہے کی اُن کی فلمیں ’آوارہ پن‘ اور ’گینگسٹر‘ نے پاکستان میں ریکارڈ توڑ بزنس کیا تھا۔
 

بالی وڈ میں اِن دنوں پاکستانی میوزک بینڈ اورگلوکاروں کا بول بالا ہے۔ تاہم اگر یہ کہا جائےکہ ہندی فلموں میں پاکستانی فنکاروں کو فروغ دینے میں بھٹ خاندان کا بہت بڑا ہاتھ ہے تو یہ غلط نہ ہوگا۔

مہیش بھٹ کا پاکستانی فنکاروں سے ناتا خاصا پرانا ہے۔ اُنھوں نے پاکستانی کر کٹ کھلاڑی محسن خان کو1991ء میں اپنی فلم ’ساتھی‘میں اہم کردار دے کر بالی وڈ میں پہلا موقع دیا تھا۔ پاکستانی اداکارہ میرا نے بھی بھٹ خیمے ہی کی فلم ’نظر‘ کے ذریعے بالی وڈ میں قدم رکھا تھا۔

عمران کے مطابق انہیں اس بات پر فخر ہے کہ وہ بالی وڈ کے ایسے واحد اداکار ہیں جن کی سب سے زیادہ فلمیں پاکستان میں ریلیز ہو چکی ہیں اور اب ’جنت‘ نمائش کے لیے پیش ہونے والی ہے۔ عمران نے پاکستانی اشتہارات کے لیے بھی کام کیا ہے۔

YOU MAY ALSO LIKE: