سرور عالمﷺ کی چند امتیازی صفات کا ذکر

مولای یا صلّ وسلّم دائماً ابدًا۔۔۔علی حبیبک خیرالخلق کلّھم
ھو ا لحبیب الذی ترجی شفاعتہ۔۔۔لکلّ حول من الاحوال مقتحم
اے میرے مولا رب کائنات!آپ رحمت بھیجئے دائمی اور ابدی طور پر اپنے حبیب حضرت محمد رسول اللہﷺ پر جو عرب و عجم، جن و انس کے پیشوا اور تمام خلائق سے بہتر ہیں۔ آپ ہیں محبوب حق اور شافع روز جزا، ناگہانی آفتوں میں ہے آپکا ہی آسرا۔

یہ ربیع الاول کا با برکت مہینہ ہے اس مبارک ماہ میں سرکار دو جہان، سرور کائنات حضرت محمد الرسول اللہﷺ کی ولادت باسعادت ہوئی اور رشد و ہدایت کا نورچمکا۔ ا س مبارک ماہ میں آپکا ذکر خیر کرنا، آپ کے فضائل و خصوصیات کو بیان کرنا خیر و برکت کا باعث ہے حقیقت یہ ہے کہ آپکی ذات بے مثل و بے مثال ہے اور آپکی تعریف اور آپکی اعلیٰ صفات کو اس طرح بیان کرنا کہ کوئی گوشہ مخفی نہ رہے یہ کسی انسان کے بس کی بات نہیں زبان و قلم آپکی تعریف کما حقہ کرنے سے قاصر ہیں صرف خدائے بزرگ و برتر ہی آپکے مرتبہ و مقام کو بہتر جانتے ہیں۔
کہ........
یا صاحب الجمال و یا سید البشر۔۔۔من وجہک المنیر لقد نور القمر
لا یمکن الثناء کما کان حقہ۔۔۔بعد از خدا بزرگ توئی قصہ مختصر

اے صاحب جمال اور اے تمام انسانوں کے سردار، آپکے چہرہ انور سے چاند کو روشنی ملی، یہ ممکن نہیں کہ آپکی تعریف اس طرح کی جائے جیسا کہ اسکا حق ہے، مختصر یہ کہ خدا تعالی ٰ کے بعد کائنات کی معزز و محترم ہستی آپ ہیں۔

پیش نظر مضمون میں آپ ﷺ کی چند امتیازی صفا ت کاتذکرہ کیا جائے گا وہ صفات جو آپکو دیگر انسانوں سے ممتاز کرتی ہیں۔

حضرت علی کرّم اللہ وجہہ سے روایت ہے کہ حضور اکرمﷺ نہ بہت زیادہ لمبے تھے اور نہ زیادہ پستہ قد بلکہ میانہ لوگوں میں تھے اور آپکے بال مبارک نہ با لکل پیچدار تھے اور نہ با لکل سیدھے بلکہ تھوڑی سی پیچدگی لئے ہوئے تھے۔آپﷺ نہ موٹے بدن کے تھے اور نہ گول چہرہ والے البتہ تھوڑی سی گولائی آپکے چہرہ انور میں تھی۔حضور اکرمﷺ کا رنگ سفید سرخی مائل تھا آپکی مبارک آنکھیں نہایت سیاہ تھیں اور پلکیں دراز! آپکی آنکھوں کی سفیدی میں سرخ ڈورے پڑے ہوئے تھے گویا مخمور تھیں۔

آپکے جوڑوں کے ملنے کی ہڈیاں موٹی تھیں اور ایسے ہی دونوں مونڈھوں کے درمیان کی جگہ موٹی اور پر گوشت تھی۔جب آپ کسی کی طرف متوجہ ہوتے تو تمام چہرہ مبارک سے توجہ فرماتے اور کن انکھیوں سے نہیں دیکھتے تھے، آپ کے دونوں شانوں کے درمیان مہر نبوت تھی جو سرخ رسولی جیسی تھی اور مقدار میں کبوتر کے انڈے جتنی اور اس پرمحمد الرسول اللہ لکھا ہو تھا۔آپ بہت زیادہ سخی دل والے اور سچی زبان والے ،نرم طبیعت والے اور سب سے زیادہ شریف گھرانے والے تھے، گویا آپ طبیعت، خاندان، اور اوصاف ذاتی و نسبی ہر چیز میں سب سے افضل تھے، جو شخص آپ کو یکایک دیکھتا تو مرعوب ہو جاتا یعنی آپ کے وقار اور رعب کی وجہ سے ہیبت میں آجاتا تھا۔
ہے انکی یاد کا عالم بھی بندگی کی طرح۔۔۔غموں میں بھی مجھے لذت ہے خوشی کی طرح
یہ آرزو ہے کہ در مصطفے پہ دم نکلے۔۔۔یہ فرض بھی ادا ہو قرض زندگی کی طرح

حضرت ابن عبّاسؓ سے روایت ہے کہ آنحضرت ﷺ کے اگلے دانت مبارک کچھ کشادہ تھے یعنی با لکل ملے ہوئے نہیں تھے اور جب آپ تکلم فرماتے تو دانتوں سے اک نور سا چمکتا تھا اور جب آپ مسکراتے تو بجلی سی چمک جاتی۔حضرت انس بن مالکؓ سے روایت ہے کہ حضور اکرمﷺ کا رنگ با لکل گندمی نہیں تھا کہ جس کی وجہ سے روشنی اور حسن میں کچھ کمی آئے بلکہ وہ چمک دمک اور خوبروئی تھی جو اپنے ساتھ کچھ گندمیت کو بھی ملائے ہوئے تھی، اور آپکا چہرہ مبارک چودھویں رات کے چاند سے زیادہ روشن اور ملاحت لئے ہوئے تھا، آپ تیز رفتاری سے چلتے تھے او ر عورتوں کی چال نہیں چلتے تھے، اور آپ کی عادت شریفہ جھک کر چلنے کی تھی متکبرانہ رفتار سے سینہ نکال کر نہیں چلتے تھے بلکہ ایسے چلتے تھے گویا کسی جگہ سے نیچے کو اتر رہے ہوں نہ یہ کہ پاؤن زمین پر گھسٹتے ہوئے چلیں۔

حضور اقدسﷺکے بال مبارک نہ با لکل سیدھے تھے اور نہ با لکل پیچدار بلکہ ہلکی سی پیچیدگی اور گھونگریالہ پن تھا۔ چالیس برس کی عمر ہوجانے پر حق تعالیٰ شانہ نے آپکو نبی بنایا، تریسٹھ سال کی عمر میں آپنے وصال فرمایا اس وقت آپکے سر مبارک اور داڑھی مبارک میں بیس بال بھی سفید نہ تھے۔(یہ تمام احادیث مبارکہ حدیث شریف کی مستند کتاب’’شمائل ترمذی‘‘سے ماخوذ ہیں)
کالی کملی والے تم پہ لاکھوں سلام۔۔۔ امت کے رکھوالے تم پہ لاکھوں سلام

اللہ تبارک و تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہمیں آپﷺ کی سچی محبت نصیب فرمائے اور آپکے اسوہ حسنہ پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے آمین

Muhammad Rafique Etesame
About the Author: Muhammad Rafique Etesame Read More Articles by Muhammad Rafique Etesame: 184 Articles with 291100 views
بندہ دینی اور اصلاحی موضوعات پر لکھتا ہے مقصد یہ ہے کہ امر بالمعروف اورنہی عن المنکر کے فریضہ کی ادایئگی کیلئے ایسے اسلامی مضامین کو عام کیا جائے جو
.. View More