غلاف کعبہ کی تبدیلی و تیاری تاریخ کے آئینے میں

مکہ مکرمہ میں آج غلافِ کعبہ تبدیل کرنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ ہر سال 9 ذی الحج کو وقوفِ عرفات کے روز غلافِ کعبہ تبدیل کیا جاتا ہے- تبدیل کیا جانے والا غلاف 20 ملین ریال کی لاگت سے تیار کیا گیا ہے جو کہ قرآنی آیات سے مزین ہے۔

غلاف کعبہ کی تبدیلی کے عمل کی شروعات بعد نماز فجر ہوتی ہے۔ اس سال غلافِ کعبہ کی تیاری میں خالص سلک اور 165 کلو گرام سونے اور چاندی کا استعمال کیا گیا ہے جبکہ اس کا سائز 658 مربع میٹر ہے اور یہ 47 حصوں پر مشتمل ہے اور ہر حصے کی لمبائی 14 میٹر ہے اور چوڑائی 95 سینٹی میٹر ہے۔
 

image


غلاف کعبہ 4 دیواروں کے علاوہ دروازے پر بھی آویزاں کیا جاتا ہے اور یہ دوازہ زمین سے 3 میٹر کی بلندی پر نصب ہوتا ہے جس کی لمبائی 6 میٹر اور چوڑائی 3 میٹر ہے۔

مکہ میں غلاف خانہ کعبہ کی تیاری کے لیےخصوصی کارخانہ قائم کیا گیا ہے۔

بیت اللہ کے تقدس کی طرح اس کے غلاف کی تاریخی اہمیت بھی مسلمہ ہے اور ظہور اسلام سے قبل دور جاہلیت میں ‌بھی غلاف کعبہ 'کسوہ' نہایت توجہ اور انہماک کے ساتھ تیار کیا جاتا رہا ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ نے غلاف کعبہ کی تیاری کے مختلف ادوار اور اس کے مختلف مراحل پر ایک خصوصی رپورٹ میں روشنی ڈالی ہے۔ رپورٹ کے مطابق غلاف کعبہ کی تیاری کا آغاز کب ہوا اس کی درست تاریخ کا تو علم نہیں ہو سکا تاہم معلوم تاریخ اور مصادر سے معلوم ہوتا ہے کہ پہلا غلاف یمن کے"تبع الحمیری" نامی ایک بادشاہ نے تیار کیا تھا۔ چونکہ تبع یمنی بادشاہوں کا لقب تھا اور اس دور میں یریمنی بادشاہ اپنے نام کے ساتھ یہ لقب شامل کرتا تھا۔

تبع الحمیری نے نے مکہ مکرمہ کے دورے کے بعد واپسی پر ایک موٹے کپڑے کی مدد سے غلاف کعبہ تیار کیا۔ بعد ازاں اسی بادشاہ نے "المعافیریہ" کپڑے سے غلاف تیار کیا۔ معافیریہ یمن کا ایک قصبہ تھا جہاں سوت سے کپڑے تیار کیے جاتے تھے اور اسی نام سے اس کپڑے کو 'المعافیر' یا 'المعافیریہ' کہا جاتا تھا۔ اس کے بعد ایک نرم اور رقیق دھاگے سے غلاف کعبہ تیار کیا گیا۔ دور جاہلیت ہی میں سرنگ رنگ کا یمانی ڈیزائن کے مطابق غلاف تیار کیا گیا۔ تبع بادشاہوں کے بعد دور جاہلیت کے دوسرے فرمانرواؤں نے بھی غلاف کعبہ میں دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔ بعد میں آنے والوں نے چمڑے کا غلاف بھی تیار کیا۔ تاریخی مصادر سے معلوم ہوتا ہے کہ غلاف کعبہ کی تیاری میں ہر آنے والا حکمراں پہلے سے بڑھ کر اس محنت کراتا۔ یوں اللہ کے گھر کے غلاف کے معاملے میں بادشاہوں میں بھی ایک مقابلے کی کیفیت تھی۔
 

image

عہد اسلامی میں غلاف کعبہ
زمانہ قبل اسلام کی طرح غلاف کعبہ کی روایت عہد اسلامی میں بھی برقرار رہی۔ یہ معلوم نہیں کہ فتح مکہ سے قبل عہد نبوی میں غلاف کعبہ تیار کیا گیا یا نہیں البتہ روایات سے معلوم ہوتا ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے 'القباطی' نامی کپڑے سے غلاف کعبہ تیار کرایا تھا۔ یوں یہ اسلامی عہد میں پہلا غلاف کعبہ تھا۔ ایک تاریخی روایت سے یہ بھی معلوم ہوتا کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے مشرکین مکہ کے دور کا تیار کردہ غلاف کعبہ اس وقت تبدیل کیا جب ایک خاتون کے ہاتھوں غلاف کعبہ کا کچھ حصہ جل گیا تو آپ نے یمانی کپڑے سے نیا غلاف تیار کرایا تھا۔

خلفائے راشدین میں حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ اور حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ کے عہد میں القباطی اور یمانی کپڑوں کے غلاف تیار کیے گئے۔ حضرت عثمان بن عفان نے نیا غلاف تیار کرنے کے بجائے بہ یک وقت دو غلاف چڑھا دیے تھے۔ ایک ہی وقت میں خانہ کعبہ کے دو غلافوں کا یہ پہلا واقعہ ہے۔ دیگر خلفائے راشدین کے برعکس حضرت علی رضی اللہ عنہ کا عہد حکومت 'پُرفتن' دور رہا اور انہیں غلاف کعبہ کی تیاری کا موقع نہیں مل سکا۔ البتہ ان کے بعد آنے والے خلفاء اور سلاطین نے غلاف کعبہ کی تیاری کو اپنے فرائض منصبی ودینی میں شامل رکھا۔

آل سعود اور غلاف کعبہ
روایات کے مطابق عصر حاضر میں جس حکمراں خاندان نے غلاف کعبہ کی تیاری اور جدت میں زیادہ توجہ سے کام کیا وہ عبدالعزیز آل سعود ہیں جنہوں نے حقیقی معنوں میں الحرمین الشریفین کی خدمت کا حق ادا کیا ہے۔ آل سعود سے قبل کئی صدیوں تک غٍلاف کعبہ کی تیاری یا تبدیلی کی تصدیق نہیں ہوتی۔ شاید اس کی بنیادی وجہ عالم اسلام میں جاری سیاسی تنازعات تھے جن کی وجہ سے کسی مسلمان حکمران کو اس طرف توجہ دینے کا موقع نہیں مل سکا، تا آنکہ 1344 ھجری میں غلاف کعبہ کو تبدیل کیا گیا۔ سعودی حکمران خاندان نے نہ صرف غلاف کعبہ کی منفرد انداز میں تیاری کا بیڑا اٹھایا بلکہ اس مقصد کے لیے خصوصی بجٹ مقرر کرنے کے ساتھ سنہ 1346ھ ایک محکمہ بھی قائم کیا گیا جو غلاف کعبہ کے لیے نہایت عمدہ کپڑے کے دھاگے سے غلاف کی تیاری تک تمام مراحل کی بذات خود نگرانی کرتا ہے۔ اب ہر سال خانہ کعبہ کے غلاف کو نئے انداز اور ایک منفرد جدت کے ساتھ تیار کیا جاتا اور خانہ خدا کی زینت بنایا جاتا ہے۔

غلاف کی تیاری کے کارخانے کا قیام
سعودی عرب کے حکمراں خاندان نے غلاف کعبہ کی تیاری کے لیے الگ سے محکمہ قائم کرنے کے بعد 1397 ھجری میں ام الجود بندرگاہ پر اس مقصد کے لیے ایک خصوصی کارخانہ قائم کیا۔ اس کارخانے میں غلاف کعبہ کی جدید ترین تکنیک کے مطابق تیاری کے لیے تمام ضروری انتظامات کیے گئے۔ یوں ہر سال یہ کارخانہ بیت اللہ کا ایک نیا غلاف تیار کرتا ہے جسے پورے تزک واحتشام کے ساتھ خانہ کعبہ کی زینت بنایا جاتا ہے۔

غلاف کعبہ کی تیاری کے مختلف مراحل
ام الجود میں قائم کارخانے میں غلاف کعبہ کی تیاری کا کام سال بھر جاری رہتا ہے۔ غلاف کی تیار کے مختلف مراحل ہیں۔ قارئین کی دلچسپی کے لیے ان پر مختصر روشنی ڈالی جا رہی ہے۔

دھلائی کا مرحلہ
خانہ کعبہ کی تیاری کے لیے نہایت عمدہ "السرسین" نامی ریشم کا دھاکہ استعمال کیا جاتا ہے۔ عموما غلاف کے لیے 670 کلوگرام خاص ریشمی دھاکہ استعمال کیا جاتا ہے۔ دھاگے کی تیاری کے بعد پہلا مرحلہ دھلائی کا ہے جس میں دھاگے کو اس کے منفی اثرات زائل کرنے کے لیے گرم پانی میں دھویا جاتا ہے تاکہ دھاکے کی تیاری میں استعمال ہونے والی کیمیائی اثرات ختم ہو سکیں۔ دھاگے کو ہر قسم کے مضر اثرات سے سو فیصد پاک کرنے کے بعد غلاف کے بیرونی حصے کے دھاگے پر سیاہ اور اندرونی حصے جسے اصطلاح میں "الستارہ" بھی کہا جاتا ہے پر سبز رنگ کیا جاتا ہے۔

شعبہ لیبارٹری
لیبارٹری کے شعبے میں غلاف کعبہ کی تیاری میں استعمال ہونے والے ریشمی اور سوتی دھاگے کی کوالٹی اور معیار کو چیک کیا جاتا ہے۔ غلاف کے کپڑے کی تیاری شروع کرنے سے قبل اسی تجربہ گاہ میں دھاگے سے نمونے کے کپڑے تیار کیے جاتے ہیں تاکہ اس کی عمدگی اور معیار میں کوئی کمی نہ رہ جائے۔
 

image

دستی اور مشینی سلائی کا مرحلہ
مرور زمانہ کے ساتھ غلاف کعبہ میں جدت کے ساتھ اس کی تیاری کے طریقہ کار میں بھی جدت آتی گئی۔ چند برسوں قبل تک غلاف کعبہ کی تیاری کا تمام کام ہاتھ سے کیا جاتا تھا۔ غلاف کی سلائی کڑھائی،آیات قرآنی کی لکھائی سمیت تمام سوئی یا دستی آلات کی مدد سے طے کئے جاتے تھے۔ یہ یقیناً مشکل اور صبر آزما کام تھا اور اس طرح خانہ کعبہ کی تیاری میں کافی وقت صرف ہوتا تھا۔ آل سعود کے ابتدائی دور میں بھی دستی آلات کی مدد سے غلاف تیار کیا جاتا رہا ہے لیکن اب اس کی جگہ جدید مشینیوں نے لے لی ہے۔

اب غلاف کعبہ کے اندرونی اور بیرونی دونوں حصوں کی تیاری کے ساتھ ساتھ ان پر ہونے والی کشیدہ کاری، لکھائی اور سلائی کے لیے "جاکارڈ" نامی ایک سسٹم استعمال کیا جاتا ہے۔ اب مشینوں سے غٍلاف کعبہ کی تیاری میں استعمال ہونے والی دھاگوں کی تعداد تک معلوم کرنا آسان ہو گیا ہے۔ ایک اندازے کے مطابق ایک میٹر غلاف کعبہ میں986۔ 9 دھاگے استعمال ہوتے ہیں۔ جدید مشینی نظام نے غلاف کی تیاری نہ صرف آسان بنا دی بلکہ اس میں وقت کی بھی اچھی خاص بچت ہو جاتی ہے۔

طباعت کا مرحلہ
غلاف کعبہ کی تیاری میں طباعت کا مرحلہ اہم ترین سمجھا جاتا ہے کیونکہ یہ آسان ہونے کے ساتھ نہایت نازک بھی ہوتا ہے کیونکہ اس میں دھاگوں کی مدد سے آیات قرآنی کپڑے پر منقش کرنا ہوتی ہیں۔ آیات کی طباعت کے مرحلے کے لیے غلاف کے ساد کپڑے کو دو اطراف سے مضبوط لکڑیوں کے ساتھ باندھا جاتا ہے۔ اس کے بعد اس پر پہلے عام ریشم اور پھر ریشمی کپڑا چڑھایا جاتا ہے۔ اس کپڑے پر منقش آیات کی پٹیاں چسپاں کی جاتی ہیں۔ مشین کے ذریعے پرنٹنگ کے مرحلے کے بعد سفید اور زرد دھاگوں سے اس پر کشیدہ کاری کرتے ہیں۔

کڑھائی کا مرحلہ
غلاف کعبہ کی تیاری میں طباعت کی طرح اس پر آیات کی کشیدہ کاری اور کڑھائی کا کام بھی نہایت حساس سمجھا جاتا ہے۔ کڑھائی کے لیے مختلف کثافتوں کے سوتی دھاگے لیے جاتے ہیں اور سوتی اور ریشمی دھاگوں کی مدد سے پہلے سے مطبوعہ آیات یا نقوش سے کشیدہ کاری کی جاتی ہے۔ کشیدہ کاری کے لیے سوتی، ریشمی دھاگوں کے علاوہ آیات کی تزئین کے لیے سونے اور چاندی کے ریشے بھی استعمال کیے جاتے ہیں۔
 

image

کڑھائی کے کام میں خاص طور پر غلاف پر 12 شمعوں۔ غلاف کے چار کونوں پر سورہ اخلاص منقش کی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ غلاف پر مختلف آیات قرآنی پر مشتمل 16 پٹیاں الگ سے جوڑی جاتی ہیں۔ ایک بڑی پٹی غلاف کعبہ کے سامنے باب کعبہ کی طرف لگائی جاتی ہے جس پر غلاف کی تیاری کے حوالے سے "مملکت سعودی عرب کی کاوش" کے عربی الفاظ لکھے جاتے ہیں۔

اجزائے کعبہ کو جوڑنے کا مرحلہ
غلاف کعبہ کی تیاری میں یہ عموماً آخری اور اہم ترین مرحلہ سمجھا جاتا ہے۔ اس مرحلے میں غلاف کعبہ کے چاروں اطراف کے اجزاء کو باہم مربوط کرنے کے بعد ان کی سلائی کی جاتی ہے، جس کی تکمیل کے بعد اسے خانہ کعبہ پر چڑھا دیا جاتا ہے۔

غلاف کعبہ کے بارے میں اہم معلومات
آل سعود خاندان کے شاہ عبدالعزیز پہلے حکمراں تھے جنہوں نے سنہ 1346ھ میں غلاف کعبہ تبدیل کیا۔ انہی کے دور میں 1403 کو غلاف کعبہ کا اندرونی کپڑا تبدیل کیا گیا اور سنہ 1417ھ کو دوبارہ مکمل غلاف تبدیل کیا گیا۔

غلاف کعبہ کی تیاری میں 670 کلو گرام خالص ریشم استعمال کیا جاتا ہے۔

غلاف کعبہ کی موٹائی 98 سینٹی میٹر ہوتی ہے۔

غلاف کعبہ کی اونچائی 14 میٹر ہے۔

رکنین کی جانب سے غلاف کی چوڑائی 10 اعشاریہ 78 میٹر ہوتی ہے۔

ملتزم کی جانب سے غلاف کی چوڑائی 12 اعشاریہ 25 میٹر، حجر اسود کی سمت سے 10 اعشاریہ 29 میٹر جبکہ باب ابراہیم کی جانب سے 12 اعشاریہ 74 میٹر ہوتی ہے۔

یکم ذی الحجہ کو غلاف کعبہ کی "سدنہ" یعنی متولی خاندان کو حوالے کرنے کی رسم ادا کی جاتی ہے۔

ہر سال 09 ذی الحجہ کو غلاف کعبہ تبدیل کیا جاتا ہے۔

غلاف کی تیاری پر 20 ملین ریال کی لاگت آتی ہے۔

باب کعبہ کی جانب سے غلاف کے نیچے 6 اعشاریہ 32 میٹر اونچا اور تین اعشاریہ تیس میٹر چوڑا اضافہ کپڑا جوڑا جاتا ہے تاکہ غلاف کو چھونے سے بچایا جا سکے۔
 

YOU MAY ALSO LIKE:

The annual ceremony to change Ghilaf-e-Kaaba was held on Friday morning at Masjid-e-Al-Haram (the Sacred Mosque) in Saudi Arabia where millions of Muslims have gathered to perform Hajj,. The covering cloth of the Kaaba, known as Kiswa, is changed on 9th Zilhaj every year on the day of Arafat.